درس حدیث
زمرہ : النور

اسلام صرف عبادات یا عبادت گاہوں تک محدود دین نہیں، بلکہ ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے، جو انسان کے ہر پہلو پر رہنمائی کرتا ہے۔ اس دین کامل نے جہاں والدین، رشتہ داروں، یتیموں اور مسکینوں کے حقوق بیان کیے، وہیں پڑوسی کے حقوق کو بھی خاص اہمیت دی ہے۔ ایک اچھا مسلمان وہی ہے جو اپنے پڑوسی کے لیے خیر خواہ ہو، اس کی تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھے، اور اسے کسی بھی قسم کی ایذا نہ دے۔

حضرت عبداللہ ابن عمر سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’خیر الأصحاب عند اللہ خیرهم لصاحبه وخَيْرُ الْجِيرَانِ عِنْدَ الله خَيْرُهُمْ لِجَارِهِ‘‘ اللہ کے نزدیک سب سے بہتر دوست وہ ہے جو اپنے دوست کے ساتھ اچھا ہو اور اللہ کے نزدیک سب سے بہتر پڑوسی وہ ہے جو اپنے پڑوسی کے لیے سب سے بہتر ہو۔(سنن ترمذی: ۱۹۴۴)
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

’’وَاعْبُدُوا اللهَ وَلَا تُشْرِكُوا بِهِ شَيْئًا، وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا، وَبِذِي الْقُرْبَى وَالْيَتَامَى وَالْمَسَاكِينِ، وَالْجَارِ ذِي الْقُرْبَى وَالْجَارِ الْجُنب…‘‘ (سورة النساء: ۳۶)

اس آیت میں قریبی پڑوسی رشتہ دار اور دور کے پڑوسی (اجنبی) دونوں سے حسن سلوک کا حکم دیا گیا ہے، جو اس بات کی دلیل ہے کہ پڑوسی کے حقوق دین اسلام میں کتنے اہم ہیں۔ پڑوسی کے ساتھ حسن سلوک میں مسلم اور غیر مسلم دونوں شامل ہیں۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’مَا زَالَ جِبْريلُ يُوصِينِي بِالْجَارِ، حَتَّى ظَنَنْتُ أَنَّهُ سَيُوَرَتُهُ‘‘۔ جبرائیل علیہ السلام مجھے مسلسل پڑوسی کے بارے میں نصیحت کرتے رہے، یہاں تک کہ میں نے گمان کیا کہ شاید پڑوسی کو بھی وارث قرار دے دیا جائے گا۔ (متفق علیہ) یہ حدیث پڑوسیوں کے حقوق کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔ ایک دوسری حدیث میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وہ شخص (کامل) مومن نہیں۔ یہ بات آپ نے تین بار عرض کی۔ صحابہ نے دریافت کیا: کون یا رسول الله؟ آپ ﷺ نے فرمایا: وہ شخص (کامل) مومن نہیں جس کی شرارتوں سے اس کا پڑوسی محفوظ نہ ہو۔ (بخاری)
گویا پڑوسی کو تکلیف دینا ایسا سنگین جرم ہے کہ وہ انسان کمال ایمان کے درجے سے نیچے آجاتا ہے۔ اسی طرح روایات میں آتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بتایا گیا کہ ایک عورت ہے جو تہجد گزار ہے۔ فرائض کے ساتھ نوافل کا بھی اہتمام کرتی ہے، لیکن اپنے پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک نہیں کرتی۔ تو آپ نے فرمایا: وہ عورت جہنمی ہے۔ پھر بتایا کہ ایک عورت ہے جو صرف فرائض ادا کرتی ہے لیکن اپنے پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کرتی ہے تو آپ نے فرمایا وہ جنتی ہے۔
پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کے معاملے میں مذہب کی کوئی تفریق نہیں ہے، بلکہ غیر مسلم کے ساتھ حسن سلوک کی زیادہ ضرورت ہے۔ اپنے حسن سلوک سے ہم ان کے سامنے اسلام کا عملی نمونہ پیش کر سکتے ہیں۔ جامع ترمذی میں عبداللہ ابن عمرو کا واقعہ مذکور ہے کہ ان کے گھر بکری ذبح کی گئی تو انھوں نے اپنے گھر والوں سے پوچھا کہ کیا ہمارے یہودی پڑوسی کو ہدیہ بھیجا گیا ہے؟ ایک دوسری حدیث میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ پڑوسی تین طرح کے ہوتے ہیں؛ ایک وہ پڑوسی ہے جس کا تین حق ہے اور ایک وہ پڑوسی ہے جس کا دو حق ہے اور ایک وہ پڑوسی ہے جس کا صرف ایک حق ہے۔ وہ پڑوسی جس کا تین حق ہے، وہ ہے جو مسلمان بھی ہو رشتہ دار بھی ہو اور پڑوسی بھی ہو۔ اس کا ایک حق مسلمان ہونے کا، دوسرا رشتہ دار ہونے کا اور تیسرا پڑوسی ہونے کا۔ دوسرا پڑوسی جس کا دو حق ہے، وہ دینی بھائی ہو اور مسلمان ہو اور تیسرا پڑوسی وہ ہے جو غیر مسلم ہو۔ ان احادیث کے ذریعے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اگر پڑوسی غیر مسلم ہو تو وہ بھی ہمارے حسن سلوک کا مستحق ہے۔ جب ہم سیرت کا مطالعہ کرتے ہیں۔
تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ مکہ میں جو لوگ بھی مشرف بہ اسلام ہوئے، وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حسن اخلاق سے متاثر ہو کر ہوئے اور یہیں سے یہ بات بھی واضح ہو جاتی ہے کہ اسلام تلوار کے بل پہ نہیں پھیلا ہے۔ اسلام حقیقت میں ایک ایسا مذہب ہے جس میں ہر کسی کے حقوق کا خیال کیا گیا ہے، جو امن اور سلامتی کا مذہب ہے۔ موجودہ دور میں جہاں ہر سو ہندو مسلم کا بھید بھاؤ چل رہا ہے، وہاں ہم مسلمانوں کی یہ ذمہ داری بڑھ جاتی ہے کہ ہم اپنے کردار کے ذریعے اسلام کا عملی نمونہ پیش کریں کہ ایک داعی کے لیے اس سے بہتر کوئی اور موقع اور طریقہ نہیں ہو سکتا۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

پڑوسی کو تکلیف دینا ایسا سنگین جرم ہے کہ وہ انسان کمال ایمان کے درجے سے نیچے آجاتا ہے۔ اسی طرح روایات میں آتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بتایا گیا کہ ایک عورت ہے جو تہجد گزار ہے۔ فرائض کے ساتھ نوافل کا بھی اہتمام کرتی ہے، لیکن اپنے پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک نہیں کرتی۔ تو آپ نے فرمایا: وہ عورت جہنمی ہے۔ پھر بتایا کہ ایک عورت ہے جو صرف فرائض ادا کرتی ہے لیکن اپنے پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کرتی ہے تو آپ نے فرمایا وہ جنتی ہے۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے