دماغی صحت اور جدید دور کے چیلنجز

لفظ صحت کو ہم نے جسمانی صحت کے ساتھ اکثر سنا ہے۔ صحت کی خرابی پر ہم ڈاکٹر سے رجوع کرتے ہیں۔ صحت کی خرابی کی کچھ علامات (Sign) ہوتی ہیں؛ بخار ہو، نزلہ، کھانسی، یا اعضاء شکنی ہو، یا ہم کسی وائرل یا انفیکشن کی وجہ سے متاثر ہوں یا کوئی مستقل مرض کی تشخیص ہو جیسے: شوگر، بی پی، تھائرائیڈ، یا اسی طرح کچھ اور بیماریوں میں ہم ڈاکٹر سے رجوع کرتے ہیں۔ اپنی صحت کو بہتر بناتے ہیں اور صحت کی خرابی کو بہتری کی جانب لانے کی کوشش کرتے ہیں۔
اسی طرح لفظ ’’صحت‘‘ کو دماغ کے لاحقے کے ساتھ دماغی صحت کہہ کر استعمال کیا جاتا ہے تو اس سے مراد دماغ کی صحت اور اس کی تندرستی ہے۔ دماغ کی بھی اپنی صحت ہوتی ہے، مطلب اس کا جو کام ہے اس کو وہ بہتر انداز میں انجام دے۔ جب وہ بہتر انداز میں انجام نہ دے تو اس کی بھی کچھ علامات ہوتی ہیں، جس سے یہ سمجھا جاتا ہے کہ دماغ کی صحت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، جیسے: جھنجلاہٹ، چڑچڑاہٹ، فورا چیخنے لگنا، ہر بات صرف ایک اینگل سے دیکھنا، چھوٹی چھوٹی باتوں پر بے چین ہوجانا، اچانک بے یقینی کی کیفیت، دماغ کا منفی خیالات کی آماج گاہ بنالینا، اپنے آس پاس موجود ہر ایک پر شک کرنا، اپنی کامیابی یا ناکامی کا دوسرے کو ذمہ دار سمجھنا، خود پر بالکل اعتماد نہ ہونا، ڈپریشن، اینگزائٹی، اسٹریس، فرسٹریشن، مختلف ٹروما اور دیگر ذہنی مسائل۔
ہر سال ۱۳؍ اکتوبر تا ۱۸؍ اکتوبر عالمی دماغی صحت ہفتہ منایا جاتا ہے، تاکہ لوگوں کو یہ سمجھانے کی کوشش کی جائے کہ اپنے دماغی مسائل پر اوپن گفتگو کریں اور انھیں حل کریں۔ دماغی صحت کو ہارمونز کی تبدیلی، مستقل دباؤ اور تناؤ تباہ کردیتا ہے۔ وہیں لائف اسٹائل، ناقص غذائیت اور روحانیت کی کمی اور بے جا توقعات انسان کی دماغی صحت کو تباہ کرنے کا سبب بنتی ہے۔
معمولات زندگی میں ہم کسی بوجھ کو ذہن پر سہار نہیں سکتے ہوں تو یہ دماغ کی کمزوری ہے، ورنہ اللہ رب العالمین یہ بوجھ ہم پر نہ ڈالتے کیوں کہ اللہ رب العالمین کا ارشاد ہے:

لایکلف اللہ نفس إلا وسعھا۔ (البقرة: ٢٨٦)

اللہ کسی نفس پر اس کی مقدار سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا ہے۔
جب یہ بات نہ صرف سمجھ میں آئے بلکہ انسان کا گہرا یقین ہو تو وہ آمادہ ہوتا ہے کہ اپنی دماغی کمزوری کو پہنچانے، تشخیص کرے اور علاج پر از خود آمادہ ہو۔ جس طرح جسمانی امراض میں کچھ بیماریوں کا ہم گھریلو ٹوٹکوں سے علاج کرتے ہیں، ناگزیر ہو تو معالج سے رجوع کرتے ہیں، بالکل اسی طرح ہم اپنے عقائد کا سہارا لے کر پہلے ازخود اپنی مدد آپ کریں اور اگر ناگزیر ہو تو ہم کسی کاؤنسلر کی مدد لیں۔ عالمی سطح پر دماغی صحت بیداری ہفتہ منانے کے چند مقاصد ہیں:
(۱) لوگوں میں ذہنی صحت کی اہمیت اجاگر کرنا۔ ڈپریشن، اینگزائٹی، اسٹریس اور دیگر ذہنی مسائل پر بات کرنے کو عام کرنا۔
(۲) شعور و بیداری مہمات، ورکشاپس، سیمینارز، میڈیا کیمپیئنز اور اسکول/ یونیورسٹی پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں۔
(۳) لوگو میں دماغی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے شعور پیدا کرنا اور اپنے اطراف کے لوگوں کو سپورٹ دینے والا انسان بننا۔
(۴) دوسروں کی کمزوری پر ان کے ساتھ ہم دردی محبت و مودت پیدا کرنے کی کوشش کرنا۔
(۵) بدنامی (stigma) کو کم کرنا اور لوگوں کو علاج اور مدد لینے کی ترغیب دینا۔
(۶) پالیسی سازوں اور اداروں کو ذہنی صحت پر توجہ دینے پر مجبور کرنا۔
مینٹل ہیلتھ دماغی صحت کے تصور پر بات کی جائے تو یوں کی جاسکتی ہے کہ ورلڈ فیڈریشن فار مینٹل ہیلتھ (WFMH) نے ۱۹۹۲ء میں فیصلہ کیا کہ ہر سال ۱۰؍ اکتوبر کو ’’ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے‘‘ منایا جائے گا۔ ہر سال اس کی تھیم عالمی سطح پر مجموعی صورت حال کو سامنے رکھ کر طے کی جاتی ہے۔ کہیں پر یہ ایک دن ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے (۱۰؍ اکتوبر ) یا کہیں پر پورا ہفتہ (ورلڈ مینٹل ہیلتھ ویک، ۱۳؍ اکتوبر تا ۱۸؍ اکتوبر ) اور کچھ ممالک اپنے عوام کی ضرورت کے پیش نظر پورا مہینہ بھی مناتے ہیں، جسے Mental Health Awareness Month کا نام دیا جاتا ہے۔
اکتوبر کا انتخاب اس لیے کیا گیا کہ یہ سال کے وسط کے بعد کا مہینہ ہے، جب دنیا بھر میں اسکول، یونیورسٹیاں، ادارے اور تنظیمیں فعال طور پر آگاہی مہمات میں حصہ لے سکتی ہیں۔
ہر سال ایک الگ موضوع (theme) مقرر کیا جاتا ہے۔ گزشتہ چند سالوں کے موضوعات دیکھیے:

2022: Make mental health and well-being for all a global priority
2023: Mental health is a universal human right
2024: Mental health in an unequal world

2025ء کی ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کا تھیم یہ ہے:
Access to Services — Mental Health in Catastrophes and Emergencies.
(wmhdofficial.com)
یہ تھیم یہ بتاتی ہے کہ بحرانوں اور ہنگامی حالات میں بھی لوگ ذہنی صحت کی خدمات تک رسائی حاصل کریں، کیوں کہ ہر کسی کو اچھی ذہنی صحت کا حق ہے۔ مختلف حادثات اور ناگہانی آفات میں اچانک تکلیف کا شکار ہونے والے افراد کے ساتھ ہمدردی کے لیے آگے آنے والے وہی افراد ہوتے ہیں جن کی دماغی صحت اچھی ہو۔
چند بنیادی وجوہات درج ذیل ہیں

ذہنی دباؤ (Stress)

گھریلو زندگی میں چھوٹی چھوٹی باتیں یا خلاف توقعات واقعات، یا زمانہ طالب علمی میں رزلٹ اور پڑھائی کا دباؤ یا گھر میں والدین کے درمیان ہونے والی نااتفاقیاں، یا معاشی تنگی یہ بچوں اور بڑوں کو مسلسل تناؤ میں رکھتی ہے۔ یہی تناؤ رفتہ رفتہ پریشر بڑھاتا ہے یا ذمہ داریوں کا بوجھ دماغی صحت کو سب سے پہلے متاثر کرتا ہے۔ ابتداء میں بس گھبراہٹ اور ڈر اور خوف کی صورت ہوتا ہے لیکن وقت کے ساتھ مستقل یہ صورت بنی رہے تو ذہنی دباؤ قبول کرتے رہنے کی عادت مستقل دماغی مسائل کا شکار بنادیتی ہے۔

منفی سوچ اور مایوسی

بار بار منفی سوچنا، خود کو کمتر سمجھنا یا ناامیدی یا اپنے نفع و نقصان میں اپنے ساتھیوں سے گمانی باندھ لینا اور اسی بات پر اوور تھنکنگ کرنا اور گھنٹوں سوچتے رہنا، دماغی سکون کو ختم کرتا ہے۔ منفی سوچ اسی وقت ذہن میں آتی ہے جب مایوسی کا سایہ گہرا ہو، کیوں کہ جس شخص کے بارے میں منفی سوچ دماغ کر جکڑ لیتی ہے، اس بات کو اینگل بدل کر سوچیں، تو وہ اتنی تکلیف دہ نہیں ہوتی ہے، جتنی ہم اس کو محسوس کرلیتے ہیں۔ منفی خیالات کی وجہ سے انسان سوچتا ہے کہ میرے خلاف سازش کی جارہی ہے۔ کوئی مجھ سے جلتا یا حسد کرتا ہے، جب کہ یہ صرف خیال اور سوچ ہوتی ہے، حقیقت سے اس بات کا تعلق یا تو ہوتا ہی نہیں یا کم ہوتا ہے۔

نیند کی کمی

پوری نیند نہ لینے سے دماغ کے خلیے تازہ نہیں ہو پاتے، جس سے مزاج، توجہ اور یادداشت متاثر ہوتی ہے۔ آج کل ڈیوائس کے استعمال کی وجہ سے نئی نسلیں حتی کہ بڑے بھی اب راتوں میں جاگتے ہیں، نیند ضرورت کے مطابق نہیں لے پاتے۔ نیند کی کمی نہ صرف دماغی خلیہ کے لیے نقصاندہ ہے بلکہ ہارمونس کو غیر متوازن کرنے میں بھی نیند کی کمی کا بڑا دخل ہے۔

رشتوں میں کشیدگی

گھر یا کام کی جگہ پر جھگڑے، اعتماد کی کمی، یا مسلسل تنقید دماغی دباؤ بڑھا دیتی ہے۔ توقعات کی عدم تکمیل، زوجین اور بہن بھائی اور قریبی رشتے داروں سے تعلقات کو متاثر کرنے کا سبب بنتی ہے۔ آج کل آپ غور کریں کہ نئے شادی شدہ جوڑوں میں بہت جلد چپقلش شروع ہوجاتی ہے۔ بہت جلد ایک دوسرے کے بارے میں ججمنٹل ہوجاتے ہیں اور فورا چاہتے ہیں کہ قطعی فیصلہ کرکے رشتہ توڑ دیا جائے۔ دن بہ دن کم ہوتی قوت برداشت بھی دراصل دماغی صحت کے متاثر ہونے کی مثال ہے۔

خود غرضی (self centreness)

اکیلا پن یا دوسروں سے رابطہ نہ ہونا انسان کو ذہنی بیماریوں کے قریب لے جاتا ہے۔ یوں سمجھیں کہ خود غرضی اپنی ذات کے خول میں رہنا اور دوسروں کو تکلیف میں دیکھ کر نظر انداز کرنا یہ سب دماغی صحت کے مسائل کو بڑھانے کا بڑا سبب ہیں۔
انسان کا بہت گہرا تعلق سماج سے ہے۔ وہ دن بھر میں جو بھی کام کرتا ہے وہ سماج سے انسانی تعلقات سے جڑا ہوتا ہے۔ مثلا: وہ ایک کپ چائے پیتا ہے وہ چائے بھی بے شمار انسانوں کے سہارے اور سپورٹ سے پی رہا ہے۔ چائے کی پتیوں کو جمع کرنے اسے کمپنی تک اور پیکنگ کے مرحلے سے گزارنے سے لے کر لیبلنگ تک مختلف لوگوں کی تعاون سے ہم تک پہنچتی ہے۔ اسی طرح دودھ والے کے پاس جانور کی دیکھ بھال کرنے اور دودھ دوہنے اور منزل تک پہنچانے میں ایک پورا سسٹم کام کرتا ہے۔ شکر کے لیے بھی گنا اگانے سے لے کر شوگر فیکٹری میں پہنچانے اور پیکنگ، لیبلنگ اور چائے پکانے کے لیے استعمال ہونے والی LPG گیس اور اس کے چولہے کی تیاری اور چائے کی پیالے کو بنانے بیچنے اور خریدنے کے قابل بنانے تک بے شمار انسانوں کا تعاون ہے۔ کیا ان سب کے بعد ایک انسان اپنی ذات کے خول میں رہے اور ایک دوسرے کی اچھائی برائی کی فکر سے نابلد رہے، یہ انصاف ہے؟
یہی چیز انسان کو تعاون اور سپورٹ سسٹم کے اس نظام کا حصہ بننے پر آمادہ کرتی ہے، لیکن دماغی صحت اچھی ہو تو انسان اللہ کے بنائے ہوئے اس خوش کن سسٹم کو انجوائے کرتا ہے اور اگر وہ اپنی ذات کے خول میں رہنا پسند کرتا ہے اور خود غرضی کا شکار ہے تو وہ اپنی توقعات کی عدم تکمیل پر بے چین ہو اٹھتا ہے اور اپنی دماغی صحت بہتر نہ ہونے کے سبب اپنے اطراف کے لوگوں کو بھی فضولیات میں الجھائے رکھتا ہے۔ اسی لیے گھریلو تنازعات، رشتے داروں میں لڑائی جھگڑے، والدین اور بچوں کے درمیان احسان شناسی کی کمی، اپنے ملازمت سے جڑے ساتھیوں سے ہمہ وقت شاکی، بے جا تنقید اور باریک باتوں کو طول دینا، زوجین میں نااتفاقی، اپنے عزیز ترین رشتوں سے لاتعلقی، ہمشہ چھائی اداسی، تقدیر سے شکوہ، دوسروں کو دیکھ کر آپیں بھرنا، یہ دماغی صحت کے متاثر ہونے کی ابتدائی علامات ہیں۔
مضبوط اور توانا جسم میں دماغی صحت بہتر ہوتی ہے لیکن اگر جسمانی کمزوری بڑھنے لگے تو دماغ کے خلیات میں بھی کمزوری واقع ہوتی ہے اور انسان کے رویہ سے اسے سمجھا جاتا ہے۔ یعنی دماغی صحت کے متاثر ہونے کی ابتدا اکثر چھوٹی مگر بار بار دہرانے والی چیزوں سے ہوتی ہے، جو وقت کے ساتھ بڑھ کر بڑے مسائل میں بدل جاتی ہیں۔ چھوٹے سے معاملے میں ذہنی دباؤ یا غیر صحت مند طرزِ زندگی سے ہوتی ہے، جس پر اگر وقت پر قابو نہ پایا جائے تو ڈپریشن، اینگزائٹی اور دیگر سنگین مسائل کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔

جسمانی صحت کے مسائل

شوگر، ہارمونل imbalance یا مستقل بیماری دماغی سکون پر براہِ راست اثر ڈالتی ہے۔ روز مرہ کی زندگی میں انسان کی کیفیت میں مادیت کی ہوس یا اظہار نے اسے سادگی سے دور کردیا اور وہ اظہار کے لیے اپنی معاشی حیثیت سے زیادہ کا بوجھ خود پر لینے لگتا ہے۔ رشتہ داروں کے درمیان تقاریب میں بچوں کے اسکول کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے یا سوشل میڈیا کی وجہ سے اظہار کے راستے ارزاں ترین ہونے لگے اور انسان مادیت کے حصول میں اس قدر غلطاں ہوا کہ حقیقی زندگی کے لطف سے دور ہونے لگا۔ جب زندگی سے ذاتی تسکین (self satisfaction) رخصت ہونے لگا تو حصول اور عدم حصول کے دباؤ نے انسان کی ذہنی صحت کو برباد کردیا۔ اسی دکھاوےکی بھیڑ میں بچوں کے حصول علم کو بھی ہم نے ڈگریوں اور گریڈس سے بدل دیا اور بچوں کو بھی تناؤ کا شکار بنادیا۔

نشہ یا غیر صحت مند عادات

سگریٹ، شراب یا کسی بھی نشے کا استعمال دماغی صحت کو تیزی سے کمزور کرتا ہے۔ ایسی عادتیں نوجوانوں میں افراط سے پائی جارہی ہیں۔ اس کی وجوہات مایوسی، بے روزگاری، بے راہ روی یا مسائل سے فرار کی کمزور راہ کا اختیار کرنا یا والدین کی توقعات اور سماج کا دباووغیرہ ہیں۔

دماغی صحت کو بہتر بنانے کے طریقے

دماغی صحت کو بہتر بنانے کے بنیادی طور پر تین طریقے ہیں:

(۱) پہلی چیز تناو کو کم کرنے کے لیے روحانیت

سب سے پہلی چیز عقیدہ توحید ہے۔ کرہ زمین پر پیدا ہونے والا ہر شخص جوں جوں مادیت سے قریب ہوتا ہے، اس کے اندر بے چینی، بے کلی بڑھتی ہے۔ وہ مادہ اعمال میں سکون کا متلاشی نظر آتا ہے، جب تک کہ وہ یہ نکتہ نہ سمجھ لے کہ ہمارے وجود میں موجود اعضائے جسمانی اللہ کی فرمانبرداری کے تابع ہیں اور عقیدہ توحید ہی کی وجہ سے ہماری دماغ میں تسکین دوڑ جاتی ہے۔ اسی لیے آپ دیکھتے ہیں کہ دنیا میں جہاں بھی دماغی مسائل ہیں، اسے دانستہ و غیر دانستہ روحانیت کی وجہ سے اس کا علاج کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تاہم ذہنی صحت کی بہتری دراصل عقیدہ توحید اور ایمانیات سے ہی جڑی ہے
دلوں کے سکون کے بارے میں قرآن کریم میں مذکور ہے کہ اللہ کے ذکر سے دلوں کو سکون حاصل ہوتا ہے۔ یہ واقعی حقیقت ہے کہ جب دنیا کے تمام مادیت زدہ انسانوں میں بے دلی کی صورت بنے تو رب کریم کا ذکر بے چین روح کے لیے باعث تسکین بن جاتا ہے۔

أَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ. (الرعد: ٢٨)

یاد رکھو! اللہ کے ذکر ہی سے دلوں کو اطمینان نصیب ہوتا ہے۔
یہ آیت واضح کرتی ہے کہ روحانی ذکر و عبادت ذہنی سکون کے لیے مؤثر ہے۔ آپ ذکر کے ساتھ کائنات کے سبز رنگوں اور فطری مناظر میں کھوجائیں، قدرت کی صناعی پر غور کرنے لگیں، تب آپ کو یوں لگے گا گویا اتنے بڑے نظام کا خالق کیسے اتنے عظیم نظام کو لے کر چل رہا۔ ہم تو اپنی معمولی مصروفیات سے پھٹنے لگتے ہیں، مسائل کا بوجھ ہمیں ادھ موا کردیتا ہے۔ ذرا سی آزمائش اور تکلیف ہمیں غم سے نڈھال کردیتی ہے۔ کیسے اس خالق کو پتہ ہے کہ ہماری قوت برداشت کم ہے اور ہم رنجیدہ ہوں گے تو اس نے ہمیں تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ جو رب سے قریب ہوتے ہیں، جن کا ہر معاملہ اللہ کی طرف راجع ہوتا ہے، وہ کبھی رنجیدہ نہیں ہوتے۔ انھیں کسی سے تکلیف ہو تو وہ فورا اپنے ذہن کو اس سے آزاد کردیتے ہیں۔ یہ کہتے ہوئے کہ

فَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ. (یونس: ٦٢)

جان لو کہ اللہ کے ولیوں پر نہ کوئی خوف ہے اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔ یہ ذہنی دباؤ ( Fear Anxiety) سے تحفظ کی طرف اشارہ ہے کہ آپ خود کو فورا آزاد کرلیں کہ ہر معاملہ جو واقع ہوتا، ہر تکلیف جو کوئی ہمیں دیتا ہے، جو پریشانی کا سامنا ہے وہ ہم پر دباؤ بنارہی ہے، تاہم ہمارے ساتھ پیش آمدہ سارے معاملات اللہ کی طرف سے ہیں۔ اس نے صاف طور کہہ رکھا ہے کہ ’’خلق الانسان فی کبد.‘‘ ہم نے انسان کو سخت ترین مشقت میں پیدا کیا، تو ہمیں اپنی مشقتوں سے لطف لینا سیکھ لینا چاہیے۔
کوئی تنگی کی صورت درپیش ہو تو ہم دل میں کہیں: ’’إن مع العسری یسری‘‘ ہر تنگی کے ساتھ آسانی بھی ہے۔
جب کوئی تکلیف پہنچے تو ہمیں احساس رہے کہ مومن کو جو تکلیف بھی پہنچتی ہے وہ اللہ کی طرف سے ہوتی ہے۔

وَلَنَبْلُوَنَّكُم بِشَيْءٍ مِّنَ الْخَوفْ وَالْجُوعِ   .. وَبَشِّرِ الصَّابِرِينَ

 (البقرة: ١٥٥)
اور ہم ضرور تمہیں آزمائیں گے، خوف، بھوک اور نقصان کے ذریعے اور صبر کرنے والوں کو خوشخبری دے دو۔
یہاں انسانی نفسیاتی دباؤ کا ذکر اور صبر کو علاج بتایا گیا ہے۔ ساتھ ہی مومن کا اس بات پر ایمان رہے کہ اچھی اور بری تقدیر اللہ کی طرف سے ہے اور یہ بھی یاد رہے کہ

وَعَسَىٰ أَن تَكْرَهُوا۟ شَيْـًۭٔا وَهُوَ خَيْرٌۭ لَّكُمْ ۖ وَعَسَىٰ أَن تُحِبُّوا۟ شَيْـًۭٔا وَهُوَ شَرٌّۭ لَّكُمْ ۗ وَٱللَّهُ يَعْلَمُ وَأَنتُمْ لَا تَعْلَمُونَ. (سورۃ البقرۃ: ٢١٦)

