آہ میری والدہ!

وہ دن کسی قیامت سے کم نہ تھا جس دن میری والدہ اس دنیا سے رخصت ہوئیں اور اپنے مالک سے جا ملیں۔ والدین دنیا کی عظیم ترین نعمتوں میں سے ایک ہیں اور ان کی جدائی انسان کی زندگی کا سب سے بڑا سانحہ ہے۔ ایک عظیم خاتون جن کا نام عائشہ خاتون تھا جب اس دنیائے فانی سے رخصت ہوئیں تو ہر آنکھ اشک بار تھی، ہر دل غمزدہ تھا؎

بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رُت ہی بدل گئی
اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا

جب اللہ کے نیک بندے اس دنیا سے رخصت ہوتے ہیں، تو دلوں کی یہی کیفیت ہوتی ہے۔ میری والدہ بھی ان میں سے ایک تھیں، ان کی خوبیوں کا ایک لامتناہی سلسلہ ہے کہ کہاں سے شروع کیا جائے۔ وہ نہایت صابر اور شاکر خاتون تھیں۔ زندگی کے آخری ایام میں مرض کی شدت کے باوجود جب ان سے کوئی خیریت پوچھتا تو ان کی زبان سے ہمیشہ یہی الفاظ نکلتے کہ ’’اللہ کا شکر ہے‘‘۔
صبر اور شکر ایک ایسی نعمت ہے کہ اگر بندے کو نصیب ہو جائے تو وہ اللہ کا مقرب بندہ بن جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن میں ارشاد فرماتا ہے: لَئِنْ شَکَرْتُمْ لَاَزِیْدَنَّکُمْ (سورہ ابراہیم : ۷) ترجمہ: اگر تم شکر کروگے تو ہم تمہاری نعمتوں کو اور بڑھا دیں گے۔ وہ اس پر پوری اتریں۔ ہم نے اپنے بچپن سے ہی کبھی ان کی عبادات میں کوتاہی ہوتے نہیں دیکھا۔ اذکار اور معمولات کی ایسی پابند تھیں کہ سفر پر جاتیں تو یہ ذخیرہ ان کے ساتھ ہوتا۔ حِلم اور بردباری کا یہ عالم تھا کہ ان سے ان کے بڑے بھی ان کا احترام کرتے اور ان سے مشورہ لیتے۔ مہمان نوازی کا یہ عالم تھا کہ قیمتی سے قیمتی شئے بھی مہمان کے لیے حاضر کرتیں۔ انھیں یہ بالکل گوارہ نہ تھا کہ کسی بھی مہمان کو ذرہ برابر بھی نظر انداز کیا جائے، چاہے وہ کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتا ہو۔ غریب پروری تو ان میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ اپنے ماتحتوں کی خبرگیری کرتیں، ان کا ہر ممکن خیال رکھتیں۔ رشتوں کو جوڑنے اور نبھانے میں وہ ایک بے مثال خاتون تھیں۔ ہمارے ماموں یعنی ان کے چھوٹے بھائی ان کے یہ الفاظ اکثر دہراتے ہیں کہ ہماری بہن ہمیں یہ سکھا کر گئیں ہیں کہ ’’کبھی کسی سے شکوہ نہ کرنا‘‘ اور ہم نے ان کی اس بات کی گانٹھ باندھ لی۔
بھتیجی بھتیجے، بھانجی بھانجے سبھی کی چہیتی تھیں اور صرف یہ ہی نہیں، بلکہ سسرالی رشتوں میں بھی وہ سب کے دل کے قریب تھیں۔ ہم نے کبھی کسی کو ان سے ناراض ہوتے نہیں دیکھا۔ وہ ہر دل عزیز تھیں۔ ان کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ وہ کنبہ اور خاندان میں واحد خاتون تھیں جو اتنی خوبیوں کی مالک تھیں۔
مطالعے کا شوق جنون کی حد تک تھا۔ گھر میں ہمیشہ ماہانہ رسالوں کا باقاعدگی کے ساتھ اہتمام رہا۔ ان کا ذوقِ مطالعہ سب سے منفرد تھا۔ جہاں وہ ’’زندگی‘‘ اور ’’تہذیب الاخلاق‘‘ کا مطالعہ کرتیں، وہیں بچوں کا رسالہ( ’’اُمنگ’’)اور ’’پیامِ تعلیم‘‘ بھی بڑے شوق سے پڑھتیں۔ دہلی جاتیں تو اگلے ہی دن بٹلہ ہاؤس مارکیٹ سے کتابیں خرید لاتیں، ساتھ ہی ساتھ اخبار اور سیاسی سرگرمیوں کی بھی پوری معلومات رکھنا چاہتی تھیں۔ ذہانت کا یہ عالم تھا کہ جو واقعہ پڑھتیں اسے ہو بہ ہو بیان کر دیتیں۔ ’’صفائی نصف ایمان ہے‘‘ اس پر سو فیصد عمل کرتیں۔ انتہائی پھرتیلی تھیں اور اُمورِ خانہ داری میں انھیں مہارت حاصل تھی۔ شیریں کلامی ان کا شیوہ تھا۔ گھر کے خوشگوار ماحول سے چپکے چپکے محظوظ ہوتیں اور اس حصہ بننے کی کوشش کرتیں۔ انھیں روکھی پھیکی زندگی پسند نہ تھی۔ پوتی پوتوں کو کہانیاں سناتیں۔ بچے ان سے فرمائش کرنے سے ذرا نہ جھجھکتے۔ تحفے تحائف لانا کبھی نہ بھولتیں۔ سچ کی علم بردار تھیں۔ وہ کہا کرتیں تھیں کہ ’’میں نے اپنے بچوں سے کبھی مذاق میں بھی جھوٹ نہیں بولا اور نہ کبھی جھوٹ بول کر ڈرایا‘‘۔ غرض یہ کہ تربیت کا کوئی پہلو وہ ہاتھ سے جانے نہ دیتیں۔ کس کس بات کا ذکر کیا جائے، قلم آگے چلنے سے قاصر ہے۔ دل بوجھل ہے، اشک الفاظ کو مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آپ کے بعد ہر گھڑی ہم نے
آپ کے ساتھ ہی گزاری ہے

یہ صرف ان کی زندگی کا خاکہ ہی نہیں ان کی آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
جیو یوں کہ زمانہ مثال دے
والدین وہ ہستیاں ہیں جن کی زندگی رہتے قدر کریں، خدمت کریں، انھیں پلکوں پر بٹھائیں، باہیں پھیلائیں، کیوں کہ سورہ اسراء، آیت ۲۳ میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: ’’وَبِا الْوَالِدَیْنِ إحْسَانًا‘‘ ترجمہ: والدین کے ساتھ حسن سلوک کرو۔۔آگے اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: ’’فَلَا تَقُلْ لَّہُمَا اُفٍّ‘‘ ترجمہ: ان سے اُف تک نہ کہو۔
غرض جس جس کے ماں باپ زندہ ہیں، اللہ تعالیٰ ان کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور جو دنیا سے جاچکے ہیں، اللہ تعالیٰ ان کی قبروں کو منور کرے۔ انھیں کروٹ کروٹ چین نصیب فرمائے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔

٭ ٭ ٭

جب اللہ کے نیک بندے اس دنیا سے رخصت ہوتے ہیں، تو دلوں کی یہی کیفیت ہوتی ہے۔ میری والدہ بھی ان میں سے ایک تھیں، ان کی خوبیوں کا ایک لامتناہی سلسلہ ہے کہ کہاں سے شروع کیا جائے۔ وہ نہایت صابر اور شاکر خاتون تھیں۔ زندگی کے آخری ایام میں مرض کی شدت کے باوجود جب ان سے کوئی خیریت پوچھتا تو ان کی زبان سے ہمیشہ یہی الفاظ نکلتے کہ ’’اللہ کا شکر ہے‘‘۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے