درس قرآن
زمرہ : النور

قال اللہ تعالی: وَلَا تَقْتُلُوا أَوْلَادَكُمْ خَشْيَةَ إِمْلَاقٍ ۖ نَّحْنُ نَرْزُقُهُمْ وَإِيَّاكُمْ ۚ إِنَّ قَتْلَهُمْ كَانَ خِطْئًا كَبِيرًا. (بنی اسرائیل: ۳۱)

 ترجمہ: ’’اور اپنی اولاد کو تنگ دستی کے خوف سے قتل نہ کرو، ہم ہی انھیں بھی رزق دیتے ہیں اور تمھیں بھی۔ یقیناً ان کا قتل ایک بڑا گناہ ہے۔

‘‘شانِ نزول و پس منظر

اسلام سے پہلے عرب جاہلیت میں یہ دستور تھا کہ بعض لوگ غربت اور فقر کے ڈر سے یا توہم پرستی کی وجہ سے اپنی اولاد خصوصاً بیٹیوں کو زندہ دفن کر دیتے تھے یا قتل کر ڈالتے تھے۔ ان کے نزدیک زیادہ اولاد معاشی بوجھ سمجھی جاتی تھی۔ قرآن نے اس تصور کی جڑ کاٹ دی کہ رزق اولاد کے پیدا ہونے سے تنگ پڑ جاتا ہے۔ اصل رازق اللہ ہے، جو والدین اور اولاد دونوں کو کھلاتا ہے۔
سورۃ الانعام (آیت ۱۵۱) میں بھی یہ مضمون آیا ہے، لیکن وہاں الفاظ ہیں: ’’مِنْ إِمْلَاقٍ‘‘ یعنی اگر تم فقیر ہو تب بھی اولاد کو قتل نہ کرو۔ جب کہ سورۃ بنی اسرائیل میں آیا ہے: ’’خَشْيَةَ إِمْلَاقٍ‘‘۔ املاق کا معنیٰ: مفلسی وناداری کے ہیں۔ یعنی اگر فقر کا خوف ہی ہو تب بھی قتل نہ کرو۔
اس سے معلوم ہوا کہ اسلام نے ’’فقر کے حال‘‘ اور ’’فقر کے ڈر‘‘ دونوں حالتوں میں قتلِ اولاد کو سختی سے حرام قرار دیا ہے۔ اس میں ایک بلاغت کا نقطہ یہ ہے کہ سورہ بنی اسرائیل میں نرزقھم وایاکم اور سورہ انعام میں نرزقکم وایاھم فرمایا ہے۔ مفسرین نے یہ تاویل کی ہے کہ چوں کہ سورہ بنی اسرائیل میں املاق (فقر) کا اندیشہ تھا، فقر کا نہیں تھا تو اولاد کی ضمیر کو مقدم کیا اور سورہ انعام میں املاق (غربت) تھی تو والدین کے ذکر کو مقدم کیا اور اس میں والدین کی تقدیم سے اشارہ ہے کہ تمھیں رزق اس لے دیا جاتا ہے کہ تم بچوں کو پہنچاؤ۔ حدیث میں اسی بات کا صراحت سے ذکر ملتا ہے: ’’انما تنصرون وترزقون بضعفاءكم‘‘ تمھارے کمزور لوگوں کے طفیل میں اللہ تمھاری مدد فرماتا ہے۔

ماسبق آیات سے ربط

اس آیت سے پہلے اللہ تعالیٰ نے ایک اخلاقی و معاشرتی ضابطۂ حیات دیا ہے، جنھیں ’’وصایا عشرہ‘‘ کہا جاتا ہے، یعنی دس بڑی ہدایات، جیسے: اللہ کے ساتھ شرک نہ کرنا، والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کرنا، مسکین، مسافر اور قریبی رشتہ دار کا حق ادا کرنا، فضول خرچی نہ کرنا، بخل نہ کرنا، نہ اسراف کرنا، ان سب کے بعد قتلِ اولاد سے منع کیا گیا۔ یہ وہ بڑے بڑے بنیادی اصول اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت کا وہ منشور اسلامی ہے جن کی درستی پر پورے معاشرے کی درستی کا انحصار ہے۔ جو مکی زندگی کے خاتمے اور مدنی دور کے آغاز میں اہل عرب کے سامنے پیش کردیا گیا تھا کہ اسی خاکہ پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم اپنے ملک اور پوری انسانیت کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ منشور اسلامی کی یہ دفعات حقوق ہڑپ کرنے والوں کی تخریبی کوشش کے بجائے انسان کا انسانوں پر حق قائم کرتی ہے کہ معاشرے کا ہر فرد ان سب انسانوں کے حقوق اپنی ذات اور اپنے مال پر محسوس کرے۔ اپنی کمائی و دولت کو صرف اپنے لیے مخصوص نہ کرے، بلکہ اعتدال کے ساتھ خرچ کرکے اقرب فالاقرب کے اصول پر اپنے اقربا وحاجت مندوں پر خرچ کرے۔
چناں چہ اسلامی ریاست میں صدقات واجبہ وصدقات نافلہ کے احکام، وصیت، وراثت، وقف کے طریقے، یتیموں کے حقوق کی حفاظت اور مسافروں کی ضیافت کا حق معاشرہ پر قائم کیا گیا اور ان معاشی بنیادوں کو منہدم کیا گیا، جو قتل اولاد یا ضبط ولادت کا محرک ہوتی ہیں۔ آیت کریمہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ فرمایا: ’’لا تقتلوا أولادکم خشیة إملاق، نحن نرزقھم وایاکم.‘‘ مطلب یہ کہ معاشی فکر اور خاندانی بوجھ کے خوف میں ظالمانہ قدم نہ اٹھاؤ۔

اہم نکات کی تشریح
(۱) رزق دینے والا اللہ ہے

انسان یہ گمان نہ کرے کہ زیادہ اولاد ہوگی تو کھانا کم پڑ جائے گا۔ اللہ کی زمین وسیع ہے اور وہی سب کا رزق مقرر کرتا ہے۔ سورہ عنکبوت کی آیت ۶۰ میں اللہ رب العزت فرماتا ہے کہ ’’کتنے ہی جاندار ہیں جو اپنا رزق نہیں اٹھائے پھرتے، اللہ انھیں بھی رزق دیتا ہے اور تمھیں بھی۔‘‘ تجربہ شاہد ہے کہ آبادی جتنی بڑھتی گئی اتنے ہی بلکہ اس سے بھی ذیادہ ذرائع معاش وسیع ہوتے چلے گئے۔

(۲) قتلِ اولاد گناہ کبیرہ ہے

قرآن نے اسے ’’خِطئًا کَبیرًا‘‘ کہا، یعنی بہت بڑا گناہ۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ نے پوچھا یا رسول اللہ! آپ کے نزدیک سب سے بڑا گناہ کیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کہ تو کسی کو اللہ کا شریک ٹھہرائے، حالاں کہ اس نے تمھیں اکیلے پیدا کیا۔ میں نے پوچھا: اس کے بعد؟ فرمایا: کہ تم اپنی اولاد کو اس خوف سے قتل کردو کہ وہ تمھارے ساتھ کھائے گی۔
قتل کی مختلف شکلیں ہو سکتی ہیں۔ زبردستی اسقاطِ حمل (Abortion) کرنا، معاشی ڈر کی وجہ سے فیملی پلاننگ کے ناجائز طریقے اختیار کرنا بھی قتل ہی کی شکل ہے۔ فقہاء نے دیگر صورتوں کو بھی قتل میں شمار کیا ہے، جیسے:
اخلاقی وروحانی قتل۔
شعوری اور غیر شعوری طور پر معاشرتی وتعلیمی قتل بھی ہوتا ہے۔ تعلیم وصحت کی طرف سے لا پرواہی برتنا، سستی، غفلت یا غربت کے اندیشے سے بچپن سے مزدوری پر لگا دینا اسی کا حصہ ہے۔

(۳) اسلام کا معاشرتی پیغام

اسلام چاہتا ہے کہ انسان مستقبل کی فکر کرے، مگر اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو اور اپنی اولاد کو بوجھ نہ سمجھے، بلکہ اللہ کی امانت جانے۔ نیک اولاد اللہ کی بہت بڑی دولت اور آنکھوں کی ٹھنڈک ہے اور ہر والدین کی آرزو بھی ہے۔ صالح اولاد کی دعا مومن کا شیوہ رہا ہے: ربنا ھب لنا من أزواجنا وذريتنا قرة أعين وجعلنا للمتقين إماما.
اولاد کی قدر اور اس کی تعلیم وتربیت والدین کی ذمہ داری ہے۔ اسے اسلامی آداب واخلاق کا خوگر بنانا، اس کی دنیا بنانے سے زیادہ آخرت کی فکر کرنا اور اسے بگڑنے سے بچانا ان کا کام ہے۔ ارشادِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: ’’أکرموا أولادکم وأحسنوا أدبكم‘‘۔ اپنی اولاد کی عزت کرو اور اسے بہترین ادب سکھاو۔
باپ کا سب سے بہترین تحفہ حسن ادب ہے۔ لڑکی ہو لڑکا اولاد میں سب یکساں شامل ہیں۔ اس میں تفرق نہ کرنا، دونوں کی تعلیم وتر بیت اور کھلانے پلانے میں عدل سےکام لینا اولاد کا حق ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس شخص کے یہاں بیٹی ہو، وہ اسے زندہ در گور نہ کرے اور اسے ذلیل نہ کرے اور بیٹے کو اس پر ترجیح نہ دے، تو اللہ تعالیٰ اسے جنت میں داخل کردے گا۔
غرض یہ کہ آیت کریمہ اولاد کی قدر و قیمت اور اس کی تعمیر وترقی کے لے مال خرچ کرنے پر ابھارتی ہے، نہ کہ خرچ کے ڈر سے مارنے اور افزائش نسل کو روکنے پر۔ بلکہ اس کے برعکس اسلام نے کثرت اولاد کی ترغیب دی ہے۔
نبی ﷺ نے فرمایا: ’’محبت کرنے والی اور زیادہ بچے پیدا کرنے والی عورت سے نکاح کرو، کیوں کہ میں قیامت کے دن تمہاری کثرت پر فخر کرونگا۔‘‘ (ابن ماجہ: ۱۸۴۵)

فیملی پلاننگ اور اسلامی نقطہ نظر

آج کی دنیا میں فیملی پلاننگ اور آبادیاتی کنٹرول کے نام سے ایک عالمی تحریک چلائی جا رہی ہے، جس کا مقصد یہ باور کرانا ہے کہ زیادہ بچے غربت، بے روزگاری اور مسائل کی جڑ ہیں۔ یہ سوچ بالکل مغربی سرمایہ دارانہ ذہنیت کی پیداوار ہے، جو انسان کو محض معاشی مشین سمجھتی ہے۔ اسلام اس کے برعکس اولاد کو اللہ کی رحمت اور نعمت قرار دیتا ہے۔ کثرتِ نسل اسلام میں باعثِ برکت اور باعثِ فخر ہے۔
فیملی پلاننگ مغربی ممالک کی سازش ہے۔ وہ مسلم دنیا کو کمزور کرنے کے لیے آبادیاتی کنٹرول کے پروجیکٹ چلاتے ہیں۔ بہانہ بنایاجاتا ہے کہ زیادہ بچے غربت بڑھاتے ہیں۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ وسائل کی کمی نہیں، بلکہ ان کی غلط تقسیم ہے۔ مقصد مسلمانوں کو نشانہ بنانا ہے۔ چوں کہ مسلمان نوجوانوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس لیے یہ طاقتیں مسلمانوں کو آبادی کم کرنے پر مجبور کرنا چاہتی ہیں۔

کثرتِ اولاد کے فوائد (اسلامی و معاشرتی نقطہ نظر سے)

(۱) دینی فائدہ: زیادہ نیک اولاد عبادت گزار، داعیان اور دین کے خادم بنیں گے۔
(۲) معاشرتی فائدہ: زیادہ انسانی وسائل سے معاشرہ مضبوط اور فعال ہوتا ہے۔
(۳) معاشی فائدہ: دنیا کی بڑی معیشتیں (چین، بھارت وغیرہ) اپنی بڑی آبادی سے ہی عالمی طاقت بنیں۔
(۴) قومی فائدہ: قوموں کی طاقت زیادہ تعداد اور باصلاحیت افراد میں ہے۔
(۵) اخروی فائدہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم قیامت کے دن اپنی امت کی کثرت پر فخر کریں گے۔

اسلامی نقطہ نظر سے فیملی پلاننگ جائز یا ناجائز؟

فیملی پلاننگ کا یہ نظریہ اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ اسے قبول کرنا اللہ کے رزق پر بدگمانی ہے۔ البتہ اگر کسی عورت کی صحت، جان کا خطرہ یا خاص طبی عذر ہو تو وقتی طور پر بچوں میں وقفہ کرنے کی گنجائش ہے (فقہاء کے نزدیک)۔ لیکن مستقل طور پر کم بچے پیدا کرنے یا دو بچوں پر اکتفا کرنے کی سوچ درست نہیں۔مختصر یہ کہ اولاد اللہ کی نعمت ہے بوجھ نہیں۔
کثرتِ اولاد اسلام میں باعثِ برکت، امت کی قوت اور نبی ﷺ کے فخر کا ذریعہ ہے۔ اللہ ہمیں اپنی اولاد کو نیک و صالح اور امت کے لیے نافع بنانے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں باطل پروپیگنڈوں سے محفوظ رکھے، آمین۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے