أَعُوذُ بِاللٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
يَا نِسَاءَالنَّبِيِّ لَسْتُنَّ كَأَحَدٍ مِّنَ النِّسَاءِۚ إِنِ اتَّقَيْتُنَّ فَلَا تَخْضَعْنَ بِالْقَوْلِ فَيَطْمَعَ الَّذِي فِي قَلْبِهِ مَرَضٌ وَقُلْنَ قَوْلًا مَّعْرُوفًا ( الأحزاب32:)
نبیؐ کی بیویو، تم عام عورتوں کی طرح نہیں ہو۔ اگر تم اللہ سے ڈرنے والی ہو تو دبی زبان سے بات نہ کیا کرو کہ دل کی خرابی کا مُبتلا کوئی شخص لالچ میں پڑ جائے ، بلکہ صاف سیدھی بات کرو ‘‘
٭ سورہ احزاب موضوع اور شان نزول:
اس مختصر اور بہت ہی جامع آیت پر تدبّر اور تفکر کے لیے ضروری ہے کہ ہم نظمِ آیات کے ساتھ سورہ کے موضوع اور شان نزول کو بھی سمجھنے کی کوشش کریں۔
یہ سورہ ۵ھ میں نازل ہوئی، سورہ نور سے ایک سال قبل اور یہ متعدد خطبوں پر مشتمل ہے جو مختلف شانِ نزول رکھتے ہیں۔ جیسے جاہلیت کی متعدد غلط رسوم و رواج کی اصلاح، غزوہ احزاب اور غزوہ بنی قریظہ پر تبصرہ، معاشرت کے اصول، حجاب اور خواتین سے متعلق دیگر احکامات وغیرہ خصوصاً آپؐکی ایذا سے بچنے کی تاکید اور اطاعت کی موکد احکام ہیں۔
اس سورہ میں آیت29میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا’’لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوۃ حسنۃ۔۔۔۔‘‘ تمہارے لیے رسول اللہؐ کی ذات میں اعلیٰ نمونہ ہے۔ اور یقینا ہر قابل ذکر حیثیت سے خواہ باپ ہوں یا معلم و مربّی، قاضی و سپہ سالار یا سربراہ مملکت ہونے کی حیثیت سے آپؐ کا مل نمونہ ہیں۔مگر خواتین کے بعض مخصوص معاملات میں ان کی رہنمائی کے لیے ضروری تھا کہ کسی عورت ہی کو بطور نمونہ پیش کیا جائے چنانچہ آپؐ کی ازواج مطہرات کو خصوصی طور پر مخاطب کر کے ان کا تزکیہ کیا گیا۔ پس خواتین امّت پر لازم ہے کہ آپؐ کے ساتھ ساتھ آپؐ کی ازواج کو بھی اپنے لیے اُسوہ اور قدوہ بنائیں۔
٭ما قبل آیات میں واقعہ تخییر کا تذکرہ ہے جسمیں ازواج مطہرات نے ترجیحی بنیاد پر اللہ اور رسولؐ کو منتخب کر کے مخالفین کی سازشوں کو ناکام بنایا۔ اس کے بعد فحش کے ارتکاب پر زجر و ملامت ہے مگر نعوذ باللہ ازواج مطہرات سے ایسا کوئی اندیشہ نہیں تھا بلکہ یہ منافقین و منافقات ہمدردی اور خیر خواہی کے بھیس میں اپنے شیطانی منصوبوں کو کامیاب بنانے کی ہمہ وقت کوشش کرتے تھے اس لیے ازواج مطہرات کو متنبہ کیا جا رہا ہے کہ ان کا کردار بہت ہی شفاف اور پاکیزہ ہونا چاہیے تاکہ فتنہ گروں کو کوئی موقع نہ ملے۔
یہ آیات ہماری بہنوں اور بیٹیوں کے لیے عظیم پیغام رکھتی ہیں کہ آپ وہ آبدارموتیاں ہیں جن کی چمک بہت جلد ذرا سی لا پرواہی سے زائل ہو جاتی ہیں۔آگے کی آیات عورت کے حدود اور اس کے دائرہ کار کو واضح کرتی ہیں اور تبرج جاہلیت سے بچنے کی تلقین ہے۔
٭ مذکورہ آیت کی تفسیر:
یا نساء النبی لستُن کأحدٍ۔۔۔ یہ مخصوص انداز تخاطب ہے جو قرآن کی صرف اسی سورہ میں دو مقام پر مذکور ہے۔ کہ آپؐ سے نسبت کی وجہ سے جو مقام و منصب تم لوگوں کو حاصل ہے وہ عظیم مسؤلیت بھی رکھتا ہے۔ تم عام عورتوں کی طرح نہیں ہو۔ اس اعزاز و تکریم پر ناقدری اور نا سپاسی کی سزا بھی دو گنا ملے گی۔
مولانا صدر الدینؒ لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے یہاں ”نِقمت بقدر نعمت“ کا قانون چلتا ہے، فرد اور قوم دونوں ہی کے ساتھ اللہ کا یہ قانون ہے، جس کی واضح مثال بنو اسرائیل ہیں۔
٭ مگر اس مقام و مرتبہ کے بعد بھی شرطیہ ہے کہ وہ صفت تقویٰ سے متصف رہیں ’’ اِن اکرمکم عند اللہ اتقاکم‘‘ اس کے بغیر اللہ تعالیٰ کے یہاں کوئی نسبت کام نہیں آئے گی۔
فلا تخضعنَ بالقول۔۔
خصوع کے معنیٰ تواضع و انکساری کے ہیں۔ یعنی بات کہنے میں تواضع اور نرمی نہ اختیار کرو۔ یہ بات ملحوظ رہے کہ یہ حکم ایک خاص حالت میں ہے کہ جب عورت کو کسی ضرورت کے تحت کسی اجنبی یا نا محرم مرد سے بات کرنے کی ضرورت پیش آجائے۔ ورنہ عام حالات میں تو پسندیدہ طریقہ کلام یہی ہے کہ آدمی نرمی اور تواضع کے ساتھ شیریں لہجہ اختیار کرے۔
اپنی تمام تر خوبیوں کے باوجود أزواج نبی کریمؐکو جب اس بات کا حکم دیا گیا تو امّت کی بیٹیاں بدرجہ اولیٰ اس کی مکلف ہیں۔
فیطمعَ الذی فی قلبہ مرض
کہ جس کے دل میں روگ ہے وہ کوئی غلط توقع کر بیٹھے۔ مرض کا لفظ قرآن کریم میں 14مقام پر مذکورہے جس کے معنیٰ ہیں کینہ و حسد جو یہود اور منافقین آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور اہل ایمان کے خلاف اپنے دلوں میں رکھتے تھے۔ اور دن رات آپؐ کو اذیت پہنچانے، اہل بیت کو بدنام کرنےمیں لگے رہتے تھے۔ اور کہیں مرض سے ایمان کی کمزوری مراد ہوتی ہے۔صرف مدینہ کی سوسائٹی کے لیے یہ حکم نہیں تھا بلکہ ہر زمانے اور ہر سماج میں اس قسم کے لوگ موجود ہوتے ہیں اورالزام اور بہتان تراشی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ ایسے ہی خبیث لوگوں نے حضرت عائشہؓ پر تہمت لگانے کی جرأت کر ڈالی۔ اس صریح حکم پر عمل کرتے ہوئے نامحرم مردوں کے ساتھ بات چیت میں سخت احتیاط ملحوظ رکھیں۔ بلا ضرورت اور بے تکلفی کے ساتھ ہنسی مذاق دِل لگی کی باتیں قطعاً جائز نہیں، جیسے ہمارے سماج میں دیور بھابھی سے مذاق سالی اور بہنوئی سے بے تکلفی کسی اعتبار سے جائز نہیں۔ بعض اوقات یہ برائیاں بہت بڑے فتنے کا سبب بن جاتی ہیں۔
٭ و قلن قولا معروفا۔
