حب رسول اور اس کے تقاضے
زمرہ : ادراك

بازاروں اور ریلوے اسٹیشن پر ہر قسم کے بھجن کرتن کرتے ہوئے غیر مسلم نظر آتے ہیں، مگر وہاں نہ دوسرے مذہب کے ماننے والوں کا خیال رکھا جاتا ہے اور نہ کسی کا کوئی لحاظ ہوتا ہے۔ انتظامیہ کی بھی مجال نہیں جو انھیں روک سکے۔ رات رات بھر مذہبی تہواروں کے درمیان تیز آواز سے ساونڈ سسٹم لگائے جارہے ہیں، لیکن کسی کو صوتی آلودگی اور ٹویوٹا قانون کا لحاظ نہیں، لیکن صرف آئی لو محمد صلی اللہ علیہ وسلم کہنے پر گرفتاریاں ہوتی ہیں اور ان پر مختلف دفعات کے تحت کیس درج کردیا جاتا ہے۔ آج کل ہندوستان کی جمہوریت ناانصافی اور ظلم و بربریت کی تاریخ مرتب کررہی ہے۔ نفرت کی بازی گری ایسی ہے کہ اپنے مذہب پر چلنے کی آزادی سے بھی اقلیتوں کو محدوم کیا جارہا ہے۔ اگر کوئی شخص صرف یہ جملہ ”I Love Muhammad SAW“ کہے تو یہ ایک مذہبی اور شخصی اظہار ہے۔ آئین کے مطابق یہ جرم نہیں ہو سکتا، کیوں کہ اس میں نہ تو کسی دوسرے مذہب کی توہین ہے، نہ تشدد پر اکسانا، نہ ہی نفرت انگیزی۔ گرفتاری کی صورت میں یہ عمل آزادیِ اظہار اور مذہبی آزادی دونوں کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔
بولنے اور اپنے مذہب پر عمل کرنے کی آزادی ہمارا حق ہے۔ ہندوستان جیسے جمہوری اور سیکولر ملک میں ’’آئی لو محمد‘‘ کہنا کسی بھی آئینی یا قانونی طور پر جرم نہیں ہے۔ اگر گرفتاری ہوتی ہے تو یہ جمہوری اقدار، آئینی آزادی اور مذہبی حقوق کے منافی عمل ہے۔ اصل جمہوری طرزِ عمل یہ ہے کہ ہر مذہب کے ماننے والے کو اپنے مذہبی جذبات کے اظہار کی آزادی ہو، جب تک وہ کسی دوسرے مذہب یا سماجی امن کو نقصان نہ پہنچائے۔
جمہوری معاشرے میں محبت کے اظہار کو جرم بنانا انصاف کے خلاف ہے۔ یہ اظہار صرف اظہار نہیں ہے بلکہ ایمان کا عین تقاضا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’لا يؤمن أحدكم حتى أكون أحبَّ إليه من والده وولده والناس أجمعين.‘‘ (متفق علیہ)
’’تم میں سے کوئی اس وقت تک کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک میں اسے اس کے والد، اولاد اور تمام انسانوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔‘‘
حضرت عمرؓ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! آپ مجھے سب سے زیادہ محبوب ہیں سوائے میری جان کے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’نہیں، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! جب تک میں تمھیں تمہاری جان سے بھی زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں، ایمان مکمل نہیں۔‘‘ حضرت عمرؓ نے عرض کیا: ’’اب آپ مجھے اپنی جان سے بھی زیادہ محبوب ہیں۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’اب اے عمر! تمہارا ایمان کامل ہوا۔‘‘
ایک مسلمان کے ایمان کا اولین تقاضا حب الہی اور حب رسول ہے اور اس پر یہ فطرتا غالب ہونا چاہیے کہ وہ اپنی ذات سے زیادہ اللہ رب العالمین اور نبی رحمت صلی اللہ سے محبت نہ ہوجائے۔ شاہ ولی اللہؒ فرماتے ہیں:
’’حبِّ رسول صلی اللہ علیہ وسلم در حقیقت حبِّ الٰہی کا لازمی نتیجہ ہے۔ جو شخص اللہ سے محبت کرتا ہے، وہ لازماً اس کے رسول سے بھی محبت کرے گا، کیوں کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے محبوب اور اس کے دین کے مظہرِ کامل ہیں۔‘‘ (حجۃ اللہ البالغہ)
یہ تو صرف اظہار ہے۔ ایک میلاد نبی کے موقع پر کہا گیا ایک جملہ ہے، جو کہا گیا۔ جب کہ ایک مسلمان کا ہر لمحہ اس اظہار کے ساتھ گزرنا چاہیے، جیسا امام ابن قیمؒ نے فرمایا: ’’محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ایمان کی روح ہے ہے، جس کے بغیر ایمان بے جان ہے۔‘‘
امام غزالیؒ فرماتے ہیں: ’’محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا ثبوت یہ ہے کہ آدمی ان کی سنت کو اپنے قول و فعل پر غالب کرے اور اپنی خواہشات کو ان کے حکم کے آگے فنا کر دے۔‘‘
مولانا اشرف علی تھانویؒ: ’’حبِّ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی علامت یہ ہے کہ آدمی اپنے اعمال، عادات اور معاملات میں دیکھے کہ سنت کہاں ہے، اور پھر اسی پر عمل کرے۔ صرف جذباتی دعویٰ محبت نہیں کہلا سکتا۔‘‘
حب رسول یہی ہے کہ ہم اپنی عملی زندگی میں مکمل دین پر عمل کریں۔ اس رد عمل کی تحریک کو ہم سرد نہ پڑنے دیں۔ اپنے بچوں میں اس تحریک کی نسبت عملی اور ٹھوس اقدام کریں۔ معصوم بچے آج کل راستوں پر، نکڑوں پر بینر لے کر کھڑے ہیں اور راہ گیر سے کہہ رہے ہیں ’’آئی لو محمد صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ کی اس مہم کا حصہ بنیے۔ جہاں یہ بات خوش آئند ہے کہ بچہ بچہ اس جذبے سے سرشار ہے، وہیں ایک ہمہ گیر مہم بچوں کے درمیاں منانی چاہیے کہ بچے اس محبت کے تقاضوں کو سمجھیں۔
ردعمل دینا بھی درست ہے، تاہم بر سر اقتدار قوموں کا یہ رویہ بہت کچھ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ ہم اپنی ان نسلوں کو ان سازشوں کا نہ صرف مقابلہ کرنا سکھائیں، بلکہ ساتھ ہی خاموشی کے ساتھ ان بچوں کو حقیقی دین سکھائیں۔ ہر فرد کا فرض یہ ہے کہ ان حالات میں خود پر لازم کرلیں کہ خاموشی کے ساتھ بچوں کو حقیقی دین پر عمل کرنا سکھائیں اور انھیں مساجد سے جوڑیں۔
یاد رہے کہ یہ وقتی سازش تو ہوسکتی ہے کہ توقیر رضا بریلوی صاحب کو وہ صرف پیارے نبی سے محبت کے اظہار پر گرفتار کرلیں۔ ان کے قریبی افراد کے بزنس اور ہوٹل اور دیگر ملکیت پر ہاتھ ڈالیں اور بلڈوزر پالیٹکس کریں، لیکن ساتھ ہی یہ زہر جو وہ اقلیتی عوام میں پھیلارہے ہیں، یہ بعد میں نئی نسل کے حق میں خطرناک روپ دھار لے گا، اس لیے ہم مضبوط کام کریں، ان بچوں کو آج ہی سے اس تحریک کا حصہ بنادیں، جیسا کہ مولانا مودودیؒ لکھتے ہیں: ’’ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ انسان اپنی ساری محبتوں، چاہتوں اور وفاداریوں کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ کی محبت کے تابع کر دے۔ اگر رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت دل کے اندر غالب نہیں تو ایمان محض ایک دعویٰ ہے، حقیقت نہیں۔‘‘
درج ذیل لائحہ عمل دیا جارہا ہے تاکہ ہم اگلا منصوبہ بناسکیں۔ اپنے بچوں کو مسجد سے جوڑیں۔ ہمارے درمیان مرد حضرات مکمل ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ہر محلے کی مسجد کا انچارج بنیں اور CIO چلڈرن اسلامک مومنٹ کا حصہ بنتے ہوئے بچوں کی مسجد میں سرگرمیاں انجام دیں۔ جیسے:
1) اذان کا مقابلہ
2) سیرت کہانیوں کی محفل
3) اول صف میں شرکت کے مقابلے
4) بچوں کے درمیان خطبات جمعہ کا اہتمام
5) بچوں سے مسجد کی صفائی
6) مقتدی کے احکام کی تشریح اور نماز کے احکامات
7) محلے کے گھروں میں دیگر بچوں کی شمولیت
8) اسکول میں اگر بچے ایک وقت کی نماز ادا کررہے ہوں تو کوئی معلم ذمہ داری لیتے ہوئے بچوں کی دینی معاملات کی دیکھ بھال کرے۔
یاد رہے کہ تعلیم میں لڑکیوں کا شعور لڑکوں کے مقابلے زیادہ بڑھا ہے اور دینی شعور کا ثبوت بھی انھیں کی طرف سے دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ابھی سیرت کے موقعہ پر ہونے والے مقابلوں سے ہم نے ڈیٹا جمع کرنے کی کوشش کی تو ایک محتاط اندازے کے مطابق ۱۵۰؍ میں سے ۲۰؍ لڑکے اور ۱۳۰؍ لڑکیوں نے حصہ لیا ہے اور اسی طرح ایک دوسری جگہ ۷۰۰؍ شرکاء میں سے ۱۰۰؍ ہی لڑکے ہیں۔
ہر جگہ سے لڑکوں کی تعداد ہمیں کم نظر آرہی ہے اور ان سازشوں کا مقابلے کرنے کے لیے لڑکے ہی میدان عمل میں ہوں گے۔ پورے ملک میں منظم تحریک چلا کر بچوں کی دینی فکر کو مضبوط کرنے اور جھکاؤ صرف ایک نہ ہو توازن پیدا کرنے کی بھی کوشش کرنی ہوگی۔

٭ ٭ ٭

بولنے اور اپنے مذہب پر عمل کرنے کی آزادی ہمارا حق ہے۔ ہندوستان جیسے جمہوری اور سیکولر ملک میں ’’آئی لو محمد‘‘ کہنا کسی بھی آئینی یا قانونی طور پر جرم نہیں ہے۔ اگر گرفتاری ہوتی ہے تو یہ جمہوری اقدار، آئینی آزادی اور مذہبی حقوق کے منافی عمل ہے۔ اصل جمہوری طرزِ عمل یہ ہے کہ ہر مذہب کے ماننے والے کو اپنے مذہبی جذبات کے اظہار کی آزادی ہو، جب تک وہ کسی دوسرے مذہب یا سماجی امن کو نقصان نہ پہنچائے۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے