جنوری ۲۰۲٥
ٹی ٹائم
زمرہ : ٹی ٹائم

ایک سبق گرامر کا

لفظوں کے الٹ پھیر کو گرامر کہتے ہیں ۔لفظوں کا مجموعہ جملہ کہلاتا ہے۔یہ مجموعہ زیادہ بڑا اور لمبا ہو جائے تو اسے میر جملہ کہتے ہیں ۔
اب چوں کہ جملے بازی اور فقرے بازی لوگ اچھی نظر سے نہیں دیکھتے اس لیے گرامر کی طرف لوگوں کی توجہ کم ہو گئی۔

شاعری کی گرامر کو
عروض کہتے ہیں ۔

پرانے لوگ عروض کے بغیر شاعری نہیں کیاکرتے تھے۔ آج کسی شاعر کے سامنے عروض کا نام لیجئے تو پوچھتا ہے وہ کیا چیز ہو تی ہے۔ہم نے ایک شاعر کے سامنے’ زحافات‘ کا نام لیا۔۔۔۔۔ بولے خرافات؟ مجھے خرافات پسند نہیں ۔بس میری غزل سنیے اور جائیے۔
عروض میں بحریں ہو تی ہیں جن میں بعض بہت گہری ہوتی ہیں ۔نومشق ان میں اکثر ڈوب جاتے ہیں ۔اسی لیے احتیاط پسند لوگ شاعری اور عروض کے پاس نہیں جاتے، عمر بھر نثر لکھتے رہتے ہیں۔

قوتِ برداشت

سقراط کی درس گاہ کا صرف ایک اصول تھا، اور وہ تھا برداشت۔ یہ لوگ ایک دوسرے کے خیالات تحمل کے ساتھ سُنتے تھے۔ یہ بڑے سے بڑے اختلاف پر بھی ایک دوسرے سے الجھتے نہیں تھے۔ سقراط کی درسگاہ کا اصول تھا کہ اس کا جو بھی شاگرد ایک خاص حد سے اونچی آواز میں بات کرتا یا پھر دوسرے کو گالی دے دیتا یا دھمکی دیتا یا پھرجسمانی لڑائی کی کوشش کرتا تو اس طالب علم کو فوراً اس درسگاہ سے نکال دیا جاتا تھا۔
سقراط کا کہنا تھا ’برداشت سوسائٹی کی روح ہوتی ہے۔ سوسائٹی میں جب قوتِ برداشت کم ہوجاتی ہے تو مکالمہ کم ہوجاتا ہے اور جب مکالمہ کم ہوجاتا ہے تو پھرمعاشرے میں وحشت بڑھ جاتی ہے۔
اس کا کہنا تھا اختلاف دلائل اور منطق پڑھے لکھے لوگوں کا کام ہے، یہ فن جب تک پڑھے لکھے، عالم اور فاضل لوگوں کے پاس رہتا ہے اُس وقت تک معاشرہ ترقی کرتا ہے۔
لیکن جب مکالمہ یا اختلاف جاہل لوگوں کے ہاتھ آجاتا ہے تو پھر معاشرہ انارکی کا شکار ہوجاتا ہے۔۔
وہ کہتا تھا ۔۔
’’کوئی عالم اُس وقت تک عالم نہیں ہوسکتا ،جب تک اس میں برداشت نہ آجائے، وہ جب تک ہاتھ اور بات میں فرق نہ رکھے‘‘

فعلِ ماضی

ماضی میں کسی شخص نے جو فعل کیا ہو اسے’ فعل ِ ماضی‘ کہتے ہیں ۔ کرنے والا اسے عموماً بھولنے کی کوشش کرتا ہے لیکن لوگ نہیں بھولتے۔
ماضی کی کئی قسمیں مشہور ہیں ۔سب سے مشہور ’شان دار ماضی‘ ہے۔جس قوم کو اپنا مستقبل ٹھیک نظر نہ آئے وہ اس صیغے کو بہت استعمال کرتی ہے۔
ایک ’ماضی شکیہ‘ ہے۔ جن لوگوں کا ماضٰ مشکوک ہو وہ ماضی شکیہ کی ذیل میں آتے ہیں ، عموماًہاتھو ں ہاتھ لیے جاتے ہیں۔
ماضی شرطی یا ماضٰ تمنائی، جن لوگوں نے ریس میں یا تاش پرشرطیں بد بد کر اپنا ماضی تباہ کیا ہو ان کی ماضی کو شرطی کہتے ہیں۔چوں کہ ان لوگوں کی تمنا ہوتی ہے کہ اورپیسے آئیں تو ان کو بھی ریس میں لگائیں،اس لیے شرطی اور تمنائی دونوں ماضیاں ساتھ ساتھ آتی ہیں۔
ماضی کی دو اور قسمیں ’ماضی قریب‘ اور’ ماضی بعید ‘ہیں۔۔ ماضی کو حتی الوسع قریب نہ آنے دینا چاہئے۔ جتنی بعید رہے گی اور جتنے اس ہر پردے پڑے رہیں گے، اتنی ہی بھلی معلوم ہوگی۔ ماضی کا بعید رہنا مستقبل کے لیے بھی اچھا ہے

-کتاب: اردو کی آخری کتاب۔ از ابن انشا

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جنوری ۲۰۲٥