اور بھلی بات کہیں۔ یعنی موضوع اور ضرورت کے بقدر بات کرنا جس میں لگاوٹ کا شائبہ نہ ہو اور لغو سے پاک ہو۔ معقول انداز میں ہو اور تلخی کا رنگ بھی نہ ہو۔اور ضمناً امر بالمعروف کا حکم بھی دیا جا رہا ہے کہ مذکورہ آیت کا حوالے دے کر کوئی بہن بیٹی دعوت و تبلیغ سے اعراض نہ کر جائے۔ مگر حقیقتاً ایسا ہی ہو رہا ہے۔
٭ اس آیت سے مستنبط کچھ احکام، کچھ پیغام
اس آیت سے اور بہت سی احادیث مبارکہ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ عورت کی آواز مکمل ستر (پردہ) نہیں ہے البتہ احتیاط ضروری ہے۔ دور نبوت اور خلفاء راشدین کے زمانے میں بھی بے شمار عملی شہادتیں موجود ہیں۔ مگر وہ سب قول معروف کے دائرے میں اور خضوع اور لگاوٹ کے انداز سے پاک ہوتی تھیں اور آج جس طرح علماء دین کے یہاں بھی پردہ اور حجاب بہت محدود اور مختصر ہو گیا ہے اسی طرح آواز کا پردہ اور اس میں احتیاط کا شعور بالکل ختم ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی مسلم خواتین کی کچھ سرگرمیاں تو قول معروف کے مطابق ہوتی ہیں اور دعوت و اصلاح کی غرض سے ہوتی ہیں مگر بیشتر مسلم بہنیں فضول اور لغو مشاغل کے ساتھ اس آیت کی صریح خلاف ورزی کرتی ہیں۔
٭ لستُن کأحد من النساء۔۔۔
یہ مختصر سا جملہ ہمارے لیے بھی عظیم پیغام رکھتا ہے کہ ہم لوگ بھی کئی اعتبار سے عام عورتوں پر فضیلت رکھتی ہیں۔ ہم خیر امّت کے قیمتی جوہر ہیں، ہمیں اللہ تعالیٰ نے علم و حکمت سے نوازا ہے۔ دین میں تفقہ اور بصیرت عطا کی۔ پھر اللہ تعالیٰ کی خصوصی عنایات کا ہم کس قدر حق ادا کر رہے ہیں ایسا نہ ہو کہ ہماری غفلت ہمیں دو گنا عذاب کی مستحق بنا دے۔ یہ مختصر سا جملہ ہمارے لیے بھی عظیم پیغام رکھتا ہے کہ ہم لوگ بھی کئی اعتبار سے عام عورتوں پر فضیلت رکھتی ہیں۔ ہم خیر امّت کے قیمتی جوہر ہیں، ہمیں اللہ تعالیٰ نے علم و حکمت سے نوازا ہے۔ دین میں تفقہ اور بصیرت عطا کی۔ پھر اللہ تعالیٰ کی خصوصی عنایات کا ہم کس قدر حق ادا کر رہے ہیں ایسا نہ ہو کہ ہماری غفلت ہمیں دو گنا عذاب کی مستحق بنا دے۔ امّت کی نوخیز کلیوں سے پُر خلوص استدعا ہے کہ وہ اپنی عظمت اپنی شان کو پہچان لیں۔ عصر حاضر کے تبرّج اور جاہلیت سے بچیں اپنے اصل محاذ (گھر کی اصلاح) پر خصوصی توجہ دیں۔ شر پسندوں سے خود کو بچائیں جو ان کی سادہ لوحی سے فائدہ اٹھا کر انہیں اپنے دام فریب میں گرفتار کر کے دین و دنیا کی سعادت سے محروم کر رہے ہیں۔ ان تعلیمات کے ذریعہ اللہ تعالیٰ نے امت کی بہنوں اور بیٹیوں کو ہر قسم کی آلائشات سے پاک کر کے کتاب و حکمت کی تعلیم کو عام کرنے کا فریضہ سونپا ہے۔ کاش ہم سب اس کے لیے کمر بستہ ہو جائیں۔اللہم و فّقنا لما فیہ رِضاک
٭ ٭ ٭


0 Comments