بچے جنت کے پھول ہوتے ہیں۔ یہ وہ پھول ہے جو ہماری زندگی میں آتے ہی اسے اپنی خوشبوں سے مہکا کر جنّت کے باغوں کی طرح خوبصورت بنادیتے ہیں۔ شاید اس لیے اللہ نے انھیں اپنی بہترین نعتوں میں سے ایک نعمت کہا ہے۔ انھیں حاصل کرنے کے بعد اُن کے بغیر زندگی گزارنے کا تصوّر بھی والدین کو کانٹوں پر چلنے سے زیادہ تکلیف دہ ہوتا ہے۔ اس بات کا عملی نمونہ آپ اُن والدین کو دیکھ کر محسوس کر سکتے ہیں، جنھیں الله نے اس نعت سے محروم رکھا ہے یا اپنی یہ نعت دے کر واپس لے لیا، لیکن اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ہم اس امانت کی اہمیت کو سمجھتے ہی نہیں ہیں۔ ہم اپنے اطراف کا مشاہدہ کریں تو والدین اور بچوں میں کھینچا تانی کی کئی مثالیں دکھائی دیتی ہیں۔ اس کی وجہ کیا ہے؟
اس کی بڑی وجہ ہمیں ’’عمر کا خلا‘‘ (Age Gap) کی صورت میں دیکھنے کو ملتی ہے۔
عمر کا خلا (Age Gap) کیا ہے؟
عمر کا وہ فاصلہ جو آپ اور آپ کے بچے کے درمیان پایا جاتا ہے۔ آپ نے اپنی عمر گزار کر بیش قیمتی تجربہ حاصل کیا، جس میں آپ کو بہت سی ناکامیاں بھی ملی اور کئی مقامات پر جیت نے آپ کا خیر مقدم کیا۔ اب آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا بچہ آپ کے تجربے کو نمونہ بنا کر اس کے حساب سے زندگی گزارے۔ وہ فیصلے نہ لے جو کسی زمانے میں آپ لے کر پچھتائے۔ جیسے آپ ڈاکٹر بننا چاہتے تھے۔ اس کے لیے آپ نے بہت محنت کی۔ل، لیکن پھر بھی آپ کامیاب نہیں ہو سکے۔ جب کئی سالوں بعد آپ کی جگہ آپ اپنی اولاد کو دیکھتے ہیں۔ وہ بھی دل میں ویسی ہی خواہش لیے اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے جد وجہد کرنا چاہتے ہیں، لیکن چوں کہ آپ کا تجربہ کہہ رہا ہے کہ ڈاکٹر بننے میں کامیابی نہیں ملتی، تو آپ اپنے بچے کو اس چیز سے روکتے ہیں۔ آپ اور آپ کے بچے کی یہ الجھن دونوں کے درمیان تضاد کی وجہ بنتی ہے۔
اس سے بچنے کے لیے آپ کیا کریں؟
آپ اپنے بچے کو چانس دیں۔ مواقع عطا کریں۔ ہو سکتا ہیں آپ میں وہ قابلیت نہیں تھی، جو آپ کے بچے میں ہو۔ یا وہ زیادہ ذہین ہو اور آپ زیادہ محنتی تھے۔ اس کا یہ مطلب بالکل نہیں ہے کہ کئی سال زندگی کی بھٹی میں بھن کر جو قیمتی تجربہ آپ نے حاصل کیا ہے وہ اب آپ کی اولاد کے کسی کام کا نہیں رہا۔ نہیں، ایسا بالکل نہیں ہے۔ آپ کو اپنا تجربہ اپنی اولاد کو بتانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ان کی ننھی آنکھیں اس دنیا میں آنے کے بعد سے ہی آپ کو دیکھ رہی ہوتی ہیں۔ وہ آپ کو دیکھتے ہیں۔ آپ سے سیکھتے ہیں۔ لیکن کچھ چیزیں ایسی بھی ہوتی ہیں جو وہ اپنے حساب سے کرنا چاہتے ہیں۔ جیسے کریئر کا فیصلہ، شادی کب کرنا ہے۔ اگر وہ کسی معاملے میں غلط فیصلہ کررہے ہیں، تو انھیں پاس بلا کر سمجھائیے۔ اپنے تجربے کی روشنی میں بتائیے کہ کیا غلط ہے اور کیا صحیح۔ ان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی رائے جاننے کی کوشش کریں کہ وہ زندگی کو کس نظریے سے دیکھ رہے ہیں۔ یہ گفتگو آپ اور آپ کی اولاد کے درمیان ایج گیپ کو کم کرتی ہے۔ اور دونوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔
ہم دیکھتے ہیں کہ سمجھانے اور گفتگو کرنے کے برعکس ہمارا رویہ زور زبردستی کا ہوتا ہے۔ ڈرانا اور اپنا فیصلہ اولاد پر مسلط کرنا انھیں اندر سے پریشان کر دیتا ہے۔ ان کا اعتماد خود پر سے ختم ہوجاتا ہے۔ انھیں لگتا ہے کہ وہ ان کے والدین کی نگاہ میں غلط ہے۔ جب کہ اولاد کے ساتھ ان کے اپنے مستقبل کے بارے میں یا دنیا میں چلتے ہر معاملے پر ڈسکس کر کے اس میں انھیں صحیح غلط بتا کر فیصلے کا اختیار ان کے اپنے ہاتھ میں دینا اور انھیں بتانا کہ اب جو بھی تم فیصلہ کرو ہم اس میں تمہارے ساتھ ہیں۔ فیصلہ صحیح ثابت ہوا تو ہم اسے سراہیں گے اور غلط ہونے کی صورت میں تمہارا سہارا بنیں گے۔ تمھیں ٹوٹنے نہیں دیں گے۔
آپ کے یہ الفاظ آپ کے بچوں کو پر اعتماد بناتے ہیں۔ یہ احساس کہ ان کے والدیں اُن کے پیروں کے نیچے کی زمین بن کر کھڑے ہیں۔ انھیں زندگی کی مشکل راستوں پر چلنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔ بچوں کے سامنے اپنے پیار اور سپورٹ کا احساس بار بار جتانا پڑتا ہے۔ اپنے شیری لفظوں سے، شفقت سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے، ہار جانے پر اپنے گلے لگا کر ان کی پیٹھ سہلاتے ہوئے تسلی دینا، جیت جانے پر پیار سے ماتھے کا بوسہ دے کر انھیں اپنے وجود کے خاص ہونے کا احساس دلانا، انھیں اندر تک پر سکون کر دیتا ہے۔ اگر ہم اس طرح کا رویہ اپنے بچوں کے ساتھ رکھنے میں کامیاب ہو جائیں گے تو ہم دیکھ پائے گے کہ ہر قسم کی ذہانت رکھنے والا بچہ اپنی ذہانت سے خوش ہے۔ وہ اندھیروں اور تنہائیوں کی قید سے نکل کر اپنی ذہانت کے پھل سے لوگوں کو فائدہ دینے کے لیے تیار ہے۔ یہ پُر اعتماد ہونے کا احساس صرف والدین ہی اپنی اولاد میں پیدا کر سکتے ہیں۔
اپنے بچوں کے ساتھ گفتگو کرنا، ان کے دوستوں کے دوست بننا، جب وہ آپ کو اپنے مسائل بتائیں، چاہے وہ غیر اہم ہی کیوں نہ ہو انھیں پوری توجہ سے سننا، انھیں یہ احساس دلانا کہ وہ آپ کے لیے دنیا کے سب سے قیمتی انسان ہیں۔ بچوں کی ذہنی پرداخت کے لیے نہایت ضروری ہوتا ہے۔ اپنے وجود کو خاص اور اہم محسوس کروانا ہر انسان کی فطری خواہش ہوتی ہے۔ جن کی یہ خواہش بچپن میں اپنے والدین سے پوری نہیں ہوتی ان کے اندر دھیرے دھیرے خود اعتمادی میں کمی پیدا ہونے لگتی ہے، جو انھیں اندر سے آہستہ آہستہ اپنی غذا بنا کر کھوکلا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی۔ اس کی وجہ سے زندگی کے خوبصورت رنگوں میں دلچسیں نہ لینا، اپنی فیملی کو اہمیت نہ دینا اور تنہائی پسند رہنا جیسے مسائل پیدا ہوے لگتے ہیں۔
ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہمارے بچے ایک مکمل انسان ہیں۔ وہ ہماری ذات کا حصہ نہیں ہیں۔ وہ ہماری ادھوری خواہشوں کو پورا کرنے کے لیے اس دنیا میں نہیں آئے ہیں۔ وہ اللہ کی طرف سے مختلف مزاج اور صلاحیتیں دے کر کسی قیمتی مقصد کے تحت بھیجے گئے ہیں۔ حضرت نوح کے بیٹے کی طرح وہ بہترین باپ کی اولاد ہونے کہ باوجود بھی بے راہ روی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ یا بت پرست باپ کے بیٹے ابراہیم کی طرح ہدایت کی روشنی پاکر نیک راستہ اپنا سکتے ہیں۔ یہ بچے ہمارے پاس بطور امانت بھیجے گئے ہیں۔ ان کا اصل نگہبان تو الله ہے۔ اب ہمارا کام یہ ہے کہ ہم اپنے بچوں کو دین سے جوڑنے کے لیے کوشاں رہیں اور ان کے حق میں اپنے خدا سے گڑ گڑا کر بہترین دین کا کام ان سے لینے کے لیے دعائیں مانگیں۔
بچوں کو عزت سے مخاطب نہ کرنا، ان کی دوسروں کے سامنے بے عزتی کرنا، ان کی کمزوریوں کو سرے عام ڈسکس کرنا، وہ باتیں جو آپ کے بچے آپ کو بطور راز سناتے ہیں اُسے اپنے رشتے داروں یا گھر میں ڈسکس کرنا، چاہے وہ باتیں انتہائی غیر اہم ہی کیوں نہ ہوں، ان جیسی معمولی دکھائی دینے والی غلطیاں بھی ان کی بڑھتی ہوئی شخصیت میں ایک قسم کا ادھورہ پن پیدا کرتی ہیں۔ جو انھیں بڑھتی عمر کے ساتھ والدین کے ساتھ دوستانہ تعلقات بنانے میں دشواریاں پیدا کرتا ہے۔ یہ باتیں والدین کو بچوں کے بچپن سے ہی ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ایک سات سے نو مہینے کا بچہ بھی اپنے بارے میں منفی باتوں کو گفتگو کا عنوان بننا پسند نہیں کرتا۔ وہ گھر میں تو روتا ہے، ضد کرتا ہے، لیکن باہر والوں کے سامنے وہ ہمیشہ ایک اچھا بچہ بننے کی کوشش کرتا ہے۔ کیوں کہ وہ چاہتا ہے کہ ہر کوئی اس کی تعریف کرے۔ کوئی برا نہ کہے۔ لیکن اس کا یہ سراپا جب بکھرنے لگتا ہے۔ جب اس کی اپنی والدہ ہی اس کا گھر کا رویہ سب کے سامنے بیان کرتی ہے کہ دیکھو! یہ بچہ یہاں کتنا شریف بن رہا ہے۔ جب کہ گھر میں معمولی باتوں پر بھی کیسے شور کرتا ہے۔ سب لوگ اس بات پر مسکرانے لگتے ہیں اور کچھ پل بعد بھول بھی جاتے ہیں۔ لیکن افسوس کہ یہی کچھ پل اس معصوم کی شخصیت و اعتماد کو کچل کر چلا جاتا ہے۔ پھر جیسے کہا جاتا ہے کہ جان ایک بار جسم سے نکل جائے تو ہم بد روحوں سے بھی زیادہ بدتر لگیں گے۔ اسی طرح جب بچے کی اچھا بننے کی چاہ ختم ہو جاتی ہے تب وہ ضدی، غصیلہ اور بدتمیز ہونے لگتا ہے۔ کیوں کہ وہ محسوس کرتا ہے کہ اچھا بننے کی ہزاروں کوششوں کے باوجود بھی اس کی شخصیت کے منفی پہلو گفتگو کا مواد بن ہی جاتے ہیں۔
