جنوری ۲۰۲٥
یوم جمہوریہ ایک یادگار دن

یومِ جمہوریہ ہند

’یوم جمہوریہ‘ ہمارے ملک ہندوستان کا یادگار دن ہے۔ اسی روز ہمارے عزیز ملک کا دستور نافذ ہوا تھا ،نیز ملک کے تمام مذاہب کے ماننے والوں کو آزادی کے ساتھ ملک میں رہنے سہنے اور جینے کا حق ملا تھا۔
ہندوستان کی آزادی اور دستور کی ضرورت
ہمارا ملک ہندوستان 15اگست 1947کو آزاد ہوا ۔اب ہمارا ملک جو اب تک غلام تھا ایک آزاد ملک کے طور پر دنیا کے نقشے پرنمودار ہو گیا۔اب ہندوستان کے لیے ایک نئے آئین اور دستور کی تدوین ضروری تھی۔لہذا اس عمل کے لیے دستور ساز اسمبلی نے ایک’ ڈرافٹنگ کمیٹی ‘تشکیل دی، جس کے صدر بھیم راؤ امبیڈکر تھے۔

دستور ہند کی تیاری اور یوم جمہوریہ

26 نومبر 1949میں دستور ہند تیار ہوا، اجس کا نفاذ 26جنوری 1950 کو عمل میں آیا۔ اسی لیے اس دن کو ہم ’یوم جمہوریہ ‘کے طور پر مناتے ہیں۔
دستور ہند کی خصوصیات
ہمارا دستور ایک متوازن، مکمل اور جامع دستور ہے۔ یہ دنیا کا سب سے ضخیم اور مفصل دستور ہے۔ اس میں 395آرٹیکلز ہیں۔ اس دستور میں تمام ہندوستانی شہریوں کو مساوی حقوق دیے گئے ہیں اور اپنے اپنے مذہب، رسم و رواج اور طریقوں پر عمل کی آزادی دی گئی ہے۔

دستور ہند کے تحت حکومت کا ڈھانچہ

دستور ہند کے تحت ہمارا ملک ایک خودمختار، سوشلسٹ، سیکولر اور جمہوری ملک ہے۔ حکومت کا کوئی مذہب نہیں، حکومت عوام کی مرضی سے قائم ہوگی اور سب ہندوستانیوں کو معاشی مساوات کا حق دیا گیا ہے۔

دستور سازی میں مسلمانوں کا کردار

جس طرح آزادی کے حصول میں مسلمانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور قربانیاں پیش کیں، اسی طرح دستور سازی کے عمل میں بھی اپنا کردار ادا کیا ۔ دستور سازی کے عمل میں جن نمایاں افراد شامل تھے ان میں آزاد ہند کے پہلے وزیر تعلیم’ مولانا ابوالکلام آزاد‘ بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ ، مولانا حسرت موہانی، رفیع احمد قدوائی اور بیگم عزیز رسول کے علاوہ کئی مسلم رہنماؤں نے بھی اس عمل میں حصہ لیا۔یہ اس لیے بھی ضروری تھا کہ ہمارا ملک ایک جمہوری ملک بنے اور کثرت میں وحدت کی مثال قائم کرے۔

دستور میں دیے گئے بنیادی حقوق

آرٹیکلز 12سے آرٹیکلز 35تک جو حقوق دیے گئے ہیں، ان کا مقصد آزادی، مساوات اور زیادتیوں کے خلاف تحفظ دینا ہے۔ جیسے ذاتی آزادی کا حق، مساوات کا حق، آزادی اظہار کا حق، آزادی کے تحفظ کا حق، تعلیمی اور ثقافتی آزادی کا حق وغیرہ۔

دستور ہند کی حفاظت کی ذمہ داری

دستور ہند نے شہریوں کو جو حقوق دیے ہیں، ان میں آج بہت سے حقوق کی پامالی ہو رہی ہے۔ ہمارا ملک سیکولر ملک ہونے کے باوجود مذہب کی بنیاد پر امتیاز برتا جا رہا ہے۔

ہماری ذمہ داریاں

سب سے اہم بات شہریوں کو آئینی حقوق اور قوانین کا علم حاصل ہو تاکہ ان کا تحفظ ہو سکے۔سیاسی شعور کی بیداری بھی ضروری ہے تاکہ ہم بنیادی حقوق کی پامالی کا سد باب کر سکیں۔
مختلف سطحوں پر دستوری حقوق کی حفاظت کے لیے شعور بیدار کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو بنیادی حقوق اور آئینی حقوق کا علم اور آگاہی حاصل کرنی چاہیے تاکہ حقوق کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ ہندوستان ایک کثیر مذہبی اور کثیر لسانی ملک ہے، اس لیے مذہبی رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔

ہمارا خواب

ہم بحیثیت ہندوستانی شہری کوشش کریں کہ ہمارا ملک ہندوستان ایک مثالی ملک بنے اور ترقی کی راہوں پر گامزن رہے۔ جہاں سب کو روٹی، کپڑا اور مکان ملے،وہیں تعلیم بھی میسر ہو، جہاں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سب مل جل کر رہیں، جہاں کوئی بھوکا نہ رہے اور جہاں ہر طرف پیار کے نغمے ہوں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جنوری ۲۰۲٥