حدیث :
عن أبي ذر و معاذ بن جبل رضي الله عنهما عن النبي صلى الله عليه وسلم قال:
’’اتق ا لله حيثما كنت، وأتبع السيئة الحسنة تمحھا، وخالق الناس بخلق حسن‘‘
(جامع الترمذي)
ترجمہ:
ابوذر اور معاذ بن جبل رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
’’اللہ سے ڈرو جہاں کہیں بھی ہو، اور برے عمل کے بعد اچھا عمل کرو، وہ اسے مٹا دے گا، اور لوگوں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آؤ۔‘‘
تشریح:
یہ حدیث مختصر مگر جامع نصیحتوں کاخوبصورت مجموعہ ہے، جو انسان کی زندگی کے تمام پہلوؤں کو محیط ہے۔اللہ کے ساتھ تعلق، نفس کی اصلاح، اور سماجی تعلقات۔ جس میں انسان پر واجب تمام حقوق جمع کر دیےگئے ہیں، چاہے وہ حقوق اللہ ہوں یا پھر حقوق العباد،
یا اس کا اپنے آپ پر حق۔
1۔ تقویٰ
’’اتق الله حيثما كنت‘‘ میں تقویٰ اختیار کرنے کی نصیحت کی گئی ہے۔
تقویٰ کیا ہے؟
تقویٰ نام ہے اللہ سے محبت کا۔بے پناہ محبت کا۔اتنی زیادہ محبت کا کہ انسان اس کی نافرمانی کے خیال سے کانپ اٹھے۔
تقویٰ نام ہے اللہ سے خشیت کا۔ اسی کے ساتھ تمام امیدیں وابستہ کرنے کا۔ تقویٰ نام ہے اس جستجو کاجو انسان کو اپنے رب کی محبت اور قرب کے حصول کے لیے ہر لمحہ بے قرار رکھتی ہے۔یہ دلوں کا نور ہے،
جو بندے کو دنیا کی اندھیروں میں بھٹکنے سے محفوظ رکھتا ہے۔حدیث کا یہ حصہ ہمیں اس بات کی طرف متوجہ کرتاہے کہ اللہ تعالیٰ کی نگرانی ہر جگہ اور ہر وقت قائم ہے۔چاہے انسان تنہائی میں ہو یا اجتماع میں، اللہ کے احکام کی پابندی کرنا اور گناہوں سے بچنا لازم ہے۔ یہ تصور بندے کو اللہ کی قربت اور خشیت عطا کرتا ہے۔
2۔ توبہ اور نیک اعمال کی طرف رجوع
’’وأتبع السيئة الحسنة تمحھا‘‘ تو بہ کی طرف دعوت دیتا ہے.
توبہ کیا ہے؟
توبہ نام ہے اللہ سے رجوع کرنے کا،اپنے گناہوں کا اعتراف کرنے کا،اور پھر اس کی رحمت کے دروازے پر دستک دینے کا۔توبہ اللہ کے ساتھ ایک نئے عہدکو قائم کرنے کا نام ہے،کہ اے میرے رب! میں نے خطا کی، میں کمزور ہوں،لیکن تیرا دروازہ ہمیشہ کھلا ہے،تیری رحمت بے حد وسیع ہے،اور تو اپنے بندوں کی توبہ کو پسند کرتا ہے۔توبہ ایک یقین ہے،کہ گناہ کتنا ہی بڑا ہو،مگر اللہ کی مغفرت اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔یہ امید ہےکہ اس کے سواکوئی معاف کرنے والا نہیں،کوئی رحم کرنے والا نہیں۔
حدیث کا یہ حصہ ہمیں گناہ کے بعد مایوس ہونے کے بجائے، اصلاح کی دعوت دیتا ہے۔ توبہ اور انابت کی طرف دعوت دیتا ہے۔ اس کی طرف پلٹنے کی دعوت دیتا ہے۔ گناہ سرزد ہو جانے کے بعد صدق دل سے توبہ کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
3۔ حسن اخلاق:سماجی زندگی کی بنیاد
’’وخالق الناس بخلق حسن‘‘ ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ زندگی میں حسن اخلاق بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
حسن اخلاق کیا ہے؟
حسن اخلاق اس کردار کا نام ہے،جو غصے میں حلم پیدا کرے،اختلاف میں تحمل پیدا کرے،اور دشمن کے ساتھ بھی بھلائی اور انصاف کرنے کی ہمت عطا کرے۔حسن اخلاق وہ روشنی ہے،جو انسان کے دل کو پاکیزہ کرتی ہے،اور اسے لوگوں میں محبت، اخوت، اور سکون کا ذریعہ بناتی ہے۔
حسن اخلاق نام ہے انسان کی وہ خوبصورتی کاجو دل کی گہرائیوں سے جھلکتی ہے،اور ہر تعلق، ہر بات، اور ہر رویے میں نظر آتی ہے۔
حدیث کا یہ حصہ ہمیں حسن اخلاق کی روش اختیار کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ معاشرے میں لوگوں سے بہترین انداز سے پیش آنے کی دعوت دیتا ہے۔ یہ ہمیں اس بات کی دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنے اخلاق کی روشنی سے اس اندھیری دنیا کو منور کر دیں۔یہ حدیث ایک مکمل طرزِ حیات کا خاکہ پیش کرتی ہےاللہ کے ساتھ مضبوط تعلق، اپنے اعمال کی مسلسل اصلاح، اور معاشرے میں بہترین اخلاق کا مظاہرہ۔اللہ تعالیٰ ہمیں تقویٰ، توبہ ، اور حسن اخلاق کے زیور سے مزین ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
٭ ٭ ٭


Behtreen tareeqe se dars e hadees pesh Kiya gaya
Behtreen ????