موجودہ دور کے نوجوانوں سے اگر حال احوال دریافت کیا جائے تو بیشتر کا جواب مایوسی،اداسی ،اور تناؤ کی کیفیت لیے ہوئے ہوگا ۔ ایسے جوابات سن کر یوں محسوس ہوتا ہے گویا دنیا جہان کا سارا بار ان کے کمزور کاندھوں پر کسی نے جبراً ڈال دیا ہو۔ جبکہ صورت حال یہ ہے کہ نوجوانوں کے پاس صحیح مصروفیات نہیں ہیں جس کی وجہ سے وہ کھانے پینے اورسونے جگنےکے علاوہ سیل فون پر سوشل میڈیا کا غیر ضروری استعمال کررہے ہیں۔ یوں وہ خود ہی ڈپریشن کا شکار ہورہے ہیں۔جب کہ کچھ نوجوان ایسے ہیں جن کے پاس مصروفیات تو بہت ہیں لیکن صحیح رخ پر نہ ہونے کی وجہ سے اپنی مصروفیات کے ساتھ غلط جگہ پر Adjust ہونے کےلیے ہلکان ہیں۔ اس جگہ میں کالج ، دفتر ، یا جاب کا بھی شمار ہوتا ہے ۔ان وجوہات کی وجہ سے وہ مایوس ہیں ، تناؤ کا شکار ہیں ۔ خالی ذہن شیطان کےلیے Best comfort zone ہے۔ جب آپ اپنے ذہن کو شیطان کےلیے آرام دہ جگہ بنائیں گے تو پھر ڈپریشن اور تناؤکا شکارہونا لازمی ہے ۔ اداسی اور مایوسی کا آنا یقینی ہے ۔ایسی کیفیت میں انسان کبھی بھی خوش نہیں ہوسکتا۔ وہ ہر خواہشات کی تکمیل کے باوجود اپنے اندر خلا محسوس کرتا ہے ۔ تو پھر سوال پیدا ہوتا ہے وہ کون سے عوامل ہیں جس کی موجودگی انسان کو خوش و خرم بناتی ہے ۔ اور دلی سکون کا سامان مہیہ کرتی ہے۔تو آیے ہم خوشی حاصل کرنے کے کچھ اصولوںسے واقفیے حاصل کرتے ہیں۔
اپنی انفرادیت سے آگاہ ہونا
انسان کو اپنی تخلیق کے مقصد سے آشنا ہونا چاہئے ۔ آج ہر طرف ایک ہوڑ لگی ہے۔لوگ ٹرینڈز کے پیچھے دیوانہ وار دوڑ رہے ہیں یہ سوچے بغیر کہ اس کا میری ذات پر کیا اثر پڑے گا ۔ میرا ظاہر اور باطن اس سے کس طرح اثر انداز ہوگا ۔ اس ٹرینڈز کے پیچھے ہوڑ کی وجہ یہ ہے کہ آپ کا اپنا کوئی نظریہ نہیں، آپ کا اپنا کوئی مقصد نہیں ۔۔ اس طرح دوسروں کی کاپی کرتے کرتے ہم اپنی ذات کی انفرادیت کھو دیتے ہیں اور ایک ایسی شخصیت بن جاتے ہیں ،جو ہم ہے ہی نہیں ۔ پھر ہماری ذات میں چڑ چڑاپن ، تلخ روی ، ریا جیسے جذبات جگہ لینے لگتے ہیں ۔ اور جہاں شریر عوامل جگہ پا جائیں وہاں خوشیاں کبھی دستک نہیں دے سکتیں ۔ لہذا ضروری ہے کہ سب سے پہلے اپنے مقصد کو پہچانیے اور اس پر کام کیجیے۔اپنی انفرادیت برقرار رکھیے ۔
تخلیقی کام انجام دیں
آپ کی انفرادیت کے مرحلے کے بعد ہی تخلیق کا عمل شروع ہوجاتا ہے بشرط آپ کو اپنی انفرادیت کا علم ہو یا آپ اپنی ان صلاحیتوں کو نکھاریے جو آپ میں موجود ہیں ۔ہر تخلیق اپنے فن کار پر اندرونی خوشی آشکار کرتی ہے اور دلی سکون فراہم کرتی ہے۔اگر آپ لکھ کر خوشی محسوس کرتے ہیں تو اسے ہی جلا بخشیے اور مشق و اصلاح کے ذریعے ایسی مہارت حاصل کیجیے کہ آپ کی پہچان آپ کی تحریر ہو ۔اس طرح آپ اپنی اس صلاحیت میں ماہر ہوجایں گے ۔ جو صلاحیت آپ جبراً پروان چڑھاتے ہیں اس میں صرف تناؤ اور ذہنی کشمکش ہی حاصل ہوگا ۔۔ لہذا اپنی ان صلاحیتوں کا ادراک کیجیے جو آپ کو مطمئن کرتی ہے ۔اور خوشی کا باعث بنتی ہیں ۔
مزاح بھی ضروری ہے
کچھ لوگ ہر وقت سنجیدگی کا لبادہ اوڑھے ہوتے ہیں ۔ جس کی وجہ سے لوگ ان سے کتراتے ہیں ۔برمحل کبھی کبھی خوشگوار مزاح بھی کرنا ضروری ہے ۔ مزاح انسان کے ذہن پر خوشگوار اثرات مرتب کرتا ہے ۔حضور ﷺ اپنی ازواج مطہرات کے ساتھ اخلاق کے دائرے میں رہتے ہوئے وقتاً فوقتاً مزاح فرمایاکرتے تھے ۔ اس سے ہمیں بھی ترغیب حاصل کرنا چاہیے اور اپنے قائم سنجیدگی کے مجسمے کو توڑ کر کبھی کبھی بھرپور ہنس لیا کریں ۔ مزاح کرلیں کہ یہ زندگی زندہ دلی کا نام ہے مردہ دل کیا خاک جیا کرتے ہیں۔
دوسروں سے توقعات وابستہ نہ کیجیے
توقعات کا وابستہ ہوجانا ایک فطری عمل ہے ۔ جس شخص سے ہماری قربت ہوتی ہے ہم یہ توقع کرلیتے ہیں کہ اس سے ہمیں کوئی تکلیف نہیں پہنچے گی یا یہ شخص میرا دل نہیں دکھائے گا ،لیکن توقعات میں افراط ہماری ذات کےلیے نقصان دہ ہے۔ جب ہم خود اپنے ساتھ ایک جیسے نہیں رہ سکتے تو لوگوں سے یہ توقعات کیوں کر وابستہ کرلیتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ ایک ہی موڈ میں ہو ۔ اور جب مخصوص شخص ہماری توقعات پر پورا نہیں اترتا تو اداسی ہمارے وجود میں سرایت کرجاتی ہے۔ اس طرح ہم اپنی ذات سے غافل ہوکر جنون کی کیفیت میں آجاتے ہیں ۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم توقعات اتنی ہی رکھیں جتنا مخاطبین کےلے ایزی ہو۔باقی اپنی ذمہ داری پوری کریں ۔
مثبت خیالات کو پروان چڑھائیں
خیالات پر اختیار رکھنا ایسے ہی ضروری ہے جیسے آپ اپنے ظاہر کو سجا سنوار کر رکھتے ہیں۔اگر اپنی ظاہری صورت پر توجہ نہ ہو تو لوگ آپ سے دور ہونے لگیں گے۔ٹھیک اسی طرح اگر آپ اپنے افکار و خیالات پر اپنا اختیار نہیں رکھیں گے تو آپ اپنے خیالات کے تابع ہوجائیں گے۔ جاننا چاہیے کہ ہم مسلسل سوچوں کی گردش میں ہوتے ہیں۔ اپنے ذہن میں انہی سوچوں کو رہنے دیں جس سے کوئی تعمیری ، تخلیقی فعل انجام دیا جائے یا آپ کی ذات کے ساتھ ساتھ معاشرے اور سماج کےلیے صحت مند ہو ۔وہ خیالات جو منفی ہوں، جن سے رشتوں میں دوریاں پیدا ہوں،آپ کی ذات انتشار کا شکار ہو، ایسے خیالات پر فوراً قابو پائیے اور اچھے خیالات کو ترویج دیجیے۔ ٹھیک اسی طرح کچھ لوگ بھی منفی خیالات کو فروغ دینے والے ہوتے ہیں ۔ہر وقت مسائل میں گھرے ہوتے ہیں اور اگر حل بتایا جائے تو اسمیں مزید مسائل پیدا کرنے کی مہارت رکھتے ہیں۔ ایسے لوگوں سے دور رہیں ۔ کیوں کہ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو خود تو منفی جذبات میں جھلس رہے ہوتے ہیں اور آپ کی خوشیوں کو بھی سلب کرنے کی مہارت رکھتے ہیں ۔
مذکورہ چند اچھی چیزوں کو اپنا کر آپ خوش ، ہوسکتے ہیں اور اپنی ذات کو سکون کا گہوارہ بناسکتے ہیں ۔
٭ ٭ ٭


0 Comments