کہ خونِ صدہزار انجم سے ہوتی ہے سحر پیدا

۱۰؍ اگست کا دن پوری دنیا کے انصاف پسندوں کے لیے ایک کربناک دن اور صحافت سے وابستہ لوگوں کے لیے ایک حساس سوال پیدا کرنے والا دن تھا۔ اسرائیل نے مسلسل دھمکیوں کے بعد اسی دن الشفاء ہاسپٹل کی بیرونی چہار دیواری سے منسلک الجزیرہ کے ٹینٹ کو نشانہ بنایا، جس میں الجزیرہ کے صحافی انس الشریف، محمد قریقع اور کیمرہ مین محمد نوفل، ابراہیم ظاہر اور مومن شہید ہوئے۔ اسرائیل نے چند ہی لمحوں بعد انس الشریف کو ٹارگٹ کرنے کو اپنی کامیابی کے طور پر فخریہ پیش کیا اور یہ بتایا کہ انس الشریف صحافت کے ساتھ ساتھ حماس سے بھی وابستہ تھا۔ اسرائیل نے کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا، صرف حماس لیڈران کے ساتھ چند ایک تصاویر اور دستاویزات جس میں انس الشریف کا ملیٹری نمبر اور ذمہ داری اور سیلری وغیرہ کی تفصیلات ہے، لیکن اس بات کا کوئی واضح ذکر نہیں ہے کہ یہ دستاویز درست ہیں۔ یہ چیز معمولی ایڈیٹنگ کے ساتھ کوئی بھی کر سکتا ہے۔ یہ اسرائیل کی طرف سے کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے کہ اس نے صحافیوں کو حماس اور جہاد اسلامی کا ممبر بتا کر قتل کیا ہو، اس سے قبل اسرائیلی فوج نے ۲۶؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو العودہ ہاسپٹل، نصیرات ریفوجی کیمپ کے پاس صحافیوں کو ٹارگیٹ کر کے شہید کیا تھا۔ یہ پانچوں صحافی ایک گاڑی میں تھے اور اسرائیلی فوج نے صرف گاڑی ہی کو نشانہ بنایا تھا، یعنی یہ حملہ خاص طور سے ان پانچوں صحافیوں کو مارنے کے لیے کیا گیا تھا۔ اسرائیلی حکومت نے اپنے جرائم کو چھپانے کے لیے یہ دعوی کیا کہ یہ تمام صحافت سے وابستگی کے ساتھ ساتھ اسلامی جہاد سے بھی وابستہ تھے۔ اس سے قبل۳۱؍ جولائی ۲۰۲۵ء کو الجزیرہ کے صحافی اسمعیل الغول اور رامی الریفی کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا، جب وہ اسی دن تہران میں شہید ہونے والے حماس سر براہ اسمعیل ہنیہ کے گھر کے پاس رپورٹنگ کر رہے تھے۔
انس الشریف کون تھے؟ آنے والی نسلوں کو جاننا چاہیے۔ انس الشریف کی شخصیت اور بطل جلیل کا نام تھا۔ انس الشریف استقامت، ثبات اور بہادری کا استعارہ ہے۔ انس الشریف سچ، حقیقت اور حق کی آواز ہے۔ انس الشریف نے اسرائیلی جارحیت اور سفاکیت کے درمیان اسرائیلی جرائم کو اجاگر کیا، اس دوران انس الشریف کے دوستوں کا قتل کیا گیا، ان کے کیمرہ مین کو اسرائیلی سفاک نے قتل کر دیا، ایک حملہ میں ان کے والد بھی شہید ہو گئے، دسیوں مرتبہ اسرائیلی مجرم ریاست نے خود انس الشریف کو دھمکیاں دیں۔ لیکن ان دھمکیوں اور مصائب و مشکلات کے باوجود انس الشریف نے ایک لمحے کے لیے رپورٹنگ بند نہیں کی؛ بلکہ اس کی بہادری، جرات اور استقامت میں مزید اضافہ ہوا۔ اس نے ہر لمحہ ہر آن اسرائیلی سفاکیت کو اجاگر کیا۔ انس الشریف نے صرف اسرائیلی جرائم وسفاکیت ہی کو اجا گر نہیں کیا ہے؛ بلکہ نام نہاد اقوام متحدہ کی حیثیت، انسانی حقوق کی وقعت، عالمی قوانین کی بے حسی اور مغرب کے دو غلے پن کو بھی دنیا کے سامنے اجاگر کیا ہے۔ الجزیرہ کے سینئر صحافی تامر المسحال کے مطابق انس الشریف تھک چکے تھے۔ مسلسل رپورٹنگ اور ہر لحہ کی کوریج سے ان کا جسم آرام چاہتا تھا، وہ چند لمحے سونا چاہتے تھے۔ اب وہ اپنے رب کے جوار میں پہنچ چکے ہیں، جہاں جنت کا آرام و سکون ہے۔ بلاشبہ ان کی روح کو ہمیشگی کے لیے سکون و طمانیت مل گئی ہے۔ انس الشریف کی شہادت نے دراصل ان کی آواز کو ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا ہے۔ انس الشریف آج بھی زندہ ہیں، ان کی آواز زندہ ہے، ان کا پیغام زندہ ہے۔ ان کا مشن زندہ ہے۔ انس الشریف کی شہادت نے بھی اسرائیلی جرائم کو اجا گر کر دیا ہے کہ یہ مجرم، نازی اور انسانیت کے دشمن صہیونی تمام قوانین اور حقوق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صحافیوں کو صرف اس لیے قتل کر رہے ہیں کہ ان کے جرائم اور سفاکیت سے دنیا واقف نہ ہو سکے۔
انس الشریف ۳؍ دسمبر ۱۹۹۶ء کو جبالیہ ریفوجی کیمپ میں پیدا ہوئے۔ ارنوا کے تحت چلنے والے اسکول میں تعلیم حاصل کی۔۲۰۱۴ء میں جامعہ اقصی سے صحافتی تعلیم مکمل کی۔ تعلیم سے فراغت کے بعد صحافت سے وابستہ ہو گئے، طوفان الاقصی سے قبل تک انھوں نے مصور کی حیثیت سے خدمات انجام دی۔ ۷؍ اکتوبر کے بعد جب اسرائیل نے جارحیت شروع کی تو انس الشریف ایک صحافی کی حیثیت سے الجزیرہ سے وابستہ ہوئے۔ ایک انٹریو میں الجزیرہ سے وابستہ ہونے کی داستان بیان کرتے ہوئے کہا کہ دراصل میں ایک مصور تھا، یعنی جنگ سے قبل میں نے کبھی رپوٹنگ نہیں کی تھی اور نہ ہی میں جنگ سے قبل نامہ نگار تھا، ۷؍ اکتوبر کے بعد جب جنگ شروع ہوئی تو ابتدائی دنوں میں، میں جبالیہ کیمپ کے واقعات اور بمباری کو دستاویزی شکل دیتا اور اس کو اپنے شوشل میڈیا اکاونٹ سے شئیر کرتا تھا۔ تقریبا دو دن بعد تامر المسحال نے مجھ سے رابطہ کیا اور کہا جو کچھ ہو رہا ہے اس کو ویڈیو کی شکل میں ارسال کیجیے۔ میں نے ان واقعات کو کیمرے میں قید کرنا اور بھیجنا شروع کر دیا اور خدا کا شکر ہے کہ میری ویڈیوز کو
الجزیرہ کے پلیٹ فارم سے لائیو کوریج میں دکھایا گیا۔ چند دنوں بعد دوست تامر المسحال کا فون آیا اور کہا کہ رپورٹ کے آخر میں اپنا چہرہ دکھاؤ اور کہو ’’انس الشریف الجزیرہ‘‘ میں نے کہا۔ میں نہیں جانتا ہوں، یہ میرے لیے مشکل ہوگا۔ میں آج تک لوکل براڈ کاسٹ پر ظاہر نہیں ہوا ہوں، چہ جائے کہ ایک عالمی چینل پر ظاہر ہوں۔ تامر المسحال نے کہا: نہیں نہیں! تم یہ کر سکتے ہو، بس تم خدا پر بھروسہ کرو۔ چناں چہ میں نے پہلی رپورٹنگ کی۔ یہ ایک شام کے وقت کی رپورٹنگ تھی۔ جبالیہ شہر میں ایک اسٹور ہاؤس حملے کی زد میں تھا، میں نے اس آگ کی رپوٹنگ کی اور کیمرہ مین کی حیثیت سے جس نے میری کوریج کی ویڈیو بنائی وہ اسی اسٹور ہاؤس کا مالک تھا، جس کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔
اسرائیل نے متعدد مرتبہ انس الشریف کو دھمکی دی تھی۔ اسرائیل نے ہر ممکن کوشش کی کہ انس الشریف کی آواز کو خاموش کر دیا جائے۔نومبر ۲۰۲۳ء میں اسرائیلی افسر کی طرف سے واٹس ایپ کے ذریعہ دھمکی دی گئی کہ وہ اپنی کوریج بند کر دیں۔ انس الشریف نے میدان نہ چھوڑنے اور شمالی غزہ سے کوریج جاری رکھنے کا عندیہ دیا۔ اسرائیل کی طرف سے دھمکی کے بعد ایک ویڈیو میں انس الشریف کے کیمرہ مین فادی الوحیدی (جن کو خود اسرائیل نے ایک حملہ میں ٹارگٹ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا، بعد میں علاج کے لئے قطر گئے، فی الحال قطر میں ہیں) نے اسرائیلی دھمکیوں کے متعلق پوچھا تو انس الشریف نے کہا کہ ’’تمام دھمکیوں کے باوجود کوریج جاری رکھیں گے ان شاء اللہ، کوریج کبھی نہیں رکے گی۔ یا تو ہم کامیاب ہوں گے یا شہید ہوں گے۔‘‘
۱۱؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو اسرائیلی طیاروں نے انس الشریف کے گھر کو ٹارگٹ کیا، جس میں ان کے والد محترم شہید ہو گئے۔ انس الشریف نے اس حملے کے بعد ایک ویڈیو میں کہا: ’’سب سے پہلے میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں، جنھوں نے میرے والد کی شہادت پر تعزیتی اور تسلی بخش کلمات کہے ہیں۔ تمام تر سفاکیت اور بمباری کے باوجود جس کا ارتکاب قابض ہمارے لوگوں، شہریوں اور میرے خاندان کے خلاف کر رہا، میں کوریج جاری رکھوں گا اور میں جبالیہ ریفوجی کیمپ نہیں چھوڑوں گا اور نہ ہی میں شمالی غزہ سے نکلوں گا۔ میں اس علاقے میں باقی رہوں گا تاکہ صورتحال سے باخبر کرتا رہوں۔‘‘ اس کے بعد بھی اسرائیل انس الشریف کو دھمکی دیتارہا۔ جنوری کی جنگ بندی سے قبل اسرائیل نے انس الشریف کو دیگر کئی صحافیوں کے ساتھ حماس اور جہاد اسلامی کا ممبر بتا کر دہشت گرد قرار دیا۔ گزشتہ دو تین ماہ میں جب غزہ کی صورتحال بد سے بدتر ہونے لگی، بھوک کی وجہ سے لوگ راہ چلتے بے ہوش ہونے لگے تھے، اس دوران ایک رپورٹنگ کے دوران انس الشریف کے آنسوں چھلک گئے تھے۔ ان کی یہ ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوئی۔ اس کے بعد جولائی ۲۰۲۵ء میں اسرائیل نے انس الشریف کو ایک مرتبہ پھر دھمکی دی۔ اس کے بعد دنیا بھر کے صحافتی اداروں اور تنظیموں نے انس الشریف کے تحفظ کی بات کی، لیکن صہیونی مجرم ریاست نے ایک ماہ بعد ہی انس الشریف کو ٹارگٹ کر کے شہید کر دیا۔ انس الشریف نے اسرائیلی دھمکی کے بعد لکھا تھا کہ میرا پیغام واضح ہے، میں خاموش نہیں رہوں گا۔ میری آواز ہر جرم کی گواہ رہے گی حتی کہ یہ جنگ جلد از جلد بند ہو جائے۔
انس الشریف نے۶؍ ستمبر ۲۰۱۹ء کو شادی کی۔ ۲۵؍ دسمبر ۲۰۲۰ء کو آپ کی بیٹی شام پیدا ہوئی۔ شام سے آپ کو بہت لگاؤ تھا، بلکہ اس جنگ کے ابتدائی دنوں کے دوران رپورٹنگ کے دوران بھی شام آپ کے ساتھ ہوتی تھی۔ ۱۶؍ جون ۲۰۲۵ء کی ایک ویڈیو میں شام نے یہ خدشہ ظاہر کیا کہ بابا کو ٹارگٹ نہ کر دیا جائے۔ انس الشریف کا بیٹا صلاح اس جنگ کے دوران ۱۵؍ اپریل ۲۰۲۴ء کو پیدا ہوا۔ انس الشریف نے صلاح کے ساتھ بہت کم وقت گزارا تھا۔ کیوں کہ جنگ کے دوران کوریج کے لیے کئی کئی ماہ بعد وہ اپنے اہل خانہ سے ملتے تھے۔
انس الشریف کی شہادت سے اسرائیلی جرائم دنیا کے سامنے آنا بند نہیں ہوں گے، بلکہ غزہ کے صحافیوں میں سے دسیوں انس الشریف بن کر اسرائیلی جرائم و سفاکیت کو اجاگر کرتے رہیں گے۔ انس الشریف نے ہزاروں لوگوں کے اندر ولولہ اور جذبہ پیدا کیا ہے۔ تمام تر جارحیت، سفاکیت نسل کشی اور صحافی کے نشانہ بنانے کے باوجود اسرائیلی جرائم کو دنیا کے سامنے ہمیشہ لایا جاتا رہے گا۔ غزہ سے رپورٹنگ اور کوریج کسی بھی لمحہ رکھنے والی نہیں ہے۔ الجزیرہ نے اپنے دو صحافیوں سمیت پانچ کارکنان کی شہادت کے لیے بطور احتجاج وقفہ کیا۔ اس دوران الجزیرہ قطر کی آفس میں تمام صحافی و کارکنان جمع ہوئے۔ اسرائیلی جرائم کے خلاف احتجاج بلند کیا۔ اس دوران الجزیرہ کے تمام صحافیوں نے یہ عہد و پیمان لیا کہ انس الشریف کے پیغام کو عام کریں گے اور ان کے راستے پر گامزن رہیں گے۔ اسرائیلی جرائم اور صحافیوں کو مسلسل نشانہ بنانے کے باوجود الجزیرہ کے صحافی اسرائیلی جرائم کو اجاگر کرتے رہیں گے۔
انس الشریف کو اس بات کا یقین تھا کہ یہ سفاک اور مجرم ریاست ان کو جلد ہی شہید کر دے گی اور ان کو خود بھی شہادت کی تمنا تھی۔ ایک خواب دیکھ سکیں اور امن و سلامتی کے ساتھ زندگی گزارسکیں، کیوں کہ ان کے پاکیزہ جسموں کو ہزاروں ٹن وزنی اسرائیلی میزائلوں اور بموں سے مسل دیا گیا اور ان کی لاشیں دیواروں پر بکھر کر پھیل گئے۔
انس کے آخری کلمات پڑھیے اور ان کے پاک جذبات کا اندازہ لگائیے کہ وہ اپنے وطن اور دین سے محبت میں کیسا دیوانہ وار جذبابہ رکھتے تھے اور اس کے لیے کیسے فکر مند تھے۔ اس کے لیے گھر بار چھوڑنا ان کے لیے کتنا آسان تھا! یہی جذبہ ہمیں بھی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کی تحریر ملاحظہ ہو:
’’آپ حضرات کو میری یہ وصیت ہے کہ بیڑیاں آپ کو خاموش نہ رہنے دیں اور سرحدیں آپ کو بیٹھنے نہ دیں۔ آپ اس ملک اور اللہ کے ان بندوں کو آزاد کرانے کے لیے پل بن جائیں، یہاں تک کہ عزت اور آزادی کا سورج ہمارے غصب کردہ وطن پر طلوع ہو جائے۔ میری یہ وصیت ہے کہ آپ لوگ میرے اہل خانہ کا بھی اچھی طرح خیال رکھیں، میری آنکھوں کی ٹھنڈک میری پیاری بیٹی شام کا بھی جس کے ساتھ حالات نے مجھے رہنے نہیں دیا کہ میں اسے ایسا ہی بڑھتا ہوا دیکھوں جس کا میں خواب دیکھتا تھا۔
آپ حضرات میرے پیارے بیٹے صلاح کا بھی خیال رکھنا، جس کے لیے میری تمنا تھی کہ میں اس کا مددگار اور اس کے راستے کا ساتھی بنوں، تاکہ اس کا جسم مضبوط ہو اور وہ میری فکر کا بوجھ اٹھائے اور میرا پیغام پایۂ تکمیل تک پہنچائے۔ میری وصیت اپنی پیاری والدہ کے تعلق سے بھی ہے جن کی دعاؤں کی برکت سے میں یہاں تک پہنچا ہوں اور ان کی دعائیں ہی میرا حصار تھیں اور ان کا نور میرا راستہ تھا۔ اللہ سے دعا ہے کہ اللہ انھیں صبر کی طاقت دے اور میری طرف سے انہیں بہترین بدلہ عطا فرمائے۔
میری رفیق حیات اور پیاری بیوی ام صلاح ’’بیان‘‘ کا بھی خیال رکھنا، جنگ نے ہمیں کئی مہینوں اور لمبے عرصے تک کے لیے ایک دوسرے سے دور رکھا لیکن وہ اپنے عہد پر جمی رہی، زیتون کے نہ جھکنے والے تنے کی طرح ثابت قدم رہی، اللہ سے اجر کی امید کے ساتھ صبر کا دامن تھامے رکھا اور میری غیر موجودگی میں پوری قوت اور ایمان کے ساتھ امانت کا بوجھ اٹھایا۔
آپ حضرات کو میری یہ وصیت ہے کہ آپ ان کے ارد گرد اکٹھا رہیں اور اللہ عز وجل کے بعد ان کا سہارا بنیں۔ اگر میں دنیا سے جا رہا ہوں تو اپنے اصول پر ثابت قدم رہتے ہوئے جارہا ہوں اور گواہی دیتا ہوں کہ میں اللہ کے فیصلے سے راضی ہوں۔ مجھے اللہ سے ملاقات پر ایمان ہے اور یہ یقین ہے کہ جو کچھ اللہ کے یہاں ہے وہ زیادہ بہتر اور زیادہ پائیدار ہے۔
اے اللہ! دیگر شہداء کے ساتھ مجھے بھی قبول فرما، میرے اگلے پچھلے تمام گناہوں کو معاف فرما اور میرے خون کو وہ روشنی بنا جس سے آزادی کا راستہ منور ہو۔ اگر مجھ سے کوئی کوتاہی ہوئی ہو تو آپ لوگ مجھے معاف کر دینا اور میرے لیے رحمت کی دعا کرنا، کیوں کہ میں اپنے عہد پر برقرار رہا۔ میں نے اس میں کوئی تغیر اور تبدیلی نہیں کی۔ آپ لوگ غزہ کو مت بھولیے گا اور اپنی مغفرت اور قبولیت کی نیک دعاؤں میں مجھے بھی نہ بھولیے گا۔‘‘

٭ ٭ ٭

انس الشریف کون تھے؟ آنے والی نسلوں کو جاننا چاہیے۔ انس الشریف کی شخصیت اور بطل جلیل کا نام تھا۔ انس الشریف استقامت، ثبات اور بہادری کا استعارہ ہے۔ انس الشریف سچ، حقیقت اور حق کی آواز ہے۔ انس الشریف نے اسرائیلی جارحیت اور سفاکیت کے درمیان اسرائیلی جرائم کو اجاگر کیا، اس دوران انس الشریف کے دوستوں کا قتل کیا گیا، ان کے کیمرہ مین کو اسرائیلی سفاک نے قتل کر دیا، ایک حملہ میں ان کے والد بھی شہید ہو گئے، دسیوں مرتبہ اسرائیلی مجرم ریاست نے خود انس الشریف کو دھمکیاں دیں۔ لیکن ان دھمکیوں اور مصائب و مشکلات کے باوجود انس الشریف نے ایک لمحے کے لیے رپورٹنگ بند نہیں کی؛ بلکہ اس کی بہادری، جرات اور استقامت میں مزید اضافہ ہوا۔ اس نے ہر لمحہ ہر آن اسرائیلی سفاکیت کو اجاگر کیا۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے