انسان کا سب سے پُراسرار اور بامعنی سفر اس کی اپنی ذات کا سفر ہے۔ یہ محض جسمانی سفر نہیں بلکہ ایک داخلی و روحانی مسافت ہے، جو انسان کو اندھیروں، خاموشیوں اور سنگلاخ وادیوں سے گزارتے ہوئے، اس کی اصل حقیقت سے آشنا کراتی ہے۔ یہ سفر آسان نہیں۔ یہ سناٹے میں لپٹی تنہائی، آزمائشوں سے بھری راہوں اور سوالوں کے طویل موسموں سے گزرتا ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ انسان کو صرف جینا نہیں، بامقصد جینا سیکھنا ہوتا ہے اور یہی جینا شعور کا دروازہ کھولتا ہے۔
دراصل اگر غور سے دیکھیں تو ’’سفرِ ذات‘‘ محض ایک عنوان نہیں، بلکہ ایک سوال ہے۔ کیا انسان اپنی ذات کا عرفان پا سکا ہے؟
کیا وہ شعور کی دہلیز پر قدم رکھ چکا ہے؟ اس سوال کا سب سے حسین جواب ہمیں علامہ اقبالؒ دیتے ہیں:
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے، بتا، تیری رضا کیا ہے
یہ محض شعر نہیں، ایک پوری زندگی کا منشور ہے۔ اقبال کا تصورِ خودی درحقیقت وہ وجودی بصیرت ہے، جس کے بغیر انسان، انسان نہیں بنتا۔ اسی تصور سے انسان اپنی حقیقت کو پہچانتا ہے، اپنی قدر پہچانتا ہے اور تبدیلی کی جستجو میں اپنا مقام بناتا ہے۔ اقبال ہمیں بتاتے ہیں کہ تغیر، سعی اور مسلسل جدوجہد ہی وہ راستہ ہے جو لاشعور سے شعور تک لے جاتا ہے اور یہی جدوجہد انسان کو خاک سے افلاک تک لے جاتی ہے۔
مجھے یاد ہے میرے والد صوفے پر بیٹھے تھے اور ہم بچے ان کے قدموں میں بیٹھے کسی فکری موضوع پر بات کر رہے تھے۔ تصورِ خودی زیرِ بحث تھا۔ میرے والد نے بڑی محبت سے کہا: ’’اقبال کا طرزِ فکر، ان کی خودی سے پھوٹتا ہے۔‘‘
میں نے جلدی سے کلیاتِ اقبال اُٹھائی اور وہ شعر تلاش کیا جو اس گفتگو کی روح تھا:
خودی کیا ہے رازِ درونِ حیات
خودی کیا ہے بیدارئی کائنات
یہ دو مصرعے میری زندگی میں ایک انقلاب بن گئے۔ کائنات اور حیات کے بیچ جو پردہ تھا، وہ رفتہ رفتہ ہٹنے لگا۔ مجھے احساس ہوا کہ جو لوگ تقویٰ، للّٰہیت، دعوت اور اصلاح کو اپنا مشن بناتے ہیں، وہی سفرِ ذات کو شعور کی دہلیز تک پہنچاتے ہیں۔ خالقِ کائنات خود فرماتا ہے: ’’وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْاِنسَ اِلَّا لِيَعْبُدُوْنِ۔’’ (الذاریات: ۵۶) میں نے جنّ و انسان کو صرف اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا ہے۔ یعنی زندگی کا اصل مقصد عبادت، بندگی اور شعورِ بندگی ہے۔ بے مقصد زندگی ایک ایسی گم گشتہ کشتی کی مانند ہے، جسے نہ ساحل کا پتہ ہے، نہ سمت کا۔
اسی تصور کو جدید نفسیات نے بھی تسلیم کیا ہے۔ مارٹن سیلگمین مثبت نفسیات کے بانی نے Learned Helplessness سے نکل کر Learned Optimism کا تصور پیش کیا اور پھر PERMA ماڈل دیا:
Positive Emotion, Engagement, Relationships, Meaning, Accomplishment
یعنی وہ زندگی جس میں خوشی، دلچسپی، تعلق، معنی اور کامیابی ہو، وہی اصل میں کامیاب زندگی ہے۔ یہ سب کچھ وہی لوگ پا سکتے ہیں جو اپنی ذات سے واقف ہوں۔ یعنی وہ جو سفرِ ذات سے شعور کی دہلیز تک پہنچ چکے ہوں۔
میری زندگی میں اس شعوری تبدیلی کا آغاز اُس وقت ہوا، جب میں ایک انقلابی تنظیم سے وابستہ ہوئی۔ ایک ایسی تحریک جو انسان کی فطری عظمت اور باطنی قوت کو بیدار کرنے کے لیے وجود میں آئی۔ نوجوانی کے سنہرے لمحوں میں، جب دل خواب دیکھنا سیکھتا ہے اور دماغ سوالوں سے بھر جاتا ہے، تب اس تنظیم نے مجھے اپنے دامن میں لیا۔ میرے زندگی کے ہر پہلو کو نیا معنی ملا۔ منطق و فلسفہ کا گہرا ربط سمجھ آیا، وقت کا نظم میری طبیعت میں رچ گیا اور میرے اندر علمی، فکری اور روحانی صفات پنپنے لگیں۔
اسی دور میں پہلی مرتبہ میں نے جی آئی او (GIO) کا اجتماع سنا۔ میری عمر صرف گیارہ برس تھی، مگر وہ آواز، وہ پیغام، وہ ماحول کچھ ایسا تھا کہ میرے دل میں ایک انسیت جاگ اٹھی، جو رفتہ رفتہ محبت میں ڈھل گئی۔ ایسا لگا جیسے سفرِ ذات، شعور کی دہلیز پر دستک دے چکا ہے۔ سفرِ ذات صرف اندرونِ انسان کی تلاش نہیں، یہ دنیا اور آخرت کی سمت متعین کرنے والا وہ راستہ ہے، جہاں قدم قدم پر شعور، بندگی اور خودی کے چراغ روشن ہوتے ہیں۔ اگر انسان اس سفر کو صدقِ دل سے اختیار کر لے، تو وہ نہ صرف اپنی حقیقت پہچان لیتا ہے،بلکہ خالق سے رشتہ جوڑ کر مخلوق کے جاتا ہے۔
٭ ٭ ٭
ویڈیو :
انسان کا سب سے پُراسرار اور بامعنی سفر اس کی اپنی ذات کا سفر ہے۔ یہ محض جسمانی سفر نہیں بلکہ ایک داخلی و روحانی مسافت ہے، جو انسان کو اندھیروں، خاموشیوں اور سنگلاخ وادیوں سے گزارتے ہوئے، اس کی اصل حقیقت سے آشنا کراتی ہے۔ یہ سفر آسان نہیں۔ یہ سناٹے میں لپٹی تنہائی، آزمائشوں سے بھری راہوں اور سوالوں کے طویل موسموں سے گزرتا ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ انسان کو صرف جینا نہیں، بامقصد جینا سیکھنا ہوتا ہے اور یہی جینا شعور کا دروازہ کھولتا ہے۔


0 Comments