ضلعی کانفرنس برائے عالمات اور ذمہ داران ادارہ
زمرہ : رپورٹ
فکشن پیلس، کریم نگر میں مؤرخہ ۷؍ ستمبر ۲۰۲۵ء بروز اتوار کو ضلعی کانفرنس ’’رحمتہ للعالمین صلی االلہ علیہ وسلم‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس میں ڈھائی سو عالمات، حافظات، مختلف جماعتوں اور اداروں کی ذمہ دار خواتین شریک تھیں۔ پروگرام کا آغاز عالمہ فاطمہ صاحبہ کیتلاوت و ترجمانی سے ہوا۔ افتتاحی کلمات میں محترمہ حفصہ فاطمہ صاحبہ، ضلعی ناظمہ شہرِ کریم نگر نے کہا کہ ایک پلیٹ فارم سے سب متحد ہو کر تبلیغ دین اور اقامتِ دین کا کام کرنا ہے۔ اُنھوں نے عالمات کو معاشرے کے اندھیرے کو دور کرنے والی روشنی سے تعبیر کیا اور کہا کہ آپ عام خواتین کی طرح نہیں بلکہ اللہ کے دین کے وارث ہیں۔
بعد ازاں عالمہ آسیہ محمدی صاحبہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس طرح عہدِ رسالت میں صحابیات نے نمایاں دعوتی کردار ادا کیا تھا، آج کی خواتین کو بھی وہی کردار ادا کرنا ہے۔ اُنھوں نے کہا کے دعوتِ دین صرف مردوں کی ذمے داری نہیں ہے بلکہ خواتین کو بھی یہ کام کرنا ضروری ہے۔ گھریلو ذمے داریوں کے ساتھ ساتھ اصلاح معاشرے کا فریضہ بھی بخوبی نبھانا ہے۔
اشاعتِ دین اور سوشل میڈیاکے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے عالمہ سلمیٰ وحیدہ صاحبہ نے کہا کہ آج کے زمانے میں سوشل میڈیا کے ذریعے دعوتِ دین کو زیادہ مؤثر طریقے سے پہنچانے کی ضرورت ہے۔ ایک کلک سے ہم جنّت کے وارث ہوسکتے ہیں۔ اُنھوں نے سوشل میڈیا کے منفی پہلوؤں سے بچنے اور اسے ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔
پینل ڈسکشن ’’صحابیات کا سماجی کردار اور ہمارا رویہ‘‘ میں عالمہ زینت، عالمہ شگفتہ، عالمہ تسمیہ اور محترمہ عمرانہ بیگم صاحبہ، ممبر مشاورتی کمیٹی شعبہ خواتین حلقہ تلنگانہ نے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے صحابیات کے دینی، علمی، سماجی، تعلیمی، اصلاحی، فلاحی، معاشی، تجارتی، طبّی کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آج کی خواتین صحابیات کا سماجی رویّہ اپنائیں تو ہمارا معاشرہ مثالی معاشرہ بن سکتا ہے۔ محترمہ سمیہ لطیفی صاحبہ، ممبر مشاورتی کمیٹی شعبہ خواتین حلقہ تلنگانہ نے پینل ڈسکشن کی صدارت کی۔
’’موجودہ دور کے چیلنجز اورعالمات بہنوں سے توقعات‘‘ کے عنوان پر عالمہ اسماء فردوس صاحبہ، ڈائریکٹر شعبہ عالمات حلقہ تلنگانہ نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ عالمات روشنی کی سفیر ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ علمی اختلافات ہونا تو دین کی خوبصورتی ہے، لیکن مسلکی اور فروعی اختلافات سے معاشرے میں غلط تصویر پیش ہو رہی ہے۔ اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اصلاح معاشرہ کی متحدہ کوشش کرنی چاہیے۔اُنھوں نے کہا کہ موجودہ دور کے فتنوں کا معاملہ کرنے کے لیے علمی و دعوتی میدان میں عالمات کو آگے آنا ہوگا۔
محترمہ سیدہ سجدہ بیگم صاحبہ، سیکریٹری جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ نے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ علماء اور عالمات انبیاء کے وارث ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ دعوتِ دین پیارے نبی صل اللہ علیہ وسلم کی سب سے اہم سنّت ہے اور فرمایا عالمات اور حافظات اپنے علم سے معاشرے میں ایک عظیم انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ محترمہ عائشہ ثمین صاحبہ، ناظمہ منکما ٹوٹا شعبہ خواتین کے اظہارِ تشکر اور دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر عالمہ شازیہ سمرین نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے