جنوری ۲۰۲٥
عالمی یوم تعلیم

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے امن اور ترقی کے لیے تعلیم کے کردار کو منانے کے لیے 24 جنوری کو’ تعلیم کا عالمی دن‘ منانے کا اعلان کیا۔ 3دسمبر 2018ءکو منعقدہ اجلاس میں قرار داد نمبر 73/25کے ذریعے 24جنوری کو ’عالمی یوم تعلیم‘ منانے کا فیصلہ ہوا۔یوں 24جنوری 2019ءکو پہلا عالمی یوم تعلیم منایا گیا۔ اس دن کا مقصد تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے ،جس کی فراہمی حکومت کا فرض ہے۔
عالمی یوم تعلیم منانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ عالمی سیاسی طاقتوں کو اس بات پر راضی کیا جائے کہ وہ معیار تعلیم کو بہتر بنائیں، جہالت اور ناخواندگی کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔تعلیم ذریعہ معاش ہے۔ اس کے ذریعے جہاںہنر مندافراد میں اضافہ کرنا ہےوہاں غربت اور جہالت کا خاتمہ بھی مقصود ہے ۔اس بات میں شبہ نہیں ہے کہ تعلیم سے جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی بھی لائی جا سکتی ہے۔،نیزتعلیم سے بے شمار معاشی مسائل کا فوری اور ممکن حل بھی فراہم کیا جا سکتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ صرف تعلیم کو 2030ءتک پائیدار امن اور ترقی کے حصول کا واحد ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔اقوام متحدہ متذکرہ بالا معاملے کو دیکھنے والا ادارہ عالمی سطح پر پرائمری، سیکنڈری اور اعلیٰ درجے کی تعلیم ،فنی تعلیم اور فاصلاتی تعلیم کے بلا امتیاز مواقع فراہم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔صنفی امتیاز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عمر کی حد سے آزاد تعلیم کے حصول کو ممکن بنانا بھی اس دن کا مقصد ہے ۔ یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ مساوی اور معیاری تعلیم کے بغیر انسانی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ممکن نہیں ہے۔
تعلیم پائیدار ترقی کی کلید ہے۔ تعلیم کو قومی مقاصد کے حصول کیلئے ایک اہم محرک تصور کیا جاتا ہے۔ تعلیم بچوں کو غربت سے نکال کر ایک امید افزا مستقبل کی سیڑھی فراہم کرتی ہے۔تعلیم انسان کا بنیادی ہی نہیں بل کہ عوامی فلاح و بہبود کا ذریعہ بھی ہے۔ انسانی حقوق کے (Universal Declaration) نے تعلیم کے حق کو آرٹیکل 26 میں درج کیا ہے،جس میں مفت اور لازمی ابتدائی تعلیم کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ہر سال،’ بین الاقوامی یوم تعلیم ‘کا ایک مخصوص موضوع (theme) ہوتا ہے، جو تعلیم کے کسی ایک خاص پہلو کو اجاگر کرتا ہے۔ سال 2025 کے عالمی یومِ تعلیم کا موضوع ’پائیدار امن کےلیے سیکھنا‘(Learning for lasting peace)ہے۔تھیم اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ تعلیم پرامن، منصفانہ، اور پائیدار معاشروں کی تعمیر میں کلیدی جزو ہے۔ 
سال2025 کا تھیم’ سیکھنے کے تبدیلی کے عمل ‘کو نمایاں کرتا ہے، جو سیکھنے والوں کو ضروری علم، اقدار، رویوں، مہارتوں اور طرز عمل کو حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے۔ سیکھنے والوں کو ایک catalyst کے طور پر کام کرنے کے لیے بااختیار بناتا ہے۔
تعلیم ’’پائیدار امن کےلیے سیکھنے ‘‘میں جہالت، تعصب اور تقسیم کے خلاف ایک طاقت ور تریاق کے طور پر کام کرے گی۔ تعلیم امید کی وہ کرن ہے جو معاشروں کو ہم آہنگی، اتحاد اور ایک دوسرے کےلیے افہام و تفہیم اور احترام کے اصولوں پر بنائے گئے رویوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے مستقبل کی طرف رہنمائی کرتی ہے۔ مزید برآں! تعلیم پائیدار امن کے قیام میں کثیرالجہتی کردار ادا کرتی ہے۔
عالمی یومِ تعلیم اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ تعلیم کس طرح ایک تبدیلی کی قوت کے طور پر کام کرتی ہے اور رواداری، تنازعات کے حل اور عالمی شہریت کو فروغ دینے میں نمایاں کردار نبھاتی ہے۔ جامع تعلیمی ماحول کے ذریعے، اسکول، اساتذہ، طلبا، والدین، سرکاری و سول سوسائٹی کے ادارے ہمدردی کو فروغ دے کر تنوع کا جشن منانے کے ساتھ خواتین کو معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کےلیے بااختیار بناکر ایک مساوی، خوش حال اور ہم آہنگ معاشرے کے تصور کو پورا کرنے کے قریب پہنچ سکتے ہیں۔ سماجی و اقتصادی تفاوت کو دور کرنے اور مساوات کے پیغام کو عام کرتے ہوئے، تعلیم ایک پرامن دنیا کی تشکیل کےلیے بنیاد فراہم کرتی ہے جس میں افہام و تفہیم، احترام اور اتحاد ہو۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جنوری ۲۰۲٥