آوارہ کتوں کا بڑھتا خطرہ
پونڈا (گوا) اور رائچور (کرناٹک) میں حالیہ دنوں پیش آنے والے واقعات نے ایک بار پھر آوارہ کتوں کے مسئلے کو سنگین شکل میں سامنے رکھ دیا ہے۔ تین چار سال کے معصوم بچے ان حملوں کا نشانہ بنے۔ ان جیسے کئی واقعات ملک بھر میں تسلسل سے رونما ہو رہے ہیں، مگر کوئی مؤثر اقدام نظر نہیں آتا۔ عدالت عظمیٰ نے اگرچہ آوارہ کتوں کو شیلٹر ہومز میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے، لیکن مناسب پناہ گاہوں کی عدم موجودگی میں اس حکم کی کوئی حقیقی تعبیر نظر نہیں آتی۔ صرف منتقلی سے یا پکڑنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ہمیں ایک جامع حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔ مثلاً:

*نس بندی اور ویکسینیشن کے منظم پروگرام
*محفوظ اور صاف محلے
*معذور و بزرگ افراد کے لیے خصوصی تحفظ
*کمیونٹی سطح پر جانوروں کی دیکھ بھال

تاہم یہ بھی سوچنے کا مقام ہے کہ جانوروں کے حقوق پر آواز اٹھانے والے یہ گروہ، ان انسانوں کے لیے کیوں خاموش ہیں، جو سالہا سال بغیر مقدمے جیلوں میں سڑ رہے ہیں؟ کیا انصاف اور رحم صرف جانوروں کے لیے مختص ہے؟ کیا انسانوں کی بے بسی پر خاموش رہنا اور جانوروں کے لیے صدائے احتجاج بلند کرنا سچی ہمدردی ہے یا دوہرا معیار؟ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم جانوروں کی فلاح اور انسانی تحفظ کے درمیان توازن پیدا کریں۔ ورنہ یہ من چاہی اخلاقیات ہمیں ایک غیر حساس اور بے حس معاشرہ بنا دے گی۔

ایک پہلو اور عیاں ہوتا ہے کہ آوارہ کتوں کے اچانک حملے سے تشویش ناک واقعات سامنے آرہے ہیں۔ ریبیز (Rabies) کے بڑھتے معاملات سے ڈر اور خوف کی فضا چھائی ہوئی ہے۔ کامیاب علاج تقریباً مفقود ہے۔ جالنہ میں ایسا ہی ایک درد ناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک طالب علم اسی قسم کے حملے سے لقمہ اجل بن گیا۔ یہی نہیں بلکہ پڑوسی ملک میں بھی سیلاب زدگان کے لیے ریلیف ورک کرنے والے ایک فرد حامد کی مثال بھی اس زمرے میں قابل ذکر ہے۔ انسانیت کا درد رکھنے والا یہ فرد ریلیف ورک کررہا تھا کہ کتے نے حملہ کردیا اور اب اس کی حالت اس قدر تشویشناک ہے کہ اسے زنجیروں سے جکڑ کر رکھا ہوا ہے۔ اس طرح کے بڑھتے معاملات نہ صرف خوف پھیلا رہے ہیں بلکہ عوامی تحفظ کی بنیادیں ہلا رہے ہیں جس کے لیے فوری لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے