سوال: ایک صاحب بیوی پر شوہر کے حقوق خوب بیان کرتے ہیں۔ قرآن مجید کے حوالے دیتے ہیں۔ ایک حدیث پیش کرتے ہیں کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا ہے کہ اگر کسی انسان کو سجدہ کرنا جائز ہوتا تو حکم دیا جاتا کہ بیوی شوہر کو سجدہ کرے۔ لیکن کیا عورت کے بھی کچھ حقوق ہیں؟ اس کا مطلق ذکر نہیں کرتے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ عورت کو بس کھانا کپڑا ملے، کافی ہے۔ اس کا کام صرف شوہر کی جنسی خواہش پوری کرنا ہے۔ عورت کا اپنے میکے جانا انھیں پسند نہیں، میکے والوں سے موبائل پر اس کا بات چیت کرنا بھی انھیں گوارا نہیں۔ وہ دھمکی دیتے ہیں کہ اگر تم نے میکے والوں سے رابطہ رکھا تو طلاق دے دوں گا۔
براہ کرم بتائیے کیا ان کا رویہ درست ہے؟ کیا عورت کو حق نہیں ہے کہ وہ شادی کے بعد اپنے ماں باپ اور رشتے داروں سے تعلق رکھے؟ کیا اسے حق نہیں کہ جب وہ سسرال میں رہتے ہوئے اور ذمے داریاں نبھاتے ہوئے تھک جائے تو کچھ دنوں کے لیے میکے ہو آئے اور ماں باپ اور دوسرے رشتے داروں سے مل کر کچھ راحت حاصل کرلے؟
جواب: اسلام میں شوہروں اور بیویوں دونوں کے حقوق بیان کر دیے گئے ہیں اور ان کی ادائی کی تاکید کی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: وَلَهُنَّ مِثْلُ ٱلَّذِى عَلَيْهِنَّ بِٱلْمَعْرُوفِ (البقرة: ۲۲۸) ’’عورتوں کے معروف طریقے پر ویسے ہی حقوق ہیں جیسےمردوں کے حقوق ان پر ہیں۔‘‘
تمام لوگ حقوق وفرائض میں ایک دوسرے کے ساتھ بندھے ہوئے ہیں۔ بیوی کے حقوق شوہر کے فرائض ہیں اور شوہر کے حقوق بیوی کے فرائض۔ بہو کے حقوق ساس سسر کے فرائض ہیں اور ساس سسر کے حقوق بہو کے فرائض۔ اسی طرح دیگر رشتے داروں کا معاملہ ہے۔ اگر ہر شخص اپنے فرائض پر نظر رکھے اور انھیں ادا کرنے کی کوشش کرے تو دوسروں کے حقوق بہ آسانی ادا ہوں گے اور باہم خوش گوار تعلقات قائم ہوں گے۔
شوہر اور بیوی کا معاملہ بھی ایسا ہے۔ بیویوں کو حکم دیا گیا ہے: فَالصّٰلِحٰتُ قٰنِتٰتٌ حٰفِظٰتٌ لِّلْغَيْبِ بِمَا حَفِظَ اللّٰهُ (النساء: ۳۴) ’’پس نیک عورتیں اطاعت شعار ہوتی ہیں اور مردوں کے پیچھے اللہ کی حفاظت و نگرانی میں ان کے حقوق کی حفاظت کرتی ہیں۔‘‘
اللہ کے رسول ﷺ سے دریافت کیا گیا: ’’بہترین عورت کون ہے؟‘‘ آپﷺ نے فرمایا: الَّتِي تَسُرُّهُ اِذا نَظرَ، وَتُطِيعُهُ اِذا أمَرَ وَلَا تُخَالِفُهُ فِيمَا يَكرَهُ فِي نَفسِهَا وَمَالِه (مسند احمد: ۹۵۸۷) ’’جس کا شوہر اسے دیکھے تو خوشی محسوس کرے، جو اپنے شوہر کی اطاعت کرے اور اپنی ذات اور شوہر کے مال کے معاملے میں کوئی ایساکام نہ کرے جو شوہر کو ناپسند ہو۔‘‘
دوسری طرف شوہروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ بیویوں کے ساتھ اچھا سلوک کریں اور ان کے آرام وآسائش کا پورا خیال رکھیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: وَعَاشِرُوهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ (النساء: ۱۹) ’’اور عورتوں کے ساتھ بھلے طریقے سے زندگی بسر کرو۔‘‘ اور اللہ کے رسول ﷺ نے ارشاد فرمایا:
اِسْتَوصُوا بِالنِّسَاءِ خَيراً فَاِنَّهُنَّ عَندَكُم عَوانٌ (ابن ماجہ: ۱۸۵۱) ’’میں تمھیں عورتوں کے ساتھ بہتر سلوک کی ہدایت کرتا ہوں۔ وہ تمھارے پاس قیدیوں کے مثل ہیں۔‘‘
سوال میں جس حدیث کا حوالہ دیا گیا ہے وہ جامع ترمذی (۱۱۵۹) اور سنن ابن ماجہ (۱۸۵۳) میں آئی ہے۔ اس کے بارے میں بعض علماء کہتے ہیں کہ وہ ضعیف ہے، اسے بیان کرنا درست نہیں، دوسرے علماء صحیح یاحسن کہتے ہیں۔ اگر اسے صحیح مان لیا جائے تو بھی اس میں سجدہ کرنے کا حکم نہیں دیا گیا ہے۔ یہ ایک تعبیر ہے اس بات کی کہ عورت شوہر کا احترام اور اطاعت کرے۔
جو لوگ صرف اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں اور عورتوں کے حقوق کو نظر انداز کردیتے ہیں، ان کا رویّہ درست نہیں ہے۔ عورتیں بھی انسان ہیں۔ مردوں کی طرح وہ بھی تمام بنیادی انسانی حقوق رکھتی ہیں۔ رشتے داروں کے حقوق کی ادائیگی ان پر بھی لازم ہے۔ نکاح کے بعد انھیں ان کے ماں باپ، بھائیوں بہنوں اور رشتے داروں سے کاٹ دینا اور میکے جانے پر کلیّۃً پابندی عائد کرنا شوہروں کے لیے جائز نہیں ہے۔ نکاح کے بعد بھی عورتیں والدین سے حسن سلوک کرسکتی ہیں۔ ان کے پاس جاکر ان کی خدمت کرسکتی ہیں۔ ان کے ساتھ کچھ وقت گزار کر راحت حاصل کر سکتی ہیں۔ شوہروں کے لیے اس سے انھیں محروم رکھنا درست نہیں ہے۔ باہم افہام و تفہیم سے اور شوہر اور سسرال کی ضروریات کا خیال رکھ کر اس کے مواقع نکالے جاسکتے ہیں۔
٭ ٭ ٭
ویڈیو :
اشوک کی آمدنی بڑھی تو انھوں نے ایک نئے علاقے میں کرایے کا مکان لیا۔ وہ پرانے مکان سے پانچ کلومیٹر دور نئے علاقے میں اس لیے گئے کیوں کہ یہاں کی آب و ہوا زیادہ بہتر ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’خدمت کے ساتھ دو سال سے کام کرتے ہوئے آمدنی بڑھی ہے۔ اب پہلے کے مقابلے میں اچھے سے رہ پاتا ہوں۔ میں نے اپنے لیے ایک موٹر سائیکل خریدی ہے۔ گھر کے لیے فریج خریدا ہے۔ دس گرام سونا بھی لیا ہے اور بچوں کو اچھے اسکول میں پڑھا رہا ہوں۔‘‘


0 Comments