اللہ نے انسان کو مختلف سانچوں میں ڈھال کر پیدا کیاہے۔ کوئی دو انسان آپ کو اس دنیا میں یکساں نہیں ملیں گے۔ چاہے وہ کوئی جڑواں بھائی ہی کیوں نہ ہوں۔ یہاں اگر ہم انبیا پر بھی غور کریں تو ہمارا ہر نبی دوسرے سے مختلف ہے۔ ہر کوئی الگ معجزہ لے کر پیدا ہوا ہے۔ حضرت داؤد لوہا پگھلا سکتے تھے تو موسی اپنا عصا پھینک کر اسے ازدہا بنا سکتے تھے۔ اب کوئی یہ کہے کہ موسیٰ کیوں اپنے ہاتھوں میں لوہا نہیں پگھلا سکتے یا داود کا عصا کیوں ازدہا نہیں بن سکتا تو یہ ممکن تو نہیں ہو گانا۔ جس طرح انبیا کا ایک دوسرے کے ساتھ موازنا کرنا حماقت ہے۔ اسی طرح آپ کا اپنے بچے کا دوسرے بچے کے ساتھ موازنا کرنا بھی حماقت ہی کہلاتا ہے۔ کیوں کہ آپ کے بچے کے پاس بھی ایک قیمتی معجزہ، ایک قیمتی صلاحیت ہے جو دنیا بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وہ چاہے موجودہ دور کے اصولوں کے مطابق اتنا اہم نہ ہو، لیکن آپ کو اُسے ڈھونڈنا ہے کیوں کہ وہی وہ چیز ہے جو آپ کے بچے کو مکمل اور بااعتماد بنا سکتی ہے۔ اگر اس میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے اور آپ اسے Singer بنانا چاہتی ہیں تو وہ singing سیکھنے میں کمزور نہیں ہے بلکہ آپ ایک کمزور ذہانت کی عورت ہے جو اپنے بچے کو وہ کام کرنے پر مجبور کر رہی ہیں جس کے لیے وہ پیدا ہی نہیں ہوا۔
موجودہ دور میں بچیوں کا تیس سال تک شادی نہ کرنے کا مزاج ایک اہم مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ ایسے ماحول میں والدین ان کی نفسیات سے انجان ہو کر یا تو ان کی بات کو اہمیت ہی نہیں دیتے یا زور زبردستی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ جب کہ اللہ اوراس کے رسول نے یہ دونوں طریقے اختیار کرنے سے منع کیا ہے۔ تو ایسے ماحول میں ہم کیا کریں؟
آپ اپنی بیٹی کی شادی کی عمر شروع ہونے کے کچھ مہینے پہلے سے ہی ان سے اس ٹاپک پر گفتگو کرنا شروع کیجیے۔ انھیں شادی کی اہمیت واضح الفاظ میں سمجھائیے اور اس پر ان کی رائے لیجیے کہ وہ اپنا شریک حیات کیسا چاہتی ہے۔ ناول، فلمیں اور ڈراموں نے ہماری لڑکیوں کے ذہنوں پر رومانٹک، ہینڈسم، ہیروز سوار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ کچی عمر میں لڑکیاں جذباتیت کے زیر اثر غربت پر تو سمجھوتا کر سکتی ہیں، لیکن اچھی شکل وصورت پر سمجھوتا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتیں۔ انھیں یہ باتیں سمجھائیے کہ الله نے اچھی شکل و صورت کو انسان کا کچھ دن کا ساتھی بنایا ہے۔ جب کہ عمدہ اخلاق و کردار ہمیشہ باقی رہنے والے ہیں۔ آپ کے والدین آپ کے لیے ہمیشہ باقی رہنے والی چیز چاہتے ہیں۔ یہ سب باتیں پیار سے سمجھانے کی ہوتی ہیں۔ ان باتوں کو ہر والدہ کو اپنی بیٹی کے ساتھ گفتگو کا حصہ بنانا چاہیے۔
یہ ایک ذمہ دار والدین کا کام ہے کہ وہ حقیقی اور فیری ٹیل لائف ان کے سامنے رکھ کر انھیں اس میں فرق کرنا سیکھائیں۔ انھیں بتائیے کہ فیری ٹیل کا لفظی مطلب ہی چھوٹی کہانیاں ہوتی ہیں۔ اپنے خاندان کے کامیاب ازدواجی رشتوں کے بارے میں انھیں بتائیے کہ ان کی کامیاب زندگی کے پیچھے کیا راز چھپا ہے؟ انھوں نے کتنی تکلیفوں اور قربانیوں کے بعد یہ مقام حاصل کیا ہے۔ اس طرح کی باتوں کو گفتگوں کا حصہ بنائیے۔ اپنی اولاد کی رائے معلوم کیجیے کہ وہ انھیں کس نظریے سے دیکھتی ہے۔ اگر وہ ناول پڑھتی ہے یا ڈرامہ ایڈ یکٹیڈ ہے تو اس سے انھیں زبردستی روکنا یا پابندی لگانا کوئی معقول حل نہیں ہے۔ وہ سب آپ کو بھی دیکھنا اور پڑھنا چاہیے تاکہ آپ انہیں بتا سکیں کہ اس میں کتنی حقیقت اور کتنا جھوٹ چھپا ہے۔ انھیں بتائیے کہ گھر سے بھاگ کر محبوب کے سے ساتھ بھاگنے والیوں کا انجام جو ڈرامے میں بتایا جاتا ہے اس میں کتنا جھوٹ چھپا ہے؟ آپ کے خاندان یا دور دراز کے رشتے داروں میں سے کسی نے ایسی حرکت کی ہے تو ان کا کیا حشر ہوا؟ اسے گفتگو کے درمیان ہلکے پھلکے انداز میں سمجھائیے۔ اس گفتگو سے ان کے ذہن کی گرہیں کھولیں گی۔ وہ خود سے صحیح اور غلط میں، سچ اور جھوٹ میں فرق سمجھنے لگیں گے اور آپ کی غیر موجودگی میں بھی وہ ایسا کوئی کام نہیں کریں گے جس سے آپ کو شرمندگی ہو۔
یہ باتیں بطور والدین اپنے ذہن میں رکھیے کہ بچوں کو فون سے، ڈراماز دیکھنے سے یا کوئی غلط کام سے زبردستی روکنے سے کچھ نہیں ملنے والا۔ یہ اس چیز کا معقول حل نہیں ہے۔ کیوں کہ کالج میں، آف پریڈ کے درمیان، رات میں رزائی کے اندر وہ ہر وہ کام کر سکتے ہیں، جس سے آپ انھیں روکتے ہیں۔ تو روکنے کے بجائے ان کا اعتماد حاصل کریے، تاکہ وہ آپ کی باتوں کو سمجھ سکے۔
ہم اپنے بچوں کو کم عمری سے ہی چھوٹے چھوٹے دینی عوامل جیسے نماز پڑھنا، چھوٹ نہ بولنا، جیسے کاموں کی تاکید تو نہیں کرتے ہیں، لیکن جب وہ باشعور اور بڑے ہوجاتے ہیں، تب نماز پڑھو، اونچی آواز میں نہ بولو جیسی باتیں کہہ کر ان کے پیچھے پڑے رہتے ہیں۔ اللہ کے نبی نے فرمایا کہ سات سال کی عمر سے نماز کی تاکید کرو۔ تاکید کا مطلب محبت سے ہدایت دو۔ چھوٹی چھوٹی کہانیوں سے اس کی اہمیت سمجھاؤ۔ انھیں اپنے ساتھ مل کر کسی دلچسپ کام کی طرح مزیدار بناؤ۔ انھیں بچپن سے ہی یہ باتیں بتاتے رہو کہ اللہ کی بے شمار نعمتوں کا شکر ہم نماز کے ذریعے ادا کر سکتے ہیں۔ یہ باتیں کچی عمر سے ہی سمجھانے کی ہوتی ہیں۔ رات کے اندھیروں میں سونے سے پہلے اپنی لوریوں کے ذریعے انبیاء و صالحین کے واقعات سنا کر ان کی ذہنی نشو نما کرنا والدین کا فرض ہوتا ہے۔ ایسے بچے ہی بڑے ہونے پر حسن البناء شہید، خرم مر اد جیسے عظیم لیڈر کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
بچوں کو کم عمر سے ہی چھوٹے چھوٹے اچھے کام کرنے پر تحسین آمیز القابات سے نوازنا بھی ان کی صلاحیتوں میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر وہ کوئی غلط کام کرے تو ان پر غصہ نہ کریں، چیخیں چلائیں نہیں، بلکہ ان سے خاموشی اختیار کریے۔ یہ کہہ کر کہ آپ نے فلاں بچے کو مارا یا منہ سے غلط بات نکالی اس سے اللہ آپ سے کتنا ناراض ہوا ہوگا۔ اس لیے میں بھی آپ سے ناراض ہوں۔ آپ جائیے اور توبہ کیجیے اور آئندہ نہیں کرنے کا عہد باندھیے۔ یہ احساس ندامت دلانا ضروری ہوتا ہے، تاکہ وہ آئندہ سمجھے کہ یہ کام جو انھوں نے کیا ہے وہ غلط ہے۔ پھر وہ خود اس سے بچے گا۔ یہ اللہ کا ڈر و محبت اس کے معصوم دل میں ہمیشہ غالب رہے گا اور اللہ کی یہ محبت اس معصوم دل کو کئی برائیوں سے محفوظ رکھے گی۔
اللہ نے قرآن میں اولاد کو آزمائش کہا ہے۔ یہ واقعی ہمارے لیے آزمائش ہی ہوتے ہیں۔ ان کی بہترین تربیت کر کے جہاں ہم انھیں اسلام کا داعی بنا کر اس آزمائش میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔ وہی پر ہماری کوتاہی اور نادانی ہمیں اپنی اولاد سمیت اندھیرے دلدل میں ڈھکیل سکتی ہے۔
لہذا اپنی ذمہ داری سمجھیے اور یہ نعمت جو اللہ نے ہماری گودوں میں ڈالی ہے، اسے اللہ ہی کے مقصد کے لیے فعال بنائیے۔ کوشش اور دُعا ہمارے اختیار میں ہے۔ ہماری یہ چھوٹی چھوٹی کوششیں اور ہمارے اولاد کے حق میں یہ دعائیں ہمیں الله کے سامنے سرخرو کریں گی اور دونوں جہاں کی نعمتیں ہمارے سامنے ڈھیر ہو جائیں گی، ان شاءاللہ۔
٭ ٭ ٭
ویڈیو :
ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہمارے بچے ایک مکمل انسان ہیں۔ وہ ہماری ذات کا حصہ نہیں ہیں۔ وہ ہماری ادھوری خواہشوں کو پورا کرنے کے لیے اس دنیا میں نہیں آئے ہیں۔ وہ اللہ کی طرف سے مختلف مزاج اور صلاحیتیں دے کر کسی قیمتی مقصد کے تحت بھیجے گئے ہیں۔ حضرت نوح کے بیٹے کی طرح وہ بہترین باپ کی اولاد ہونے کہ باوجود بھی بے راہ روی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ یا بت پرست باپ کے بیٹے ابراہیم کی طرح ہدایت کی روشنی پاکر نیک راستہ اپنا سکتے ہیں۔ یہ بچے ہمارے پاس بطور امانت بھیجے گئے ہیں۔ ان کا اصل نگہبان تو الله ہے۔ اب ہمارا کام یہ ہے کہ ہم اپنے بچوں کو دین سے جوڑنے کے لیے کوشاں رہیں اور ان کے حق میں اپنے خدا سے گڑ گڑا کر بہترین دین کا کام ان سے لینے کے لیے دعائیں مانگیں۔


0 Comments