پھولمتی لکھنو شہر کے گومتی نگر علاقہ میں اولڈ ایمیٹی کیمپس کے پیچھے رہتی ہیں۔ وہ تین گھروں میں کام کرتی ہیں جس کی آمدنی سے ان کی زندگی گزرتی ہے۔ پھولمتی کا اصل نام’ رعنا‘ ہے۔ شوہر کی موت کے بعد بہرائچ کے وزیرگنج قصبے کی رعنا اپنے چار چھوٹے بچوں کے ساتھ اپنا گاؤں چھوڑ کر لکھنو پہنچی، اور وقت کے ساتھ ان کو نیا نام’ پھولمتی‘ مل گیا۔ اب یہی نام ان کا دستاویزی نام بھی بن گیا ہے۔ آدھار کارڈ سے لے کر الخیر کے کھاتے تک سب کاغذات اسی نام سے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے نام کی وجہ سے پہلی بار میں لوگ انہیں ہندو ہی سمجھتے ہیں۔
اپنا گاؤں گھر چھوڑ کر لکھنؤ آنے والی اور یہاں پر جھگی جھونپڑی میں گزر بسر کرنے والی پھولمتی کے پاس آج لکھنؤ میں ایک چھوٹا سا گھر ہے۔ پھولمتی اپنے اس گھر میں اپنے ناتی پوتوں کے ساتھ خوش حال اور باعزت زندگی جی رہی ہیں۔ وہ یہ مانتی ہیں کہ اس خوشحالی کے پیچھے الخیرسے ملنے والے چھوٹے چھوٹے قرضوں کا بڑا اہم رول ہے۔
صبح چار بجے جاگنا، اور ایک گھنٹے میں تیار ہوکر کام پر نکل جانا، ستر برس کی پھولمتی کا پچھلی تین دہائیوں سے یہی معمول ہے۔
پھولمتی بتاتی ہیں کہ ان کے بچوں کو کبھی پتہ ہی نہیں چلا کہ ان کے باپ کب گزر گئے۔ پھولمتی کے شوہر ’مبارک ‘دہلی میں مزدوری کرتے تھے، اور اسی دوران ایک سڑک حادثے میں ان کی موت ہوگئی تھی۔ اس کے بعد وہ بچوں کو لے کر لکھنؤ آ گئیں۔ بھوک پیاس کے بیچ انہوں نے چار بچوں کو پالا۔ وہ اپنے گاؤں کے ان لوگوں کے ساتھ لکھنؤ آئی تھیں جو یہاں پر دہاڑی مزدور تھے۔ شروع میں پھولمتی اپنے گاؤں کے ہی مزدوروں کے برتن دھونے کا کام کرتی تھیں اور بدلے میں انہیں کھانا مل جاتا تھا۔ وہ کہتی ہیں، ’’جو مصیبت میں نے جھیلی ہے اس کو بتانا آسان نہیں ہے۔ جوٹھن دھوتی تھی تو کھانا ملتا تھا، دھیرے دھیرے جان پہچان ہوئی تو ایک گھر میں تین سو روپے مہینے پر کام مل گیا۔‘‘
پھولمتی پہلے گومتی نگر کے ہی ایک دوسرے علاقے میں ریٹائرڈ آئی پی ایس آفیسر ایس ایم نسیم کے گھر کے پاس جھگی بنا کر رہتی تھیں۔ نسیم صاحب ڈی جی پی رینک سے ریٹائر ہوئے تھے۔ وہ نسیم صاحب کے پاس اپنی مشکلات لے کر جاتی تھیں اور ان سے جو بن پڑتا، مدد کرتے تھے۔ اس بیچ ایس ایم نسیم صاحب کی سرپرستی میں ہی وہاں’ الخیر کوآپریٹو سوسائٹی ‘کا کام شروع ہوا اور انہیں کے کہنے پر پھولمتی نے تقریباً 9 سال پہلے 26فروری 2011 کو الخیر کی ممبرشپ لی۔ پھولمتی کے لیے الخیر اب بھی ڈی جی پی صاحب کا بینک ہے۔ وہ الخیر کو اسی نام سے جانتی اور بلاتی ہیں۔
الخیر میں کھاتہ کھلوانے کے پیچھے کی سوچ کو پھولمتی اس انداز میں بتاتی ہیں، ’’مصیبت آنے پر کوٹھی والے (جہاں پر وہ کام کرتی ہیں) اتنی جلدی پیسے نہیں دیتے ہیں بھیا۔ وہ لوگ مہینہ پورا ہونے پر ہی پیسے دیتے ہیں۔ ایمرجنسی میں پیسہ ملنا مشکل ہوتا ہے۔ تو مشکل گھڑی کے لیے ہی میں نے پیسہ جمع کرنا شروع کیا۔‘‘
پھولمتی کے مطابق الخیر میں کھاتہ کھلوانے سے انہیں کئی سہولتیں ملیں۔ کھاتہ کھلنے کے بعد انہوں نے پابندی سے پیسہ جمع کرنا شروع کیا اور ضرورت پڑنے پر آسانی سے نکالنے بھی لگیں۔ اپنے جمع پیسے نکالنے میں انہیں کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ پھولمتی نے بتایا کہ ان کو یہ کھاتہ چلانے میں الخیر کی طرف سے بھرپور مدد ملتی ہے۔
شروعات میں وہ اپنے بیٹوں سے ملے دس بیس روپے روزانہ جمع کرتی تھیں۔ اس کے پیچھے ان کا مقصد تھا کہ جب بیٹوں کے روزگار کے لیے رکشہ وغیرہ خریدنے کی ضرورت پڑے گی تو ان کے ہاتھ میں کچھ پیسے ہوں گے۔ الخیر میں کھاتہ کھولنے سے پہلے پیسوں کی ضرورت پڑنے پر پھولمتی اپنے گاؤں کے مہاجنوں سے بھاری سود پر قرض لیتی تھیں۔ مگر لکھنؤ میں تو انہیں سود پر بھی پیسے دینے والا کوئی نہیں تھا۔
تیرہ بار قرض لیا اور وقت پر ادا کیا
الخیر کے گومتی نگر آفس کے مطابق پھولمتی اب تک تیرہ بار قرض لے چکی ہیں۔ پھولمتی نے کبھی بیس ہزار روپے سے زیادہ قرض نہیں لیا۔ پھولمتی کے مطابق اتنا ہی قرض لینا چاہیے جتنا آسانی سے لوٹایا جاسکے۔
شروعات کے قریب تین سال تک انہوں نے اپنا کھاتہ اچھی طرح سے چلایا۔ اور پہلی بار اپنے تین بیٹوں میں سے ایک کو رکشہ خریدنے میں مدد کرنے کے لیے دس ہزار روپے کا قرض لیا۔ پھولمتی کے مطابق یہ قرض انہوں نے پانچ ماہ میں ادا کردیا ۔ حالانکہ پھولمتی نے یہ قرض بیٹے کے روزگار کے لیے لیا تھا۔ مگر پورا قرض انہوں نے اپنے دم پر چکایا۔ ان کے مطابق نہ تو بیٹے نے رکشے کی کمائی سے انہیں کچھ دیا اور نہ انہوں نے ہی بیٹےسے پیسے مانگے۔ پھولمتی اس بات سے ہی بہت خوش تھیں کہ ان کا بیٹا اپنا رکشہ چلا کر گھر سنبھال رہا ہے۔
آگے چل کر انہوں نے ایک اور بیٹے کو بیٹری رکشہ دلانے کے لیے قرض لیا۔ لون کے پیسے سے انہیں اپنا گھر بنانے میں بھی مدد ملی۔ اس کے بعد انہوں نے چھوٹے بیٹے کی شادی اور گھر میں باتھ روم بنانے کے لیے بھی لون لیا۔
لون بڑھنے کا ٹینشن نہیں
قرض کی درخواست سے لے کر قرض ملنے تک لگنے والے وقت سے پھولمتی کو کوئی شکایت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا ’’بہت وقت لگا تو کبھی ہفتے بھر میں کارروائی مکمل ہو جاتی ہے، کبھی کبھی تو ایسا بھی ہوا کہ آج قرض مانگا اور کل مل گیا۔ الخیر میں کوئی پریشانی نہیں ہوتی۔‘‘
وہ بتاتی ہیں کہ الخیر سے قرض لینے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ مجبوری میں اگر کسی ماہ کی قسط نہیں جمع کر پائے تو پریشان نہیں کیا جاتا۔ پھولمتی نے بتایا، ’’اکتوبر میں ہم بہت بیمار تھے، ایک روپیہ بھی نہیں دے پائے، ٹھنڈک کے موسم میں ہم کام نہیں کرپاتے ہیں، بیمار پڑجاتے ہیں تو قرض کیسے ادا کریں۔ بتاؤ کہیں بینک والے ایسا برداشت کریں گے۔ الخیر میں معاملہ یہ ہے کہ اگر ایک ماہ نہیں دے پائے تو اگلے مہینے چکا دیتے ہیں۔ کوئی ٹینشن نہیں رہتا، کوئی پریشانی نہیں ہوتی۔‘‘
گاؤں میں پھولمتی کا ایک بینک کھاتہ ہے جس میں ان کی بیوہ پنشن آتی ہے۔ لکھنو میں انہوں نے ’جن دھن کھاتہ‘ بھی کھلوایا ہے۔ مگر اس میں جمع کرنے لائق پیسے نہیں بچ پاتے۔ انہوں نے کبھی سرکاری بینک سے قرض نہیں لیا اور نہ ہی اس کی خواہش رکھتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’’سرکار کا قرضہ لینا گناہ ہے۔ بینک قرضہ دے گا تو مکان کے ہی بھروسے دے گا، ایسے قرضہ دے گا نہیں۔ قرض نہیں چکا پائے تو مکان چلا جائے گا۔‘‘
پھولمتی کی کہانی میں چھپی ہے الخیر کی کامیابی کی کہانی
پھولمتی کے بعد ان کی بیٹی سونی اور بڑے بیٹے بھی الخیر کے ممبر بنے ہیں اور اپنی ضرورتوں کے مطابق قرض لیتے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ آس پاس کے کچھ دوسرے لوگ بھی اس خاندان کے اچھے تجربے سن کر الخیر کے ممبر بن گئے ہیں۔
قرض پر لگنے والے سروس چارج کے بارے میں پھولمتی کہتی ہیں، ’’چھ ماہ سال بھر میں قرض چکانا پڑتا ہے تو اتنا دینے میں کیا جاتا ہے۔ اگر الخیر سروس چارج کو کچھ کم کردے تو مہربانی، نہ کرے تو بھی کوئی بات نہیں۔ وہ لوگ ایک بڑا کام کررہے ہیں، اور بدلے میں ہمیں بہت چھوٹی قیمت ادا کرنی پڑرہی ہے۔ ‘‘
پھولمتی کو الخیر کی میٹنگ میں جانے کا دعوت نامہ پابندی کے ساتھ مل جاتا ہے مگر وقت کی کمی اور دیگر وجوہ سے وہ الخیر کی میٹنگ میں شامل نہیں ہو پاتی ہیں۔ پھولمتی کا کہنا ہے کہ اگر وہ میٹنگ میں کبھی گئیں اور ان سے کچھ پوچھا جائے گا تو وہ جواب ضرور دیں گی۔جب میں نے پھولمتی کے علاقہ کے ڈیلی کلکٹر منجیش کے بارے میں ان سے پوچھا تو پھولمتی نے تو پہلے مذاقیہ لہجے میں جواب دیا، کہ منجیش چار سو بیسی نہیں کرتے ہیں، پھر تھوڑا سنجیدہ ہوکر بتایا کہ اگر الخیر سے لین دین کے سلسلہ میں کوئی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو منجیش انہیں برانچ پر لے جانے اور قرض دلانے تک کی ذمہ داری کو بخوبی انجام دیتے ہیں۔
پھولمتی قرض کی قسط ماہانہ بنیاد پرچکاتی ہیں، کیونکہ انہیں پیسے مہینہ پورا ہونے پر ہی ملتے ہیں۔ الخیر کی گومتی نگر برانچ کے مطابق پھولمتی کے کام کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے اور ان کے جیسے دوسرے ممبران کو نظر میں رکھتے ہوئے ماہانہ قسط ادا کرنے کا نظم بھی کیا گیا ہے۔
قریب پانچ ماہ پہلے پھولمتی نے بیس ہزار روپے کا قرض لیا اور اس میں کچھ پیسے ملاکر ڈھائی لاکھ روپے میں تقریباً ایک بسوہ زمین خریدی۔ اس قرض کی ادائیگی وہ ابھی تک کررہی ہیں۔ یہ زمین خریدنے کے لیے ان کے بیٹوں نے بھی پیسے ملائے اور اس زمین کی رجسٹری پھولمتی کے نام سے ہوئی۔
اور اس طرح الخیر کی مدد سے کبھی جھگی میں رہنے والی پھولمتی کے پاس نہ صرف یہ کہ لکھنؤ میں ایک گھر ہے بلکہ گاؤں میں ان کے پاس ایک زمین بھی ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments