لَّقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ لِّمَن كَانَ يَرْجُو اللَّهَ وَالْيَوْمَ الْآخِرَ وَذَكَرَ اللَّهَ كَثِيرًا. [ الأحزاب: ۲۱]
سورہ احزاب کی اس آیت میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو انسانی زندگی کا آئیڈیل قرار دیا جانا اس بات کا کھلا اعلان ہے کہ سیرت نبوی ہی دراصل حیات انسانی کی کامیابی کی شاہراہ ہے، کیوں کہ آئیڈیل ہونے کا مطلب ہی یہ ہے کہ وہ جس کا ہر عمل قابل تقلید ہو۔ یہ بھی ایک مسلم حقیقت ہے کہ تقلید بھی اسی کی جاسکتی ہے جس کا ہر عمل فطرت کے عین مطابق ہو۔ ظاہر ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اخلاق کی تکمیل کے لیے بھیجا گیا تھا، جس کی تائید حدیث مبارک ’’إنما بعثت لأتمم مکارم الأخلاق‘‘ سے ہوتی ہے۔ اس لیے کہ اخلاقیات پر عمل سے ہی معاشرتی ناہمواری دور ہوتی ہے، لیکن اس سے پہلے اس چیز کو سنوارنا بھی لازم ہے جو معاشرتی بگاڑ کا اصل سبب ہے۔ بقول شاعرے:
بھوک تہذیب کے آداب بھلا دیتی ہے
آپ صلی اللہ علیہ وسلم چوں کہ ایک بہترین ماہر نفسیات بھی تھے۔ انسانی تہذیب کو برقرار رکھنے کے لیے کیا چیز زیادہ موثر ہوسکتی ہے، آپ صلی اللہ نے اس کا ادراک کرتے ہوئے اس کا بہترین حل بھی نکالا۔ قرآن کریم کی آیت ’’وقلنا یا آدم اسکن أنت و زوجك الجنة وکلا منها رغدا حیث شئتما ولا تقربا ھذہ الشجرة.‘‘ (سورة البقرة: ۳۵) اس بات کی غماز ہے کہ انسان اور معاش کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور تاریخ شاہد ہے کہ دنیا میں معاشرتی ناہمواری معاشی بگاڑ کی بنا پر ظاہر ہوئی ہے۔
فطرت انسانی کے پیش نظر جب بھی انسان مادیت کی جانب مائل ہوا تو اپنی اس خواہش کی تکمیل میں ہر اس عمل میں ملوث ہوا، جو معاشرتی بگاڑ اور انسانی کشت و خون پر منتج ہوئی۔ لیکن سیرت نبوی کا مطالعہ اس بات کا گواہ ہے کہ نبى کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت مبارکہ کے بعد چند ہی سالوں میں دنیا کا معاشرتی نقشہ بدل گیا۔ کیوں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے معاشرے میں بگاڑ کے اصل اسباب کا حل پیش کیا اور معیشت و اقتصاد کے سنہرے اصول نہ صرف وضع کیے، بلکہ اس پر عمل بھی کرکے دکھایا۔ معیشت کے میدان میں ہر اس طریقے کو حرام قرار دے دیا جو معاشرتی ناہمواری کی راہیں کھولتی ہیں، چناں چہ معاشرتی ناہمواری جو ایک دوسرے کو حقیر سمجھنے، کمزوروں کو دبانے، آپس میں نا انصافی اور باہمی نفرت و حسد وغیرہ جیسی اخلاقی بیماریوں سے عبارت ہے، اس کا بنیادی سبب دراصل معاشی نظام کا بگاڑ ہے۔ لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے معیشت کے میدان میں ان تمام طریقوں پر قدغن لگایا جو معاشرے کو تباہی کے گڑھے تک پہنچا سکتے ہیں۔ آپ نے موجودہ دور میں رائج ٹریڈ مارکیٹنگ اور عالمی سرمایہ کاری کے ان تمام طریقوں کی ممانعت کرکے تجارت و معیشت کے کچھ سنہرے اصول وضع کیے۔ لہٰذا ٹریڈ مارکیٹنگ کا وہ طریقہ جس میں سرمایا جب اپنے بل بوتے پر مارکیٹ کو کنٹرول کرتا ہے اور مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ پیدا کرتا ہے تو وہ ازروئے شریعت حرام ہے۔ مثلا ایک تاجر جو کہ سرمایہ کی بنیاد پر ایک ساتھ بہت سا مال خرید کر مارکیٹ کی قیمت کو دوگنا کردیتا ہے اور مارکیٹ کو اونچا کردیتا ہے اور اسی طرح کبھی ایک ساتھ بہت زیادہ مال مارکیٹ میں ریلیز کر کے بازار کا بھاؤ گرا دیتا ہے، جو معاشى و معاشرتى نا ہموارى كا سبب بنتا ہے۔ لہٰذا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے مطلق حرام قرار دے دیا۔
اسی طرح معاشرتی ناہمواری کا ایک بڑا سبب روز مرہ ضروریات کے مصارف ہیں، جس کی بنا پر کبھی خاندانی مسائل زور پکرتے ہیں، تو کبھی معاشرتی مسائل جنم لیتے ہیں اور اس کا بہترین سد باب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان سے ہوتا ہے، جو انھوں نے ذخیرہ اندوزی کے سلسلے میں دیا ہے۔ کیوں کہ یہ انسان کی بنیادی ضرورت ہے، اس کى کمی بیشی سے انسانی معاشرہ کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔ آپ صلى الله عليه وسلم ارشاد فرماتے ہیں: ’’جس شخص نے کھانے پینے کی چیز چالیس دن تک روکے رکھی، بازار میں مانگ ہے مگر وہ پھر بھی اس کو فراہم نہیں کر رہا ہے، وہ چاہتا ہے کہ قیمتیں اور بڑھ جائیں، تو وہ اللہ سے بری ہوگیا اور اللہ اس سے بری ہوگیا۔‘‘ (كنز العمال : ۹۷۲۰) يعنى اللہ کا کوئی تعلق اس شخص سے نہیں اور اس شخص کا کوئی تعلق اللہ سے نہیں۔
اس کے علاوہ معاشرتی بگاڑ کی ایک اور شکل ہے جہاں معاشرے کا ہر فرد خود محنت کرکے اپنی معیشت بہتر کرنے کے بجائے دوسروں کی کمائی پر انحصار کرنے یا بغیر محنت کم وقت میں زیادہ سے زیادہ مال کمانے کا خواہاں ہوتا ہے، جس کی بنا پر باہم تعلقات کشیدہ ہوتے ہیں۔ لہٰذا اس صورتحال کی بہتری کے لیے سٹہ بازی کی تجارت کو ممنوع قرار دیا، جس میں سٹہ باز بیٹھے بٹھائے مارکیٹینگ سٹہ کھیلتے ہیں۔ حالاں کہ نہ بالفعل مال خریدتے ہیں اور نہ بیچتے ہیں۔
اس کے بالمقابل معاشرے کے ہر فرد کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے مضاربت کو جائز قرار دیا۔ اس کی وجہ یہ کہ ایک آدمی جو کہ محنت کر سکتا ہے، دوکان چلا سکتا ہے مگر اس شخص کے پاس سرمایہ نہیں ہے اور کسی دوسرے شخص کے پاس سرمایہ موجود ہے، تو اب یہ دونوں مل کر تجارت کرتے ہیں۔ ایک کی محنت ہوتی ہے اور دوسرے کا سرمایہ۔ اس صورت میں محنت اور سرمایہ کا امتزاج وجود میں آئے گا اور اسی کا نام مضاربت ہے۔ البتہ مضاربت کے قبیل کی ایک شئے مزارعت ہے، جو ایک شخص کی زمین ہے اور کوئی دوسرا شخص اس پر محنت کررہا ہے۔ اس مسئلہ میں فقہائے امت کے درمیان اختلاف ہے۔ امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک ہر قسم کی مزارعت حرام ہے۔ جب کہ بعض اس کے جواز کے قائل ہیں۔ لہٰذا ہم دیکھیں کہ انسانی کمزوریوں سے فائدہ اٹھا کر مال کمانے کو اسلام نے ناجائز قرار دیا ہے۔ اسی معاشرتی خرابیوں کا ایک اہم سبب شراب نوشی بھی ہے اور ابتدا ہی سے اور موجودہ دور میں بھی شراب کے منفی اثرات سے کوئی شخص انکار نہیں کرسکتا، کیوں کہ یہ حیوانی جذبات کو مشتعل کرتی ہے۔ چناں چہ اس کے پینے پلانے بیچنے خرید نے کو بھی اسلام نے حرام مطلق قرار دیا ہے، تاکہ معاشرہ انسانوں کی بہترین آماجگاہ بن سکے۔
معاشرے میں بہتری لانے کے لیے نبی کریم نے نہ صرف حرام طریقوں کی ممانعت کی، بلکہ معاشی جدو جہد کی ترغیب بھی دی اور عمل ید یعنی انسان کے خود اپنے ہاتھ سے کام کرنے کی بڑی عظمت و فضیلت بھی بیان کی۔ بخاری شریف میں حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ نے کوئی نبی مبعوث نہیں فرمایا جس نے اجرت پر بھیڑیں نہ چرائی ہوں۔ صحابہؓ اس بات پر متحیر ہوئے اور سوال کیا کہ اے اللہ کے نبی! کیا آپ نے بھی یہ کام کیا ہے؟ اللہ کے نبی نے جواب دیا کہ ’’میں تو چند قیراط کے عوض (چند ٹکوں کے عوض) مکہ کے لوگوں کے جانور چرایا کرتا تھا۔‘‘
( صحيح بخاری: ۲۲۶۲)
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ زریں فرمان اس بات کا پیغام دیتا ہے کہ اجرت یا مزدوری پر دوسروں کے لیے کام کرنا باعث ندامت یا موجب شرم نہیں ہے بلکہ یہی وہ سنہرا اصول ہے جو باہمی چپقلش اور نفرت و عداوت کی راہ سے نکال کر معاشرے کے لیے محبت و اخوت کی فضا ہموار کرتا ہے۔
معاشرت کی بہتری کے لیے آپ نے معیشت کے اس اصول کی اساس رکھی جس سے بے اعتنائی بسا اوقات معاشرتی زندگی میں بگاڑ پیدا کرتی ہے، چناں چہ مزدوری کی ادائیگی پر عجلت کی اللہ کے نبی نے خوب تاکید کی ہے۔ ابن ماجہ کی وہ مشہور حدیث بھی ہمارے سامنے ہے۔ راوی عبد اللہ بن عمر و بن عاص کہتے ہیں کہ اللہ کے نبی نے فرمایا کہ ’’مزدور کو اس کی اجرت ادا کردو اس سے پہلے کے اس کا پسینہ خشک ہو۔‘‘ ( سنن ابن ماجہ:۲۴۴۳)
حضور اکرم نے معاشی نظام کے ساتھ ساتھ ہی اپنے ماتحتوں کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا ہے اور فرمایا ہے کہ ’’تمہارے خدمت گزار تمہارے بھائی ہیں، جنھیں اللہ تعالیٰ نے تمہارے ہاتھوں (قبضہ) میں دے دیا ہے، اس لیے جس کا بھائی اس کے قبضے میں ہو تو اسے وہی کھلائے جو خود کھاتا ہے اور اسے ویسا ہی پہنائے، جیسا خود پہنتا ہے۔ انھیں ایسے کام کی تکلیف نہ دو جو ان سے نہ ہو سکے اور اگر انھیں زحمت دو تو ان کی مدد کرو۔‘‘ (صحیح بخاری: باب ما ینھی من السباب واللعن، حدیث: ۵۷۰۳)
اللہ کے نبی نے سوال کرنے اور بھیک مانگنے کے بجائے محنت و مزدوری کی ترغیب دلائی ہے۔ آپؐ نے فرمایا کہ ’’تم میں سے کسی شخص کا رسی لے کر پہاڑ پر چلے جانا اور پھر لکڑیوں کا گٹھر پیٹھ پر لاد کر بیچنا اور اس طرح اپنے چہرے کو بچانا اس سے کہیں بہتر ہے کہ وہ لوگوں سے سوال کرے اور وہ چاہے تو کچھ دے دیں اور چاہے تو خالی ہاتھ لوٹا دیں۔ ‘‘( صحيح بخاری)۔
یہ وہ اصول ہے جو اللہ کے حبیب نے اپنے ماتحتوں کے بارے میں وضع فرمائے ہیں اور یہی ہیں وہ اخلاقی تعلیمات کہ جب تک وہ کسی معاشرے میں بالفعل موجود نہ ہوں تو وہ محض خشک قانونی ڈھانچہ ہیں، خواہ اس کی کتنی ہی پیروی کیوں نہ کرلی جائے، معاشرے میں وہ برکات پیدا نہیں کرسکتا جو اسلام کی منشا ہے اور جن کی ہم توقع رکھتے ہیں۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے معیشت کے میدان میں نہ صرف کسب معاش کے اصول سے روشناس کرایا، بلکہ اس کے مصارف کی راہیں بھی متعین کیں، چناں چہ سال گزر جانے پر متمول افراد کے مال کا ڈھائی فیصد زکوۃ کے لیے مختص کیا اور یہی نہیں بلکہ صدقات و خیرات کی ترغیب و فضیلت بیان کرکے معاشرتی استحکام کی داغ بیل ڈالی۔ آپ کا یہ قیمتی فرمان ’’إنما تنصرون و ترزقون بضعفائکم.‘‘ ( رواہ أحمد) ’’بلاشبہ تمہیں تمہارے کمزوروں کی بدولت رزق دیا جاتا ہے۔‘‘ اس حدیث کو انسانی معاشرت کو فروغ دینے کی اساس قرار دیا جا سکتا ہے۔
موجودہ دور میں ہم ان زریں اصولوں کی اہمیت کا اندازہ بخوبی لگا سکتے ہیں، جب مادہ پرست انسان مادیت کی تلاش میں حرام و حلال کی تمیز کھو بیٹھا ہے، جس کے نتیجے میں کچھ ایسے ماحولیاتی بحران کا شکار ہوا ہے کہ امیر امیر ترین ہوتا جارہا ہے اور غریب غریب ترین۔ اسی مالی بحران کے سبب معاشرے میں کہیں حسد و جلن کا ناسور پنپ رہا ہے، تو کہیں قتل و غارت گری کا بازار گرم ہو رہا ہے۔ لیکن جب نبئ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے فرمان پر عمل کیا جائے تو بالکل حلال کسب معاش اور صحیح مصارف کے ذریعے امارت و غربت کا اس قدر تفاوت بھی ممکن نہ ہوگا اور پھر مصارف کے ضمن میں آپ کے مختلف فرمان مبارک پر عمل درآمد سے معاشرے کے محتاج و نادار افراد کی دلجوئی ہوگی اور پھر اس نتیجے میں معاشرہ بیشتر اخلاقی برائیوں سے پاک ہوجائے گا۔
نبوی معاشرے کے بنیادی اجزاء میں سے ایک امر بالمعروف ونہی عن المنکر تھا جس نے معاشرت کے حسن کو چار چاند لگایا۔ یہی وہ اہم کردار تھا جس کو نبوی معاشرے کے ہر فرد نے اپنا نصب العین بنایا، اسی وجہ سے اس معاشرے میں کرائم لیول زیرو تھا، نہ صرف کرائم لیول زیرو تھا، بلکہ اسی امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی برکت سے نبوی معاشرہ جسمانی بیماریوں سے بھی محفوظ تھا۔ اسی طرح نبوی معاشرہ کی اساس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ’’تَعَاوَنُوْا عَلَی الْبِرِّ وَالتَّقْوٰی وَلَا تَعَاوَنُوْا عَلَی الْاِثْمِ وَالْعُدْوَانِ‘‘ پر رکھی تھی کہ نیک کاموں میں ایک دوسرے کا بھر پور تعاون اور بدی کے کاموں میں بالکل بھی تعاون نہ کرنا۔ لہٰذا چشم فلک نے یہ نظارہ بھی دیکھا کہ ہر قسم کی اخلاقی برائیوں میں ملوث معاشرہ چند سالوں میں ہی بالکل پاک ہوگیا تھا۔ معاشرتی زندگی کو زیور حسن سے آراستہ کرنے کے لیے جن صفات کی ضرورت تھی وہ تمام خوبیاں مثلا دین کی خاطر ذاتی مفاد کو پس پشت ڈالنے، ایمانداری، خشیت الہی، عفو و درگزر اور باہمی تعاون وغیرہ اس معاشرے کا اٹوٹ حصہ بنیں چناں چہ انھیں خوبیوں کی بنا پر وہ معاشرہ ایک مکمل متمدن معاشرہ کہلایا۔
ہم دیکھتے ہیں کہ معاشرت و معیشت کا وہ بہترین امتزاج ہی تھا، جس نے اتنے مختصر عرصے میں وہ انقلاب برپا کیا، جس سے آج بھی تاریخ ورطۂ حیرت میں ہے۔ وہ معاشرتی انقلاب اتنا جامع و مکمل تھا، اتنا کامل و اکمل تھا، اتنا بہترین اور لازوال تھا کہ پندرہ صدی بعد بھی اگر کائناتِ انسانی میں کسی آئیڈیل معاشرے کی مثال دی جاتی ہے تو نبوی معاشرہ ہی سب سے مقدم نظر آتا ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے اصحاب کی معاشرت کو دنیا کے لیے نمونہ بنانا تھا، سو اس لیے ان کی معاشرت کو بہتر سے بہترین بنایا، یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پر خلوص محنت کا ثمرہ ہی تھا کہ جو لوگ معاشرتی بد حالی کا شکار تھے، وہی لوگ معاشرتی زندگی کے لیے کسوٹی اور پیمانہ بن گئے۔ وہی معاشرہ نبوی اصلاحات کی بدولت دنیا کا بہترین مثالی معاشرہ کہلایا۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے معاشرتی خرابی کی اصل وجوہات کا سد باب کرتے ہوئے معیشت کے کچھ بہترین اصول وضع کیے اور ان اصولوں پر عمل درآمد کرکے لوگوں کے دلوں سے ایک دوسرے کی نفرت کو نکال کر ایک دوسرے کے لیے محبت بھر دی، بلکہ اس سے بھی آگے معاش و معیشت کے سنہرے اصول فراہم کرکے ایثار اور قربانی کا جذبہ پیدا کردیا کہ اپنی حاجات پر دوسرے مسلمان کی ضروریات مقدم لگنے لگیں اور ایک دوسرے کے خون کی پیاسی عرب قوم محبت کی خوگر بن گئی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی معاشرت کو ایسا سنوارا کہ وہ چرواہے جنھیں تہذیب و تمدن کی ترقی کا کوئی علم نہ تھا، دنیا نے انھیں کے تمدن سے اپنے معاشروں کے خطوط استوار کیے، عربی چراغوں سے روشنی لے کر اپنے عہدوں کو روشن کیا جس کی تمتماہٹ آج بھی پوری آب و تاب سے باقی ہے۔
آپ کی معاشرتی و معاشی زندگی کی کامیابی کا راز محض ان تعلیمات کی تبلیغ میں نہ تھا، بلکہ انھیں عملی جامہ پہنانے میں تھا۔ چناں چہ آپ نے ان کی تبلیغ کے ساتھ اسے عمل کے پیکر میں ڈھال کر اتنی جامع و اکمل معاشرتی زندگی کا نمونہ اقوام عالم کے سامنے پیش کیا، جس کا عشر عشیر بھی کسی کو نہ ملا۔ ہم ببانگ دہل یہ کہہ سکتے ہیں ِکہ معاشرت کے تمام چشمے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے قدموں سے پھوٹے۔ دنیاوی سطوت و اُخروی نجات کی تمام جہتیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نقشِ پا میں پنہاں ہیں۔ کیوں کہ آپ نے نہ صرف معاشرتی تعلیمات و اصلاحات پر توجہ مرکوز کی، بلکہ معاشرت کو اخلاقی زبوں حالی کی طرف لے جانے والے اہم ذریعہ معاش کے بھی اصول وضوابط دنیا کو سمجھائے کہ جو ازل سے ہی روئے زمین پر قدم رکھتے ہی اخلاقی بگاڑ کا سبب بنا۔
لہٰذا آج کا جاں بلب انسانی معاشرہ جو معاشرتی بدحالی اور اخلاقی زبوں حالی کی ریڈ لائن عبور کر چکا ہے، اسے بھی نبوی تعلیمات اور نبوی معاشرت اور معیشت کے نبوی اصول کی ضرورت ہے تاکہ انھیں نبوی معاشرت کے خطوط پر موجودہ انسانی معاشرے کی تشکیل ہوسکے اور ایک بار پھر یہ دم توڑتا، سسکتا معاشرہ انسانیت کا گہوارہ بن جائے۔ اللہ تعالٰی ہمیں سیرت نبوی کی روشنی میں اپنی معاشی و معاشرتی زندگی کو سنوارنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔
٭ ٭ ٭
آپ نے موجودہ دور میں رائج ٹریڈ مارکیٹنگ اور عالمی سرمایہ کاری کے ان تمام طریقوں کی ممانعت کرکے تجارت و معیشت کے کچھ سنہرے اصول وضع کیے۔ لہٰذا ٹریڈ مارکیٹنگ کا وہ طریقہ جس میں سرمایا جب اپنے بل بوتے پر مارکیٹ کو کنٹرول کرتا ہے اور مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ پیدا کرتا ہے تو وہ ازروئے شریعت حرام ہے۔ مثلا ایک تاجر جو کہ سرمایہ کی بنیاد پر ایک ساتھ بہت سا مال خرید کر مارکیٹ کی قیمت کو دوگنا کردیتا ہے اور مارکیٹ کو اونچا کردیتا ہے اور اسی طرح کبھی ایک ساتھ بہت زیادہ مال مارکیٹ میں ریلیز کر کے بازار کا بھاؤ گرا دیتا ہے، جو معاشى و معاشرتى نا ہموارى كا سبب بنتا ہے۔ لہٰذا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے مطلق حرام قرار دے دیا۔


0 Comments