اب ہنسنے کی باری ہے!
زمرہ : ٹی ٹائم

غلطی ہائے مضامین

بعض اوقات تمام تر احتیاط کے باوجود پروف کی غلطیاں رہ جاتی ہیں اور ان میں سے کچھ تو بہت مزا دیتی ہیں۔ مولانا ظفر علی خاں انگریزوں کے خلاف بہت زور دار اداریے اپنے اخبار ’’زمیندار‘‘ میں لکھا کرتے تھے۔ ایک دفعہ ان کا لکھا ہوا پورا اداریہ سنسر کی زد میں آ گیا۔ اس وقت کاپی پریس میں جانے والی تھی، اتنا ٹائم نہیں تھا کہ اداریہ لکھا جاتا، خوش نویس کو دیا جاتا، پھر پروف ریڈنگ ہوتی اور پھر کاپی پر پیسٹ کیا جاتا۔ مولانا نے وقت بچانے کے لیے نیا اداریہ لکھ کر ایک ایسے خوش نویس کو ان کے گھر پہنچایا، جو کبھی غلطی نہیں کرتا تھا اور اسے پیغام دیا کہ ابھی کتابت کر کے اس آدمی کے ہاتھ واپس بھیج دو اور پہلے سے بھی زیادہ احتیاط سے کتابت کرو، تاکہ پروف پڑھنے ہی نہ پڑیں۔ وہ خوش نویس بہت عبادت گزار شخص تھا، وہ اس وقت مصلے پر بیٹھا ذکر میں مشغول تھا، اس نے مصلے پر بیٹھے بیٹھے اداریے کی کتابت کی اور مولانا کے فرستادہ شخص کے ہاتھ واپس بھجوا دیا۔ کاپی پیسٹر نے پروف پڑھے بغیر اسے کاپی پیسٹ کیا اور کاپی پریس بھجوا دی۔ صبح جب اخبار چھپ کر آیا تو اداریہ کچھ یوں تھا: ’’ہم انگریز سرکار پر واضح کر دینا چاہتے ہیں اللہ اکبر اللہ اکبر اللہ اکبر کہ اس کے ظلم کے دن سبحان اللہ سبحان اللہ گنے جاچکے ہیں، ہندوستانی عوام بیدار۔۔۔‘‘ اور اس کے آگے پھر ورد تھا۔ مولانا نے اداریہ پڑھا تو سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔ خوش نویس کو طلب کیا مگر اس کا سفید نورانی چہرہ دیکھ کر مولانا کے چہرے پر مسکراہٹ پھیل گئی۔اسے آئندہ کے لیے احتیاط کرنے کو کہا اور ایڈیٹر کو ہدایت کی کہ آئندہ کسی کارکن کی عبادت میں خلل نہ ڈالا جائے کہ اس صورت میں اس کی ذہنی کیفیت اور کام خلط ملط ہو جاتے ہیں۔

عطاء الحق قاسمی

ارہر کا کھیت

ارہر کا کھیت دیہات کا زنانہ پارلیمنٹ ہے۔ کونسل اور اسمبلی کا صور یہیں سے پھونکا گیا تھا۔ گاؤں کا چھوٹا بڑا واقعہ سب یہاں معرض بحث آتا ہے۔ فلاں کی شادی کب اور کہاں ہو رہی ہے، دروغہ جی کیوں آئے اور کیا لے کر گئے۔ پٹواری کی بیوی نے اس سال کون کون سے نئے زیور بنوائے۔ رکمینا کے بچہ کیوں نہیں پیدا ہوتا اور سکھیا کو حمل کیسے ٹھہرا؟ ایک نے کہا میری گائے کے بچھیا ہوگی۔ دوسری بولی پہلوٹی کی بچھیا ہوچکی ہے، اب کے بچھڑا ہوگا۔ اس پر اختلاف آرا ہوا اور ہندوستانی لیڈروں کی طرح دونوں بھول گئیں کہ ہم دراصل کس شغل میں مصروف تھے اور اب کیا ہو رہا ہے۔

رشید احمد صدیقی

سیاہ عینک بہ چشم آں نگارے

میں یہ جانتا ہوں کہ محبت اندھی ہوتی ہے، لیکن میں یہ ماننے کے لیے بالکل تیار نہیں کہ محبت کرنے والے بھی اندھے ہوتے ہیں۔ بالخصوص آج کل کے محبت کرنے والے۔۔۔ وہ تو محبوب یا محبوبہ کے علاوہ اس کے پس منظر میں جہیز، کوٹھی، کار اور بینک بیلنس تک سب کچھ دیکھ لیتے ہیں۔ اس لیے میں کہتا ہوں کہ آنکھ محبت کا پہلا دروازہ ہے۔

ابراہیم جلیس

دیواروں پر لکھنا

دیواروں پر تو خیر انسان لکھتا ہی ہے، لیکن بیت الخلا کی دیواروں پر ضرور لکھتا ہے۔ مسجد میں چلے جائیے، اس کے غسل خانے کی دیواروں پر بھی آپ کو ترقی پسند ادب اور ترقی پسند مصوری بکھری نظر آئے گی۔ یہی نہیں، آپ ان دیواری تحریروں سے ضروری معلومات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ مسجد کے مؤذن صاحب کس طبیعت کے مالک ہیں۔ امام صاحب کو کون کون سے کھانے مرغوب ہیں۔ اسکول کا کون کون سا استاد میر تقی میر کا تتبع کرتا ہے۔ کالج میں پرنسپل صاحب مقبول ہیں یا نہیں۔ اسی طرح کی اور سینکڑوں باتیں آپ کو ایک ہی نشست میں ان دیواروں کے مطالعے سے معلوم ہو سکتی ہیں۔
دیوار پر لکھنا ایسا ہی ہے جیسے سر بازار آواز بلند کر کے کوئی اعلان کر دیا جائے۔ لیکن بیت الخلاء کی دیواروں پر وہ علوم لکھے جاتے ہیں، جن کے مطالعے کے لیے سکون، تنہائی اور اطمینان قلب درکار ہوتا ہے۔ مختصر نشست ہی میں آپ ان چھوٹی چھوٹی لائبریریوں سے روز مرہ کی زندگی کے سینکڑوں اسرار معلوم کر سکتے ہیں۔ بھاری بھرکم کتابوں کی ورق گردانی کی ضرورت نہیں۔ ذرا گردن اٹھائی اور ہیولک ایلس کی چاروں جلدوں کا نچوڑ دیکھ لیا۔
دیواروں پر لکھنے اور نقش نگار بنانے کے لیے خاص روشنائی یا رنگوں کی ضرورت نہیں۔ کوئلہ، کھر یا مٹی، نیم پختہ اینٹ کا ٹکڑا، دودھ پتھری، گیری، چونا، کتھا، تارکول۔ ان میں سے جو بھی Inspiration کے وقت موجود ہو آپ استعمال کر سکتے ہیں۔ قلم اور برش نہیں تو انگلی ہی سے کام لیا جا سکتا ہے اور اگر کوئی بھی ذریعہ میسر نہیں تو ناخنوں ہی سے کرید کرید کر آپ اپنا شوق پورا کر سکتے ہیں۔

سعادت حسن منٹو

ٹیڑھی انگلی والے لوگ

مولوی مظفر کی خامیاں بالکل آشکارہ، مگر خوبیاں نگاہوں سے پوشیدہ تھیں۔ وہ بشارت کے اندازے اور اندیشے سے کہیں زیادہ ذہین اور کائیاں نکلے۔ ایسے ٹھوٹ جاہل بھی نہیں تھے جیسا کہ ان کے دشمنوں نے مشہور کر رکھا تھا۔ جہاں دیدہ، مزاج شناس، حکام رس، سخت گیر۔ رہن سہن میں ایک سادگی اور سادگی میں ایک ٹیڑھ۔ عقد ثانی کے علاوہ اور کوئی کبیرہ بد پرہیزی ان سے منسوب نہ تھی۔ کانوں اور قول کے کچے، مگر دھن کے پکے تھے۔ انہی کا حوصلہ تھا کہ دس بارہ سال سے وسائل کے بغیر لشتم پشتم اسکول چلا رہے تھے۔ اسے چلانے کے لیے ان کے ضابطہ اخلاق میں ہر قسم کی دھاندلی روا تھی۔ ان کے طریقے کار میں عیب نکالنے کے لیے زیادہ ذہین یا عالم الغیب بلکہ عالم العیب ہونے کی شرط نہ تھی کہ وہ بالکل عیاں تھے، مگر جو کام وہ کر گئے وہ ہر ایک کے بس کا روگ نہیں۔ اکثر فرماتے کہ ’’صاحبزادے! سیدھی انگلیوں گھی نہیں نکلتا۔‘‘ مگر ایسے لوگوں کی مصیبت یہ ہے کہ گھی نکال چکنے کے بعد بھی ان کی انگلیاں ٹیڑھی ہی رہتی ہیں اور انگلیاں ٹیڑھی رکھنے میں جو مزہ انہیں آتا ہے، وہ سچ پوچھیے تو گھی نکال کر کھانے میں بھی نہیں آتا۔ یہ حضرات التحیات کے دوران اشہد ان لا الہ الا اللہ پڑھتے وقت اللہ کے وجود اور وحدانیت کی شہادت بھی ٹیڑھی انگلی ہی سے دیتے ہیں!

مشتاق احمد یوسفی

تہمت حیات سے متہم

مولانا ابو الکلام آزاد اپنا سن پیدائش اس طرح بتاتے ہیں کہ ’’یہ غریب الدیار، عہد نا آشنائے عصر، بے گانہ خویش، نمک پروردۂ ریش، خرابۂ حسرت کہ موسوم بہ احمد، مدعو بابی الکلام ۱۸۸۸ء مطابق ذو الحجہ ۱۳۰۵ء میں ہستی عدم سے اس عدم ہستی میں وارد ہوا اور تہمت حیات سے متہم۔‘‘
اب لوگ اس طرح نہیں لکھتے۔ اس طرح پیدا بھی نہیں ہوتے۔ اتنی خجالت، طوالت و اذیت تو آج کل سیزیرین پیدائش میں بھی نہیں ہوتی۔

مشتاق احمد یوسفی

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے