’’بھائی! ان نوٹس کی زیراکس (Xerox) چاہئے، دو کاپیز اور ہاں اس آدھار کارڈ کا ایک پرنٹ۔‘‘
’’ اوہو یہ نوٹس تو کسی ضخیم کتاب سے کم نہیں لگ رہے۔ وقت لگے گا تب تک آپ دونوں وہاں سامنے چیئرز پر اطمینان سے بیٹھ جائیے۔‘‘
دکاندار سلیم نے شائستگی سے ان دو برقعہ پوش لڑکیوں سے کہا۔
’’پلیز بھائی تھوڑا جلدی کر دیں۔ اگلی کلاس شروع ہونے میں بس آدھا گھنٹہ ہے۔‘‘۔ سدا کی بے صبری ضحیٰ نے التماس کی۔ سلیم اثبات میں سر ہلاتے اپنے کام میں جٹ گیا۔
’’ جب تک یہ نوٹس بنتے رہیں گے میں تمہیں ایک بریکنگ نیوز سناتی ہوں۔‘‘ صفا چہکتے ہوئے کرسی کھینچ کر بیٹھ گئی۔’’بریکنگ نیوز۔۔؟؟ آآں مجھے اندازہ لگانے دو۔۔ کہیں پاکستان ڈرامہ انڈسٹری نے تمہاری بڑھتی ہوئی دیوانگی کو دیکھ کر اپنے ملک آنے کی دعوت تو نہیں دی؟‘‘
ضحیٰ کے لہجے میں شرارت کا عنصر عیاں تھا۔ صفا کو پڑوسی ملک کے ڈرامے اور سیریلز کا جنون کی حد تک شوق تھا۔ ’’ اونہوں! بھلا اپنی ایسی روشن قسمت کہاں؟ بلکہ میرے پاس موجود خبر سن کر تم خوشی سے پاگل ہو جاؤ گی۔ آہم آہم۔۔۔ آج کی تازہ خبر!! نہیں نہیں آج کی نہیں بلکہ کل کی باسی خبر کہ ۔۔۔۔۔‘‘
’’ اب بک بھی دو یار۔ کیوں اتنا الجھا رہی ہو۔‘‘ ضحیٰ بےصبری سے گویا ہوئی۔
’’ خبر کچھ یوں ہے کہ۔۔۔ کہ کل شام کالج چھٹنے کے بعد حاشر اور مہ جبین کے درمیان ہلکی سی نوک جھونک ہوئی اور آناً فاناً ایک بڑے جھگڑے کی صورت اختیار کر گئی۔ پھر دونوں نے جو ایک دوسرے کے راز فاش کئے ہیں کہ بس نا پوچھو۔ آپسی چیٹنگ اور فیوچر کے وعدوں اور خوابوں تک کو بیان کر ڈالا۔ ہم نے بڑی مشکل سے مہ جبین کو سنبھالا۔ غم و غصّے سے تھرتھرا رہی تھی۔ اور ۔۔ اور وہ حاشر بھئی وہ تو آپے سے باہر ہو گیا تھا۔ اگر اس کے دوست نا سنبھالتے تو آج ہم مہ جبین کے گھر اس کی تیمارداری میں مصروف ہوتے۔‘‘
’’ پھر۔۔ پھر آگے کیا ہوا ؟؟‘‘ضحیٰ بھر پور حیرت زدہ تھی۔
’’ پھر کیا ہونا تھا۔ وہی جو خدا کو منظور تھا یعنی کہ ان دونوں کا بریک اپ ہوگیا ہے۔‘‘ صفا کی پرجوش آواز اور ضحیٰ کی بجتی تالیوں پر نیٹ کیفے میں موجود کئی گردنیں ان کی جانب مڑیں مگر یہ دونوں سہیلیاں دنیا و مافیہا سے بے خبر اپنی لا یعنی گفتگو میں مگن تھیں۔ وقار صاحب جو ان دونوں کے بالکل پاس رکھی کرسی پر براجمان حسبِ معمول نیوز پیپر پڑھنے میں مصروف تھے صفا کے آخری جملے پر ناگواری سے سر اٹھا کر ایک اچٹتی نگاہ ان پر ڈالی۔ فاصلہ کم ہونے کے سبب وہ ان دونوں کی من و عن گفتگو سے فیضیاب ہو چکے تھے۔ ان کا دل کھول اٹھا مگر خاموشی میں ہی عافیت جانی۔
’’ اوہ مائی گاڈ!! یار صفا واقعی یہ خبر سن کر دل گارڈن گارڈن ہوگیا۔ آہاہ! کلیجے میں ٹھنڈک پڑ گئی۔ ویسے یہ خبر پکی تو ہے نا یا ایویں کسی نے افواہ اڑائی ہے؟‘‘ ’’ ارے بھئی مابدولت عینی شاہد ہے یعنی کہ صفا۔۔۔ صفا حیدر۔۔ اتنی پر وثوق ہے تو کیا گھبرانا۔‘‘ صفا نے فرضی کالر جھاڑا۔
’’ چلو جی آخر کار مہ جبین صاحبہ کا غرور خاک میں مل گیا۔ اکڑ کی وجہ جو مٹھی سے نکل گئی۔ کالج پہنچتے ہی پہلے تعزیت پیش کرنے چلتے ہیں۔ مگر ایک بات سچ ہے صفا کہ حاشر کی پرسنالٹی کے سامنے سارا کالج ماند ہے۔‘‘
’’ہمم۔۔ اس بات سے تو مجھے بھی اتفاق ہے۔ مجھے تو وہ بالکل ایکٹر وہاج کی کاپی لگتا ہے۔ چچ چچ تبھی تو ہماری معصوم مہ جبین کا دل بے وفائی کر بیٹھا۔‘‘ اس بات پر دونوں سہیلیوں نے زوردار تالی ماری۔ ’’ اچھا سنو ضحیٰ! دو دنوں کے اندر میرا ایک پارسل آئے گا تمہارے ایڈریس پر‘‘۔’’اب کیا منگوا لیا گھر والوں سے چوری چھپے؟ صفا پچھلے ہفتے ہی تو شرٹس سے بھرا پیکٹ وصول کیا ہے میں نے۔‘‘ ضحیٰ نے حیرت سے پوچھا۔؟؟
’’کچھ زیادہ نہیں بس دو جینز اور کچھ میک اپ کاسمیٹکس آرڈر کئے ہیں۔ شیلا اور ثانیہ کی برتھ ڈے پارٹی بھی تو اٹینڈ کرنی ہیں نا اگلے ماہ۔ بہن میں یہ بقول امی واہیات کپڑے اپنے گھر منگوا کر پہننے کا رسک نہیں لے سکتی۔ اور ہاں ، اس دفعہ کوئی نیا بہانہ سوچو تاکہ گھر سے پرمیشن لے سکوں۔‘‘ صفا منہ بسورتے ہوئے بولی۔’’پلیز صفا اب تم اپنی قسمت کی ستم ظریفی پر مرثیہ پڑھنا مت شروع کر دینا۔ دوست ہو تم میری۔ بے فکر رہو میں ریسیو کر لوں گی۔دیکھو وہ دکاندار بھائی بلا رہے ہیں۔ شاید نوٹس تیار ہوگئے۔ چلو اٹھو بھی۔۔۔‘‘دونوں اپنے بیگ اٹھا کر بڑھ گئیں۔
توجہ تو پہلے ہی بٹ چکی تھی۔ وقار صاحب گہرا سانس بھرتے ہوئے پیپر تہہ کرنے لگے۔ ملت کی بیٹیاں والدین کو دھوکا دیتے ہوئے اس بات کو کیوں فراموش کر بیٹھتی ہیں کہ وہ دراصل اس خدا کی بھی نافرمان ہیں جو ستر ماؤں سے بڑھ کر محبت نچھاور کرتا ہے۔ دور حاضر میں شرم و حیا سے عاری گفتگو اور نامحرم پر تبصرے سے اجتناب واقعی محال ہے۔ ’’ السلام علیکم وقار بھائی! کیا حال ہے؟‘‘ نووارد کی آمد سے وقار صاحب کی سوچوں کا تسلسل ٹوٹا۔
’’ وعلیکم السلام حیدر میاں! آئیے تشریف رکھئے۔ کئی دنوں بعد صورت دکھائی ہے۔‘‘ ہاتھ بڑھا کر حیدر کو کرسی پیش کرنے لگے تو اچانک نگاہ زمین پر پڑے آئی ڈی کارڈ پر پڑی۔ ’’ٹھہرئیے میں اٹھاتا ہوں۔‘‘ حیدر نے جھک کر کارڈ اٹھایا۔ ’’ ارے ابھی چند منٹ قبل دو بچیاں آئیں تھیں۔ شاید انہیں میں سے کسی ایک کا ہوگا۔ ایک کام کرو حیدر۔ سلیم کے پاس رکھوا دو۔ وہ لوٹا دے گا۔‘‘
’’اس کی کوئی ضرورت نہیں وقار بھائی۔ دراصل ہماری دختر صاحبہ کو اپنی چیزیں بھولنے کی شدید بیماری ہے۔ دیکھئے تو محترمہ کس لاپرواہی سے اپنا کارڈ بھول گئیں۔‘‘حیدر نے ہنستے ہوئے کارڈ جیب میں ڈالا۔ ’’اچھا! کیا نام ہے بیٹی کا؟‘‘ وقار صاحب نے عام لہجے میں دریافت کیا۔
’’ صفا۔۔ صفا حیدر!‘‘
’’ کک ککیا؟ اچھا تمہاری بیٹی ہے۔‘‘ وقار صاحب نے بامشکل اپنے تاثرات چھپائے پھر سر جھٹک کر وہ حیدر کی جانب متوجہ ہوئے۔
’’ وقار بھائی! بس مصروفیت کا ذکر نا ہی چھیڑیے تو بہتر ہے۔ آپ کے علم میں تو لازما ہوگا کہ’ جماعتِ اسلامی ہند‘ ملکی سطح پر یک ماہی مہم منا رہی ہے۔ بس کل یوسف صاحب نے پوسٹرز، بینرز، پمفلٹس وغیرہ تیار کرنے کی زمہ داری مجھے سونپی ہے۔ اسی سلسلے میں یہاں سلیم کے نیٹ کیفے آگیا۔‘‘ سوال کرنے سے قبل ہی حیدر نے اپنے احوال گوش گزار کئے۔
’’مہم!؟ کس موضوع پر ؟‘‘
’’ارے بھائی آپ واقعی لاعلم ہیں؟‘‘ وقار صاحب کے استفسار پر حیدر کو اچنبھا ہوا۔
’’ملک میں آئے دن رونما ہونے والی غیر اخلاقی و غیر شرعی واردات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مہم ڈیزائن کی گئی ہے۔’’ اخلاقی محاسن‘‘ : آزادی کے ضامن‘‘۔ یقین مانیں بھائی ملک کے تمام حلقے اس مہم کو لے کر پرجوش ہیں۔ خواتین و طالبات کی فعالیت تو قابلِ ستائش ہے ماشاءاللہ۔‘‘
حیدر کے چہرے پر ایک پرسکون مسکراہٹ تھی۔ وقار صاحب کا ذہن اخلاقی محاسن: آزادی کے ضامن پر اٹک گیا۔ ان کی سماعتوں میں چند منٹ قبل کی گئی دو لڑکیوں کی لایعنی گفتگو گونجنے لگی۔ اخلاقی محاسن۔۔۔۔ زیرِ لب کہتے ہوئے کھوئے کھوئے سے انداز میں وقار صاحب نے حیدر کو دیکھا جو بڑے جوش و خروش سے مہم کو سرگرمیوں اور طالبات کی کارکردگیوں کو بیان کر رہا تھا۔
٭ ٭ ٭


0 Comments