جنوری ۲۰۲٥
ڈرامہ وہ صبح ہم ہی سے آئے گی وہ صبح ہم ہی لائیں گے

پہلا منظر

پردہ اٹھتا ہے۔۔۔
اسکولوں میں چھایا ہوا صبح صبح کا گہماگہمی کا منظر نمایاں ہوتا ہے۔۔آٹھویں کلاس میں جھانکو تو بین چیز پر جابجا لڑکیاں بیٹھی ہوئی ٹھٹھے ماررہی ہیں۔کچھ اپنے کاموں میں مصروف نظرآرہی ہیں۔مریم ،عمارہ، حفصہ اور مبشرہ استاد کے وارد ہونے سے قبل ہی اردو کی کتاب نکال کر آج پڑھائی جانے والی نظم ڈسکس کررہی ہیں۔اسی دوران استاد کلاس میں داخل ہوتا ہے۔
’’السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ‘‘
تمام بچیاں کھڑی ہوکر ایک آواز میں سلام کرتی ہیں۔

استاد:’’وعلیکم السلام ورحمۃاللہ وبرکاتہ‘‘
استاد: ’’ سٹ ڈاؤن‘‘
تمام بچیاں اپنی اپنی نشستوں پر بیٹھ جاتی ہیں۔
استاد:اردو کی کتاب ہاتھ میں پکڑے۔’’چھٹے نمبر کی نظم نکالیے‘‘
بچیاں فٹافٹ پسندیدہ کتاب کے ورق پلٹاتی ہیں۔
استاد:’’نظم کا نام کیا ہے۔۔‘‘؟
بچیاں ایک آواز میں’’وہ صبح ہم ہی سے آئے گی‘‘
استاد:’’ درست !وہ صبح ہم ہی سے آئے گی‘‘
تو بچو آج ہم پڑھیں گے ساحر لدھیانوی کی نظم ’’وہ صبح ہم ہی سے آئےگی‘‘ اس نظم میں ساحر صاحب کہتے ہیکہ بچے قوم کا مستقبل ہیں۔ یعنی کہ آپ تمام کی طرف شاعر نے اشارہ کیا ہےکہ آپ بچوں کے ذریعے معاشرے کی ترقی ہوسکتی ہے۔آپ کے ذریعے معاشرے کی از سر نو تعمیر کی جاسکتی ہے۔
مبشرہ کھڑی ہوکر
’’ سر معاشرے کی تعمیر ؟ وہ بھی بچوں کے ذریعےکیا یہ ممکن ہے‘‘؟
عمارہ:’’یس سر میرا بھی یہی سوال ہیکہ بچوں کے ذریعے معاشرے کی تعمیر اگر ممکن ہے تو کیسے‘‘؟
دونوں لڑکیاں اچنبھے سے پوچھتی ہیںتمام بچیاں ان بچیوں کی طرف پلٹ کر دیکھتی ہیں۔
استاد مسکراتا ہے۔۔استاد’۔’’ویری گڈ۔‘‘
’’آپ اکثر اچھے سوالات پوچھتی ہیں‘‘
’’بیٹھ جائیے‘‘
دونوں لڑکیاں بیٹھ جاتی ہیں۔
استاد:’’میں پہلے ہی بتاچکا ہوں کہ دراصل بچے قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔ چونکہ نئی نسل ہے تو نئے خیالات ہونگے نئے حل ہونگے اور نئے نئے آئیڈیاز ہونگے۔۔مثال کے طور پر اگر ہم بچے کو اخلاقی اقدار سکھائیں گے جیسے ایمانداری ،انصاف ، احترام کی تربیت دیں گے تو وہ ایک ایسا معاشرہ تعمیر کرے گا جو فلاحی ہوگا۔جس میں لوگوں کے حقوق کا احترام کیا جائے گا۔
حفصہ: ’’یس سر بالکل ! آپ ہی کی طرح میری والدہ کہتی ہے کہ بچوں کے ذریعے معاشرے کی دوبارہ تعمیر ہوسکتی ہے۔بشرطیکہ بچے بڑوں کا ادب کریں۔ چھوٹوں پر شفقت کریں اور بچپن ہی سے نمازوں کی پابندی کریں نیز پڑھائی پر خوب توجہ دیں کیونکہ تعلیم ہی ترقی کی کنجی ہے۔ تو ضرور معاشرے کی تعمیر ہوسکتی ہے اور معاشرہ ترقی پاسکتا ہے۔
استاد:ویری گڈ
استاد مسکراکر قابل و ہونہار طالبات کے خیالات خوشدلی سے سنتا ہے۔
مریم:’’سر میں نے پچھلے دنوں سی آئی سی کے فیسٹیول میں سنا تھا کہ اگر بچے برتھ ڈے کلچر جیسی چیزوں کو غیرشرعی مانیں گے ،اور موبائیل یوز سے احتراز کریں گے اور بچپن ہی سے اپنے اندر ہمدردی، محبت،ایثار،کے جذبات کو پروان چڑھائیں گے اور اسلامی آداب و اخلاق کا احترام کریں گے تو ضرور معاشرہ ترقی پاسکتا ہے۔اور بہت جلد ایک ایسی صبح طلوع ہوسکتی ہے جو تمام اندھیروں کو ختم کردے گی۔
استادویل ڈن۔
زبردست ماشاءاللہ آپ تمام کے ذہین خیالات قابل تعریف و قابل ستائش ہیں۔آپ بیٹھ سکتی ہیں۔آج ہم ایک دلچسپ ایکٹیوٹی کریں گے۔
’’کتابیں بند کردیجیے‘‘
’’ میرے ساتھ آئیے ۔ہم آج ہمارے اسکول کے پیچھے والے باغ میں جارہے ہیں‘‘
باغیچہ جانے کے اشتیاق میں بچیاں عجلت سے کتابیں بند کرتی ہیں ۔

دوسرا منظر

ایک چھوٹے سے باغ کا منظر نمایاں ہوتا ہے۔ساری بچیاں استاد کے پیچھے چل کر باغیچہ پہنچ گئی ہیں ۔استاد درمیان میں کھڑا ہے اور اس کے ارد گرد بچیاں پروانے کی طرح کھڑی ہیں۔

استاد:
’’آپ لوگوں کی جو ایکٹیویٹی ہے وہ جیساکہ ابھی ہم نے پڑھا بچے قومی ترقی کا زینہ ہیں۔ سماجی فلاح کی سیڑھی ہیںاور نئی صبح کے مجدد ہیں ۔بالکل ان اقوال کے مصداق آپ لوگوں کو دس منٹ کے اندر کچھ ایسا کام کرنا ہے جس سے ثابت ہوسکے کہ واقعی بچے معاشرے میں چھائے اندھیروں کو ختم کرکے نئی صبح طلوع کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔اب آپ لوگ چار چار لوگوں کا گروپ بناکر اپنی اپنی سرگرمی انجام دے سکتے ہیں۔
کیا آپ تیار ہیں؟؟
طالبات:’’ یس سر ہم تیار ہیں۔
استاد :گھڑی کو دیکھتے ہوئے کہتا ہے۔آپ کا ٹائم شروع ہوتا ہے اب۔۔!
’’ان دس منٹ کے لیے میں کہیں غائب ہوجاتا ہوں‘‘
استاد وہاں سے نکل جاتا ہے۔استاد کے نکلتے ہی بچے فورا سے بیشتر اپنا گروپ ترتیب دیتے ہیں۔
صائمہ نازش، فریحہ اور فاطمہ سے کہتی ہے۔
’’صفائی آدھا ایمان ہے۔چلو ہم باغ کی صفائی کرتے ہیں۔اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا یہ بھی تو سماج کی تعمیر ہے نا؟اس طرح کرکے بھی ہم نئی صبح لاسکتے ہیں۔‘‘
تینوں لڑکیاں بیک وقت’’ہاں ہاں! چلو ہم ایسا ہی کرتے ہیں ۔‘‘
چاروں لڑکیاں جلدی جلدی باغ کی صفائی کرنے لگتی ہیں۔ام ہانی عرفیہ اور خدیجہ اور نوال سے کہتی ہے۔
’’سنو یہ لوگ تو صفائی کررہی ہیں ہم ایک کام کرتے ہیں کہ ایک ڈرائینگ بنالیتے ہیں جس کے اندر ہم اپنے خوابوں کو مینشن کرے گیں اپنے ان خوابوں کو مینشن کریں گےجس سے ہمارا سماج نئی صبح کی طرف گامزن ہوگا۔‘‘
چاروں لڑکیاں گروپ کی شکل میں بیٹھ کر ڈرائینگ کرنے لگتی ہیں۔
سلوی اپنے گروپ سے کہتی ہے۔
’’سنو ۔۔! میں اپنے ساتھ اردو کی کتاب لے کر آئی ہوں ہم ایک کام کرتے ہیں اس نظم کی جو سرگرمی دی گئی ہے اسے کمپلیٹ کرلیتے ہیں۔۔دیکھو تو سب کچھ نہ کچھ کررہے ہیں ۔۔ میں چاہتی ہوں سب سے بہترین ایکٹیویٹی ہماری ہو۔جلدی کرو چلو صرف سات منٹ رہ گئے ہیں۔‘‘
مبشرہ عمارہ حفصہ اور مریم تمام لڑکیوں کو ایکٹیویٹی کرتے دیکھ رہی ہیں۔
مریم:’’ہم کیا کریں؟‘‘
حفصہ:’’چلو ہم پودے لگاتے ہیں اس سے ہمارے سماج کو بہت فائدہ ہوگا‘‘
عمارہ:’’ہاں ہاں ! چلو ہم پودے لگاتے ہیں‘‘۔
چاروں لڑکیاں پودے لگانے کے لیے نکلتی ہیں۔کہ اچانک ان کی نظر ایک ضعیف العمر جوڑے پر پڑتی ہے جو باغ کی دیوار سے ٹیک لگاکر کھڑا ہوا ہانپ رہا ہے۔اس جوڑے کے پاس کپڑوں کی چند گھٹریاں اور برتنوں کا بوجھ ہے۔
بوڑھی عورت سلوی کے گروپ سے کہتی ہے۔
’’بیٹا! اللہ کے لیے ہماری مدد کرو۔ ہمارا سامان باغ کے باہر تک اٹھادو۔ ہماری بس چھوٹ جائے گی۔‘‘
بوڑھی عورت اور آدمی کے چہرے سے غربت اور افلاس ٹپک رہی ہے۔
سلوی’’اماں فی الحال ہم بہت مصروف ہیںآپ انتظار کریں پلیز‘‘
بوڑھا آدمی:صائمہ اور اس کے ساتھیوں سے۔
’’میری بچیوں اللہ کے لیے ہماری مدد کرو۔ ہمارے دل سے بہت دعائیں نکلے گیں۔‘‘
صائمہ:’’ اماں ہمارے پاس اس ایکٹیویٹی کے لیے چند منٹ ہی ہیں اگر ہم آپ کےساتھ آگئے تو ہماری ایکٹیویٹی ادھوری رہ جائے گی۔‘‘
صائمہ ضعیف العمر جوڑے کی طرف دیکھے بغیر کہتی ہے۔مبشرہ اور اس کے ساتھیوں کی نظر اس منظر کی طرف اٹھتی ہے۔مبشرہ سمیت اس کی تینوں سہیلیاں اس جوڑے کی طرف لپکتی ہیں۔
مبشرہ:’’اماں! لائیے ہم آپ کا سامان پہنچادیتے ہیں۔‘‘
عمارہ:’’ہاں اماں آپ بابا کا ہاتھ پکڑلیجیے ہم آپ کا سامان اٹھالیتے ہیں‘‘۔حفصہ اور مریم مبشرہ عمارہ کے ساتھ مل کر سامان اٹھانے میں مدد کرتی ہیں اور چاروں مل کر دونوں ضعیفوں کو باغ کے باہر نصب بینچ پر بٹھاتی ہیں۔
استاد باغ کے دروازے سے مسکرا کر یہ منظر دیکھ رہا ہے۔
بوڑھی عورت:’’میری بچیو ں۔۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالی تمھارا مستقبل خوب روشن و تابناک کرے ۔جگ جگ جیو‘‘
بوڑھا آدمی لڑکھڑاتی زبان کے ساتھ کہتا ہے۔
’’میری بیٹیوں ! جب تک تم جیسے قربانی دینے والے، ایثار کے جذبات سے پر بچے ہماری قوم میں ہمارے سماج میں موجود ہیں ہماری قوم کی ترقی ہوتی رہے گی۔ میری دعا ہے کہ تم تمام بچیاں ہمارے سماج میں چھائے اندھیروں کو ختم کرکے ایک نئی صبح کی مجدد بنو۔۔
استاد: تمام بچیوں کولےکر چلتا ہوا بینچ تک آتا ہے ۔
استاد سمیت تمام بچیاں تالیاں بجانے لگتی ہیں۔
چاروں پلٹ کر دیکھتی ہیں اور ایک ساتھ کہتی ہیں۔
’’سر۔۔۔وہ صبح ہم ہی سے آئے گی وہ صبح ہم ہی لائیں گے۔
تمام بچیاں بلند آواز سے یکجٹ ہوکر کہتی ہیں۔
انشاءاللہ وہ صبح ہم ہی سے آئے گی ۔وہ صبح ہم ہی لائیں گے۔
پردہ گرتا ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

1 Comment

  1. ضیاء الرحمن

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔**********………

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جنوری ۲۰۲٥