زینب کو اس بات کااحساس تھا کہ چھوٹے بھائی جان کی شادی ان کی اپنی مرضی سے اور نہایت ہی سادگی سے ہوئی تھی۔نہ کوئی بارات ،نہ کسی کو شرکت کا ہی موقع ملا۔
ان کے خطوط سے چھوٹی بھابی کی بہت تعریف سامنے آئی۔سبھی کو شدت سے ان کی ملاقات کا اشتیاق تھا۔ پھر جیسے ہی خبر ملی کہ چھوٹی بھابی آنے والی ہیں ،زینت نے گھر کی صفائی ستھرائی اور سجاو ٹ کی مہم شروع کردی ۔آخر انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیںاور گھر کے سامنے چھوٹے بھائی جان اور چھوٹی بھابی تانگےسے اترے۔گھر میں داخل ہوتے ہی بڑ ی خوش اخلاقی سے چھو ٹی بھابی نے سب کو سلام کیا اور تخت پر بیٹھی ا ماں سے گلے مل کر بات چیت کرنے لگیں۔ ان کی اس بیباکی پر بڑی بھابی نے زینت کو اپنےکمرے میں بلا کر ریمارک کسا کہ چھوٹی بہو کی تعریف تو بہت سنی تھی، لیکن ہمیں تو اس کے رنگ ڈھنگ اچھے نہیں معلوم ہوتے۔نئی دلہن میں اتنی بیباکی ٹھیک نہیں لگتی ۔
زینت کے ذہین پربڑی بھابی کی بات کا وقتی اثر یہ ہوا کہ وہ بھی ان سے کھنچی کھنچی رہنے لگی، لیکن چھوٹی بہو سبھی سے نہایت خوش اخلاقی سے ملاقات کرتی رہیں۔ یہاں تک کہ زینت نے محسوس کیا کہ گھر میں کسی کی مجال نہ تھی کہ بابا سے سیدھے منھ کوئی بات کر سکے ، چھوٹی بھابی نے اماں کو تو متاثر کر ہی لیاتھا اب ابا کے کمرے میں داخل ہو کر ان کے کمرے کی صفائی اور چیزوں کو قرینےسے رکھنے کا کام بھی انجام دینے لگیں ۔ ابا سے خیریت معلوم کر کے ان کی پسند کا ڈش تیار کیا۔اور اس طرح اپنی مخلصانہ خدمات سے ان کا بھی دل جیت لیا۔ خود زینت کہنے لگی کہ مجھے کام کرتے ہوئے دیکھ کر میرے ساتھ کام کرکے اور اچھی اچھی باتوں سے میرا بھی دل جیت لیا ، اور بڑی بھابی تو ان سے دور دور ہی رہنا چاہتی تھیں لیکن ان کی بھی ضرورتوں کا خیال رکھتے ہوئے ،اور بیماری میں نہایت خلوص کے ساتھ تیمارداری کا حق ادا کر کے ان کو بھی اپنا گرویدہ بنا لیا ۔ بڑی بھابی کوجو ایک آنکھ نہیں بھاتی تھی اب اسی چھوٹی بھابی کو دیکھ کر اور ان کی صحبت میں بیٹھ کر اس طرح مست اور مگن رہتی ہیں کہ اپنے کاموں اور ذمہ داریوں کو بھول جاتی ہیں۔
ایک بار بڑے بھائی جان نے بڑی بھابی کو اپنا رومال وغیرہ دھونے کے لئے دیا تو وہ اسے بھول گئیں ، اور جب بھائی نے اپنے رومال کا مطالبہ کیا تو ، مجھے کہنے لگیں زینت اپنے بھائی جان کا اتنا کام تو کرد و، مگر مجھے بھی چھوٹی بھابی کو چھوڑنا کب گوارا تھا ، میں نے بھی انکار کردیا، کچھ ایسی کشش تھی ان کی شخصیت میں۔ وہ جب بھی اماں کے پاس بیٹھ کر ان سے باتیں کر تیں تو مجھے بہت ہی اچھا لگتا، لیکن ہماری امی بھی اپنی عادت سے کہا ں باز آتیں، آخر ایک دن معمولی بات پر چھوٹی بھابی کو ڈانٹنے لگیں ، میرا تو دل ہی کٹ گیا ،اس وقت اگر بڑی بھابی ہوتیں تو اماںسے ہی لڑ پڑتیں،جیساکہ اکثر ہوتا رہتاتھا، لیکن کمال کی شخصیت ہےچھوٹی بھابی کی بھی، حالانکہ کوئی غلطی نہیں تھی تب بھی وہ رو رو کر امی سے معافی مانگتی رہیں کہ آخر ماں کا دل نرم ہوگیا،اور ان آنسووں کا اثر یہ ہوا کہ پھر کبھی ماں نے ان کو ڈانٹا نہیں، بل کہ ان کی شرافت کا ایسا سکہ دل پر بیٹھاکہ وہ بھی اب اپنازیادہ وقت ان کے ساتھ گزارنا پسند کرنے لگیں۔ گھرکے بچے بھی تو ان کے دیوانے ہو گئے تھے کہ وہ انھیں اچھی اچھی کہانیاں سناتی تھیں ۔ان کہانیوںکو بڑی بھابی اور اماں بھی سنا کرتیں۔ ایک دن چھوٹی بھابی کہنے لگیں:’’ زینت لگتا ہے کہ ہم لوگ کسی ویرانے میں ہیں ۔‘‘
میں نے کہا،اس گھر میں تو آپ کے آنے سے رونق آگئی ہے۔یہ بچوں کی چہل پہل ،شور وغل ،اور چھوٹے بڑے سب آپ کے دیوانے ،پھر بھلا آپ کو یہ گھر ویرانہ کیسے لگنے لگا۔؟ تب وہ مجھے سمجھانے لگیں کہ ایسا لگتا ہے کہ پڑوسیوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہم ان سے بالکل کٹے ہوئے ہیں ۔
تب میں نے بتایا کہ وہ لوگ اس قابل نہیں ہیں کہ ان سے تعلق رکھا جائے۔ اس بات پر تو وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کی روشنی میں پڑوسیوں کے حقوق سمجھانے لگیں۔میں نے کہا بھابی آپ کا خیال بالکل درست ہے، لیکن اماں اس کو پسند نہیں کرتیں ۔ آپ کو پہلے ان سے اجازت لینی ہو گی ۔
آخر بھابی نے اماں کو بھی رام کرلیا ، اور اماں نے بھی یہی جواب دیا کہ بیٹی وہ لوگ اپنے لائق نہیں ۔تب وہ انھیں بھی قرآن وحدیث کی روشنی میں پڑوسیوں کی اہمیت سمجھائی جس پر اماں بھی مطمئن ہو کر انھیں اجازت دے بیٹھیں ۔ پھر مجھے اور بڑی بھابی کو ساتھ لے کر پڑوسیوں سے ملاقاتوں کاسلسلہ شروع ہو گیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے پڑوسیوں میں بھی چھوٹی بھابی مقبول ہوگئیں۔بھابی نے ان میں بھی اصلاح کا کا م شروع کردیا، عقیقہ ہو ،یومِ پیدائش کی تقریبات ہوں،شادی بیاہ کی رسومات اور لین دین کے معاملات ہوںیا شادی میں غلط رسومات اور جہیز وغیرہ غرض ان تمام معاملات میں اسلامی معلومات سے انھیں آگاہ کرنے لگیں۔ بہت جلد بھابی کی باتوں کا اثر ان پر ہوا اور ان میں تبدیلی بھی آنے لگی ۔ ہماری منجھلی بھابی اور بھائی بلکہ ہماری بہن نصرت بھی ماں کے رویہ سے پریشان ہوکر گھر آنا بند کرچکی تھیں ، لیکن چھوٹی بھابی کی کوششوں سے منجھلی بھابی بھی آگئیں،اور اماں سے مل کر خوب رو رو کر معافی مانگنے لگیں۔ اسی طرح نصرت آپا اور بھائی صاحب اور ان کے بچے بھی گھر آگئے اور سب کے تعلقات میں خوش گواری پیدا ہوگئی۔نصرت آپا کئی سالوں کے بعد آئیں تو ان کی سہلیاںبھی ان سےملنے کے لئے آئیں۔ ان کو بھی چھوٹی بھابی سے مل کر بڑی خوشی ہوئی۔پہلے تو وہ انھیں ملانی سمجھ کر نظر انداز کر رہی تھیں، لیکن جب چھوٹی بھابی بولنے لگیں تو ان کی معلومات اور ان کے خیالات سے وہ سب متاثر بھی ہوئیں اور مرعوب بھی، یہاں تک کہ چھوٹی بھابی کی ایک ایک بات کو ماننے پر مجبور ہوگئیں۔ انھیں بھی اس بات کا علم تھا کہ یہ گھر کس حال کو پہنچ گیا تھا مگر اب وہی گھر جو کبھی جہنم بنا ہوا تھا ایک سمجھدار، دینداراورمخلص بندی کی مخلصانہ جدوجہد سے جنت کا نمونہ بن گیا۔ نہ صرف گھر اور افراد خاندان بلکہ پورےمحلے اور بستی میں اصلاحی کوششیں کامیاب ہوگئیں۔
اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ اچھے دن گزر گئے۔ جیسے ہی چھوٹے بھائی کی چھٹیاں ختم ہو گئیں ، اور چھوٹی بھابی کی جانے کی تیاریاں ہونے لگیں تو سب ہی غمزدہ تھے کہ گھر کی رونق جارہی ہے۔
ایک وقت وہ تھا کہ ماں کے سخت رویے سے گھر کا ایک ایک فرد بکھر کر رہ گیا تھااور پڑوسیوں سے بھی تعلقات منقطع ہوکر رہ گئے تھے۔ چھوٹی بہو کے گھر آتے ہی نہ صرف گھر بل کہ پورے محلے میں آپس میں خوش گوار تعلقات قائم ہو گئے ۔ چھوٹی بہو نے اپنا عملی کردار پیش کیا۔ وہ صرف گفتار کی غازیہ نہیں تھیں ، بل کہ ان کے عملی کردار کی خوشبو نے پورے گھر اور محلے کو مہکا کر رکھ دیا۔ ا س چھوٹی سی بستی کا نقشہ ہی بدل گیا۔ اب جبکہ چھوٹی بہو کی روانگی تھی تو ہر کوئی محسوس کر رہا تھا، اور حسرت بھرے انداز میں کہہ رہا تھا،
’’چھو ٹی بہو، تم چلی جاؤ گی تو گھر سونا ہو جائے گا۔ ‘‘ لیکن چھوٹی بہو نے اپنی نند جو بہن سے کم نہ تھی ، زینت کو تمام تر ہدایات دے دی تھیں۔ اسے امید تھی کہ زینت اب اپنے گھر کی زینت کو قائم رکھے گی ۔ جاتے جاتے جب وہ زینت سے گلے مل رہی تھی، سب ہی اس کی جدائی پر سسکیاں بھر رہے تھے ۔ کوئی بھی اپنے آنسوؤں کو ضبط کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا تھا ۔ماں ،بڑی بھابی ،
نصرت آپا سب کی آنکھوں میں آنسوں تھے ۔ اسی ماحول میں چھوٹی بہو نے زینت سے کہا:
’’ مجھے خط کے ذریعہ سب کی خیریت بتاتی رہنا،اور سب کی خدمت اور اصلاح کا بھی خیال رکھنا۔‘‘
زینت نے انھیں اطمینان دلایا اور وعدہ کرلیا کہ وہ ضرور یہ کام کرتی رہے گی اور سب کا خیال بھی رکھے گی۔چھوٹی بھابی تو رخصت ہو گئیں۔ اب زینت کو احساس ہوا کہ اس نے چھوٹی بھابی سے کیسا وعدہ کرلیا ، کیا وہ یہ بارِ گراں اٹھا سکے گی؟ وہ دل ہی دل میں سوچ رہی تھی کہ’’کاش ! اللہ میری لاج رکھ لے، مجھے اپنا وعدہ نباہنے کے لئے آسانیاں مہیا کردے اور میں چھوٹی بھابی کی واپسی تک گھر کو اسی طرح سنوارے رکھوں جیسے وہ چھوڑ کر گئی ہیں۔ ‘‘
٭ ٭ ٭


0 Comments