وہ دیکھو دور پرندے مشرق کی طرف اپنی اڑان بھر رہے ہیں۔ کیوں کہ وہ جانتے ہیں زندگی کی طرف خود جانا ہوتا ہے۔ مشرق کا وہ سورج نئی زندگی کے طلوع ہونے کا گواہ ہے۔۔۔ جب سنہری کرنیں فضا میں بکھرتی ہیں۔۔۔ تو ماحول کو سونا سونا کر جاتی ہیں۔۔۔ تازگی کا وہ احساس زندگی کی رمق دیتا ہے۔۔۔۔ افسوس بھی ہوتا ہے کہ زندگی کے کتنے سورج ہم نے گنوا دیے۔۔۔ کاش ہم نے جانا ہوتا کہ صبح کے اٹھنے میں اللہ نے کتنی خیر رکھی ہے۔۔۔ یہی خیر تو ہمارے رزق میں برکت لاتی ہے۔۔۔ مگر رزق کی تلاش میں نکلے انسان۔۔۔ کتنے پریشان کتنے بوجھل لگتے ہیں۔۔۔! کیا وہ بھول گئے کہ ان کا رزق مکتوب ہے۔۔۔ اور دینے والی ذات بے نیاز ہے۔۔۔ پھر یہ فکر کس بات کی۔۔۔؟ زندگی گزارنے کے لیے رزق سے زیادہ رازق کی ضرورت ہوتی ہے۔۔۔ اگر اس سے تعلق مضبوط ہے تو جان لو کہ زندگی کی روح رزق سے لبریز ہے۔۔۔ تو پس ہر صبح ہر دن دنیاوی رزق کے ساتھ روحانی رزق پر بھی سورج کی کرنوں کو چمکنے دیں، تاکہ آنے والی زندگی میں بھی روشنی پھیلتی رہے۔۔۔ زندگی وہ جس کو کوئی زوال نہیں۔۔۔ زندگی وہ جس میں کوئی الجھن نہیں۔۔۔ وہی تو ابدی زندگی جس کے لیے ہم یہاں بھیجے گئے ہیں، یہاں کی آزمائش اس زندگی کے لیے راحت کا سامان کرے گی۔۔۔ مگر سوال یہ ہے کہ اس آزمائش کے دوران ہمارا رویہ کیسا تھا۔۔۔! زبان پر شکوے کے الفاظ تھے یا شکر کے۔۔۔ اللہ سے بدگمان ہو گئے تھے یا پر امید رہے۔۔۔ یہی وہ چیز ہے جسے ہر دن ہمیں طےکرنا ہے کہ زندگی کی ہر صبح کو شکر اور پوزیٹیوٹی سے بھر کر گزاریں تاکہ ہماری دونوں زندگی روشنی سے بھر جائے۔۔۔ جیسے سورج کی کرنیں جو علی الصبح نرم پھولوں پر پڑتی ہیں تو شبنم کے ننھے قطروں کو ہیرے سی چمکا جاتی ہیں۔۔۔!!!
٭ ٭ ٭


0 Comments