جنوری ۲۰۲٥
ساحل کو چھوکر (قسط:۲)

ثانیہ کے والد وسیم فراز پوسٹ آفس میں کلرک کے عہدے پر فائز تھے۔ عہدے کا قد چھوٹا تھا اورضروریات زندگی قد آور……انور’ انجینئرنگ فائنل ائیر‘ میں تھا۔ ناز بی ’ایس سی سکنڈ ائیر‘ کی طالبہ تھی۔ثانیہ کی ملازمت سے اس خستہ حال خاندان میں خوشحالی کی امیدیں روشن ہوگئی تھیں۔
صبح اذان کے ساتھ ہی ثانیہ جاگ گئی۔وضو کیا، نمازفجر ادا کی ۔کچھ دیر قرآن شریف کی تلاوت بھی کی۔ پھر کچن کی جانب رخ کیا ،جہاں امی ناشتا تیار کررہی تھیں۔ ثانیہ نے بھی امی کا ہاتھ بٹایا، سبزی بنائی اورساتھ میں ابو کے لیے سلاد بھی تیار کرلیا۔ابو صبح جلدی ناشتہ کرنے کے عادی تھے، کیونکہ وہ آٹھ ہی بجے گھر سے نکل جایا کرتے تھے۔آج کالج کا پہلا دن تھا، اسے بھی جلد ہی پہنچنا تھا ۔
ناز،لوکل ٹرین سے کالج جایا کرتی تھی ۔اس طرح وہ بھی اس کے ساتھ ہی گھر سے نکل گئی۔لوکل ٹرین کا سفر بہت مشکلوں بھرا ثابت ہوا ۔اس قدر بھاگ دوڑ کہ وہ نڈھال ہوگئی۔ جب آفس میں قدم رکھا تو شومی قسمت سب سے پہلے اسی مغرورشخص سے سامنا ہوا۔وہ شاید بہت جلدی میں گھوما تھا جوثانیہ سے ٹکراتے ہی رہ گیا۔دوسرے ہی پل اس نے غیرشعوری طور سے اپنے رخسار پرہاتھ رکھا او ر ثانیہ کو دیکھنے لگا۔اس غیر شعوری عمل پر ثانیہ اپنی مسکراہٹ نہ چھپا سکی۔’’استغفراللہ! ‘‘شرمندگی کے بوجھ تلے وہ جھنجھلا اٹھا۔ثانیہ کے رگ وپے میں عجیب سی طمانیت بھری لہر سرایت کرگئی۔دوسرے ہی پل اس نے خفیف انداز میں سر جھٹکا اور آگے بڑھ گئی۔
آفس روم میں موجود تمام پروفیسرز کی خدمت میں ثانیہ نے نذرانہ سلام پیش کیا۔ پرنسپل’ عارف حسین‘ نے مسکراتے ہوئے ثانیہ کا خیرمقدم کیا اور اسٹاف کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔
’’تمام احباب توجہ فرمائیں۔آج کا دن خاص اہمیت کا حامل ہے۔آج ہمارے اسٹاف میں ایک ایسی ہستی شامل ہوئی ہے جو نہایت ذہین اور قابل ہے۔‘‘پھر وہ ثانیہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے گویا ہوئے:
’’ان سےملئے، یہ محترمہ’ ثانیہ فراز‘ ہیں۔سوشیالوجی کی نئی پروفیسر !انہوں نے سوشیالوجی میں ’پی ایچ ڈی‘ کی ہے اور’ گولڈ میڈل‘ حاصل کیا ہے۔‘‘
’’خوش آمدید!‘‘اسٹاف ممبران نے بلند آواز میں خوشی کا اظہار کیا۔
’’اس عزت افزائی کے لیے ممنون ہوں۔ شکریہ،نوازش۔‘‘ثانیہ کے لب کپکپائے۔
’’چلیے محترمہ! ہم آپ سے اپنے معزز اسٹاف کا تعارف کرواتے ہیں۔‘‘ پرنسپل عارف حسین نے محبت بھرے لہجے میں کہا۔
’’جی بہتر‘‘
’’پروفیسر علیم !انگریزی کے پروفیسر ہیں۔مس ندا فاروقی اردو ادب پڑھاتی ہیں۔پروفیسر عارف،پروفیسر جعفر نوازسمیت تقریبا بارہ پروفیسرزکاتعارف کروانے کے بعد آخر میں اس دشمنِ جاں کی باری آئی۔
’’مس ثانیہ! یہ مسڑ رضا احمد ہیں،جوحیاتیات پڑھاتے ہیں۔نہایت ذہین وفطین پروفیسر ہیں۔انہوں نے امریکہ سے اپنی تعلیم مکمل کی ہے اور۔۔۔‘‘
اس کی سرمئی آنکھوں میں جھانکتے ہوئے رضانے شوخی سے بات کاٹی،’’محترم ! گستاخی معاف ، درمیان میں بات کاٹ رہا ہوں۔میرے خیال میں، آج کے لیے اتنا تعارف کافی ہے۔شاید موصوفہ ہضم نہ کرپائیں ‘‘
ثانیہ کا چہرہ سرخ ہوگیا۔ اس نے خود پر قابو پانے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے سختی سے ہونٹ بھینچ لیے۔رضا اس کے عارضِ گل کو سرخی مائل ہوتے ہوئے دیکھتا رہا ۔
’’یہ تو گل کے ساتھ نار بھی ہے… گلنار،‘‘
رضا کی یہ بدبداہٹ ثانیہ نے سنی، لیکن خاموشی سے اپنی آنکھوں کو جھکا لیا۔ اس کی گھنی پلکوں کے سائے میں چھپی سیاہ آنکھیں ایک دلکش سحر پھیلا رہی تھیں، اور وہ اس لمحے کی جادوگری میں گم ہوتا جا رہا تھا۔ ہر لمحہ اس کے دل کی دھڑکن کو تیز کرتا گیا، اور اس قربت کی سرشاری میں ایک عجیب خوشبو بھر گئی۔ ثانیہ کی موجودگی کی مہک فضا میں بکھرتی جا رہی تھی، جیسے وہ اس کے دل و دماغ پر دستک دے رہی ہو۔
رضانے دوستی کے نیک ارادے سے اپنا مضبوط ہاتھ آگے بڑھایا، لیکن ثانیہ نے اس کی پیشکش کو نظرانداز کرتے ہوئے آگے بڑھنا بہتر سمجھا۔
’’اتنا غرور؟‘‘ رضا نے دل ہی دل میں سوچا۔ چند لمحے پہلے جو حُسن اس کے دل کے تاروں کو چھیڑ رہا تھا، اب وہ ناگواری کی چادر اوڑھے بدصورت نظر آ رہا تھا۔
رضا نے تیز نگاہوں سے اس مغرور کو دیکھا اور وہاں سے چلاگیا۔اس نے رضا کو یوں غصے سے بھنا کرجاتے ہوئے دیکھا۔پتا نہیں کیوں اس کے دل میں عجیب سی ٹھنڈک کا احساس جاگا ’’بدتمیز‘‘وہ اندر ہی اندر جھلائی۔
’’اچھے انسان مقدر سے ملتے ہیں۔ان کی قدر کرنی چاہیے ۔‘‘
پیچھےسے اچانک کسی لڑکی نے سرگوشی کی تو وہ جلدی سے رخ موڑ کر اس مترنم سرگوشی کی جانب متوجہ ہوگئی۔ وہ نازک اندام دوشیزہ ندا تھی۔
’’وضاحت کردیں میں آپ کی باتوں کا مطلب سمجھ نہیں سکی۔؟‘‘
’’دھیرے دھیرے سب سمجھ جاؤ گی۔‘‘جواب میں ثانیہ دھیرے سے مسکرائی۔
’’مجھےنداکہتےہیں….ویسے میراتعارف ہوچکا؟‘‘
’’جی!‘‘
’’ بہت خوب صورت ہو‘‘
’’آپ بھی کچھ کم نہیں۔‘‘
’’شکریہ! ویسے اگر اجازت ہو تو کیوں نہ اس ’آپ ‘کے پرندے کو کہیں دور فضا میں آزاد کیاجائے؟‘‘
ثانیہ جواب میں بے اختیار ہنس پڑی۔
’’ عمدہ خیال ہے ! ‘‘
’’پھر ملاؤ ہاتھ !‘‘
ندا نے قہقہہ لگاتے ہوئے دوستی کا ہاتھ آگے بڑھایا ،جسے ثانیہ نے خلوص کے ساتھ تھام لیا۔
پروفیسر ندا مختصر مدت میں ثانیہ کی بہترین دوست بن گئی۔ وہ ایک باتونی اور شریر لڑکی تھی، جو تازہ خبروں اور نشریات کی شوقین تھی۔ اس کے پاس لوگوں کی سوانح حیات کا ایک مکمل مجموعہ موجود ہوتا، جسے وہ وقتاً فوقتاً اپنے دوستوں کے گوش گزار کرنا پسند کرتی تھی۔ آج وہ رضا کی شخصیت پر روشنی ڈال رہی تھی، اور ثانیہ اس کی اس کوشش سے بے حد محظوظ ہو رہی تھی، کیونکہ رضا جس قدر ہینڈسم اور خوبرو تھا، اسی طرح اس کی شخصیت کے پہلو بھی دلچسپ تھے۔
بے انتہا دلچسپی کے باوجود، ثانیہ نے انجان بنتے ہوئے، ایک بناوٹی تمسخر کے ساتھ کہا، ’’گوگل بابا! اطلاع کے لیے عرض ہے کہ مجھے ایسی مغرور شخصیتیں متاثر نہیں کرتیں۔‘‘ ثانیہ نے بے اعتنائی کا مظاہرہ کیا، مگر اس کے چہرے کی بدلتی رنگت بتا رہی تھی کہ وہ رضا سے کس قدر متاثر ہے۔
’’کوئی بات نہیں، محترمہ! بس تم سنتی جاؤ، تاکہ میرے ذوق کی تسکین ہو،‘‘ ندا نے قہقہہ لگاتے ہوئے اپنی کمزوری ظاہر کی۔
’’بہتر، محترمہ!‘‘ ثانیہ بھی ہنس پڑی۔
’’تمہیں پتہ ہے، کالج کی کئی لڑکیاں اس مغرور رضا پر فدا ہیں۔ اس بندے میں ایسی کشش موجود ہے جو ہر کسی کو اپنی جانب کھینچتی ہے،‘‘ ندا نے چہک کر کہا۔
’’ہمم…!‘‘ ثانیہ سوچ کی گہرائیوں میں غوطہ زن تھی اور اس سچائی سے خود کو محفوظ رکھنے کی ناکام کوشش کر رہی تھی۔
’’دولت کے ساتھ، وہ دل کا بھی بہت غنی ہے! والدین کی اکلوتی اولاد ہونے کی وجہ سے وہ کچھ مغرور تو ہے، لیکن اچھی بات یہ ہے کہ وہ بہت ذہین اور لائق فاضل ہے، اور دل کا اچھا انسان بھی ہے،‘‘ ندا نے مزید کہا۔
’’اچھا…!‘‘ ثانیہ نے منہ بنایا، حالانکہ دل کی دھڑکن ضرور تیز ہو گئی۔ ندا نے پہلو بدلا اور پھر گویا ہوئی:
’’ ایک اور اہم اطلاع!‘‘
’’ ارشاد!‘‘
’’میں شعر نہیں سنارہی ہوں..؟‘‘ندا بھناگئی
’’اب آگے بھی سناؤ….‘‘ثانیہ نے پہلو بدل کر بیزاری کا تاثر قائم رکھا مگر اس کے کان ہمہ تن گوش تھے۔
’’رضا اس کالج کے ٹرسٹی’ الطاف حسین‘ صاحب کا پوتا ہے ‘‘یہ انکشاف چونکادینے والا تھا۔
’’ واقعی؟ تبھی ، موصوف کے یہ تیور ہوتے ہیں ‘‘ اس نے تبصرہ کیا۔
’’کیوں کیا ، کیا اس نے ؟‘‘ندا سراپا سوال تھی۔

 ’’اس نے کچھ نہیں کیا۔میں نے ہی تھپڑ رسید کیا تھا۔ تمہارے پسندیدہ رضا احمد کے رخسار پر۔‘‘ماضی کا واقعہ اس کے سامنے رقص کرنے لگا۔
’’ کیا؟تم لڑکی ہو یا کوئی آفت کی پرکالہ؟اتنا حوصلہ ؟ ایسی کیا بات ہوئی؟ اس نے فلموں کے’ رضا مراد‘ والی کوئی بدتمیزی تو نہیں کی؟‘‘ندا سخت حیران تھی اوراس نے سانس روکے سوالات کی بوچھار کردی۔
’’ رضا مراد ؟‘‘ثانیہ بے اختیار ہنسنے لگی۔
’’صرف ہنستی ہی رہوگی یا کچھ بتاؤگی؟‘‘
’’ ابھی جانے دو یار!‘‘
’’میں جانے بغیر ٹلنے والی نہیں۔‘‘
ثانیہ نے رضا سے پہلی ملاقات کا واقعہ من وعن اس کے گوش گزارکردیا۔
’’توبہ ! تم بھی کسی فلمی ہیروئن سے کم نہیں ہو۔‘‘ندانے حیرت سے آنکھیں پھیلا رکھی تھیں۔
’’فلمیں دیکھنا کم کرو، ورنہ ایک دن پاگل ہوجاؤگی۔‘‘ ثانیہ نے متنبہ کیا۔
’’اور تم جو لوگوں کو پاگل بنارہی ہو؟‘‘نداکے ترکی بہ ترکی جواب سے ثانیہ محظوظ ہوئی۔
’’ اچھاسن !ایک اور بریکنگ نیوز ! رضا اپنی سیاہ وگہری آنکھیں لیے تمہیں نہارتا رہتا ہے ۔اس کی آنکھوں میں، میں نے تمہارا ہی عکس پایا ہے۔مجھ سے جب بھی ملتا ہے کسی نہ کسی بہانے بس تمہارا ہی ذکر چھیڑ دیتا ہے۔سمجھتا ہے جیسے میںکوئی دودھ پیتی بچی ہوں ۔سب سمجھتی ہوں ‘‘ندانے جیسے تیر مارا۔
’’بدتمیز انسان۔‘‘ثانیہ دھڑکن پر قابو پانے کی ناکام کوشش کرتی ہوئی جھنجھلائی۔
’’ اف!اتنا شور کیسا؟‘‘ندا کان بند کرتی ہوئی ثانیہ کی جانب دیکھا۔
’’پتا نہیں کیوں سب ندا کو بچی سمجھتے ہیں۔‘‘وہ معصومیت سے گویا تھی۔
’’ندا ایسی کوئی بات نہیں جو تم سمجھ رہی ہو۔۔۔۔نہ میرا دل دھڑک رہا ہے اور نہ ہی مجھے کچھ ہونے لگا۔‘‘
ثانیہ نے شکل بنا کر کہا لیکن اس کا چہرا سرخی سے جگمگارہاتھا۔
’’میں نے توکچھ نہیں کہا۔‘‘ندا کے لب شوخی سے گردش کرنے لگے۔
’’مجھے کسی سے نئے رشتے استوار کرنے کاکوئی شوق ہے اور نہ ارمان!اس مغرور رضامراد سے تو کبھی نہیں !‘‘
ثانیہ کے لہجے میں اکتاہٹ صاف جھلک رہی تھی۔
’’اللہ کی بندی اتنے اچھے نام کو ولن سے تو نہ جوڑو۔‘‘
نداکی بے بسی پرثانیہ ہنسنے لگی۔

(جاری)

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جنوری ۲۰۲٥