مہاتما گاندھی اپنے ہفتہ واری جریدے’ ‘ینگ انڈیا‘ میں لکھتے ہیں:
’’میں یہ بالکل بھی امید نہیں کرتا کہ میرے خوابوں کا ہندوستان محض یک مذہبی ہو، یعنی مکمل طور پر ہندو، یا مکمل عیسائی، یا مکمل طور پر مسلمان ہو، لیکن میں یہ البتہ چاہتا ہوں کہ یہ مکمل طور پر روادار ہو۔ یہاں مذہبی آزادی اور رواداری کے ساتھ یکجہتی بھی ہو۔‘‘ (ینگ انڈیا)
جس ملک کے خمیراور اس کی مٹی میں تنوع پایا جاتا ہو، وہاں زمین سے نکلنے والے پودے میں یکسانیت کی توقع کرنا سمجھداری نہیں ہے۔ ہندوستان متنوع تہذیبوں، مذاہب اور نسلوں کے حسین امتزاج کا اعلی نمونہ ہے۔اس ملک کی خوبصورتی ہے کہ یہاں مختلف اللسان، مختلف رنگ و نسل اور مذاہب کے لوگ رہتے ہیں، جو ہندوستان کو دنیا کے کینوس پر مذاہب اور تہذیبوں کے سنگم سے ایک انوکھے اور اعلی ‘آرٹ ورک کی طرح پیش کرتے ہیں۔اس کی خوبصورتی کی پہچان دل کی شفافیت، رواداری کے جذبات، حکمت اور حقیقت پسندی کے ساتھ ہی ممکن ہے، ورنہ تعصب کی آنکھ اس میں محض زعفرانی رنگ کی بالا دستی تلاش کرتی ہے۔
تاریخ نے ہمیشہ اس خصوصیت کو نہ صرف تسلیم کیا بلکہ اس کی سالمیت کو برقرار رکھنے کی کوشش بھی کی ہے۔ ہندوستان میں سالوں پر محیط مغلیہ سلطنت اور دیگر دیہی مسلم ریاستوں کا وجود اس بات کی دلیل ہے کہ ہندوستان کی نیرنگی کو نہ صرف کھلے ذہن سے اپنایا گیا بلکہ اسے اپنی آنکھ کا تارہ بنا کر رکھاگیا۔ تاریخ نے ہمارے سامنے کئی شواہد رکھے ہیں جہاں ہندوستان کی تہذیبی و ثقافتی ہمہ رنگی کا جشن منایا گیا ہے۔
بادشاہ اکبر کی پالیسی ہمیشہ رواداری کا مرقع رہی، جس سے کسی کو بھی انکار نہیں رہا ہے۔ شمالی بھارت میں راجپوتوں کو ہرانے کے بعد بھی اکبر نے ان کو اپنے مذہب پر قائم رہنے،ان کی مندروں کی مرمت کرنے سے لے کر مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی دی۔ بیربل اور اکبر کی مثال اور ان کے مابین مکالمے ادب اور تاریخ کا حصہ ہیں۔ اکبر کے ‘نورتنوں میں سے ایک اہم وزیر’ بیربل‘ ہندو مذہب کا پیروکار تھا،نیز اکبر کا سب سے قریب اور بھروسے مند وزیر مانا جاتا ہے۔ کسی بادشاہ کے دربار میں تمام مذاہب کے پیرو کا پایا جانا بلکہ ان کی صلاحیتوں اور مقام کے مطابق رتبوں پر فائز ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مذہب، ثقافت اور رنگ و نسل کے اختلافات کبھی یک جہتی اور اہم مقاصد جیسے امن و امان کے درمیان حائل نہ ہوسکے۔ اور یہی وجہ رہی کہ تفرقات کو لے کرنفرت و تعصب تمدن و ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنتی ہے۔ جو گروہ ان تفرقات کو آنکھ کا کانٹا نہیں بناتا اسے پائیداری نصیب ہوتی ہے اور ان کے دامن میں زندگی پھلتی پھولتی ہے۔
ہند کی تاریخ میں’ مغلیہ دور‘ مذہبی و تہذیبی رواداری کا اعلی نمونہ ہے۔ اس دور میں مختلف آرٹ، کلچر، سنگیت، تہوار، اور زبانوں کو سراہا گیا۔ ان کے پھلنے پھولنے کے مواقع فراہم کے گئے جس کی وجہ سے امن و سکون کی فضا برقرار رہ سکی۔ سنسکرت کی ضخیم و قدیم کتابوں کا ترجمہ فارسی میں ہوا جس سے ہندو آرٹ و کلچر کو نئی روح اور تازگی نصیب ہوئی۔ ہندو، سکھ، عیسائی، مسلمان اورجین مذاہب کے مذہبی رہنماء فلسفے، تاریخ ، مذہب اور تہذیب پر مذاکرے کرتے ۔ فتح پور سیکری کے دربار میں باضابطہ محفلیں منعقد کی جاتیں ،جسکی روشنی میں وسیع النظری اور وسیع القلبی کے پیدا ہونے کے ساتھ آپس میں رواداری کی نئی جہتیں تلاش کی جاتی تھیں۔ صاحبِ اقتدار افراد کی روادارانہ پالیسی کا اثر عوام پر ہوا جس سے آپسی بھائی چارہ ، ایک دوسرے کے مذاہب، تہذیب اور زبانوں کا احترام بڑھا۔ نتیجتاً مل جل کر رہنے کا سلیقہ پیدا ہوا۔
ہندوستان کے جغرافیائی خدوخال، تاریخ کے واقعات اور تہذیب و تمدن کے مضبوط قلعے اس بات کے غمّاز ہیں کے یہ ملک کسی ایک فرد ، قوم، گروہ یا مذہب کی ملکیت نہیں ہے۔ اس ملک کی سالمیت اور پہچان ہی تہذیبی رنگا رنگی اور تمام مذاہب کے ملن سے ہے۔ ہند کی یہ جداگانہ حیثیت ایک زندہ حقیقت ہے جو اس سے انکار کرتا ہے اور تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہے وہ اپنے وجود کو ہی کھوکھلا کرنے کا سامان تیار کررہا ہے۔
لیکن ہندوستان کی صورت حال اس یکجہتی اور مذہبی رواداری کی بنیادوں کو مسمار کرتی نظر آرہی ہیں۔ نفرت کی سیاست، جھوٹے پروپیگنڈے، تاریخ کو مسخ کرنا، مذاہب کے تقدس کو پامال کرنا، مذہبی رہنماؤں، عمارتوں کو حدف بنانا، اور اس پر انتہائی گھناؤنا کام عوام کی غلط خطوط پر ذہن سازی کرنا اور اپنے ہدف پورے کرنے کےلیے ان کا استعمال کرنا یہ وہ امور ہیں جو تنگ نظر، تخریبی اور متعصب ذہن کی اُپج نظر آتے ہیں۔ مخصوص طبقات کو نشانہِ ہدف بنا کر اپنے شر پسند اور نفرت انگیز ارادوں کو پورا کرنے کے لیے موجودہ حکومت ہر ممکن کوشش کرتی نظر آرہی ہے۔
ہندوستان کے نامور اخبار ‘’دی ہندو‘ کے ایک آرٹیکل میں چھپے سروے کے مطابق،
’’دلچسپ بات یہ ہے کہ سروے میں پتا چلا ہے کہ جن ہندوؤں نے 2019 کے انتخابات میں بی جے پی کو ووٹ دیا تھا وہ اپنے پڑوس میں مذہبی اقلیتوں کو کم قبول کرنے کا رجحان رکھتے تھے۔ بی جے پی کو ووٹ دینے والے ہندوؤں میں سے صرف نصف نے کہا کہ وہ کسی مسلمان یا عیسائی کو پڑوسی کے طور پر قبول کریں گے۔‘‘
اس طرح کی رپورٹس کے علاوہ بھی ملک میں آئے دن رونما ہورہے واقعات عدم رواداری کے شواہد ہیں۔’ یونیفارم سول کوڈ‘ مذہبی آزادی کے لیے کسی دارو رسن سے کم نہیں، ’اوقاف بل‘ بھی مسلمان کمیونٹی کو ٹارگیٹ بنانے کے ساتھ مساجد و مدارس کی زمینوں پر منڈلاتا خطرہ ہے۔ مذہبی معاملات میں مداخلت اور قانون سازی کے ذریعے ٹھیس پہنچانا ملک میں امن اور تمدن و تہذیب کو پامال کرنے کی کوشش ہے۔ تاریخ کو مسخ کرنا، ہندو راشٹر کا آئیڈیا اور سیاسی رہنماؤں کے نفرت انگیز بیانات رواداری پر ضرب کاری کررہے ہیں۔ اس کے دور رس اثرات یہ ہوسکتے ہیں کہ ملک میں مستقل بدامنی کی فضا قائم ہوجائے، ڈر و خوف کا ماحول بنا رہے، عدم تحفظ اور انسانی رواداری اور اخوت و بھائی چارے کا فقدان رہے۔ اقلیتوں کا استحصال ہو، ان کی شناخت مسخ کی جائے۔ ان سب کے چلتے نقصان ملک کا ہی ہوگا۔ ملک کی ثقافت،تاریخی ورثہ ، مختلف زبانوں اور آرٹ کی خوبصورتی نفرت کی فضا کے درمیان مدھم ہوجائے گی ، معیشت کو نقصان پہنچے گا۔
جب کہ ہر مذہب اور قوم نے اس ملک کو ایک پہچان دی ہے۔ جس ہئیت اور حال میں ہندوستان ہے اس کے پس پشت تاریخ کے واقعات ہیں، مختلف قوموں اور حکومتوں کی کارفرمائی ہے۔ اس حقیقت سے انکار کسی قدر ممکن نہیں۔ اس سرزمین کا ہر خطہ اپنی ایک تاریخ رکھتا ہے اور تاریخ کا ہر عوامل چاہے وہ فرد ہو یا ریاست، تہذیبہو یا مذہب اس کا اٹوٹ حصہ ہے۔ تاریخی عمارتوں کی اپنی پہچان ہے، شمالی کشمیر سے لے کر جنوب کی سرحدوں تک پھیلے معاش کے مختلف ذرائع تمدن و تہذیبوں کے سوتے ہیں جس سے ملک کی معیشت پھلتی پھولتی ہے۔ دست کاری، چھوٹی موٹی صنعتیں، آرٹ ورک یہ سب ہندوستان کی رنگا رنگ تہذیب کی بدولت ہے۔ مخصوص طبقے اور مذہب کی اجارہ داری ہند کی گونہ گوں ورثہ کی موت کے مترادف ہے۔
‘بدلتی دنیا اور اس کے تقاضے میں’سعادت اللہ حسینی‘ صاحب نے دو تھیوریز کا ذکر کیا ایک،’ میلٹنگ پاٹ‘ ‘ آپ تمام دھاتوں کو پگھلا کر ایک برتن بنالیں تو کسی کی بھی شناخت باقی نہیں رہے گی ۔
دوسری تھیوری ہے ‘ ’سلیڈ باول تھیوری‘ ‘سبھی سبزیوں کو کاٹا جائے ہر ایک کی اپنی شناخت باول میں رہے یہ واضح ہوکہ کھیرا ،پالک، انار ، پیاز ، سب ساتھ ہیں لیکن سب کی اپنی شناخت باقی رہے ۔
جہاں آپ کسی کی شناخت چھین لیتے ہیں تو آپ اس شخص سے اس کی آزادی چھین لیتے ہیں۔ مذہب ہر فرد کی اپنی روح ہے اس لیے اسلام نے جبر سے روکا ہے ملک عزیز میں بھی اس کا خیال رکھا جانا وقت کی ضرورت ہے ۔
٭ ٭ ٭


0 Comments