24 جنوری : لڑکیوں کا قومی دن
ملک عزیز میں ہر سال 24جنوری کو’ لڑکیوں کا قومی دن‘ یعنی نیشنل گرل چائلڈ ڈے منایا جاتا ہے۔ جب کہ’ لڑکیوں کا عالمی دن ‘ہر سال11اکتوبر کو پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔
’وزارت برائے بہبود گئ خواتین و اطفال‘ کی جانب سے 2008میں اس دن کا آغاز کیا گیا۔ اس کا سب سے اہم اور بنیادی مقصد یہ تھا کہ ہندوستانی معاشرے میں لڑکیوں کے ساتھ عدم مساوات کے مختلف پہلوؤں کو منظرعام پر لایا جائے۔ سماج میں ان کے خلاف برتی جانے والی تفریق کو ختم کرنے کی کوشش کی جائے اور اس کے لیے ضروری تدابیر اختیار کی جائیں۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ لڑکیوں کو آج بھی ہندوستانی سماج کے اندر کئی محاذوں پر عدم مساوات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ا س کا سلسلہ رحم مادر کے اندر’ مادہ جنین‘ کےتعین سےہی شروع ہو جاتا ہے۔
’مادہ جنین کشی(female foeticide) ہندوستانی معاشرے میں ایک
لعنت کی شکل میں آج بھی موجود ہے۔ ملک کےکئ ایک صوبوں میں گرتا ہوا جنسی تناسب کا گراف اس کا واضح ثبوت ہے ۔ جن میں 1000 اولاد نرینہ کے مقابلے میں ہریانہ(877) جموں وکشمیر(889) اور سکم میں (890) لڑکیوں کا تناسب ہے۔
پیدائش کے بعد ان کے تغذیہ، تعلیم، طبی سہولیات کی فراہمی، کم عمری کی شادی، وغیرہ سے متعلق مسائل سامنے آتے ہیں۔ سب سے بڑا مسئلہ یہ ہےکہ انھیں لڑکوں کے مساوی نہیں سمجھا جاتا اور واضح طور پر ان کی حق تلفی کی جاتی ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ اس سلسلے میں سب سے زیادہ حق تلفی کرنے والے خود ان کے اپنے گھر والے ہوتے ہیں۔
دوسری اہم بات ہندوستانی سماج میں لڑکی کو آج بھی نہ صرف’ پرایا دھن‘ کہا جاتا ہے، بلکہ سمجھا بھی جاتا ہے۔ اس کی ذات پر اخراجات کرتے وقت گھر والوں کو کہیں نہ کہیں یہ خیال رہتا ہے کہ اسے دوسرے گھر جانا ہے۔ لڑکی کی تعلیم اور پرورش پر بھی اس کے گہرے اثرات دیکھنے کوملتے ہیں۔گھر اور سماج دونوں جگہ اسے اپنے بھائی کے مقابلے کم اہم سمجھا جاتا ہے۔ اسی ذہنیت کو بدلنے اور لڑکیوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے اس دن کو مخصوص کیا گیا ہے۔تاکہ سماج میں لڑکیوں کے تئیں ذہنیت کو بدلا جائے اور لوگ مثبت فکر کے ساتھ اپنی بچیوں کو ان کے حقوق دیں۔
اس دن کو منانے کے مقاصد
اس دن کو منانے کے کئی مقاصد بیان کیے جاتے ہیں، جن میں سب سے اہم مقصد سماج میں لڑکیوں کے کردار کو اہمیت دینا اور سماج میں اس کے لیے بیداری پیدا کرنا ہے۔
دوسرا اہم مقصد ہےسماج میں لڑکیوں کے خلاف پائی جانے والی عدم مساوات کا خاتمہ،۔
تیسرا ہدف لڑکیوں کے انسانی حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔
چوتھا مقصد سماج میں جنسی تناسب کا تحفظ کرنا ہے۔
لڑکیوں کے قومی دن کی اہمیت
24 جنوری کو ملک بھر میں اس دن کی مناسبت سے تقریبات منائی جاتی ہیں۔ بہت سی ریاستوں میں اس کی تقریبات کے لیے ایک ہفتے یا ایک مہینے کو وقف کر دیا جاتا ہے، مثال کے طور پرپنجاب میں جنوری 2021کو ’گرل چائلڈ منتھ‘(girl child month) قرار دیا تھا۔ وہیں مدھیہ پردیش نے جنوری2021 کو ’گرل چائلڈ ویک ‘کے طور پر منایا تھا۔
لڑکیوں کے قومی دن کے لیے مختلف تھیم بھی رکھی جاتی ہیں، جن کے تحت پروگرام منعقد ہوتے ہیں۔ لڑکیوں کے پہلے قومی دن کے لیے تھیم ’’ہماری لڑکیوں کو بچانا، ہماری لڑکیوں کو تعلیم یافتہ بنانا‘‘تھی۔
2019 کے گرل چائلڈ ڈے کا تھیم تھا ،’’ایک روشن کل کے لیے لڑکیوں کو بااختیار بنانا۔ اسی طرح 2020 میری آواز، ہمارا مشترکہ مستقبل تھا اور 2021 میں،یہ ڈیجیٹل جنریشن، ہماری نسل۔2024میں’’میرے ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب‘‘ تھیم رکھے گیے تھے۔
لڑکیوں کو خود مختار بنانے اور ان کی زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے سرکاری سطح پر بہت سی اسکیمیں اور پروگرام شروع کیے گئے ہیں جن میں’’ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ‘‘مہم 22 جنوری 2015 کو شروع کی گئ۔
سرکاری اسکیمیںاور مہم اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن صرف ان کی بنیاد پر آزاد ہندوستان کی لڑکیوں کو ایک محفوظ اور مساوی مواقع سے پر ماحول میسر نہیں آسکتا، جنسی استحصال اور صنفی عدم مساوات کے بڑھتے واقعات اس بات کے گواہ ہیں کہ عوامی بیداری اور شعوری کوششوں کے بغیر خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہوسکتے۔
حقیقت یہ ہے کہ’ ہر لڑکی خدا کی رحمت ہے‘۔ اس میںبے شمار صلاحیتیں ہوتی ہیں۔ بس ان کو پروان چڑھانےکے لیے مناسب ماحول اور فضا درکار ہوتی ہے، جس میں اس کو سیکھنے، آگے بڑھنے اور پھلنے پھولنےکے مواقع ملتے رہیں۔ ایسے سماج کی تشکیل سازی میں سبھی کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا تا کہ ہماری بچیاں ایک بہتر سماج اور ملک کی تعمیر میں اپنا کردار بخوبی ادا کرسکیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments