جنوری ۲۰۲٥
شیئر مارکیٹنگ کا بڑھتا ہوا رجحان اور اس کی شرعی حیثیت

تاریخ انسانی کا مطالعہ اس دریچے کووا کرتا ہے کہ انسان اور معاش کا چولی دامن کا ساتھ ہے، جس کا مشاہدہ حضرت آدم علیہ السلام کے طرز عمل سے کیا جا سکتا ہے ،جب انہوں نے اپنی ضروریات کی تکمیل کے لئے شجر ممنوعہ کو ہاتھ لگایا۔ آپ کا یہ عمل یہ تاثر دیتا ہے کہ انسان ابتدا سے ہی ہمہ وقت معاشی سرگرمیوں میں خود کو مصروف رکھ کر نت نئے طریقے آزماتا رہا ہے۔ جیسا کہ ارشاد باری تعالٰی ہے

’’و قلنا یآدم اسکن انت و زوجک الجنة و کلا منھا رغدا حیث شئتما ولا تقربا ھذہ الشجرہ‘‘

( سورہ بقرہ23:)
اس آیت کریمہ میں اللہ تعالٰی نے ’’ کلا منھا ‘‘ کا لفظ استعمال کرکے اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ انسان اور معاش کا اٹوٹ رشتہ ہے، جس سے کنارہ کشی ممکن نہیں، لیکن ساتھ ہی ’’ ولا تقربا ھذہ الشجرہ ‘‘ سے اس بات کو بھی لازم کردیا کہ کسب معاش کی راہ میں انسان بالکل مطلق العنان نہیں ہے،بلکہ حصول معاش کی سرگرمیاں چند شرائط سے مربوط ہیں، جن کی توضیح قرآنی آیات اور احادیث صحیحہ سے ہوتی ہے۔
انسان اور معاش کے اسی خاص رشتے کے تحت بنی آدم نے ہر دور میں معاش کے متعدد طریقے آزمائے اور بے شمار معاشی سرگرمیاں انسانی جہد کا حصہ بنیں، جن میں کچھ طریقے شریعت کی رو سے جائز قرار پائے جب کہ بعض کو ناجائز قرار دیا گیا۔
انسانی ترقی کی راہ میں راہ تجارت یا معاملات کو شریعت اسلامیہ نے جتنی اہمیت دی ہے وہ دنیا کے کسی مذہب، تاریخ کے کسی نظریے اور کسی فلسفے نے نہیں دی ۔ خود رب العزت کا فرمان ہے:’’ وابتغوا من فضل اللہ ‘‘۔ چنانچہ ایک مشہور مغربی ماہر قانون نے لکھا ہے:
’’ اسلامی شریعت نے اخلاقی قواعد اور اصولوں کو اپنے قانون کے اندر اس طرح سمو دیا ہے کہ قانون پر عمل کرنے والا خود بخود اخلاق پر عمل درآمد کرتا ہے، اور اسلام کے اخلاقی اصول کی پاسداری کرنے والا خود بخود اسلام کے قانون پر عمل درآمد کرتا ہے۔ دونوں ایک دوسرے سے مکمل طور پر ہم آہنگ اور ایک دوسرے سے مکمل طور پر وابستہ ہو گئے ہیں۔‘‘
(اسلام اور جدید تجارت و معیشت، ڈاکٹر محمود احمد غازی)

www.tarjumanulquran.org)
دور جدید میں عام تجارتی طریقے کے ساتھ متعدد تجارتی طریقے انسانی کاوشوں کے نتیجے میں فروغ پائے ،مثلا سبزی منڈی، کپڑا منڈی، پشو مارکیٹ، سودی کاروبار، آنلائن ٹریڈنگ، اسٹاک مارکیٹنگ اور انٹرا ڈے ٹریڈنگ وغیرہ۔ تجارت کی مذکورہ بالا اقسام میں ایک قسم’ شیئر مارکیٹنگ ‘کی ہے جو آج ہر کس و ناکس کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔شیئر مارکیٹنگ کا طریقہ کار جس طرح دنیا میں جس چیز کا بازار ہوتا ہے اس کی نسبت اس چیز کی طرف کی جاتی ہے اسی طرح جہاں شیئرز کی خریدو فروخت ہوتی ہے اسے ’شیئر مارکیٹ‘ یا ’اسٹاک مارکیٹ ‘کہا جاتا ہے۔
شیئر مارکیٹ کا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ کوئی ایک شخص اگر یک مشت کوئی رقم کسی کاروبار میں لگانے پر قادر نہیں ہوتا ہے تو جب وہ کسی کاروبار کا ارادہ کرتا ہے تو اپنی جمع پونجی کے ساتھ ساتھ مزید کچھ لوگوں کو اپنے کاروبار میں شریک کر لیتا ہے جس میں تمام حصے دار اپنے اپنے حصے کی رقم لگا کر ایک کاروبار سیٹ کرتے ہیں جس کے لئے مالک سب سے پہلے اپنے شیئر ہولڈرس کو اپنے بھروسہ میں لیتا ہے پھر ان سے رقم لے کر اس میں صرف کرتا ہے۔ چنانچہ کاروبار جب چلنے لگتا ہے تو منافع کی صورت میں جن مالکان کا جتنا حصہ ہوتا انہیں اس کے بقدر منافع حاصل ہوتا ہے۔ اسی طرح کاروبار کے نقصان کی صورت میں مالکان کا ان کے اشتراک کے بقدر نقصان ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر کوئی شخص دس لاکھ کا کوئی جائز کاروبار کرنا چاہ رہا ہے لیکن اس کے پاس اصل سرمایہ محض چار لاکھ ہے تو اب اس کے پاس دو صورت ہوتی ہے یا تو وہ دوست و احباب یا اقرباء یا پھر بینک سے ادھار لے یا پھر شیئر مارکیٹ کی طرف توجہ کرے جس کے لئے مزید چھ لاکھ رقم پوری کرنے کے لئے چھ دوستوں کو اپنے ہمراہ لے اور ان سے ایک ایک لاکھ کی رقم اپنے اصل سرمایہ میں ملا کر کاروبار میں لگائے۔ اب اگر وہ کاروبار کامیاب ہوا اور اسے سالانہ گیارہ لاکھ کا منافع ہوا تو سب سے پہلے اس میں سے اس کاروبار کے ملازمین وغیرہ کی تنخواہوں کے اخراجات وغیرہ نکال لے گا۔اس کے بعد باقی رقم تمام شیئر ہولڈرس کو ان کے حصے کے مطابق بانٹ دے گا۔ اس کے بعد باقی بچے دس لاکھ تو جس نے چار لاکھ لگائے اسے مزید چار لاکھ اور جس نے ایک لاکھ لگائے اس کو مزید ایک لاکھ ملیں گے لیکن اگر کاروبار میں نقصان ہوگیا تو اسی مناسبت سے نقصان کا حساب کتاب بھی ہوگا، مثلا دس لاکھ منافع کے بجائے نقصان ہوگیا تو تمام رقم ڈوب جائے گی۔
یہ ہوتا ہے شیئر مارکیٹنگ کا اصل طریقہ کار اور آج کے اس مادہ پرست دور میں ہر شخص اس کا متلاشی نظر آتا ہے، کیونکہ اس دور زر پرستی میں کسی کو کسی سے ادھار یا قرض کا ملنا مشکل امر ہوتا جارہا ہے۔ اور اگر بینک لون کی سہولت موجود ہے تو اس میں بھی وقت کے حساب سے سود کا اندراج اور پھر مزید اس میں اضافے کا امکان بڑھتا چلا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج دولت کا خوگر انسان اس طریقے کی طرف زیادہ راغب نظر آتا ہے کہ اس کے ذریعے اس کے لئے کاروبار قائم کرنے کی راہیں ہموار ہوجاتی ہیں۔

شیئر مارکیٹنگ کے جواز و عدم جواز سے متعلق فقہاء کی آراء

شیئر مارکیٹنگ کے جواز کی دلیل اس حدیث سے ملتی ہے جو حضرت ’عبدالرحمن بن عوف‘ رضی اللہ عنہ کی وفات کے بعد ان کے ترکہ سے متعلق ہے، جسے شیخ’ عبداللہ البسام‘ نے مجلہ المجمع الفقہی میں نقل کیا ہے:

’’ويدل لصحة بيع السهم ولو كان في الشركة نقود، ولو كان نصيب السهم ليس معلوماً بدقة: ’’ ما ورد أن عبد الرحمن بن عوف رضي الله عنه لما توفى كان ذا مال كثير , فراضى ورثته إحدى زوجاته وهي تماضر الأشجعية على أن تأخذ مقابل سهمها في الميراث مبلغ ثمانين ألف دينار, وكانت التركة تشمل نقوداً وعقاراً ورقيقاً وحيواناً , وكان هذا بعد أن استشار الخليفة عثمان الصحابة , فكان إجماعاً , ولم تكن الدقة في معرفة التركة وتعدد أنواعها وكونها غير مصفاة مانعاً من ذلك , وهذا هو عين بيع الأسهم من الشركات سواء سميناه بيعاً أو صلحاً أو معاوضة ‘‘
انتهى. قاله فضيلة الشيخ عبد الله البسام. “مجلة المجمع الفقهي” (4/1/712) .

’’ جب ان کی وفات ہوئی تو ان کے پاس مال بہت زیادہ تھا تو ان کے وارثوں نے ان کی بیویوں میں سے کسی ایک کو اس بات پر آمادہ کر لیا کہ وہ میراث میں سے اپنا حصہ لے لیں اور اس کا تخمینہ اسی(80) ہزار دینار کا لگایا گیا، جب کہ ان کا ترکہ متعدد اشیاء پر مشتمل تھا جس کی مجموعی قیمت کا اندازہ لگا کر اس بیوی کے حصہ میں اسی(80) ہزار دینار کو مختص کیا گیا ۔ پھر اس وقت خلیفہ وقت حضرت ’عثمان رضی ‘اللہ عنہ سے مشورہ کیا گیا اور پھر انہوں نے دیگر صحابہ سے مشورہ کیا اور یہ جانتے ہوئے کہ یہ محض ایک اندازہ ہے، لیکن پھر بھی یہ مان لیا گیا کہ انہوں نے اپنے اس حصے کو بیچ دیا ہے اور انہیں اس کی رقم دے دی گئی۔ تو یہاں سے فقہاء نے شیئر مارکیٹنگ کے جواز کا استنباط کیا ہے۔
شیئر مارکیٹنگ کے عدم جواز کی چند صورتیں احادیث و فقہ کی رو سےشیئر مارکیٹنگ میں بعض وہ طریقے اپنائے جاتے ہیں جو شرعا مطلقا حرام یا نا جائز ہیں۔جس کمپنی یا ادارہ کی شیئرز کی خرید و فروخت کی جارہی ہو وہ واقعتا موجود نہیں ہوتی ہے۔ محض اس کا نام ہوتا ہے اور اس کے شیئرز بازار میں اس لئے چھوڑے جاتے ہیں کہ اس پر پہلے سے زیادہ رقم حاصل کی جائے اور منافع حاصل کئے جائیں تو ایسی صورت میں شیئرز کی خرید و فروخت جائز نہیں۔
کمپنی کا کل یا کم از کم غالب سرمایہ حرام ہو مثلا رشوت، چوری،غصب، خیانت،سود، جوئے اور سٹہ پر حاصل شدہ رقم ہو ، لہذا سودی ادارے جیسے بینک یا انشورنس کمپنی وغیرہ کے شیئرز کی خرید وفرخت جائز نہیں ہے۔اسی طرح کمپنی کے شرکاء میں سودی کاروبار کرنے والے یا کسی اور ناجائز اور حرام کاروبار کرنے والے اداروں یا افراد کی رقم شامل ہو تو اس کی خرید و فروخت جائز نہیں ہے ۔
کمپنی یا ادارہ کا کاوربار ناجائز اور حرام اشیاء کا ہو ، مثلاً شراب، جان دار کی تصاویر ، ٹی وی، وی سی آر اور ویڈیو فلم ،سینما اور اشتہارات وغیرہ کے کاروبار والی کمپنیوں کے شیئرز کی خرید وفرخت بھی ناجائز ہے۔

مذکورہ کمپنی یا ادارہ کے شیئرز کی خریدوفروخت میں بیع وتجارت کے شرعی اصولوں کی پاسداری نہ ہوتی ہو ، مثلاً آدمی جن شئیرز کو خرید کر بیچنا چاہتا ہے اس پر شرعی طریقہ سے قابض نہ ہو اور دوسروں کو تسلیم اور حوالہ کرنے پر بھی قادر نہ ہو تو یہ صورت جائز نہیں ہے۔ جیسا کہ انٹرا ڈے ٹریڈنگ وغیرہ میں ہوتا ہے۔ اس میں ڈیلیوری سے پہلے خریدوفروخت کی صورت پائی جاتی ہے۔ یعنی اس شیئرز کی ڈیلیوری تین دن بعد ڈیمیٹ اکاؤنٹ میں آتی ہے جب کہ اس شیئرز کو خرید کر دن ختم ہونے سے پہلے بیچنا پڑتا ہے لہٰذا یہ حرام ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:

’عمرو بن دينار، سمع طاوسًا، يقول: سمعت ابن عباس رضي الله عنهما، يقول: أما الذي نهى عنه النبي صلى الله عليه وسلم «فهو الطعام أن يباع حتى يقبض»، قال ابن عباس: ولاأحسب كلّ شيءٍ إلا مثله

 (صحیح البخاری، 1/286 ، باب بیع الطعام قبل ان یقبض، ط: سعید)
ترجمہ : جہاں تک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے، وہ کھانا ہے جب تک کہ اسے حاصل نہ کر لیا جائے، ( یعنی جب تک پوری طرح سے قابض نہ ہوں تو وہ صورت ناجائز ہے) ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا:
’’میں ہر چیز کو اسی کے مثل سمجھتا ہوں ۔”اسی طرح البحر الرائق میں ہے:‘‘
قبض كل شيء وتسليمه يكون بحسب ما يليق بہ. (5/248، کتاب الوقف،)
ترجمہ :ہر چیز اس کے مطابق وصول کی جاتی ہے اور ڈیلیور کی جاتی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ شیئرز میں قبضہ کا حکم ثابت ہونے کے لیے صرف زبانی وعدہ کافی نہیں ہے، نام رجسٹرڈ یا الاٹ ہونا ضروری ہے، البتہ یہ درست ہے کہ شیئرز پہلے بائع کے نام رجسٹرڈ ہوں اور بائع اس کی قیمت بھی ادا کردے اور اس کے پاس ڈیلیوری آجائے ، اس کے بعد اس کی خریدوفروخت جائز ہوگی، یا شیئرز وصول کرلیے ہیں، لیکن ابھی تک قیمت ادا نہیں کی تو اس صورت میں بھی مذکورہ شیئرز کو فروخت کرکے نفع لینا جائز ہے، کیوں کہ مبیع پر قبضہ ثابت ہے۔
اگر کوئی کمپنی مستقبل کے ممکنہ خطرہ سے نمٹنے کے لیے منافع میں سےمثلاً20 فیصد اپنے لیے مخصوص کرتی ہے اور 80 فیصد منافع کو حصہ داروں میں تقسیم کرتی ہے تو اس کمپنی کے شیئرز کی خریدوفروخت ناجائز اور حرام ہے؛ کیوں کہ یہ کمپنی شرعی شراکت کے خلاف ناجائز کاروبار کرتی ہے۔ (ماخوذ از جواہر الفتاوی، م؛ مفتی عبد السلام چاٹگامی صاحب، 3/258، ط؛ اسلامی کتب خانہ)
مذکورہ بالا صورتیں تمام فقہاء کے نزدیک ناجائز اور حرام ہیں۔ علامہ یوسف القرضاوي اپنے خطاب میں کہتے ہیں:’’ هناك شركات تقوم على نشاط محرم مثل بيع الخمر و الخنزير و ما إليها و شركات الملاهي مثلا المحرمة ، الشركات الربوية و قريب منها شركات التأمين، هذه كلها محرمة لا يجوز مساهمة فيها ،لا من قريب ولا من بعيد و لو لحظة واحدة .https://search.yahoo.com/….دیکھئے
ترجمہ : ایسی کمپنیاں ہیں جو حرام سرگرمیوں پر مبنی ہیں، جیسے کہ شراب، سور کا گوشت، اور تفریحی کمپنیاں، جو کہ حرام ہیں، سود خور کمپنیاں، اور انشورنس کمپنیاں یہ سب حرام ہیں، اور ان میں شرکت کرنا ناجائز ہے، خواہ قریب سے ہو یا دور سے، ایک لمحے کے لیے بھی۔

شیئرز مارکیٹنگ کے جواز کی بعض صورتیں

1)جس کمپنی یا ادارہ کے حصص (شیئرز) کی خرید وفروخت کی جارہی ہو واقعۃً وہ کمپنی یا ادارہ موجود ہو، یعنی اس کے ماتحت کوئی جائیداد، کارخانہ، مل، فیکٹری یا کوئی اور چلتا کاروبار موجود ہو،
2) کمپنی کا کل یا کم از کم غالب سرمایہ جائز اور حلال ہو۔
3) کمپنی کے شرکاء میں سودی کاروبار کرنے والے یا کسی اور ناجائز کاروبار کرنے والے اداروں یا افراد کی رقم شامل نہ ہو۔
4) کمپنی یا ادارہ کا کاروبار جائز اور حلال ہو ۔ مثلاً شرعی شراکت اور شرعی مضاربت کی بنیاد پر کاروبار ہو ۔
5) شیئرز کی خرید وفرخت میں بیع کی شرائط کی پابندی یعنی قبض و تسلیم کا التزام ہو۔
6) منافع کی کل رقم کو تمام حصہ داروں کے درمیان شیئرز کے مطابق تقسیم کیا جاتا ہو ۔
شیئرز کی خریدوفروخت کے دوران بالواسطہ یا بلا واسطہ سود اور جوے کے کسی معاہدے کا حصہ بننے سے احتراز کیا جاتا ہو۔
یہ رہیں شیئرز کی چند جائز اور ناجائز صورتیں۔
اب شیئرز کی کچھ صورتیں اور ہیں جن کے بارے میں علماء کا اختلاف ہے۔یعنی کوئی کمپنی حلال کاروبار کرتی ہو لیکن وہاں کسی نہ کسی طور پر سود کا لین دین ہوتا ہو تو جمہور علماء اسے ناجائز اور حرام قرار دیتے ہیں جب کہ علامہ یوسف قرضاوی اور بعض دیگر فقہاء اس میں شرکت کی مشروط اجازت اس وقت دیتے ہیں جب حالات تنگی کا شکار ہوں اور معاش کا کوئی دوسرا راستہ نظر نہ آتا ہو۔ ایسی صورت میں بھی ایسی کمپنی میں اشتراک کی چند شرطیں ہوں گی
۱)اگر اس کمپنی کا حرام کاروبار میں ملوث ہونا ممبر بننے کے بعد معلوم ہو تو اس کی سالانہ میٹنگ میں آواز اٹھائی جائے۔
اس کمپنی کے طریقہ تجارت کو تبدیل کرکے شریعت اسلامی کے موافق کرنے کی نیت ہو۔نفع کا جتنا حصہ سودی کاروبار سے حاصل ہوا ہو اس کو بلا نیت ثواب فقراء وغیرہ پر صرف کردیا جائے۔
شیئرز مارکیٹنگ سے متعلق جواز و عدم جواز کی متعدد صورتوں کی وضاحت کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ شیئرز مارکیٹنگ کی اس دور جدید میں بعض شرطوں کے ساتھ اجازت ملتی ہے لیکن چونکہ قرآن ’’ لا تقولوا راعنا و قولوا انظرنا ‘‘ کہہ کر سد ذرائع کا حکم دیتا ہے۔
اسی طرح نبئ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بعض امور کو محض اس لئے ترک کیا کہ کہیں فتنے کا دروازہ نہ کھل جائے جیسا کہ احادیث سے ثابت ہے۔ چنانچہ سید عبدالکریم زیدان اپنی مشہور و معروف کتاب “الوجیز فی اصول فقہ” میں لکھتے ہیں:
’’ذرائع وسائل کا نام ہے اور ذریعہ کسی چیز تک پہنچنے کےلیے وسیلہ یا راستہ کو کہتے ہیں ۔سدذرائع سے مرادوہ ذرائع جواپنی ذات میں تومباح اور جائز ہوں لیکن ان سے حرمت کا دروازہ کھل جائے اوروہ افعال مفسد اشیاء تک پہنچانے والےہو اس لیے شریعت مطہرہ ان سے روکتی ہو۔‘‘
( اسلام میں سد ذرائع کی اہمیت، محمد عدنان خان)
http://journals.asianindexing.com
لہذا اخیر میں شیئرز مارکیٹنگ کی تمام صورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے سد ذرائع کے اصولوں کے پیش نظر یہ کہا جاسکتا ہے کہ چونکہ اس مادہ پرست دور میں مارکیٹ میں مذکورہ بالا تمام شرائط کے ساتھ شیئرز کا کاروبار مشکل امر ہے لہٰذا اس سے اجتناب ہی تقوی کے عین مطابق ہے تاکہ ناجائز و حرام کاروبار کی راہیں ہموار نہ ہونے پائیں۔
اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں رزق حلال کمانے اور حرام کے ہر ممکنہ ذرائع سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

1 Comment

  1. Grace

    👍

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جنوری ۲۰۲٥