امی! جب ہمارے پاس شکر موجود ہے تو پھر آپ حلیمہ آنٹی سے شکر کیوں مانگ رہی تھیں؟ بیٹی کا سوال سن کر صالحہ بیگم مسکرا پڑی، لیکن انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ان کی مسکراہٹ نے عائشہ کے تجسس کو اور بھی بڑھا دیا۔ اس نے کہا: آپ کتنا بھی ٹالنے کی کوشش کریں لیکن میں جواب جان کر ہی رہوں گی۔ پچھلے جمعرات کو بھی آپ ان کے گھر سے ایک پیالی نمک مانگ کر لائیں تھیں، جب کہ گھر میں ڈھیر سارا نمک پہلے سے موجود تھا۔ آخر آپ بلا ضرورت ان سے چھوٹی چھوٹی چیزیں کیوں مانگتی ہیں؟
عائشہ کے اصرار پر صالحہ بیگم نے اسے اپنے پاس بلایا اور سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا: بیٹا، میں تمھیں اس کی وجہ بتا دوں گی، لیکن پہلے وعدہ کرو کہ تم اسے راز رکھو گی اور کسی کو بھی نہیں بتاؤ گی۔ ماں کی شرط پر عائشہ نے فوراً وعدہ کرلیا۔
صالحہ بیگم نے کہنا شروع کیا: بیٹا! بات دراصل یہ ہے کہ ہمارے پڑوسی حلیمہ آنٹی کے گھر والے، انکل کے انتقال کے بعد سے شدید معاشی مسائل سے گزر رہے ہیں۔ ان کے بیٹے کی نوکری بھی چلی گئی ہے۔ اس وجہ سے ہر دوسرے تیسرے روز حلیمہ آنٹی کو گھر چلانے کے لیے کسی نہ کسی چیز کی ضرورت پڑتی ہے۔ وہ مدد اور روزمرّہ کا سامان مانگنے کے لیے میرے پاس آتی تو ضرور ہیں لیکن بہت جھجکتی ہیں، اس لیے میں نے یہ سوچا کہ اگر وقتاً فوقتاً میں بھی چھوٹی موٹی چیزیں ان سے لیتی رہوں تو ان کو بھی مجھ سے کوئی چیز مانگنے میں زیادہ شرمندگی نہیں ہوگی اور ساتھ ہی ساتھ باتوں باتوں میں انھیں کوئی بڑی یا فوری پریشانی ہو تو مجھے اس کا پتہ بھی چل جائے گا اور ہم بہتر طریقے سے ان کی مدد کر سکیں گے۔
ماں کا جواب سن کر عائشہ حیران ہوگئی۔ مدد کرنے کا یہ انداز اس کے لیے بالکل نیا تھا۔ اسے پہلی بار یہ بات سمجھ میں آئی کہ ضرورت مند کی مدد کرنا جتنا اہم ہے، اس سے کئی زیادہ اہم اس کے جذبات اور عزت نفس کا خیال رکھنا ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments