إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالْإِحْسَانِ وَإِيتَاءِ ذِي الْقُرْبَىٰ وَيَنْهَىٰ عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنكَرِ وَالْبَغْيِ، يَعِظُكُمْ لَعَلَّكُمْ تَذَكَّرون. (سورة النحل: 90)
ترجمہ: اللہ عدل و احسان اور صلہ رحمی کا حُکم دیتا ہے۔ بدی و بے حیائی اور ظلم و زیادتی سے منع کرتا ہے۔ وہ تمھیں نصیحت کرتا ہے، تاکہ تم سبق لو۔
مفسرین کے مطابق یہ آیت مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی۔ اس وقت مسلمان مکی دور کی مشکلات اور کفار کی سختیوں سے گزر رہے تھے۔ اس مختصر سے فقرے میں تین ایسی چیزوں کا حُکم دیا گیا ہے، جن پر انسانی معاشرہ کی درستگی کا انحصار ہے۔ آیت میں اللہ نے بنیادی اخلاقی اور سماجی اصول عطا فرمائے۔
ایک روایت میں آتا ہے کہ عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جب وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے، تو آپ ﷺ نے اچانک اپنی نظر آسمان کی طرف اٹھائی۔ پھر دائیں جانب زمین کی طرف جھکائی۔ اس کے بعد آپ ﷺ نے عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ کو چھوڑ کر اپنا سر جھکایا، گویا کہ کچھ سمجھنے کی کوشش کر رہے ہوں۔ جب آپ ﷺ نے اپنی بات مکمل کر لی، تو آپ ﷺ کی نظر دوبارہ آسمان کی طرف اٹھی اور پھر واپس عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ کے پاس تشریف لائے۔ عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ نے پوچھا: اے محمد! آپ کے پاس بیٹھے ہوئے یہ کیا ہوا؟ میں نے آپ کو ایسا کرتے ہوئے کبھی نہیں دیکھا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم نے مجھے کیا کرتے ہوئے دیکھا؟ عثمان رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے آپ کو آسمان کی طرف دیکھتے ہوئے دیکھا۔ پھر آپ نے نظر نیچے کی اور پھر آپ میری طرف آئے اور اپنا سر جھکایا، جیسے کہ کچھ سمجھ رہے ہوں۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا تم نے یہ محسوس کیا؟عثمان رضی اللہ عنہ نے کہا: جی ہاں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ابھی ابھی ایک اللہ کا پیغام لے کر فرشتہ آیا تھا، جب تم یہاں بیٹھے تھے۔ عثمان رضی اللہ عنہ نے پوچھا: اللہ کا فرشتہ؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جی ہاں۔ عثمان رضی اللہ عنہ نے پوچھا: اور اس نے آپ سے کیا کہا؟ رسول اللہ ﷺ نے سورہ نحل کی یہ آیت تلاوت فرمائی:
إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالإْحْسَانِ وَإِيتَآئِ ذِي الْقُرْبَىٰ وَيَنْهَىٰ عَنِ الْفَحْشَآءِ وَالْمُنكَرِ وَالْبَغْيِ ۚ يَعِظُكُمْ لَعَلَّكُمْ تَذَكَّرُونَ.
(بیشک اللہ عدل اور احسان کا حکم دیتا ہے اور رشتے داروں کو دینے کا، اور بے حیائی اور برے کاموں اور سرکشی سے منع کرتا ہے۔ وہ تمہیں نصیحت کرتا ہے تاکہ تم یاد رکھو۔)
عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ نے کہا: اس کے بعد میرے دل میں ایمان پختہ ہو گیا اور مجھے محمد ﷺ سے محبت ہو گئی۔
یہ حدیث اس بات کی وضاحت کرتی ہے کہ جبریل علیہ السلام نے رسول اللہ ﷺ کے پاس سورہ نحل کی یہ آیت نازل کی تھی۔ اسی وجہ سے بعض صحابہ اسے قرآن کی سب سے جامع آیت قرار دیتے تھے۔ اس آیت کی جامعیت ایسی ہے کہ صدیوں سے جمعہ کے خطبے میں اسے پڑھنے کا معمول رہا ہے۔ یہ کسی خاص واقعے کے جواب میں نہیں بلکہ عام ہدایت اور اخلاقی دستور کے طور پر نازل ہوئی تاکہ مسلمان معاشرتی اور اخلاقی بنیادوں پر مضبوط ہوں۔
مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی صاحب نے اس آیت کی تشریح میں درج ذیل اہم نکات بیان کیے ہیں:
عدل (عدل و انصاف)
احسان (بھلائی و بہترین سلوک)
إيتاء ذي القربىٰ (رشتہ داروں کو ان کا حق دینا)
اور تین چیزوں سے روکا ہے:
الفحشاء
المنكر
البغي
پہلی چیز عدل ہے۔ عدل جس چیز کا تقاضا کرتا ہے، وہ توازن و تناسب ہے نہ کہ برابری۔ اردو زبان میں عدل کو اِنصاف سے تعبیر کیا جاتا ہے جس نے غلط فہمی پیدا کردی ہے کہ اس کے معنیٰ مساوات یعنی برابری کے ہیں۔ بعض حیثیتوں سے تو عدل معاشرے کے افراد کے درمیان مساوات چاہتا ہے۔ مثلاً: حقوقِ شہریت میں مساوات چاہتا ہے، مگر بعض دوسری حیثیتوں میں عدل مساوات نہیں بلکہ تناسب و توازن چاہتا ہے۔ مثلاً: والدین اور اولاد کے درمیان معاشرتی و اخلاقی مساوات، بڑے درجے کی خدمات انجام دینے والوں اور کم درجے کی خدمات انجام دینے والوں کے درمیان معاوضوں میں مساوات۔ پس اللہ تعالیٰ نے جس چیز کا حکم دیا ہے وہ حقوق میں مساوات نہیں، توازن و تناسب چاہتا ہے۔
انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ ہر شخص کو اس کے اخلاقی، معاشرتی، معاشی، قانونی اور سیاسی و تمدّنی حقوق پورے کے پورے ایمانداری کے ساتھ ادا کیے جائیں۔
قرآن کے مطابق عدل کی اہمیت
قرآن میں بار بار عدل کا حکم آیا ہے۔
’’اے ایمان والو! تم انصاف پر مضبوطی کے ساتھ قائم رہنے والے (محض) اللہ کے لیے گواہی دینے والے ہو جاؤ، خواہ (گواہی) خود تمہارے اپنے یا (تمہارے) والدین یا (تمہارے) رشتہ داروں کے ہی خلاف ہو، اگرچہ (جس کے خلاف گواہی ہو) مالدار ہے یا محتاج، اللہ ان دونوں کا (تم سے) زیادہ خیر خواہ ہے۔ تو (نفس کی) خواہش کے پیچھے نہ چلو کہ عدل نہ کرو اور اگر تم ہیر پھیر کرو یا منہ پھیرو تو اللہ کو تمہارے کاموں کی خبر ہے۔‘‘ (سورۃ النساء: 135)
آج کے دور میں عدل کے تقاضے
(۱) انفرادی زندگی میں عدل
معاملات میں سچائی رکھنا۔ تجارت، خرید و فروخت میں دھوکہ نہ دینا۔
جھوٹ، رشوت اور دھوکہ دہی سے بچنا۔
بچوں، بیوی اور والدین کے حقوق برابر ادا کرنا۔
(۲) سماجی عدل
غریبوں، یتیموں اور مسکینوں کے حقوق ادا کرنا
کسی قوم، نسل یا مذہب کی بنیاد پر ظلم نہ کرنا
ہر شخص کو اس کی محنت اور قابلیت کے مطابق مقام دینا
(۳) قانونی عدل
عدالتوں میں رشوت، سفارش اور جانبداری سے بچنا
امیر و غریب کے لیے ایک جیسا انصاف ہونا
طاقتور اور کمزور دونوں کے ساتھ قانون کا مساوی سلوک
(۴) بین الاقوامی عدل
اقوام کے درمیان ظلم و ناانصافی سے بچنا
جنگ اور سیاست میں کمزوروں پر ظلم نہ کرنا
عدل کے واقعات
ایک معزز قریش عورت نے چوری کی۔ کچھ لوگوں نے سفارش کی کہ سزا نہ دی جائے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر میری بیٹی فاطمہ بھی چوری کرتی تو میں اس کا بھی ہاتھ کاٹتا۔ یہ سب سے بڑا ثبوت ہے کہ اسلام میں عدل ہر حال میں ہے، چاہے اپنا عزیز ہی کیوں نہ ہو۔
ایک یہودی اور مسلمان میں جھگڑا ہوا۔ مقدمہ نبی ﷺ کے پاس آیا۔ آپ ﷺ نے فیصلہ یہودی کے حق میں دیا، کیوں کہ وہ حق پر تھا۔ یہ اسلام کے عدل کی بہترین مثال ہے کہ غیر مسلم کے ساتھ بھی انصاف کیا گیا۔
احسان کا مفہوم
احسان میں وہ اعلیٰ کیفیت شامل ہے کہ آدمی نہ صرف فرض پورے کرے بلکہ ممکن ہو تو بہتر کرے۔ دوسروں کے ساتھ حسن سلوک، نرم رویہ، سخاوت، مروّت، مہربانی، خوش خلقی، باہمی مراعات، نیک برتاؤ، دوسرے کو اس کے حق سے کچھ زیادہ دینا اور اپنے حق میں کچھ کم پر راضی ہو جانا۔ یہ سب احسان کے دائرے میں ہے۔ سب عدل سے زائد ایک چیز ہےجس کی اہمیت اجتماعی زندگی میں عدل سے بھی زیادہ ہے۔
عدل اگر معاشرے کی اساس ہے تو احسان اس کا کمال اور جمال ہے۔ عدل اگر معاشرے کو ناگواری اور تلخیوں سے بچاتا ہے تو احسان اس میں خوشگواری اور مٹھاس پیدا کر دیتا ہے۔
احسان (بھلائی اور حسن سلوک) کے واقعات
جب مکہ فتح ہوا، آپ ﷺ کے پاس اختیار تھا کہ اپنے دشمنوں کو سزا دیں۔ لیکن آپ ﷺ نے فرمایا: جاؤ! آج تم پر کوئی گرفت نہیں، تم سب آزاد ہو یہ عدل سے بڑھ کر احسان تھا۔
جب طائف کے لوگوں نے پتھر مار مار کر زخمی کیا، فرشتے نے پیش کش کی کہ ان پر پہاڑ الٹ دوں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: نہیں! میں امید کرتا ہوں کہ ان کی نسل میں وہ لوگ پیدا ہوں گے جو اللہ کی عبادت کریں گے۔ یہ عظیم ترین احسان کی مثال ہے۔
رشتہ داروں کا حق دینا
مولانا مودودی علیہ الرحمہ کہتے ہیں کہ اس سے مراد مالی امداد ہو سکتی ہے، جذباتی اور اخلاقی تعاون، ضرورت میں مدد اور وہ چیزیں جو تعلقات کی مضبوطی کے لیے فرض ہیں۔
یہ بہت اہمیت والا حکم ہے، کیوں کہ خاندان معاشرے کی بنیاد ہے۔ یہ آیت وضاحت کرتی ہے کہ ایک فرد دوسرے فرد کے ساتھ صرف ہمدردی، خوش اخلاقی، اچّھا برتاؤ تک محدود نہ رکھے بلکہ ایک رشتےدار اپنے دوسرے رشتےدار کو اپنے مال میں بھی حصےدار بنائے۔ کیوں کہ ہر صاحب مال افراد پر پہلا حق اپنے غرباء رشتے دار کا ہوتا ہے۔ پھر دوسروں کے حقوق اُن پر عائد ہوتے ہیں۔
إيتاء ذي القُربىٰ (رشتہ داروں کو حق دینا) کے واقعات
حضرت اسماء بنت ابی بکر والدہ مشرکہ تھیں۔ وہ جب مدینہ آئیں۔ اسماءؓ نے نبی ﷺ سے پوچھا: کیا میں اپنی مشرکہ ماں سے صلہ رحمی کروں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ہاں! اپنی ماں کے ساتھ صلہ رحمی کرو۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ذوی القربیٰ کا حق دینا ایمان کی شرط نہیں بلکہ رشتہ داری کا لازمی حق ہے۔
آپ ﷺ نے اپنے چچا ابو طالب (جو ایمان نہیں لائے تھے) کی زندگی بھر مدد کی، ان کے ساتھ تعلق نبھایا اور ان کے مرنے تک احسان کرتے رہے۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ قریبی رشتہ دار کا حق دینا ضروری ہے چاہے وہ مسلمان نہ بھی ہو۔
حضرت خدیجہؓ آپ ﷺ کی پہلی اہلیہ تھیں۔ وہ مالدار تھیں اور انھوں نے اپنے مال کو نبی ﷺ اور آپ کے رشتہ داروں پر خرچ کیا۔ یہ ’’إيتاء ذي القربىٰ‘‘ کا عملی نمونہ ہے۔
اوپر کے تین بھلائیوں کے مقابلے میں تین برائیاں سے اللہ تعالیٰ ہمیں روکتا ہے، جو انفرادی طور پر افراد کو اور اجتماعی طور پر پورے معاشرے کو خراب کرنے والی ہے۔
(۱) فحشاء
ان برائیوں میں سب سے پہلی برائی فحشاء ہے۔ اس کے معنی ہیں وہ برائیاں جو واضح طور پر بے حیائی والی ہوں؛ زبان، نظر، اعمال میں جو شرمناک ہوں۔ ہر وہ برائی جو اپنی ذات میں نہایت قبیح اور فحش ہے۔ مثلاً: بخل، زنا، محرمات سے نکاح کرنا، عمل قوم لوط، گالیاں بکنا، بد کلامی کرنا۔ اس کے علاوہ عریانی اور بےحیائی کرنا، عورتوں کا اپنے آپ کو ہر جگہ نمائش کرنا۔ وغیرہ
(۲) منکر
وہ برائیاں جسے دین و عقل دونوں برا قرار دیتے ہیں۔ ہر انسان اسے برا جانتا ہے، چاہے ان کا ارتکاب خفیہ ہو یا ظاہر۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے جو کوئی برائی (منکر) دیکھے تو اسے اپنے ہاتھ سے بدل دے، اگر اس کی طاقت نہ ہو تو زبان سے اور اگر اس کی بھی طاقت نہ ہو تو دل سے برا سمجھے۔ یہ ایمان کا سب سے کمزور درجہ ہے۔ (صحیح مسلم)
یہ حدیث اسلامی معاشرے کی اخلاقی حرارت کو ظاہر کرتی ہے۔ ایمان والا شخص منکر (غلطی، ظلم، بے حیائی، یا نافرمانی) کو دیکھ کر خاموش نہیں رہتا۔ اس میں عملی، لسانی اور قلبی ردِ عمل تین درجے بتائے گئے ہیں۔
(۳) بغی کا مفہوم ظلم، زیادتی، حدود سے تجاوز کرنا ہے۔ دوسرے کے حق پر دست درازی کرنا خواہ وہ حقوق خالق کے ہو یا مخلوق کے۔
اللہ چاہتا ہے کہ بندے سوچیں، یاد رکھیں اور اپنی زندگی میں یہ اصول اپنائیں۔ ’’یعظکم‘‘ میں نرمی اور محبت کا پہلو ہے، جیسے کوئی استاد یا والدین خیرخواہی سے نصیحت کرتے ہیں۔ ’’لعلکم تذکرون‘‘ بتاتا ہے کہ مقصد یہ ہے کہ انسان بے خبر نہ رہے، بلکہ بیدار ہو اور ان احکام کو عملی زندگی میں یاد رکھے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments