جنوری ۲۰۲٥
پھر لوٹ کے بچپن کے زمانے نہیں آتے

گرمیوں کے دن تھے ، ہم فارغ بیٹھے انسٹاگرام کی ریلس (ویڈیوز )دیکھ رہےتھے ،اور گرمی کی شدت پر بے کار سی بحث بھی ہورہی تھی ،کہ اچانک  بھائی صاحب نے شہزادہ صاحب کی پیدائش کی خبر سنائی ۔ اس دن کے بعد سے شاید ہی ہم کبھی اتنے فارغ رہے ہوں گے کہ جی بھر کر انسٹاگرام کی ویڈیوز دیکھ سکیں !!! 
 منے میاں سے ملاقات کے لیے ہم سب دوڑے دوڑے اسپتال روانہ ہوئے اور منے میاں کا دیدارِ خاص کیا لیکن یہ کیا ؟؟؟ منے میاں تو سو رہے تھے ۔ ہم کافی دیر منے میاں کو دیکھتے رہے کہ جناب نے اگر آنکھیں کھول دیں تو اک عددتصویرلے لی جائے اور سوشل میڈیا پر سب کی طرح ،بھتیجہ مبارک  لکھ دوں اور {واٹس ایپ اسٹیٹسwatsapp status}   ( مبارک ہو اٹس ا بے بی بوائے)(Congratulations Bro It’s a baby boy)
کھ دوں ،دو گھنٹے بیت چکے، مگر منے میاں نے آنکھیں نہیں کھولیں۔ لمحے اتنے لمبے دیدار اور آنکھ کھولنے کے انتظار میں بیت چکے کہ منے میاں کی معصوم سی شکل ذہن نشین ہوگئی۔ لیکن کچھ سیکنڈ کے لیے وہ اپنے آپ نیند میں مسکرائے ضرور تھے ۔ مگر وہ منظر بھی تصویر میں قید نہیں ہو پایا تھا  نیز انھیں اپنی گود میں لے کر پیار بھرے جذبات کا اظہار کرنا چاہا تو اس بات کا خدشہ لاحق ہوا کہ کہیں گر نہ جائیں ۔۔    
کچھ دیر بعد اسپتال کی نرسوں نے شور مچایا اور ہم سے یوں خدا حافظ کہا گویا کہ  ہم سب بوریہ بستر کے کر یہاں آئے ہوں ! ہم کیا کرتے منے میاں کی نازک سی انگلیوں کی تصویر کھینچ کر سوشل میڈیا  پر اپڈیٹ دے دی اورواپس چل پڑے ۔
گھر میں منے میاں کی آمد کی تیاریاں شروع ہوگئیں ، ادھر ان کا نام رکھا گیا۔ ہم نے تو خیالوں میں ایسی اچھی اچھی باتیں سوچ لیں کہ انھیں بیان کرنے کے لیے اک نئے موضوع کے ساتھ الگ تحریر رقم کرنی ہوگی ۔خیر۔۔ گھر میں غبارے لگائے گئے ، نیلے رنگ کو ترجیح دی گئی ۔ جھولا ،کھلونے، جھنجھنا ، کپڑے ، اور وہ نئی نئی چیزیں اور بہت ساری تیاریاں ۔
کچھ دنوں بعد منے میاں گھر تشریف لائے۔ ہم خوشی سے پھولے نہیں سمارہے تھے ۔ ان کودیکھ کر خوش ہونا ،دن بھر صرف ان کی باتیں کرنا ، ان سے باتیں کرنا،اور ان کا خیال رکھنا بس۔ 
لیکن منے میاں کو نہ جانے کیا مسئلہ تھا ،یہ ہر وقت روتے رہتے تھے !  اس کی لاکھ وجوہات پر غور و خوض کیا گیا ، کہ شاید یہ وجہ ہوگی ؟ شاید فلاں؟ شاید فلاں؟      مثال کے طور پر ،گھر میں منے میاں نئے ٔ ہیں اس لیے روتے ہوں گے ؟شاید نہانا پسند نہیں ہے ؟شاید مچھر نے پریشان کیا ہو؟شاید بخار ہو ؟شاید بیمار ہو ں؟شاید بھوک زیادہ لگتی ہو؟شاید گرمی ؟ شاید سردی؟شاید پیٹ کی بیماری ؟یہ توکچھ ممکنہ وجوہات ہو سکتی تھیں ! ہم نے تو اور بھی سوچا ،شاید ہمارے کھلونے پسند نہیں آئے ؟شاید جھولا یا اس کا رنگ نہیں اچھا لگا ؟شاید خواب میں ڈر جاتے ہوں؟شاید دل نہیں لگتا ؟شاید گھر میں کوئی جن ہے جو منے میاں کو پریشان کر رہا ہے؟شاید منے میاں کو بور ہو رہا ہو ؟یا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ شاید
وہ ہر جگہ ، ہر گھڑی روتے رہتے تھے ۔ گھر میں ، بازار میں ، سفر میں ،کسی مہمان کے یہاں تو منے میاں اس شوق سے روتے تھے کہ بھابھی نے گھر سے باہر نہ  نکلنے کی قسم کھالی تھی !اور ان وجوہات پر غور کیا اور منے میاں کے دکھ درد دور کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ہر اگلے پانچ منٹ بعد روتے ہی رہتے تھے !  اور جب بھی منے میاں رونے لگتے ہمارے دل میں غم کی لہر دوڑ جاتی ، ہم بھی برابر کے ان کے دکھ درد میں شریک ہوتے ، اور کیوں نہ ہوں ان کی آواز میں وہ درد محسوس ہوتا تھا کہ دنیا اور سارے جہاں کے دکھ اس درد کے سامنے بے معنی ہوں ، لیکن ، اب دھیرے دھیرے ہمارے درد میں افاقہ ہونے لگا تھا کیونکہ منے میاں کی رونے کے عادت میں بالکل کمی نہیں آئی تھی ۔ بلکہ وہ تو یوں روتے ہیں کہ ان کی آواز کی شدت سے سارا محلہ پریشان ہوجائے، ان کا جسم اتنا چھوٹا لیکن آواز کا کیا ہی کہنا ! ہم تو کبھی کبھار یہ سوچتے تھے کہ کہیں یہ آواز کی تعدد (فریکوینسی)20 کلو ہرٹز سے زیادہ تو نہیں ۔ یا یوں ہی ہمارے کان بجنے لگے ہیں۔
منے میاں کی رونے کی عادت تو برداشت ہوگئی لیکن ان میں اک اور بری عادت تھی یہ وقت پر کبھی سوتے نہیں تھے۔ لاکھ کاوشوں بعد اگر وہ سو بھی جائیں تو اتنی جلدی جاگ جاتے جیسے انھیں بہت سارے اہم کام انجام دینے ہوں ، یا ان کے بغیر کوئی کام ممکن ہی نہ ہو ،۔ہم سب اپنے ہی گھر میں بھیگی بلی بن کر رہنے لگے ، اور اس بات کا ہر وقت خدشہ رہتا تھا کہ اگر منے میاں جاگ گئے تو ، رو رو کر سارا گھر سر پر اٹھا لیں گے۔، وہ اتنی جلدی نیند سے بیدار ہوجاتے تھے جیسے انھیں کوئی فکر ستارہی ہو، گھر میں معمولی سی آوازیں بھی سنائی پڑتیں تو منے میاں جاگ جاتے ہیں،جیسے کسی نے ان کے کمرے کے آس پاس چھینکا یا کھانسا بھی تو یہ جاگ پڑتےتھے ۔ گھر میں ہنسی کے قہقہے بھی  گونجیں تو منے میاںجاگ جاتے ۔اسی کے ساتھ ساتھ مکسر کی آواز ، کوکر کی سیٹی ، کولر ،واشنگ مشین ، گلی کے کتوں کے بھونکنے ، بلی کی میاؤں، سبزی والے کی پکار ، فقیر کی صدا، شادی بیاہ کی محفلوں اور گانوں کی آوازیں ،غرض کسی بھی قسم کی آواز کا ذرا سا شور ہو کہ منے میاں جاگ جاتے تھے ۔۔۔۔ راتوں کا جاگنا اور ان کو توجہ نہ دی جائے تو رونا یہ ان سب سے پسندیدہ مشغلہ تھا ۔
اب ہم نے اپنے طورپرمنےمیاںکو ہنسانے کی کوششیںکیں ، اور ان سے ڈھیر ساری باتیں کرنے لگے ،اس طرح ہم نے منے میاں کو بہت جلد اپنے آپ سے مانوس کرلیا ۔منے میاں اب ہمیں دیکھ کر ہنستے ہیں ، اس بات میںکوئی دو رائے نہیں اور نہ ہی ہمیں کہنے میںشرم محسوس ہوتی کہ اس کرہ ارض پر منے میاں ہی وہ واحد انسان ہیں جنھیں ہمارے لطیفوں ہر ہنسی آتی ہے۔ ہماری باتوںکو خوب مسکرا کر سنتے ہیں ، اس کے ساتھ ہی منے میاں کو ہمارا گنگنانہ بھی پسند ہے ۔ ہم کبھی کبھار دو ایک مصرعے بھی پڑھ دیں تو ہماری بھدی آوازسے لوگوں کے کانوںسے خون نکل آئے! لیکن گنگنانے اور گانے کا شوق منے میاں نے پورا کردیا ، ہم جو کچھ بھی گاتے ہیں منے میاں کے قہقہے گونجنے لگتے ہیں ۔

یہ ہمارے لیے بہت اعزاز کی بات ہے کہ منے میاں ہماری انگلیوں کو اپنے منہ میں ڈال کر کچھ’’ اوں آں ‘‘کرتے ہوئے ہمارے ہی گنگنانے سے لطف اندوز ہوتے ہیں ۔اب چند دن اور گزر گئے ، اب منے میاں کی عمر نے آگے قدم بڑھائے تو منے میاںکے رونے اور ڈھونگ رچانے میںکمی تو آئی لیکن ان کا ہمیں پریشان کرنے کا طریقہ بدل گیا ۔
اب سارے جہاں کی چیزوں پر گویا ان کا ہی حق ہے ۔۔۔ ہر چیز کی انھیں خواہش ہے ۔اور ہر چیز کی شدت سے طلب ہوتی ہے ، اور گویا یہ دنیا جہاں کے مفلس اور بھوکے  ہیں؟؟ یہ کچھ بھی چیز کھانے کی کوشش کرتے ہیں ، منے میاں اپنی بھوک مٹانے کی شروعات شال سے کرتے ہیں اور رینگتے ہوئے پورے گھر کا جائزہ لیتے ہیں کہ کہیں کوئی باریک چیز تو نہیں رہ گئی جسے میں کھا سکوں ؟
ان کی خدمت میں ہم سب اپنے ہی گھر میں قید رہتے ہیں اور سارے دروازے بند ہیں ،کہ کہیں منے میاں بھوک مٹانے رینگتے ہوئے گھر سے باہر نہ نکل پڑیں ؟
انھیں ہر چیز سے مسئلہ ہے، کپڑے کھینچنا ، کتابوں کے اوراق پھاڑ نا تو عام بات ہےاسی کے ساتھ ساتھ ہمارے بال کھینچنے میں انھیں کیا ہی مزہ آتا ہوگا ؟؟ ہم جب بھی ان سے مخاطب ہوتے ہیں تو کسی بڑے بزرگ کی طرح نہایت ادب کے ساتھ۔ سر پر دوپٹہ اوڑھ کرمخاطب ہوتے ہیں اس خوف سے کہ  سر پر بچے کچے بال بھی منے میاں کی ملکیت نہ ٹھہرجائیں ؟ ہمارے بالوں سے اگرچہ مسئلہ تھا ، لیکن منے میاں کو اپنی ہی خوبصورت زلفوں سے بھی مسئلہ تھا ، وہ اپنے بال بھی اسی شدت سے نوچنے لگے تھے، نتیجتاً منے میاں گنجے میاں بن گئے۔

اب ہم انھیں منے میاں کی بجائے ’گنجے میاں‘کہنے لگے!
منے میاں میں نہ جانے کونسی توانائی کی لہر دوڑ گئی یا کس کا موٹیویشن کام کرگیا ؟ اور وہ ہمت ؟ ؟ یہ اپنے آپ کو کبھی کم نہیں سمجھتے، سیڑھیوںپرچڑھنا، کھڑے ہوکر جھولا کھیلنا ، گود میں کھڑے ہونا ، اونچائی پرچڑھنا،اورکودنےکاشوقوغیرہ ۔
منے میاں کی عمر نے مزید کچھ قدم اور آگے بڑھائے۔ اب منے میاں کی سمجھ بوجھ میں اصافہ ہونے لگا۔ اب یہ لوگوںکو پہچاننے لگے ہیں۔ایک دو لفظ بھی بول لیتے ہیں ۔ ہم نے فوراً منے میاں سے اپنا تعارف کروایا کہ ہم دیدی ہیں ۔ نہ جانے اردو جیسی خوبصورت زبان کو میں پھوپھی یا پھوپھو جیسے لفظ کو داخل ہونے اجازت کیوں دی ؟ کس نے دی؟ کیوں کہ  یہ بہت ہی برا لفظ ہے؟ اور تو اور سارے جہاں بھر میں پھوپھو کے بارے میں اتنی منفی باتیں ،اور منفی ویڈیوز بنی ہیں کہ اس لفظ سے عجیب سی نفرت ہونے لگتی ہے۔۔
ہم ہر دن منے میاں کو اپنا تعارف دیدی یا آپی سے کراتے ہیں ۔ منے میاں ہم سے کچھ زیادہ ہی مانوس ہوگئے ہیں ۔ ہمیںدیکھتے ہی ان کا اک سوال ہوتا ہے ، کہ انھیں گود میں اٹھالیا جائے، یہ صرف ہماری گود میں ہی نہیں رہتے ، دن بھر میں ہمارے بدن کے تقریباً بیسوں چکر کاٹ لیتے ہیں ۔کبھی ہاتھوں میں ، کبھی پیروں پر ، کبھی پیٹ پر کبھی پیٖٹھ پر ، کبھی گھٹنوں پر ، کبھی کاندھوں پر تو کبھی سر پر ،۔۔۔ دن میں دسیوں دفعہ توانھیں ہوا میں اچھالنا ہی پڑتا ہے۔
ان کے ساتھ موج و مستی کی جائے ، دن بھر میں اور منے میاں مستیاں ، شوخیاں اور ا ٹھکھیلیاں کرتے تھکتے نہیں ہیں۔منے میاںکو نہ جانے ہم سے کیسا لگاؤ ہے ، ہم جو کچھ کرتے ہیں منے میاں اس کی نقل اتارنے کی کوشش کرتے ہیں ، مثال کے طور پر ، اگر ہم پڑھ رہے ہیں تو منے میاں کو بھی کتاب چاہیے۔ اچھاصرف کتاب ہی نہیں ، دو تین قلمیں ، بیاض ، ٹیبل ، کرسی ، وغیرہ سب کچھ ، اگر ہم نے موبائیل فون استعمال کیا تو منے میاں ، دنیا کے کسی کونے میں کیوں نہ ہوں ،ہنستے مسکراتے ہمارے پاس آجاتے ہیں، اور ان ہم کی تصویریں کھینچتے ہیں اور تصویر اور سیلفی کے لیے تو منے میاں ہمیشہ تیار ہی رہتے ہیں۔ تصویر کشی کے دوران تو وہ ادائیں ، نخرے اور شان کہ کیا ہی کہا جائے؟ اگر وہ رو بھی رہے ہوں اوران سے کہا جائے کہ آجاؤ منے میاں ،سیلفی لی جائے! ،پھر منے میاں سارے غم بھلا کر مسکرا اٹھتے ہیں ۔
موبائیل فون میں بچوں کے قومی ترانے ،ہاتھی راجا کہاں چلے ، چڑیا رانی بڑی سیانی ، ٹونکل ٹونکل ، بابا بلیک شیپ ،چندا ماما، بندر ماما۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ ترانے اتنی دفعہ سن چکے کہ شاید اب سچ میں ، شیر اپنی بادشاہت سے استعفیٰ  دے کر ہاتھی کو کرسی سونپ دیں گے ، اور کرسی چٹر پٹر بول اٹھے ۔۔۔۔
قصہ مختصر یہ ہے ہا شاید اور دل کو بہلانے کے لیے غالب یہ خیال اچھا ہے ، کہ دورِ حاضر میں منے میاں کی پسندیدہ شخصیت ہم ہی ہیں  !!!
منے میاں نہ گھر سےکسی کو باہر جانے کی اجازت دیتے ہیں نہ ہی چاکلیٹ ، بسکٹ، چپس یا ٹافی کے بغیر اندر آنے کی !
ایک دفعہ منے میاں رو رہے تھے ۔ہم انھیں بہلانے کی ناممکن کاوشیں کر رہے تھے ، کیونکہ منے میاں کو اپنی مما سے زیادہ سے ہم سے لگاؤ ہے ۔ہم خرگوش کی طرح پھدک پھدک کرمنےمیاںکو ہنسانے کی کوشش کرنے لگے ، منے میاں کو ہمارے پھدکنے سے ہنسی تو نہیں آئی البتہ ہمارے پھدکنے کی اوور یکٹنگ دیکھ کر خاموش ہوگئے۔۔ لیکن اچانک ہماری نظر والد صاحب پرپڑی ، وہ نہ جانے ہمیں کبسے دیکھ رہے تھے ؟ہمیں شرمندگی محسوس ہوئی ، ہم نے بات کو ٹالنے کے لیےکہا نہ جانے منے میاں کب بڑے ہوں گے ؟؟؟پچھلے سترہ مہینے بیت چکے ، مگر منے میاں چھوٹے ہی ہیں ؟؟
والد صاحب نے کہا کہ جس دن تمہارا بچپن ختم ہوا اس دن سمجھ لو منے میاں بڑے ہوچکے !!!بات تو ادھوری رہ گئی ۔ گھر میں کچھ چیخنے چلانے کی آوازیں نہیں ہیں ، کوئی شور و غل نہیں ہے ، کیونکہ منے میاں اپنی نانی امی سےملنے گئے ہیں ، اور منے میاں کی یاد ستارہی ہے اس لیے ان یادوں کو مضمون میں قید کرلیا ۔۔۔۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جنوری ۲۰۲٥