جنوری ۲۰۲٥
تزکیہ گفت و شنیدکا

اللہ رب العالمین کی عنایت کردہ ان گنت نعمتوں میں سے ’حسِ گویائی‘ اور ’سماعت‘ کا شمار نعمتِ عظمیٰ میں ہوتا ہے۔ تاہم ان کے تصرف میں ذرا سی بھی غفلت موجب ہلاکت بھی ہے۔
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے جس طرزِ گفتگو کو معیاری قرار دیا ہے ،نیز جس کی بنیاد پر طرزِ عمل منحصر ہے وہ ہیں ، قولِ معروف، قولِ سدید، قولِ بلیغ، قولِ کریم، قولِ میسور، قولِ لین اور فصل خطاب۔
قرآن مجید کی سور ه قٓ میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے :

مَا یَلفِظُ مِن قَولٍ اِلَّا لَدَیہِ رَقِیبٌ عَتِیدٌ ﴿۱۸﴾

ترجمہ:کوئی لفظ اس کی زبان سے نہیں نکلتا جسے محفوظ کرنے کے لئے ایک حاضر باش نگراں موجود نہ ہو۔
رسولِ اکرمﷺ نے یہ اصول سمجھا دیا ہے کہ ’’جو کوئی اللہ اور روز آخرت پر ایمان رکھتا ہو ، اسے چاہئیے کہ یا تو بھلی بات کہے یا پھر خاموش رہے۔‘‘
( بخاری )
زبان اور ہونٹ محض بولنے کے آلات نہیں ہیںبلکہ نفس ناطقہ بھی ہیں۔ جو ان آلات کی پشت پرسوچنے سمجھنے کا کام کرتے ہیں اور پھر ان سے اظہار مافی الضمیر کا کام بھی لیتے ہیں۔
انسانی معاشرے میں دو مختلف مزاج کے افراد پائے جاتے ہیں۔ ایک وہ جو حسنِ سماعت، سخن ور اور خوش گفتار ہیں اور اس کے برخلاف وہ جو آدابِ گفتگو اور اطوارِ کلام سے نابلد ہیں۔ جب فرد کی قوتِ سماعت ، قوتِ گویائی سے بالاتر ہو تو ذہن کو بالیدگی عطا ہوتی ہے۔ سماج کو خوشگوار بنانے اور اسلامی معاشرتی نظام کے اقدام میں یہ صفت و خوبی معاونت فراہم کرتی ہے۔ کم سخن مگر جامع و جاذب اندازِ تکلم کا نہ صرف کلام بلکہ اس کے ذہن میں پنپنے والے مثبت خیالات کی ترجمانی کر رہا ہوتا ہے۔ اس کی شخصیت متانت و سنجیدگی اور وقار و تمکنت سے آراستہ ہوتی ہے۔ وہ ہر قسم کی لغویات اور فضول گوئی سے مستثنیٰ اور اپنی مختصر مگر نفیس، فصیح و پُرتاثیر گفت و شنیدسے لوگوں میں ایک ممتاز حیثیت رکھتا ہے۔ یہ ترش حقیقت ہے کہ کوئی بھی انسانی سماج چند شرپسند عناصر کے بغیر ایسا ہے جیسے کہ کانٹوں کے بغیر تنہا گلاب، مگر حسنِ سماعت اور بصارت رکھنے والا مخالف کے پھینکے ہر تیر و نشتر اور طنز و تمسخر کو اپنی حکمتِ علمی اور وسعتِ سوچ سے نظر انداز کر دیتا ہے۔ وہ کبھی اپنے ذہن و دل کو مجروح ہونے نہیں دیتا۔ وہ مثبت خیالات کے ہالہ میں محیط نظر آتا ہے۔ معروف طرزِ گفتگو کا عادی شخص منکرات کو قبول کرتے ہوئےعار محسوس کرتا ہے۔
اس کے برعکس جو گفتار کے اسلوب پر قابو نہیں رکھتا وہ حسنِ سماعت سے بھی محروم ہو جاتا ہے۔ وسعتِ فکری کی جگہ تنگ نظری اور محدود فکر اپنا گھیرا تنگ کرتی ہے۔ اور اس کی یہ خصلت شخصی و معاشرتی تعمیر کے بجائے تخریب کو فروع دیتی ہے۔ ایسی صفت کے حامل ا فراد سے دو گھڑی بات کرنا دو بھر نظر آتا ہے۔ لوگ آگے بڑھ کر گفتگو کرنے کے بجائے احتراز و دوری بنائے رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ جب انسان قوتِ گویائی کو قوتِ سماعت پر فوقیت دیتا ہے تو یہ اس کے ذہن و دل کے لئے سمِ قاتل ثابت ہوتا ہے۔ اس کی ساکھ اور شخصیت نمونۂ مزاح بن جاتی ہے۔ جب انسان بے موقع و محل گفتگو کرنے لگتا ہے تو بیشتر اوقات لایعنی اور لاحاصل اور کسی قدربےبنیاد باتیں اس کی زبان سے نکلتی ہیں جو ناخوشگوار واقعے کو جنم دے سکتے ہیں یا پھر ذہنی انتشار اور تنازعات میں اضافہ کا سبب بن سکتے ہیں۔ فضول گوئی ذہن کی زرخیزیت اور شادابی کو دیمک کی مانند چاٹ لیتی ہے۔ پھر وہ شخص لاکھ سنجیدگی اور متانت کا پیکرنظر آنے کی کوشش کرے تہی دامن رہ جاتا ہے۔
خوش بیانی اور بہترین قوتِ سامعہ سے آئیڈیل سماج کی تشکیل ممکن ہے۔ بقولِ اقبالؔ

نگہ بلند ،سخن دلنواز، جاں پرسوز
یہی ہے رختِ سفر میر کارواں کے لئے

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جنوری ۲۰۲٥