ملکی و عالمی منظر نامہ

ملکی منظر نامہ

پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا

قارئین کرام! گزشتہ ماہ ملک عزیز میں ایک ایسا مسئلہ پیش آیا جس نے مسلمانوں میں اشتعال کو خوب ہوا دی اور ملک بھر میں حد درجہ سنجیدگی اور ناراضگی کا ماحول رہا۔ واقعہ کچھ یوں تھا کہ کانپور میںﷺ I Love Muhammad کے پوسٹرس لگائے گئے تھے۔ انھیں غیر قانونی قرار دے کر نکلوایا گیا، حتی کہ نوجوانوں پر ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔ یہ واقعہ نہایت افسوسناک، شرمناک اور ہندوستانی جمہوریت کے چہرے پر ایک بدنما داغ ہے۔ جب ایک جمہوری ملک کا آئین ہر شہری کو مذہبی آزادی اور اپنے عقیدے کے اظہار کا حق دیتا ہے، تو محبتِ رسولﷺ جیسے پاکیزہ اور پُرامن جذبات کو جرم بنا دینا سراسر ناانصافی اور آئینی اقدار کی پامالی ہے۔ ’’I Love Muhammad “ جیسے الفاظ نہ کسی کی دل آزاری کرتے ہیں، نہ کسی قانون کی خلاف ورزی‌۔ بلکہ یہ ایک مسلمان کے دل کی آواز ہے جسے دبانے کی کوشش کرنا نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بلکہ ایک خاص مذہب کے خلاف متعصبانہ رویے کا منھ بولتا ثبوت بھی ہے۔ یوپی پولیس کی جانب سے یک طرفہ کارروائی کا جو منظر دیکھنے کو ملا، وہ توجہ طلب ہونے کے ساتھ ساتھ واضح بھی ہے کہ ایک اقلیتی طبقے کے تئیں تعصب کی فضا کس قدر چھا چکی ہے۔ نفرت نے کس حد تک پنجے گاڑھ لیے ہیں۔ جہاں ان نوجوانوں پر ایف آئی آر درج کی گئی، وہیں اُن شرپسند عناصر کے خلاف کوئی قدم نہیں اُٹھایا گیا جنھوں نے نفرت انگیزی کی۔ یہ رویہ ایک افسوسناک امتیاز کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ طرزِ عمل صاف ظاہر کرتا ہے کہ اندھے قانون کا جھکاؤ اب ایک طرف ہے اور مسلمانوں کے ساتھ صریح طور پر تعصب برتا جا رہا ہے۔ یہ صرف ایک بینر کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ اُس گہرے اور منظم تعصب کا عکس ہے جو آئے دن ہندوستانی مسلمانوں کے مذہبی، سماجی اور سیاسی وجود کو کچلنے کی کوشش کرتا ہے۔ ایک ایسی سرزمین جہاں گنگا جمنی تہذیب کی مثالیں دی جاتی ہوں اور مالائیں جپی جاتی ہوں، آج وہی سرزمین مذہبی منافرت، اقلیتوں پر ظلم اور اظہار عقیدہ پر قدغن کی علامت بنتی جا رہی ہے۔ حکومت کی خاموشی یا جانبداری نہ صرف مسلمانوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا رہی ہے بلکہ ملک کی جمہوری بنیادوں کو بھی کمزور کر رہی ہے۔ محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو جرم بنانا، دراصل اس روشنی کو بجھانے کی کوشش ہے جو ظلم کے خلاف سب سے طاقتور ہتھیار ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ ایسی روشنی کبھی بجھائی نہیں جا سکی۔

ایسے دستور کو صبح بے نور کو میں نہیں مانتا

واضح رہے کہ عمر خالد، شرجیل امام، خالد سیفی، میران حیدر، گلفشاں فاطمہ جیسے کئی بے گناہ افراد قریباً پانچ سالوں سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔ ان افراد پر ان جرائم کا الزام ہے جسے عدالت سننے اور سمجھنے سے بیزار ہے۔ اس پورے پس منظر میں پرکاش راج جیسے نامور اداکار کا بے باکانہ بیان دینا نہ صرف غیر معمولی بات ہے بلکہ جرات مندانہ قدم ہے۔ یہ بیان صرف ایک فنکار کا جذباتی اظہار نہیں، بلکہ ایک باشعور، بے باک اور انصاف پسند شہری کی توانا آواز ہے۔ انھوں نے جس جرات مندی سے عدالتی فیصلے کو ’’انصاف کا مذاق‘‘ قرار دیا، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حق گوئی اور سچائی کے لیے بولنے والے ابھی ختم نہیں ہوئے۔ پرکاش راج کا یہ موقف نہ صرف متاثر کن ہے بلکہ ان کی اخلاقی جرات، انسانی ہمدردی اور جمہوری شعور کا آئینہ دار بھی ہے۔ ان کا طرزِ فکر اس معاشرے میں امید کی ایک کرن ہے، جہاں سچ بولنے پر سوال اٹھائے جاتے ہیں اور بے گناہی پر بھی قید و بند کی صعوبتیں سہنی پڑتی ہیں۔ عمر خالد اور دیگر نوجوانوں کی برسوں طویل قید، بغیر کسی مؤثر عدالتی فیصلے کے، دراصل قانون کے اس اندھے پن کا ماتم ہے جو صرف طاقتور کو دیکھتی ہے اور کمزور کے دکھوں سے آنکھ چرا لیتی ہے۔ یہ صورتِ حال نہ صرف ہندوستانی عدالتی نظام کے زوال کی علامت ہے بلکہ انسانی حقوق کی افسوسناک پامالی بھی ہے۔ ایک ایسا نظامِ انصاف جو کسی فرد کو پانچ سال بغیر جرم ثابت ہوئے قید رکھے، انصاف نہیں، جبر کا تسلسل ہے۔ ساتھ ہی عمر خالد کی والدہ کا یہ کہنا کہ وہ اب بھی اپنے بیٹے کی بے گناہی پر یقین رکھتی ہیں اور انصاف کے لیے سپریم کورٹ تک لڑنے کے لیے پرعزم ہیں، ماں کی غیر متزلزل محبت اور سچ پر یقین کی عظیم مثال ہے۔ واضح رہے کہ اداکار پرکاش راج کا نہ صرف داخلی مسائل پر بلکہ عالمی مسائل، جیسے غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر بھی دوٹوک اور جرات مندانہ موقف اختیار کرنا ان کی بین الاقوامی شعور اور انسانی ہمدردی کا واضح ثبوت ہے۔ ان کا ضمیر خاموش تماشائی بننے کے حق میں نہیں، نہ ہندوستان کے مظلوموں کے لیے، نہ فلسطین کے معصوموں کے لیے۔ یہی وہ وصف ہے جو ایک فنکار کو محض اسٹیج یا پردے تک محدود نہیں رکھتا، بلکہ اسے ایک بااثر سماجی آواز میں ڈھال دیتا ہے۔ ایسے وقت میں جب خاموشی کو دانش مندی اور بزدلی کو احتیاط کہا جا رہا ہو ان کی آواز انصاف کے لیے ایک پکار ہے، ایک سوال ہے

اس معاشرے سے کہ آخر کب تک ہم اندھے قانون کے ہاتھوں معصوموں کی زندگیاں پامال ہوتے دیکھتے رہیں گے؟ اس مقام پر اگر ہم نے اب بھی لب کشائی نہ کی، تو کل ہماری خاموشی ہمارے اپنے ضمیر کے خلاف جرم بن جائے گی۔

عالمی منظرنامہ

ہے ازل سے فطرت ہستی اسیر انقلاب

معزز قارئین! غور کریں تو عالمی منظرنامے میں غیر معمولی تبدیلیاں دکھائی دے رہی ہیں جو خاموش انقلاب کی نوید ہے۔ کئی اہم سرخیوں میں سے ایک یہ بھی توجہ طلب بنی کہ ’’تاریخی لمحہ! اقوام متحدہ میں آزاد فلسطین کی قرارداد منظور‘‘ یہ ایک غیر معمولی اور حقیقتاً تاریخی لمحہ ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا جیسے ممالک کی حمایت اصلاً چونکا دینے والی ہے۔ یقیناً برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا کی جانب سے فلسطین کو ایک خود مختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنا ایک اہم اور تاریخی پیش رفت ہے۔ یہ نہ صرف فلسطینی عوام کی طویل جدوجہد کا عالمی سطح پر اعتراف ہے بلکہ بین الاقوامی ضمیر کی بیداری کی علامت بھی ہے۔ برطانیہ کا یہ قدم خاص طور پر اس لیے بھی معنی خیز ہے کہ وہ ماضی میں اسرائیل کے قیام میں مرکزی کردار ادا کر چکا ہے۔ اب اسی تاریخ کے تناظر میں فلسطین کو تسلیم کرنا ایک اخلاقی ذمہ داری کی تکمیل اور دیرینہ ناانصافی کا جزوی ازالہ ہے۔ آسٹریلیا اور کینیڈا جیسے جمہوری ممالک کا ہم آواز ہونا اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ دنیا کا رجحان طاقت کی سیاست سے ہٹ کر انصاف، امن اور مساوات کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس فیصلے نے دو ریاستی حل کے مردہ تصور میں نئی روح پھونکی ہے اور ایک پُرامن مستقبل کی امید کو تقویت دی ہے۔ یہ اعلان صرف سفارتی اقدام نہیں بلکہ ایک اصولی موقف ہے کہ قومیں زمین، طاقت یا مذہب کی بنیاد پر نہیں، بلکہ حقِ خود ارادیت اور انسانی وقار کی بنیاد پر پہچانی جانی چاہیے۔ یقیناً یہ لمحہ تاریخ میں ایک روشن موڑ کی حیثیت رکھتا ہے۔

صمود فلوٹیلا : استقامت کی تابندہ علامت

واضح رہے کہ ’’فریڈم فلوٹیلا‘‘ کے بعد ’’صمود فلوٹیلا‘‘ اب توجہ کا مرکز ہے۔ صمود فلوٹیلا صرف ایک بحری قافلہ نہیں، بلکہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور جرات مندی کی روشن مثال ہے۔ جب عالمی بے حسی کے سائے گہرے ہو چکے تھے، اس قافلے نے انسانیت کا پرچم بلند کرتے ہوئے ظلم کے خلاف عملی قدم اٹھایا۔ ۲۴؍ ستمبر کو بین الاقوامی پانیوں میں ہونے والے ڈرون حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ قافلہ صرف امداد نہیں بلکہ سچ اور انصاف کے لیے بھی ایک چیلنج ہے۔ فلوٹیلا کے کارکنوں نے خوف کے اس وار کو ہراساں ہونے کے بجائے حوصلے کی دلیل بنایا۔ اسی دلیرانہ اقدام کے جواب میں اٹلی اور اسپین جیسے یورپی ممالک نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف جو دوٹوک موقف اپنایا، وہ جدید سفارت کاری میں ایک غیر معمولی مثال ہے۔ اطالوی اور ہسپانوی بحری جہازوں کی روانگی صرف علامتی نہیں بلکہ عملی حمایت کا واضح اعلان ہے۔ اس کے برعکس مسلم دنیا کے بیشتر حکمرانوں کی خاموشی ہمیشہ کی طرح لمحہ فکریہ ہے۔ وہ ممالک جو امت کی قیادت کے دعوے کرتے ہیں، وہ نہ صرف بے عمل ثابت ہوئے بلکہ ان کی بےحسی نے عوام و خواص سب کو مایوس کیا۔ صمود فلوٹیلا آج مزاحمت، ہمدردی اور عالمی ضمیر کی بیداری کا ایک زندہ استعارہ ہے۔ یہ قافلہ اس بات کا اعلان ہے کہ اگر حکومتیں خاموش رہیں تو عوامی شعور اور ہمدردی اب بھی زندہ ہے۔

گرم ہوجاتا ہے جب محکوم قوموں کا لہو

عالمی منظرنامے میں ایک اور بڑی خبر نیپال میں ہونے والا تاریخی احتجاج ہے۔ نیپال ان دنوں ایک نازک اور فیصلہ کن موڑ سے گزر رہا ہے۔ برسوں پر محیط کرپشن، اقربا پروری اور طاقت کے ناجائز استعمال نے عوام کے دلوں میں نفرت کے الاؤ بھڑکا دیے تھے۔ جب ریاست نے ایک بار پھر اظہار رائے پر پابندیاں لگانے کی کوشش کی اور سوشل میڈیا جیسے پلیٹ فارم پر قدغن لگائی گئی، تو یہ بظاہر ایک معمولی قدم تھا، لیکن یہ دراصل اُس لاوے کا دہانہ کھولنے والا فیصلہ ثابت ہوا جو برسوں سے دباؤ میں تھا۔ اس احتجاج میں نوجوان پیش پیش رہے، جو اب صرف وعدوں پر یقین نہیں رکھتے بلکہ عمل اور احتساب چاہتے ہیں۔ مگر افسوس کہ اس عوامی ردعمل نے پرتشدد رخ اختیار کر لیا، جس سے تحریک کی اخلاقی حیثیت متاثر ہوئی۔ پارلیمنٹ کو نذرِ آتش کرنا یا رہنماؤں کے گھروں پر حملے کرنا کسی بھی مہذب معاشرے میں تبدیلی کا راستہ نہیں ہو سکتا۔ اگر نیپال کو واقعی ایک نیا اور شفاف مستقبل درکار ہے تو راستہ امن، مکالمے اور اصلاحات سے ہو کر گزرتا ہے اور ریاست کو بھی لازم ہے کہ طاقت کے بجائے انصاف اور شراکت کا دروازہ کھولے۔ یہی وہ راستہ ہے جو انقلاب کو بغاوت سے بچا کر تعمیر کی طرف لے جاتا ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے