جانوروں کی ہنگامی میٹنگ

پیارے بچو! ایک تھا جنگل اور اس جنگل کا راجہ تھا شیر۔ راجہ شیر نے جنگل میں ایک دن ہنگامی میٹنگ بلائی۔ درختوں کے سائے تلے سب جانور جمع ہوگئے۔ فضا میں خاموشی چھا گئی۔
شیر نے دہاڑ کر میٹنگ کا آغاز کیا: ’’ہنگامی میٹنگ کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ اس وقت ہم سب کو خطرہ لاحق ہے۔ انسان دن بہ دن زیادہ خطرناک ہوتا جارہا ہے۔ پہلے وہ ہمارے جنگلوں پر حملہ کرتا تھا، ہمارے ساتھیوں کو مارتا تھا، لوٹ مار کرتا تھا، مگر اب تو سنگ دلی و سفاکی کی انتہا کو پہنچ گیا ہے۔ اپنے ہی انسان بھائیوں کو جھنڈ کی صورت میں تشدد کا نشانہ بناتا ہے اور اپنے ہی علاقوں میں نسل کشی کرتا ہے۔‘‘
ہاتھی نے اپنی سونڈ ہلایا اور بولا: ’’جی ہاں! خالق نے انسان کو عقل دی، ہدایت و رہنمائی کے لیے ان میں سے ہی رسول بھیجے۔ آسمانی کتابیں عطا کیں۔ اس کے باوجود وہ گمراہی اور لالچ میں ڈوب گیا ہے۔ ہم جنگل کے جانور بھی شکار کرتے ہیں، مگر بھوکے ہونے پر۔ یہ انسان تو پیٹ بھرا ہونے کے بعد بھی خون بہاتا ہے۔‘‘
پرندے چیخنے لگے: ’’ہمیں ڈر ہے کہ ہم انسانوں کے قریب رہتے ہیں، کہیں ہماری نئی نسلیں بھی ان کی برائیوں کو سیکھ نہ جائیں۔ کیا ہمیں یہ سیارہ چھوڑ دینا چاہیے؟‘‘
لومڑی نے اپنی چالاک آنکھوں سے سب کو دیکھتے ہوئے کہا: ’’اگر ہم چلے بھی جائیں تو زمین کس کے حوالے ہوگی؟ انسان نے تو اس حسین سیارے کو برباد کر دیا ہے؛ درخت کاٹ دیے، دریا آلودہ کر دی، فضاؤں کو دھویں سے بھردیا۔‘‘
چھوٹی چڑیا نے کانپتی آواز میں کہا: ’’لیکن یاد رکھو! ہر انسان برا نہیں ہے۔ کچھ لوگ انصاف چاہتے ہیں، ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں۔ ہم ان نیک انسانوں کے لیے یہ زمین چھوڑ نہیں سکتے۔ ممکن ہے ان کی کوششوں سے باقی انسانوں کا دل بھی بدل جائے۔‘‘
شیر نے سر جھکا کر سوچا اور کہا: ’’بی چڑیا کی بات درست ہے۔ ہمیں بھاگنے کے بجائے اپنی بات پہنچانی ہوگی۔ ہمیں انسانوں کو آئینہ دکھانا ہوگا، تاکہ وہ جان سکیں کہ ان کے اعمال سے جانور بھی خوفزدہ ہیں۔‘‘
سب جانوروں نے ایک ساتھ آواز لگائی: ’’ہم زمین نہیں چھوڑیں گے۔ ہم اپنے وجود سے انسانوں کے ضمیر کو جگائیں گے۔‘‘
میٹنگ ختم ہوئی۔ جنگل کے جانوروں نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی بقا کے لیے ڈٹ جائیں گے اور انسان کو اس کے اعمال پر شرمندہ ہونے پر مجبور کریں گے۔ امید ہے انسان اپنی اصلاح کرلے گا۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے