آسمان کی گہرائیوں میں گونجتی آوازیں، زمین پر بہتا ہوالہو اور صبر و استقامت کی علمبردار روحیں،یہ داستانِ فلسطین ہے۔ فلسطین، وہ سرزمین جسے تاریخ کے اوراق میں فرقانِ کبیر کی حیثیت سے قلمبند کیا جائے گا۔ آج دنیا نے وہ مقدس روحیں بھی دیکھی ہیں جو اپنے رگِ جان لٹ جانے کے بعد بھی توکل اللہ کی صدائیں بلند کر رہی ہیں، خواہ اُن کی رگوں میں لہو نہیں، ایمان کی ڈور باقی ہو۔ اس کے برعکس اسرائیل اور دیگر عالمی طاقتوں کی بربریت بھی لکھی جائے گی، جسے میرے قلم نے تحریر کرنے سے ہار مان لی۔ اور وہ بیان بھی کیسے کرتا فلسطین کے معصوم بچوں کا خوف سے کپکپانا، والدین کی آغوش میںپلنے کی عمر میں ظلم کا سامنا کرنا، وہ کیسے اُن ماؤں کی چیخوں کو الفاظ کی شکل دیتا جو اپنے بچوں کی لاشیں دیکھ کر تڑپ رہی ہیں، اور کیسے اُس فراق کو لکھتا جو فلسطینی جوڑوں کو اپنے رفقاء حیات کی شہادت پر ہوتا ہے؟ اور کیسے اس امت کی منافقت کو لکھتا جس نے اپنے دل کو زخمی پاکر مرنے کے لیے چھوڑ دیا؟ یہ تو اجتماعی سطح پر امت سے خطاب ہے، لیکن ہمیں اپنے ضمیر سے یہ سوال کرنا ہے کہ انفرادی طور پر ہمارا ردِ عمل منافقت کے دائرے میں آتا ہے یا بےبسی میں۔کیا لوگوں نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ وہ بس اتنا کہنے پر چھوڑ دیے جائیں گے کہ’’ہم ایمان لائے‘‘ اور ان کو آزمایا نہ جائے گا؟ حالانکہ ہم اُن سب لوگوں کی آزمائش کر چکے ہیں جو ان سے پہلے گزرے ہیں۔ اللہ کو تو ضرور یہ دیکھنا ہے کہ سچے کون ہیں اور جھوٹے کون؟
(سورہ عنکبوت ۱-۲)
اللہ نے ان سعید روحوں کو اپنے خلیل کی طرح اُس کے اسماعیل سے آزمایا ہے، اور وہ اس آزمائش میں ایسے کھرے اُترے کہ اپنے عمر بھر کے سرمایہ، اپنے جگر کے ٹکڑوں کو نگاہوں کے سامنے قربان ہوتے دیکھ کر بھی زبان سے شکوے کا لفظ نہیں نکلا۔ شاعر نے بھی کیا خوب کہا ہے:
الق نے جنھیں دیا ہے زر دیتے ہیں
زر کیا ہے خدا کی راہ میں گھر دیتے ہیں
اپنا سرمایہ ہے رکوع و سجد ہ
سامان نہیں رکھتے ہیں سر دیتے ہیں
امجد حیدرآباد
فلسطینی تاریخ اور موجودہ حالات کا مختصر تجزیہ
دو ہزار سال کی سازشی جدوجہد کے بعد1948میں اسرائیل کے ارض فلسطین پر قیام نے تاریخ کو ایک نیا موڑ دیا۔ سن 1917میں ’بالفور ڈیکلریشن‘ گویا انسانی حقوق کا قتلِ عام تھا، جس کے بعد دنیا بھر سے یہودی فلسطین میں آکر آباد ہونے لگے اور اسرائیل نے مظلومیت کی چادر اوڑھ کر فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے شروع کر دیے۔ 1948کا نکبہ اسی افرادی قوت کا نتیجہ تھا جو حیوانیت کے بدترین درجے پر تھی۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب حق کے متوالے بیدار ہوتے ہیں تو باطل کی بساط الٹ جاتی ہے، اسی گرم جوشی کے عالم میں اسلامی ممالک سے پُرعزم بغاوتی تحریکیں پروان چڑھیں، جن میں’ الفتح‘ اور’ اخوان المسلمین ‘کافی نمایاں ہیں۔ اخوان کی صدارت میں ایک مزاحمتی گروہ تشکیل دیا گیا، جسے ہم آج’ حركة المقاومة الإسلامية‘ یعنی’ حماس‘ کے نام سے جانتے ہیں۔آج ایک کثیر تعداد اسرائیل کے سپورٹ میں کھڑی ہے، اندھا دھند اسرائیل کو دفاع کا حق دینے والوں 45000فلسطینیوں کے قتلِ عام اور 105000سے زائد معصوم زخمی دکھائے نہیں دیتے؟² یہ بات تو ایک جاہل کی سمجھ سے بھی پرے نہیں ہے، دفاع کا حق اُس کو ہوتا ہے جس کے گھر میں گھس کر حملہ کیا گیا ہو، نہ کہ اُس کو جس نے حملہ کیا ہو۔ آج حکومتیں یہ سمجھتی ہیں کہ ان کے مضبوط اقتدار، ان کی دولت اور ان کے جرائم کو فنا نہیں ہے، نہ ہی وہ دنیا کی عدالت میں پکڑے جائیں گے۔ شاید وہ بھول گئے ہیں کہ ان سے پہلے اللہ نے قومِ عاد اور قومِ ثمود کو ان سے زیادہ اقتدار اور بے شمار طاقت بخشی تھی، لیکن وہ سرکش ہو گئے تھے، بھول گئے کہ اُنھیں اپنے رب کے حضور پیش ہونا ہے اور اللہ نے ان طاقت کے پجاریوں کو دھماکے کی آواز اور پتھریلی ہوا سے غرق کیا۔ سوچنے کی بات ہے کہ اللہ نے ان کو ایسی چیزوں سے عذاب دیا جو ہماری نظروں میں معمولی سمجھی جاتی ہیں، ’’ہوا اور آواز‘‘، تاکہ تا قیامت لوگ جان لیں کہ طاقت اور اقتدار کا نشہ رکھنے والوں کی حیثیت اللہ کے نزدیک کچھ نہیں ہے، جنہیں لوگ ناقابلِ شکست سمجھتے ہیں، انہیں اللہ تعالیٰ ایک معمولی سی چیز سے ملیا میٹ کر سکتا ہے۔
جن لوگوں نے اللہ کو چھوڑ کر دوسرے سرپرست بنا لیے ہیں، ان کی مثال مکڑی کی سی ہے جو اپنا ایک گھر بناتی ہے، اور سب گھروں سے زیادہ کمزور گھر مکڑی کا ہی ہوتا ہے۔ کاش یہ لوگ علم رکھتے³۔بیشک اسرائیل کی حقیقت کسی عنکبوت سے کم نہیں ہے جو اپنی نا قابلِ تسخیر اسلحہ، ٹیکنالوجی اور عالمی حمایتیوں کے نشے میں بدمست معصوم جانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہا ہے، لیکن وہ وقت دور نہیں جب اللہ تعالیٰ یہ واضح کر دیں گے کہ عنکبوت کا گھر سب سے کمزور گھر ہوتاہے جو اللہ کے ایک کن سے فنا ہو جائے گا۔ اس نسل کشی کے چلتے کچھ تفکر پسند افراد کے ذہنوں میں یہ سوال اُبھرتے ہوں گے جن کے جواب اس آرٹیکل میں دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
پہلا سوال: کیا ہم نے کبھی سوچا ہے کہ اسرائیل کی خون آشام نظریں فلسطینی شہری، خاص طور پر معصوم بچوں پر کیوں مرکوز ہیں؟
ہم دیکھتے ہیں کہ اسرائیل کے اتنے خوفناک حملے اور تباہ کن بمباری کے باوجود بھی فلسطینی قوم غیرمتزلزل چٹان کی طرح قائم ہے۔ آخر وہ کونسا چراغ جلتا ہیں ان کے دلوں میں جو اس خون کی بارش سے بھی نہ بجھا؟اس کا جواب ہے ان کا لا زوال ایمان جو ان کے وجود کو حرارت بخشتا ہے جب کبھی مایوسی ان کے دل پر دستک دیتی ہے، ان کا ایمان اور بھڑک اٹھتا ہے۔ اور یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ ان کی دائمی استقامت نتیجہ ہے اعلیٰ ترین نسل سازی کا۔ وہ نسل سازی جس کا اسرائیل کو خوف ہے کہ فلسطینی نسلوں میں کوئی ایسا مردِ حق پیدا نہ ہو جائے جو ان کے زوال کا سبب بنے۔ کامل ایمان، ثبات کا معراج، قربانیوں کا پہاڑ: یہ وہ قوم ہے جو دفن ہو کر بھی شجرِ سائے دار بننے کا ہنر رکھتی ہے۔ اس زمانے کے فراعین خوفزدہ ہیں کہ اللہ کہیں پھر کسی موسیٰ کو ان کے تنزل کا جواز نہ بنا دے۔
لیکن اللہ کی قدرت ان کی تدابیر سے کہیں زیادہ اعلیٰ اور فائق ہیں۔ اس بات کو نہ بھلایا جائے کہ فرعون نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا، نومولود بچوں کا قتل کروایا تھا اپنی سلطنت کو بچانے کے لیے، لیکن اللہ کا فیصلہ کچھ اور ہی تھا، اسی قوم میں موسیٰ کو پیدا کیا اور اسی کے محل میں پرورش پائی۔ اور اللہ تاریخ کو دہرانے کی قدرت رکھتا ہے۔ یہ وقت کی شہادت ہے، تاریخ کی گواہی ہے، اور عدل الٰہی کا تقاضا ہے کہ جب اللہ کا مقررہ وقت آتا ہے تو فرعون جیسے تکبّر کے ڈھیر کو بھی ایک مردِ مجاہد کے ہاتھوں غرق کر دیا جاتا ہے۔ اللہ پاک نے فلسطینی نسلوں میں ایسا عزم پیدا کیا ہے کہ وہ مصائب کو اُمید میں بدلنے کے فن جانتے ہیں۔ ہر بجھتے چراغ کے ساتھ سینکڑوں نئے چراغ روشن ہوتے ہیں۔ یہ وہ قوم ہے جو تاریخ کے افق پر لہو سے اپنا عروج لکھ رہی ہے اور یہی ان کی فتح کا اعلان ہے۔
دوسرا سوال: مزاحمتی قائدین کی شہادت: سببِ شکست؟
جب بھی ہم فلسطین کی تاریخ کھولتے ہیں’ اسماعیل ہانیہ‘،’ یحییٰ سنوار‘، ’حسن نصراللہ‘ اور دیگر بلند پایہ قائدین کے نام نظر آتے ہیں جنہوں نے اپنی زندگیاں بیت المقدس کے لیے وقف کر دی۔گزشتہ کچھ مہینوں میں ہمارے چار عظیم پیشوائوں کی شہادت کو دنیا کی نظروں نے آثار شکست سمجھ لیا ہے، لیکن اگر اس تصور پر تدبر سے نظر ڈالیں تو یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ یہ آثارِ شکست نہیں، اعلانِ فتح ہے۔ وہ فتح جو ظاہری نگاہوں سے اوجھل ہو سکتی ہے لیکن ایک عظیم تر حقیقت کی غمازی کرتی ہے۔ان شہادتوں نے فلسطینی مجاہدین میں اُمید کا نیا چراغ روشن کیا ہے۔ یہ شہادتیں ظلم کے خلاف مزاحمت کے ایک نئے باب کا آغاز ہیں اور فلسطینی عوام کی استقامت اس بات کی زندہ دلیل ہے۔جیسے عمر رضی اللہ عنہ کی خلافت کے دور میں حضرت ’خالد بن ولید ‘رضی اللہ عنہ کی قیادت میں مسلمان فتح پر فتح حاصل کر رہے تھے، جس کے نتیجے میں مسلمان یہ سمجھنے لگے تھے کہ اس لگاتار کامیابی کی وجہ خالد بن ولید کی جنگی صلاحیتیں اور ناقابلِ شکست منصوبہ بندی ہیں۔ ایسے حالات میں اگر خالد بن ولید دنیا سے گزر جاتے تو لوگ یہ سمجھ لیتے کہ اب فتوحات کا سلسلہ ٹھنڈا پڑ جائے گا اور اُن کی امیدیں ٹوٹ جاتیں۔ اسی لیے عمر رضی اللہ عنہ نے انہیں سپہ سالار کے عہدے سے ہٹا کر عام فوجی بنا دیا اور ان کی جگہ’ ابو عبیدہ ‘رضی اللہ عنہ کو فوج کا سپہ سالار مقرر کیا۔ اور کچھ وقت بعد تاریخ نے دیکھا کہ بیت المقدس بغیر جنگ کے فتح کر لیا گیا۔ اس واقعے سے یہ سبق ملتا ہے کہ جیسے اللہ تعالیٰ نے یہ واضح کر دیا کہ اسلام کا عروج کسی ایک خالد پر منحصر نہیں ہے، بالکل اسی طرح اسماعیل ہانیہ، یحییٰ سنوار اور دیگر قائدین کے شہید ہونے سے مزاحمت کا خاتمہ نہیں ہوتا اور نہ ہی فلسطین کی آزادی کسی ایک رہبر کی حکمتِ عملی پر منحصر تھی۔ ان کی طاقت کا ذریعہ خود ان کے رب ذوالجلال کی ذات ہے اور ان کا ہتھیار مشعلِ ایمان ہے جو ان کے دلوں میں روشن ہے۔ اگر ہم فلسطینی عوام کا جائزہ لیں تو ہمیں ان کے یقین میں تھوڑی سی بھی کمی نظر نہیں آتی، بلکہ ہم دیکھتے ہیں کہ کچھ شمعوں کے بجھ جانے کے ساتھ ہزاروں نئے چراغ مقصدِ عظیم کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔
فلسطینی مزاحمت اور ہمارا ردِّ عمل عام شہریوں اور بچوں پرحملے کرنا نہ صرف اسلامی بلکہ’ انٹرنیشنل جنگی قوانین‘ کے خلاف ہے۔ لیکن کیا یہ جرم صرف اسرائیل کے کھاتے میں لکھا جائے گا؟افسوس کا مقام تو یہ ہے کہ اس خنجر پر نہ صرف عالمی طاقتیں بلکہ امتِ مسلمہ کے ہاتھوں کے بھی نشان ہیں، ان ہاتھوں کے بھی جن سے بائیکاٹ بھی نہ کیا گیا اور ان ہاتھوں کے بھی جنہوں نے اس معاملے کو ایک عام سی جنگ سمجھ کر نظر انداز کر دیا۔ یہ بحران ہماری امت کو ایک آئینہ فراہم کرتا ہے کہ ہم غور کریں کہ کیا ہم اُس گردوں کے ٹوٹے ستارے ہیں جس نے پوری دنیا میں توحید کا پرچم بلند کیا تھا، جس نے روما اور فارس جیسی طاقتوں کو کچل ڈالا تھا؟ دنیا کے لیے ایک عادلانہ حکومت کا نمونہ چھوڑ گیا تھا اور یہ ذمہ داری اب ہم پر عائد ہوتی ہے کہ ہم دنیا کو دکھا دیں کہ اللہ کی حاکمیت کے اصولوں پر بنی حکومت کیسا مضبوط اور عادلانہ نظام فراہم کرتی ہے۔ ہمیں اپنے نفس کو جنجھوڑنا ہے کہ کیا ہم میں اب بھی وہ کردارِ مجاہد موجود ہے؟ کیا ہم میں اب بھی عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ جیسا کوئی خدا ترس حاکم موجود ہے؟کیا ہماری عورتوں میں اب بھی کردارِ فاطمی موجود ہیں؟رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’قریب ہے کہ دیگر قومیں تم پر ایسے ہی ٹوٹ پڑیں جیسے کھانے والے دسترخوان پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔‘‘
توکسی کہنے والے نے کہا:
کیا ہم اس وقت تعداد میں کم ہوں گے؟
آپ ﷺ نے فرمایا:
’’نہیں، بلکہ تم اس وقت بہت ہو گے، لیکن تم سمندر کی جھاگ کے مانند ہو گے، اللہ تعالیٰ تمہارے دشمن کے سینوں سے تمہارا خوف نکال دے گا، اور تمہارے دلوں میں وہن ڈال دے گا۔‘‘
اس پر کسی نے دریافت کیا:
’’اللہ کے رسول! «وہن» کیا چیز ہے؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’یہ دنیا کی محبت اور موت کا ڈر ہے۔‘‘
جواب ہماری آنکھوں کے سامنے ہے، یہ امت تعداد اور مال میں تو سمندر کی موجوں کے مانند ہے، مگر ان کے دل کھوکھلے ہو چکے ہیں۔ ہمارے دل اس قابل نہیں رہے کہ ان میں یقینِ پیہم سما سکے۔ علّامہ اقبال نے کیا خوب لکھا ہے:
سبب کچھ اور ہے ،تو جس کو خود سمجھتا ہے
زوالِ بندہ مومن کابے زری سے نہیں
علامہ اقبال
جو امت کبھی اُمتِ واحدہ تھی، آج وہ فرقہ وارانہ انتشار کی محکوم ہے۔ ہم ایک امت ہیں، ایک جسم جس کے اگر ایک حصے میں درد ہو تو پورا بدن تکلیف محسوس کرتا ہے۔ پھر کیسے ہم نے اپنے دل کو زخمی پا کر مرنے کے لیے چھوڑ دیا؟کیا ہم اپنی نسلوں کو ایک بکھری ہوئی قوم وراثت میں دینا چاہتے ہیں؟یہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے کہ ہم اپنی صفوں کو مضبوط کریں، ایک شیشہ پلائی ہوئی دیوار کے مانند، فرقہ وارانہ انتشار کو بھلا کر اتحاد کی اذان دینے کا وقت ہے۔ اگر ہم اس وقت نہ جڑیں تو آج فلسطین اور لبنان ہے، کل کوئی اور ملک ہوگا، آج ان کے بچے شہید کیے جا رہے ہیں، کل ہمارے ہوں گے۔ مؤرخ ہمیں شکستہ اقوام کی فہرست میں درج کرے گا، وہ شکستہ قوم جس کا وجود تو ہوگا لیکن روح مر چکی ہوگی۔
اب کچھ عملی سوچ رکھنے والے لوگ کہیں گے کہ یہ ایک جذباتی نظریہ ہے جو عملی طور پر ناممکن ہے۔ لیکن ہم ایک رات میں ساری امتِ مسلمہ کے ضمیر کی بیداری کا خواب نہیں دیکھ رہے، بل کہ ہمارا مقصد ملت کے باشندوں میں اُمید و عمل کا چراغ جلانا ہے۔ہاں، ہم میدانِ جنگ میں نہیں اُتر سکتے لیکن وہ پرندہ تو بن سکتے ہیں نا جو روزِ قیامت صفائی دے سکے کہ اس نے کوشش تو کی آتشِ نمرود بجھانے کی۔ اللہ کا دین بے شک غالب آ کر رہے گا، ارضِ فلسطین ضرور آزاد ہو کر رہے گی، یہ چمن معمور ہو گا نغمہء توحید سے، لیکن اس میں ہمارا کیا حصہ ہوگا، ہم کیا رول ادا کر سکتے ہیں، ہم کیا جواب دیں گے روزِ محشر، یہ سمجھنا اہم ہے۔ ہمیں اپنی براہیمی نسبت کو پہچاننا ہے جسے علامہ اقبال نے ’معمارِ جہاں‘ کا لقب دیا تھا۔
حنا بندِ عروس لاله ہے خون جگر تیرا
تری نسبت براہیمی ہے، معمار جہاں تو ہے
علامہ اقبال
حوالاجات۱سورہ العنکبوت ترجمہ تفہیم القرآن آیات ۱ ۲الجزیرہ، شائع شدہ: ۲۰ نومبر ۲۰۲۴ “Israel-Gaza war in maps and charts: Live tracker”۲.۳. سورہ العنکبوت ترجمہ تفہیم القرآن آیت ۴۱۴.سنن ابو داود جلد ۳ ، حدیث ۸۹۲
٭ ٭ ٭


0 Comments