اور ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو نا پسند کرو اور وہ تمہارے لیے بہتر ہو، اور ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو پسند کرو اور وہ تمہارے لیے بُری ہو اور اللہ جانتا ہے جب کہ تم نہیں جانتے۔
یہ آیت اس بات کو یقین عین القین میں بدل دیتی ہے کہ اگر کسی عزیز شخص کو اللہ نے آپ سے دور کردیا تو یہ سمجھیں کہ آپ نہیں جانتے اس شخص کی دوری بظاہر آپ کو بری نظر آرہی ہے، اس تعلق ٹوٹنے پر رنجیدہ ہیں، لیکن آپ کا رب بہتر جانتا ہے کہ وہ آپ کے حق میں کتنا بہتر ہے۔ اس طرح سارے معاملات جب بندہ اپنے رب پر چھوڑنے کا عادی بنتا ہے تو دباؤ اور تناہ سے آزاد ہوکر آگے دیکھتا ہے، اگلے قدم پر سوچتا ہے۔
تعلق کا ٹوٹنا یہاں صرف ایک مثال کے بطور ہم نے پیش کیا ہے، کیوں کہ آج کل نوعمر بچوں میں یا مینٹل ہیلتھ کی وجہ سے دیگر رشتوں میں مسائل تعلق کے ساتھ زیادہ وابستہ ہیں، لیکن ہر قسم کے فیصلوں کو رب کریم کی طرف سے سمجھ کر انسان جتنا رب سے خود کو جوڑے گا اسی قدر وہ دباؤ اور تناؤ سے آزادی محسوس کرے گا اور یہ بے نیازی دماغی صحت کو کم متاثر کرے گی۔ وہ اللہ سے دعا بھی مانگتا رہے:

اللَّهُمَّ إني أعوذُ بكَ منَ الهَمِّ والحَزَنِ… (ابوداؤد)

ترجمہ: اے اللہ! میں تجھ سے غم اور پریشانی سے پناہ مانگتا ہوں۔
یہ دعا ظاہر کرتی ہے کہ غم اور پریشانی کو بیماری سمجھ کر اللہ کی پناہ مانگنا چاہیے۔ جب غصہ کی وجہ سے دباؤ بڑھنے لگے تو پیارے نبی کا یہ فرمان سامنے رہے: ’’لَا تَغْضَبْ‘‘ (غصہ نہ کرو)
بار بار یہی نصیحت کی گئی، کیوں کہ غصہ ذہنی دباؤ اور تعلقات کو بگاڑ دیتا ہے۔

دوسری ترکیب

روحانیت کی مضبوطی کے ساتھ لائف اسٹائل کو تبدیل کرنا، بے جا شاپنگ اور فضول گفتگو سے گریز، ایک دوسرے کے سامنے اظہار اور تقابل سے گریز، اپنے فیملی ممبر کے ساتھ گفتگو اور فطری مناظر سے لطف اندوزی ضروری ہے۔

تیسری اور آخری حل

کسی کاؤنسلر کی مدد لیں، تاکہ وہ آپ کو اپنی پریشانی کی تشخیص میں مدد کرے اور ساتھ ہی آپ کو مخلص مشورہ دے۔ کبھی کبھی ذہنی الجھنیں اتنی بڑھ جاتی ہیں کہ آپ کو کسی کاؤنسلر کی ضرورت لازما پیش آتی ہے۔ اس سے گریز بہتر نہیں ہے۔

٭ ٭ ٭

ہر سال ۱۳؍ اکتوبر تا ۱۸؍ اکتوبر عالمی دماغی صحت ہفتہ منایا جاتا ہے، تاکہ لوگوں کو یہ سمجھانے کی کوشش کی جائے کہ اپنے دماغی مسائل پر اوپن گفتگو کریں اور انھیں حل کریں۔ دماغی صحت کو ہارمونز کی تبدیلی، مستقل دباؤ اور تناؤ تباہ کردیتا ہے۔ وہیں لائف اسٹائل، ناقص غذائیت اور روحانیت کی کمی اور بے جا توقعات انسان کی دماغی صحت کو تباہ کرنے کا سبب بنتی ہے۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Namira khan

    محترمہ ڈاکٹر مبشرہ میڈ م

    دماغی صحت جیسے اہم اور نازک موضوع پر آپ کا یہ مضمون بہت گہرا اور بروقت ہے۔
    آپ کی تحریر کی یہ بات بہت متاثر کن ہے کہ آپ نے عملی حل (Practical Ways) واضح انداز میں پیش کیے۔
    خصوصاً، ذہنی بوجھ اور دباؤ کے ضمن میں قرآنی وضاحتوں کا استعمال کیا، جیسے “لَا یُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفۡسًا اِلَّا وُسۡعَہَا” تحریر کو ایک مضبوط اور روحانی بنیاد فراہم کی ہے۔

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے