جنوری ۲۰۲٥
پرورش کے مختلف طریقے

والدین اپنے بچوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں ۔بچوں کی تربیت کا خیال فطری طور پر والدین کو ہوتا ہے۔ تربیت کے سب کے طریقے اور انداز مختلف ہوتے ہیں۔ ہر وہ طریقہ جو والدین اپناتے ہیں اس میں بچوں کی بہی خواہی پوشیدہ ہوتی ہے۔ روئے زمین پربچے سے حقیقی محبت سوائے والدین کے اورکوئی نہیں کرسکتا۔امرواقعہ یہ ہے کہ اللہ رب العالمین نے والدین کوبچوں کی تربیت کااہل بنایا ہے۔یہی وجہ ہے کہ’ تربیتِ اولاد‘ کی تمام ترذمہ داری والدین کوسونپی گئی ہے۔ اللہ رب العالمین نے والدین کے اندرفطری طور پر اپنے بچوں کے تئیںمحبت اور ان کی تربیت کا جذبہ ودیعت کیا ہے۔ والدین اسی فطری جذبہ محبت کے ساتھ اپنے بچوںکی تربیت کا فریضہ انجام دینے کی کوشش کرتے ہیں، خواہ ان کا طریقہ تربیت موجودہ ترقی یافتہ عہد کے مطابق نہ ہو۔ ورنہ کیا وجہ ہے کہ آج والدین کے طریقہ تربیت سے بعض بچے والدین سے متنفر ہوجاتے ہیں۔یا عموما ایک جملہ جو بچوں کو’ سوشل میڈیا کلچر‘ نے سکھادیا ہے کہ Toxic parenting اس طرح بچے والدین کے احترام کو ملحوظ نہیں رکھتے۔ نوجوان دوران کاونسلنگ والدین کی شکایت کرنے لگتے ہیں۔ اس لیے ان بچوں اور بچوں کے والدین کو بھی سمجھنا چاہیے کہ طریقہ تربیت کے اقسام میںکچھ تو سماج میں رائج رسومات اور روایات کا دخل ہوتا ہے کچھ والدین کی اپنی شخصیت کا ، ان کے ذاتی تجربات کا جو انہوں نے اپنے والدین سے سیکھے ہیں یا جتنی معلومات ان تک پہنچ سکیں ان کا یا گھر کے حالات کا ، معاشی خوشحالی اور بدحالی کا ، جوائنٹ اور نیکلو ئیر فیملی کا ۔
ان سب میں کچھ تبدیلیا ں وقت کے ساتھ ممکن ہوتی ہیں، کچھ نہیں ہوتیں۔ اسے control able variable اور uncontrollable variable کہا جاتا ہے۔ مذکورہ بالا اثرات میں سے کچھ پر توکنٹرول کیا جاسکتا ہے جب کہ کچھ ایسی ہیں جن کو تبدیل کرنا انسان کی قدرت میںنہیں ہوتا ۔ جیسے personality type یا معاشی بدحالی، یہ تبدیل کرنا انسان کے ہاتھ میں نہیں ۔ بعض variables پر قابو پایا جاسکتا ہے جیسے نیو کلئیر فیملی رکھنا یا ، سماج کی روایات کو بدلنے کی کوشش کرنا ، اپنے تجربات کے بجائے بچوں کے موجودہ تقاضوں کو مد نظر رکھنا ۔
’فن پرورش‘ اب ایک مکمل علم کی شکل اختیار کرچکا ہے چونکہ پہلے کی نسبت والدین کو ڈیجیٹل دور میں پرورش کی دشواریاں زیادہ ہیں اس لیے وہ فن پرورش کے ذریعہ بچوں کو سکھانے اور ان کی رہنمائی کرنے کے طریقے سیکھ سکتے ہیں ۔
ذیل میں ہم طریقۂ تربیت کے کچھ اقسام ذکر کررہے ہیں تاکہ ہمارا نظریہ’ فن تربیت‘ سے متعلق واضح ہوسکے ۔
والدین کے مختلف انداز (Parenting Styles) بچوں کی تربیت کے طریقوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ ماہرین نفسیات کے مطابق، عام طور پر چار اہم والدین کے انداز ہیں

تحکمانہ طرزِ پرورش :Authoritarian Parenting

اس طرز پرورش میں والدین اپنے بچوں کے لیے اصول بہت سخت بناتے ہیں اور انہیں سختی سے نافذ کرتے ہیں ۔بڑوں کے بنائے ہوئے اصولوںسے انحراف کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی،لہذا بچے اپنی مرضی سے کوئی کام نہیں کرسکتے ۔
سخت قوانین اور نظم و ضبط پر زور۔
بچے کی رائے کو کم اہمیت دی جاتی ہے۔
زیادہ سختی اور کم محبت کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔
عموما یہ کہا جاتا ہے ’’ کھلاؤ سونے کا نوالہ دیکھو شیر کی آنکھ سے‘‘ ۔ ایسے ماحول میں بچہ کڑاا ہوا محسوس کرتا ہے۔ وہ آزادی سے سوچ نہیں پاتا ، ان کی قوت فیصلہ متاثر ہوتی ہے ، خوف کا رجحان بچپن میں اور نوجوانی میں بغاوت کا رجحان پایا جاتا ہے ۔بڑے ہونے کے بعد بچے ایسے والدین کی تکریم نہیں کرتے بل کہ ہمہ وقت والدین سے شاکی رہتے ہیں۔
اثرات: بچے میں خوف یا بغاوت کا رجحان پیدا ہو سکتا ہے۔

2. بااختیار طرزِ پرورش :
(Authoritative Parenting)

اس طرح کے طریقہ تربیت میں محبت اور نظم و ضبط کا متوازن امتزاج ہوتا ہے ۔ بچوں کا احترام کیا جاتا ہے۔ والدیں اصول و ضوابط سکھانے کے لیے بچوں کے سامنے خود بھی عملی نمونہ بناتے ہیں۔ وقت پر سونا،وقت پر کھانا پینا۔ اسی طرح ورزش اور عبادت کا نظام عملا بناتے ہیں اورمطالعے کا بھی خاص اہتمام ہوتا ہے۔ صلہ رحمی اور مہمان نوازی جیسے اقدار سے خود بھی متصف ہوتے ہیں اور بچوں کو بھی کراتے ہیں ۔
بچے کی رائے کو اہمیت دی جاتی ہے۔بچوں سے مشاورت کی جاتی ہے انہیں زندگی کے اصول سکھائے جاتے ہیں ۔اصول وضع کیے جاتے ہیں ساتھ ہی ان اصولوں کی وضاحت بھی کی جاتی ہے ۔ انداز تحکمانہ کے بجائے دوستانہ ہوتا ہے،نیز منطقی استدل بھی ہوتا ہے ۔
ایسے ماحول میں بچے’ خود مختار‘ بنتے ہیں۔ بچوں کی شخصیت ’پر اعتماد‘ ہوتی ہے۔بچوں کی ترسیلی صلاحیت بھی اچھی ہوتی ہے۔ احساس ذمہ داری ان میں بدرجہ اتم موجود ہوتی ہے ۔

3. لاپرواہ طرزِ پرورش (Permissive Parenting)

اس طرح کی طرز تربیت میں’ آزادی اور محبت‘ زیادہ، لیکن’ نظم و ضبط ‘کم نظر آتا ہے۔ بچے کو ہر بات کی اجازت دی جاتی ہے۔بچے دوسروں سے تقابل کرکے والدین سے ڈیمانڈ کرتے ہیں اور والدین ان کے مطالبات کو پورا کرنا فرض عین سمجھ لیتے ہیں۔ ہر فرمائش کو پورا کرنا لازم بنالیتے ہیں۔ اکثر درمیان کاونسلنگ بتاتے بھی ہیں کہ’’ بچے کو احساس نہیں ہم نے ہر ضرورت کو منہ سے نکلنے سے پہلے پورا کیا ہے ‘‘۔
حالانکہ یہ طرز تربیت توجہ طلب ہے۔ بچوں سے محبت اور آزادی کے باوجود بچوں کو منطقی انداز میں صحیح اور غلط میں امتیاز کروانا چاہیے ، وقت سے پہلے موبائیل فون انہیں دینا اور پھر آزادی دے کر ہر کام کے لیے آزاد کردینا کوئی قانون وضع نہ کرنا ۔قوانین کم یا بالکل نہیں ہوتے ہیں ۔ایسے ماحول میں بچے میں نظم و ضبط اور خود کنٹرول کی کمی ہو سکتی ہے۔بعد کی زندگی میں بھی بچوں کے اندرغیر ذمہ داری اور بےحسی سی ہوتی ہے۔ وہ ہر بات کو مذاق میں لیتے ہیں، حتی کہ کسی کی بیماری یا اہم دستاویزات سے بھی لاپرواہ ہوتے ہیں ۔

4. غافل طرزِ پرورش :
(Neglectful/Uninvolved Parenting)

اس طرح کی طرز پرورش میں بچے بہت لاپرواہی سے پرورش کئے جاتے ہیں۔ اس میں بچوں کی تربیت یا بچوں کے مشاہدے کا بھی احساس نہیں ہوتا۔ ایسے والدین اکثر اپنے خاندانی مسائل میں الجھے رہتے ہیں۔ والدیں بالکل لاپرواہ ہوتے ہیں۔ انہیں بچوں کی تربیت کاخیال ہوتاہے نہ بچوں کی ضروریات کا ۔بچہ خود اپنے انداز سے گزارا کرلیتا ہے ۔
اس طرح کے والدین کا مشاہدہ اس وقت ہوتا ہے جب یہ آپس میں لڑتے ہیں اور بچوں کی نقصان کی دہائی دینے پر بھی یہ لوگ بچوں کو خاطر میں نہیں لاتے ۔ سوچتے ہیں کہ بچے توپل ہی جاتے ہیں ۔والدین بچوں کی زندگی میں زیادہ شامل نہیں ہوتے۔محبت اور رہنمائی کی کمی۔بچوں کے جذباتی اور جسمانی ضروریات کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔ان کے مطابق بچے بڑے ہو ہی جاتے ہیں ۔
اس طرز تربیت کے بچے پر اثرات یہ پڑتے ہیں کہ بچے کم ہمت ہوتے ہیں ۔
بچے کو کم اعتمادی، جذباتی عدم استحکام یا مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ہر انداز کے اثرات بچوں کی شخصیت اور مستقبل پر نمایاں ہوتے ہیں۔بچے کی مکمل شخصیت اس سے مجروح ہوتی ہے ۔
بہترین انداز

5۔بااختیار طرزِ پرورش :
(Authoritative Parenting)

ماہرین کے مطابق سب سے زیادہ مؤثر اور متوازن طرزِ تربیت والدین کی جانب سے بچے کوبااختیار بناناہے۔ بچےمیں خود انحصاری پیدا کرنا ہے۔یہ طریقہ تربیت بچے کی شخصیت، جذباتی صحت، اور سماجی ترقی میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ایسے والدین بچے میں Coping skill پیدا کرتے ہیں۔ وہ اپنی مدد آپ پر متوجہ رہتے ہیں نہ شکایت کرتے ہیں نہ ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھتے ہیں۔ بااختیار بنائے جاتے ہیں ۔زندگی کا سلیقہ انہیں سکھایا جاتا ہے۔ ایسے بچے بااعتماد ہوتے ہیں۔ پورے اعتماد کے ساتھ بزنس کرسکتے ہیں۔ نفع و نقصان کا خوف انہیں لاحق نہیں ہوتا ۔ اپنے والدین کے ساتھ وفاداری کرتے ہیں ۔اپنے ہم جولیوں کے درمیان بایسےبچے لیڈر کے طور پرہوتے ہیں ۔
ٹرینڈ سیٹر ہوتے ہیں۔ بچوں کے ساتھ والدین کا رویہ دوستانہ ہوتا ہے ل۔وہ بہت اعتماد کرتے ہیں بچوں کو اعتماد بخشتے ہیں ۔
طرز پرورش کے طریقے اس لیے بیان کئے تاکہ والدین اپنی خوبیوں پر خود نظر ثانی کریں اور بچوں میں ہونے والے رویوں کی تبدیلیوں کو سمجھیں تاکہ بہترین تربیتی طریقے سے بچوں کی رہنمائی کرسکیں ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جنوری ۲۰۲٥