یومِ جمہوریہ سے ایک روز قبل ہی اسکول کی عمارت گہما گہمی سے بھرپور تھی۔ طلباء اپنی اپنی جماعت کو سجا رہے تھے۔ جماعت پنجم کے طلباء نے اپنے کلاس کے دروازے پر تین رنگوں کے جھومر لٹکا دیے ، جو ہوا کے جھونکوں سے جھول رہے تھے۔ دروازے کے دونوں جانب پھولوں کی لڑیاں لگادی تھیں۔
کلاس روم کو دلہن کی طرح سجا دیا گیاتھا۔ ہر کونے میں ترنگا جھنڈا بلند تھا، اور رنگین غبارے بچوں کی خوشیوں کی گواہی دے رہے تھے۔ پھولوں کی خوشبو ہوا کو معطر کر رہی تھی۔ طلباء نے بورڈ پر خوش خط ’’یومِ جمہوریہ مبارک‘‘ تحریر کردیا تھا۔
ہیڈ مسٹریس صاحبہ بہت دلچسپی سے تمام کلاسیز کا جائزہ لے رہی تھیں۔ جماعت پنجم میں وہ رک گئیں اور طلباء کی سجاوٹ کی تعریف کی، اور بچوں سے مخاطب ہوئیں:’’ آپ نے اپنی جماعت کو بہت خوب سجایا ہے۔آپ کی جماعت اسی وقت اول قرار پائے گی جب آپ میرے چند سوالات کے جوابات دیںگے۔کیا آپ سب تیار ہیں۔۔۔؟’’جی ہاں باجی ! ہم تیار ہیں۔‘‘طلباء نے بیک زبان ہوکر کہا۔
سوال نمبرایک 15 :اگسٹ اور 26 جنوری کیامراد ہے۔؟
طلبا:یہ دو خاص تاریخیں ہیں۔ان دونوں تاریخوں میں ہمارے ملک عزیز ہندوستان میں قومی تہوار منائے جاتے ہیں۔15اگسٹ 1947 کو ہمارا ملک انگریزوں کی غلامی سے آزاد ہوا تھا۔ جب کہ 26 جنوری 1950کو ہمارے ملک کا دستور نافذہوا۔ اسی کی مناسبت سے یہ دونوں تہوار قومی تہوار کے طور پر منائے جاتے ہیں ۔
ہیڈ مسٹریس صاحبہ نے دوسرا سوال کیا :دستور سے کیا مراد ہے؟
طلباء نے جواب دیا: دستور یا constitution سے مرادملک کو بہتر طریقے سے چلانے کے اصول اور ضابطے۔
’’شاباش ! بہت خوب ‘‘ ہیڈ مسٹریس صاحبہ ، طلباء کے جواب سے بہت خوش ہوئیں۔
سوال نمبر 3:جمہوری حکومت کسے کہتے ہیں؟
’’طلباء نے پرجوش انداز میں جواب دیا: عوام کی حکومت ،عوام کے لیے ، عوام کے ذریعے۔‘‘
کلاس ٹیچر مس جویریہ کا سر فخر سے بلند ہوگیا،کیو ں کہ طلباء نے تینوں سوالات کے بالکل صحیح جواب دیے تھے۔
’’مس جویریہ آپ اجازت دیں تو مزید ایک سوال طلباء سے پوچھ لوں؟ ‘‘ ہیڈ مسٹریس صاحبہ نے مس جویریہ سے مسکرا کر پوچھا۔ ’’جی ضرور !‘‘ مس جویریہ نے مو دبانہ اندازمیں جواب دیا۔
ہیڈ مسٹریس صاحبہ نے سوال کیا’’ اپنے پیارے ملک ہندوستان کے دستور کی حفاظت کے لیے آپ کیا کرینگے ۔۔؟‘‘
مس جویریہ کے ذہین طلباء نے منظوم جواب دیا:
دستور کے ہم محافظ
ہم نیک خود بنیں گے
نیکی پھیلائیں گے
اس ملک کو ہم اپنی جنت بنائیں گے
یہ وہ جواب تھاجو درسی کتاب میں درج نہیں تھا بلکہ اسے مس جویریہ نے اپنی ذہانت سے بچوں کے ذہنوں میں پیوست کردیا تھا۔ جماعت پنجم اول انعام کی مستحق قرار پاگئی تھی۔
٭ ٭ ٭


0 Comments