امید کا چراغ

افشین گھر کی صفائی کر رہی تھی اور ساتھ ہی ساتھ بڑبڑارہی تھی۔ یہ کیا بار بار مجھے ہی کام کرنا پڑتا ہے۔ تم لوگ میرا تماشہ بنارہے ہو۔ کیا میری کوئی عزت نہیں؟ لوگ آتے ہی میرا انٹرویو شروع کر دیتے ہیں۔ انٹرویو بھی بڑا طویل و عریض۔ ممّی نے کہا: ’’بس خاموش ہو جاؤ۔ میں پہلے ہی پریشان ہوں۔ میں تو بہت تنگ آگئی ہوں۔ یہ لوگ آخر چاہتے کیا ہے؟ بچی کو دیکھا اور سوالات کی بوچھار شروع کر دیے اور چلتے بنے۔‘‘
دوسرے دن وہ لوگ صبح دس بجے آگئے۔ وہ لوگ پرائیوٹ گاڑی سے آئے۔ چھوٹے بڑے کوئی آٹھ لوگ تھے۔ ہم نے ان کا استقبال کیا۔ وہ بھی بڑی خوش دِلی سے ملے۔ ممّی نے میں نے اور دیدی نے بہترین ڈشیں تیار کیں۔ خاطر تواضع ہونے کے بعد ان لوگوں نے لڑکی کو دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ افشین کی بہن زہرہ نے اسے بڑے سلیقے سے تیار کیا۔ گلابی کلر کی فراک، چوڑی دار و رکام دار دو پٹہ اور ہلکے میک اپ میں وہ بہت پیاری لگ رہی تھی اور سونے پہ سہاگہ کہ ُسفید موتی کے گلے کا سیٹ وہ باربی ڈول سے کم نہ لگ رہی تھی۔
ممّی نے ایک نگاہ اپنی پیاری بیٹی پر ڈالی اور اسے ڈھیر ساری دعائیں دیں۔ کیا کمی ہے میری بچی میں! آخر لوگ چاہتے کیا ہے؟ جو بھی دیکھنے کے لیے آتے ہیں ان کی بیٹیاں تو معمولی صورتوں کی مالک تھیں، لیکن آخر وہ بہو میں چاہتے کیا ہیں؟ وہ سوچنے لگی۔ کھانا کھانے کے بعد انھوں نے لڑکی دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔افشین کو لایا گیا۔ لڑکے کی ماں نے پوچھا: آپ کی تاریخ پیدائش کیا ہے؟ کیا آپ کو کھانا پکانا آتا ہے؟ کیا آپ ڈوسا بناسکتی ہے؟ افشین بس سب سوالات کے جوابات ڈرتے ڈرتے دے رہی تھی۔ پھر چار دن بعد جواب آیا کہ لڑکی کا کلر اور فیئر ہونا تھا۔ پھر کیا ہوا ہمیشہ کی طرح سب منہ لٹکا کر بیٹھ گئے۔
ایک مہینہ گزر گیا۔ پھر مُشاتہ نے لڑکوں کا Bio data لاکر بتایا۔ میں نے ان سے وہ لے کر شام میں افشین کے پاپا کو بتایا۔ انھوں نے اس میں سے ایک Bio-Data Select کیا اور انھیں بُلانے کے لیے کہا۔ بس انھیں آنے کی جلدی تھی۔ وہ اتوار کو ہی آگئے۔ صبح سے ہی دروازے کے پردے بدلے گئے۔ صوفے کے Cover بدلے گئے۔ گلدان سجائے گئے۔ دو بجے کے قریب وہ لوگ آگئے چار عورتیں تھیں۔ تعارف کے بعد معلوم ہوا کہ لڑکے کی ماں اور تین بہنیں ہیں۔ رسمی گفتگو کے بعد خاطر تواضع ہونے کے بعد اُن لوگوں کی خواہش پرافشین کو لایا گیا۔ ہلکے پیلے کلر کی لمبی فراک اور اسی سے میچ کرتے ہوئے سیٹ میں وہ بڑی پیاری لگ رہی تھی اور وہ واقعی میں تھی بھی بڑی پیاری۔ یہ ایک ماں کی نظر نہیں تھی بلکہ ایک پارکھی نظر تھی۔ جیسے ہی اسے کرسی پر بٹھایا گیا۔ بس کیا تھا؟ چاروں کے سوالات آنے لگے۔ 10th کون سے سن میں پاس کیا؟ 12th کون سے کالج سے کیا؟ 12th کا کیا percentage تھا؟ D.Ed کا کیا percentage ہے؟
بہنیں بڑھ بڑھ کر سوالات کر رہی تھیں۔ کیا آپ سروِس کرنا چاہتی ہے؟ افشین جوابات دے رہی تھی۔ وہ لوگ چلے گئے۔ عارف آفس سے آئے۔ میں انھیں چائے پانی دینے کے بعد بیٹھ گئی۔ انھوں نے پوچھا کہ کیا لوگ آئے تھے؟ میں نے ہاں کیا۔ پھر کیا کہا انھوں نے پوچھا۔ بعد میں جواب دیں گے ایسا کہا۔ چار دن کے بعد جواب آیا کہ کیا وہ اپنی بیٹی کے Job کیلئے ڈونیشن donation دے سکتے ہیں؟ آفس سے آنے کے بعد میں نے عارف کو بتایا کہ وہ لوگ ایسا کہہ رہے ہیں۔ وہ خاموش ہو گئے اور خلاء میں گھورنے لگے۔ شاید وہ یہ سوچ رہے تھے کہ بیٹی تو رحمت ہوتی ہے، اس طرح کے مسائل سے لوگ پریشان ہوں گے اور بیٹی کو رحمت کی بجائے زحمت سمجھنے لگیں گے۔
دوپہر کے وقت سب کام ختم کرکے میں اٹھ ہی رہی تھی کہ میری سہیلی گھر آگئی۔ اسے دیکھ کر مجھے بڑی خوشی ہوئی وہ مجھ سے بہت خوش ہوکر ملی۔ ہم اپنے مسائل ایک دوسرے سے Share کرتے تھے۔ میں نے اسے ایسے لوگوں کے بارے میں بتایا اور دل کا بوجھ ہلکا کر دیا۔ پڑوس کی ہما باجی نے آکر مجھ سے کہا کہ ہمارے رشتہ دار کا ایک لڑکا ہے۔ لڑکا MBA ہے اگر آپ کہیں تو میں انھیں بتا دوں۔ مجھے تو بہت غصہ آرہا تھا، لیکن کیا کروں؟ کیا میں اپنی بیٹی کو اس طرح بِٹھا کر رکھوں؟ نہیں نہیں اور ان لوگوں کو آنے کے لیے مدعو کیا۔ وہ لوگ جمعہ کے دن آنے والے تھے۔ ٹھیک 3 بجے آگئے۔ میں نے بڑی خوش دلی سے ان کا استقبال کیا۔ خواتین ہی دیکھنے کے لیے آئیں؛ ایک لڑکے کی ماں، دوسرے لڑکے کی دو پھوپھو بھی آئیں۔ رسمی گفتگو کے بعد ان کی خاطر تواضع کی گئی۔ پہلے میں خاندان میں سے کسی کو بلا لیا کرتی تھی، لیکن ہر کسی کی مصروفیات ہوتی ہیں۔ اس لیے اب میں خود ہی بتالیا کرتی تھی۔ میں نے بچی کو لا کر بٹھا دیا۔
کیا آپ کو scooty چلانا آتی ہے؟ کیا آپ انگلش میں بات چیت کرسکتی ہے؟ آپ کی hobbies کیا ہیں؟ اور افشین سب کے سوالات کے جوابات دے رہی تھی۔ بڑے زندہ دل لوگ تھے۔ مجھے ان سے مل کر بڑی خوشی ہوئی اور ایک امید بندھ گئی۔ لڑکے کی والدہ نے کہا کہ ہم گھر پر مشورہ کرکے آپ کو بتاتے ہیں۔ میں بڑی بے صبری سے ان کے جواب کا انتظار کر رہی تھی اور مجھے یقین تھا کہ وہاں کا جواب ’ہاں‘ ہی آئے گا لیکن دوسرے دن ہی وہاں کا جواب آیا کہ لڑکی کی ناک ذرا اور ستواں چاہیے۔ یہ جواب سنتے ہی مجھے بہت غصہ آیا اور میں نے اس کے سامنے ہی کہہ دیا کاش یہ بولنے سے پہلے اپنا اور اپنی بیٹیوں کا ناک نقشہ ہی دیکھا ہوتا۔
دیکھتے ہی دیکھتے دو مہینے گزر گئے میں تھوڑا وقفہ لینا چاہتی تھی۔ ایک دن عارف نے کہا کہ ہمارے دوست کے قریبی لوگ ہیں۔ کچھ خواتین ہماری بیٹی کو دیکھنے کے لیے آرہے ہیں۔ اب میں نے ہمت کرکے عارف سے کہا کہ صرف عورتیں ہی نہیں آئیں گی۔ اُن سے کہو کہ وہ لوگ ساتھ میں لڑ کے کو بھی لائیں۔ شادی تو لڑکے نے کرنا ہے نا۔ پسند بھی اسی کو ہونی چاہیے۔ یہ خواتین بہو نہیں بلکہ دنیا میں حُور ڈھونڈ رہی ہیں یا ایک show piece ڈھونڈ رہی ہیں کہ دیکھیں یہ ہے ہماری پسند۔ ہر کوئی ایک دوسرے پر بازی لے جانا چاہتا ہے۔ عارف نے کہا ارے بھائی میں بولنا ہی بھول گیا کہ ان کے ساتھ ان کے گھر کا داماد بھی آنے والا ہے۔
لڑکا نہیں اور گھر کا داماد کیوں؟ افشین کی ممّی نے کہا۔ عارف نے گھورتے ہوئے بیوی کو دیکھا اور باہر چل دیے۔ میں خاموش ہوگئی بات آگے بڑھانا نہیں چاہتی تھی۔ بس دماغ پر Tension رہتا تھا۔ لیکن پھر بولنے لگی۔ کمال ہے جب وہ لوگ آتے ہیں تو اُن کی Ladies کے لیے ایک علاحدہ کمرہ چاہیے۔ ہمارے گھر کے مردانہ کو آنے نہیں دیتے اور وہ تو غیر آدمی کو لے کر اپنی گھر کی بہو کو دیکھنے آتے ہیں اور مجھے بھی افشین کے ساتھ غیر مردوں میں بیٹھنا پڑتا تھا۔ کیا انھیں پردہ کی اہمیت نہیں سمجھ آتی! اتنے میں وہ لوگ آگئے۔ لیڈیز میں لڑکے کی والدہ، بھائی، دو بہنیں اور ان کے گھر کا داماد بھی تھا۔ لیڈیز کو ایک علاحدہ روم میں بٹھایا گیا۔ دوسرے ڈرائنگ روم میں عارف اور وہ داماد کو بٹھایا گیا۔ تھوڑی دیر خاطر تواضع کے بعد لڑکی کو دیکھنے کے لیے کہا۔ سرمئی کلر کے غرارہ سوٹ میں وہ بے حد پیاری لگ رہی تھی۔ ان لوگوں نے اپنے داماد کو بتانے کی خواہش ظاہر کی۔ مجھے تو بہت غصہ آیا کہ یہ کس قسم کے لوگ ہیں، لیکن عارف نے میری ایک نہ چلنے دی اور اسے نہ چاہتے ہوئے غیر مرد کو مجبورا بلانا پڑا۔
یہ لوگ سب سے بڑھ کر نکلے۔ چلتے چلتے دو پٹہ ہٹا کر افشین کے بال دیکھنے لگے اور اس کے پیر بھی دیکھنے لگے۔ مجھے تو یہ اندھی تقلید کے حامی لگ رہے تھے۔ کہہ رہے تھے کہ لڑ کی سپاٹ پیر کی نہ ہو۔ جیسے ہی وہ گئے، میں نے عارف سے کہا کہ مجھے نہیں دینا ایسے لوگوں میں۔ دیکھا آپ نے کیسے جاہل لگ رہے تھے۔ لیکن عارف کیا کر سکتے تھے۔ کیا ایسے لوگوں کی سوچ بدل سکتے تھے۔ اب تو میں بہت تھک چکی تھی۔ میں اپنی بیٹی کی تذلیل اور کرنا نہیں چاہتی تھی۔ اس لیے دو، چار رشتوں کے لیے میں ہی انجان بن گئی۔ لیکن کب تک؟
پھر امید کی ایک کرن نظر آئی۔ ہماری دور کی رشتہ دار بہت دنوں بعد آئیں۔ تھوڑی دیر بات چیت کے بعد ہماری افشین چائے لے آئی۔ انھوں نے مجھ سے کہا کہ کیا بیٹی کا رشتہ ہوگیا۔ میں نے کہا کہ ابھی تک کوئی ڈھنگ کا رشتہ نہ ملا۔ اُنھوں نے ایک رشتہ کے بارے میں مجھ سے کہا کہ لوگ اچھے ہیں۔ لڑکا بھی پرائیویٹ کمپنی میں انجینئر ہے۔ میں نے ان سے کہا کہ افشین کے ابو آنے کے بعد انھیں پوچھ کر بتاؤں گی۔ انھوں نے کہا اور میں نے انھیں دوسرے روز بلانے کے لیے کہا۔ وہ لوگ دوسرے دن ہی آگئے۔ افشین تیار ہو چکی تھی۔ میں افشین کو لے کر آئی۔ افشین سے بہت سارے سوالات پوچھے گئے اور بڑی خوشی سے بات چیت کی، میں بھی مطمئن ہوگئی۔ دوسرے دن موبائل پر بتایا کہ لڑکی ہمیں بہت پسند ہے، آپ لڑ کے کے donation کے لیے پیسہ دیں، تو یہ رشتہ پکا سمجھیں۔ میرے تو پیروں تلے زمین سرک گئی۔ افیشن میرے ساتھ ہی بیٹھی سن رہی تھی۔ میں خاموش ہوگئی۔ افشین بستر پر لیٹی تو نیند آنکھوں سے کوسوں دور تھی۔ ہاں، یہی سچ ہے، اسی لیے کہ لوگ بیٹی کو بوجھ سمجھتے ہیں۔ وہ اتنی محنت سے سرما، گرما، برسات میں کما کر اپنی بیٹیوں کے ناز نخرے برداشت کرتے ہیں۔ اپنی خواہشوں کو قربان کرکے انھیں اعلی تعلیم دلاتے ہیں۔ اچھے سے اچھا پہناتے ہیں۔ کسی بھی چیز کی کمی نہیں کرتے، اپنی حیثیت سے بڑھ کر کرتے ہیں اور یہ لوگ لڑکیوں میں نقص نکالنے سے پہلے اپنا، اپنی بیٹیوں کا اور اپنے لاڈلے بیٹوں کا چہرہ آئینے میں بغور دیکھیں، تو اُنھیں یہ معلوم ہوگا کہ انسان کتنا بے بس ہے۔ کوئی اپنا چہرہ نہیں بناتا۔ یہ سوچنے سے پہلے کاش وہ اپنی بیٹیوں کا ہی خیال کر لیں۔
اب مجھے سمجھ آرہا تھا کہ لڑکوں کو ان کی مائیں اور بہنیں بے وقوف بنا رہی ہیں کہ کوئی تمہارے قابل لڑکی نہیں ہے اور بے چارے لڑکے سمجھ رہے ہیں کہ واقعی میں میں بہت کچھ ہوں۔ لیکن ایسا نہیں ہے۔ بہت ساری ماؤوں کو اپنے بیٹے کی کمائی میں بڑا Interest ہے۔ اسی لیے وہ اپنے بیٹوں کی شادی کرنے سے کترا رہی ہیں اور اس میں لڑکوں کی اچھی خاصی عمر گزر رہی ہے۔
کاش ہماری قوم کے لڑکے متحد ہو کر یہ بات سمجھیں اور اِ سلام کے مطابق شادی کریں اور بے راہ روی سے بچیں اور لڑکیاں بھی کوئی غلط قدم نہ اٹھائیں۔

کیا آپ کو scooty چلانا آتی ہے؟ کیا آپ انگلش میں بات چیت کرسکتی ہے؟ آپ کی hobbies کیا ہیں؟ اور افشین سب کے سوالات کے جوابات دے رہی تھی۔ بڑے زندہ دل لوگ تھے۔ مجھے ان سے مل کر بڑی خوشی ہوئی اور ایک امید بندھ گئی۔ لڑکے کی والدہ نے کہا کہ ہم گھر پر مشورہ کرکے آپ کو بتاتے ہیں۔ میں بڑی بے صبری سے ان کے جواب کا انتظار کر رہی تھی اور مجھے یقین تھا کہ وہاں کا جواب ’ہاں‘ ہی آئے گا لیکن دوسرے دن ہی وہاں کا جواب آیا کہ لڑکی کی ناک ذرا اور ستواں چاہیے۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے