آج کی دنیا بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ ایک پڑھی لکھی عورت اس نئے ماحول سے ہم آہنگ ہو سکتی ہے اور عورت اپنے مقام سے آگاہ ہو کر اپنی تقدیر اور معاشرے کی تقدیربھی بدل سکتی ہے۔ عورت کی بنیادی ذمہ داری اس کا گھر ہے۔ وہ ایک پڑھی لکھی ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے طور پر اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے کے نبھا سکتی ہے۔ اتنا ہی نہیں عورت گھر کی زینت کے ساتھ ساتھ رفیق سفر کی مشیر کار بھی ہے۔سیاست،ایڈمنسٹریشن اور شعبہ تعلیم میں بھی اس کی خدمات اپنی مثال آپ ہیں۔
وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ
ا سی کے ساز سے ہے زندگی کا سوز دروں
نسل انسانی کا استحکام اور ترقی خواتین کے بغیر نا ممکن ہے ۔ زندگی اور معاشرے کی بقا اور استحکام، جسمانی اور رومانی تندرستی خواتین کی وجہ سے ہے۔ اسلام نے عورت کو اتنا بلند مقام دیا ہے کہ گھر کے اندر رہ کر گھر کی زینت بنتی ہے۔ اور گھر کی چاردیواری کے اندر رہ کر ہی عورت اپنے فرائض کی ادائیگی بھی کر سکتی ہے۔ گھر کی دیکھ بھال، بچوں کی پرورش وغیرہ کچھ ایسے کام ہیں جو اس کے وجود کو عظیم بناتے ہیں۔ ماں کے روپ میں عورت بے لوث محبت، ایک بیوی کے روپ میں خلوص و وفاداری اور خواہش کا ایک خوبصورت افسانہ ہے۔ عورت بہن کے روپ میں اللہ کی بہترین نعمت ہے تو بیٹی کے روپ میںوالدین کے حق میں اللہ کی رحمت ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ عورت انسانیت کی شان ہے۔
دین اسلام نے عورت کو پستی سے بلندی تک پہنچایا ہے۔ جو عزت و وقار اور بلند مقام اسلام نے خواتین کو دیا ہے کیا دنیا کے کسی اور مذہب نے عورت کو یہ درجہ دیا ہے ..؟ اسلام نے عورت کو جو حقوق آزادی دی ہے اس میں علم و فن کی آزادی بھی شامل ہے۔ عورت کو وراثت میں حق دیا گیا ہے۔ جدید دور میں ہمارے لیے ازواج مطہرات کی زندگی مشعل راہ ہے۔ جنہوں نے اپنےعلم و عمل اور قابلیت سے انسانی معاشرے میں ایک انقلاب برپا کیا۔عورت کی فہم و فراست کی اعلی مثال حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا ہیں کہ جب ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر غار حرا میں وحی آئی اور آپ ﷺ گھبرا گئے تو عقلمندی کا یہ عالم تھا کہ آپؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو بتایا کہ وہ نبوت کے مدارج سے گزر رہے ہیں۔اسی طرح حضرت عائشہؓ کی فصاحت و بلاغت سے کون واقف نہیں کہ اسلام و فقہ کے تمام مسائل پر آپ کو کمال حاصل تھا اور بڑے سے بڑے صحابہ اکرام ؓ آپ سے رہنمائی طلب کرتے تھے۔اسلام خواتین کے حقوق کی بحالی کا واحد ضامن ہے۔ اس لیے معاشرے سے وابستہ ہر مرد اور عورت کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ زندگی میں اپنی ذمہ داریوں اور فرائض کو نبھانے کی کوشش کریں۔ تاریخ کے مطالعے کے مطابق خواتین کا کردار مردوں کے مقابلے زیادہ مثبت ہے۔ تہذیب کی ترقی کا ایک اہم حصہ یہ ہے کہ خواتین نے معاشرے میں خوبصورتی اور نفاست کا بہترین جذبہ پیدا کیا ہے۔
تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو عورت کہیں گل کی طرح نرم تو کہیں کہسار کی طرح سخت جان ہے۔ جہاں اس نے برتنوں پر نقش و نگار بنا کر ان کو خوبصورت بنایا وہیں اس نے کمال فن سے تخت و تاج کو بھی سنبھالا اور جنگ وجدل میں دشمن کا مقابلہ کیا۔ ان کے فہم وفراست نے سلطنتوں کو بام عروج پر پہنچا یا۔ اسی طرح تجارت کے فروغ میں خواتین نے بھی حصہ لیا۔ جب ان کے شوہر کام کاج کی غرض سے دور دراز علاقوں میں چلے گئے تو عورت نہ صرف گھر اور بچوں کی دیکھ بھال او رتعلیم و تربیت کا خیال رکھتی تھیں بلکہ خط و کتابت کے ذریعے اپنے شوہروں سے رابطہ بھی رکھتی تھیں اور ضرورت کے مطابق تجارتی سامان بھی فراہم کرتی تھیں۔ اس بات کے شواہد بھی موجود ہیں کہ خواتین بعض دستکاریوں میں مہارت رکھتی تھیں اور ضرورت کی چیزیں بنا کر اپنی آمدنی میں اضافہ بھی کرتی تھیں۔
یہ سب خواتین کے ثقافتی عمل کا حصہ ہیں لہذا خواتین کے اس پہلو کو معاشرے میں مزید نمایاںکرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ اس نے ان روایات کو تخلیق اور ترقی دی جو آج بھی ہماری روزمرہ کی زندگی سے متعلق ہیں۔ یعنی لذیذ کھا نا، زیورات کا استعمال ، رنگوں کی خوبصورتی ، مشینی لباس اور گھریلو معاملات میں صفائی۔ اسی طرح زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کا با اختیار ہو نا ضروری ہے کیونکہ کسی بھی ملک کی سماجی ترقی اور بہبود کے لیے خواتین کا بااختیار ہو نا ضروری ہے۔ خواتین معیشت اور خوراک کی پیداوار میں سب سے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ہردور میں خواتین نے قوموں کے استحکام، ترقی اور طویل مدتی خوشحالی کو یقینی بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ ایک عورت جتنی زیادہ تعلیم یافتہ ہوگی اس کے حق میں معاشی مواقع تک رسائی کے امکانات اتنے ہی زیادہ ہوں گے۔ اس لیے ضروری ہے کہ فیصلہ سازی کے عمل اور وسائل تک رسائی میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے تاکہ مردوں کے ساتھ عورتوں کو زندگی میں برابر کا حصہ مل سکے۔
خواتین کی خودمختاری کا صحیح معنوں میں احساس اس وقت ہوگا جب عورتوں کے صرف ظاہری حسن کو ہی ترجیح نہ دی جائے بلکہ باطنی حسن جیسے عورت کی اخلاقیات،آداب،سلیقہ شعاری صبر وتحمل، اطاعت گزاری، حسن و زیبائش، ناز و ادا، قناعت، شرم حیا، متانت سازی پر کو بھی زینت سمجھا جائے۔ یعنی ان کے ساتھ عزت و احترام اور تمام معاملات میں انصاف کیا جائے۔ عورت کو صرف شمع محفل اور حسن و زیبائش کی علامت نہ سمجھا جائےبلکہ اس کے تقدس اور عزت و وقار کا بھی خیال رکھا جائے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments