اعمال کی چینی
ایک سردار جی نہایت اہتمام سے چائے پی رہے تھے۔ وہ ایک گھونٹ بھرنے کے بعد چائے کو ایک چمچے سے خُوب ہلاتے ، چمچہ چائے میں پھیر کر ایک گھونٹ بھرتے اور پھر مسکرانے لگتے۔ وہ یہ عمل بار بار دُہراتے رہے۔ ہر گھونٹ کے بعد چائے کو چمچے سے ہلاتے ، ایک اور گھونٹ بھرتے اور مُسکرانے لگتے۔
نزدیک بیٹھے ایک صاحب نے پُوچھا کہ ’’ سردار جی! آپ ہر بار چائے کو چمچے سے ہلا کر گھونٹ بھرنے کے بعد مُسکراتے کیوں ہیں؟‘‘
تو سردار جی نے کہا کہ ’’ایک بات آج ثابت ہو گئی ہے، چائے میں اگر چینی نہ ڈالو تو لاکھ اُسے چمچے سے ہلاؤ وہ کبھی بھی میٹھی نہیں ہو گی ۔‘‘
اگر نیک اعمال کی چینی آپ کی حیات میں نہ ہو تو آپ لاکھ عبادتیں کریں ، تسبیح پھیریں ، فیصلہ تو اعمال کی چینی سے ہو گا، ورنہ روزِ حشر آپ کی اگلی پُوری زندگی پھیکی ہی رہے گی۔
شاہ حسین اور بابا بلھے شاہ کے اکثر شعروں میں یہی پیغام ہے کہ ’’اگر عمل مفقُود ہے تو تم پھیکے کے پھیکے رہو گے، کبھی میٹھے نہ ہو گے ۔‘‘
دو چار سال اور سہی
پطرس بخاری ریڈیو اسٹیشن کے ڈائریکٹر تھے ایک مرتبہ مولانا ظفر علی خان صاحب کو تقریر کے لیے بلایا۔ تقریر کی ریکارڈنگ کے بعد مولانا پطرس کے دفتر میں آ کر بیٹھ گئے۔ بات شروع کرنے کی غرض سے اچانک مولانا نے پوچھا: پطرس یہ تانپورے اور تنبورے میں کیا فرق ہوتا ہے؟ پطرس نے ایک لمحہ سوچا اور پھر بولے: مولانا آپ کی عمر کیا ہوگی؟ اس پر مولانا گڑ بڑا گئے اور بولے۔ بھئی یہی کوئی پچھتر سال ہوگی۔ پطرس کہنے لگے: مولانا جب آپ نے پچھتر سال یہ فرق جانے بغیر گزار دیے تو دو چار سال اور گذار لیجئے۔
دل لگی کا موقع
ایک زمانہ تھا کہ فلمی دنیا اس طرح سے ایک طلسماتی دنیا نظر آتی تھی کہ شوٹنگ دیکھنے کا شوق ہر شخص کو ہوتا تھا۔ اکثر باریش اور مذ ہبی حضرات بھی اس خواہش پر قابو نہیں پا سکے۔ ایک بار اتفاق سے ماہرالقادری صاحب اپنے اس شوق کی تسکین کے لیے کسی کے ساتھ اسٹوڈیو پہنچ گئے کہ وہاں ان کا جاننے والا کون ملے گا؟ اتفاق سے اسی دن شورش کاشمیری بھی پہلی مرتبہ شوٹنگ دیکھنے پہنچے اور دونوں کی ملاقات ہوئی تو ماہرالقادری نے ہنستے ہوئے فی البدیہہ یہ شعر کہا
دل لگانے کا جہاں موقع بھی تھا کوشش بھی تھی
ہائے وہ محفل جہاں شورش بھی تھا شورش بھی تھی
رنگ رائتہ
ایک بار کسی دعوت میں بہت سے شعرا و ادبا مدعو تھے۔ کھانا آنے سے قبل اس بات پر پر گفتگو ہو رہی تھی کہ صاحب طرز انشا پردازی یا شاعری اکتسابی چیز نہیں ہے کہ انسان اسے محنت سے حاصل کرلے اور وہ اپنے انداز تحریر سے پہچانا جائے بلکہ ایک وہبی صفت ہے جو فطری طور پر اسے ملتی ہے؛ اسی لیے ہم بعض دفعہ یہ کہتے ہیں کہ یہ غزل غالب یا علامہ اقبال کے رنگ میں ہے یا یہ مولانا آزاد کی سی نثر ہے۔ اتفاق سے سب سے پہلے رائتہ لا کر رکھا گیا تو مجاز کہنے لگے کہ اب دیکھیے رائتے ہی کو لے لیجیے، اگر اسے مختلف شعرا استعمال کرتے تو کیسے کرتے۔ جیسے علامہ اقبال کہتے:
حیف شاہیں رائتہ کھانے لگا
یا جوش ہوتے تو یوں کہتے:
وہ کج کلاہ جو کھاتا ہے رائتہ اکثر
اور اختر شیرانی کہتے
رائتہ جب رخ سلمیٰ پہ بکھر جاتا ہے
اور میں تو یوں ہی کہتا کہ
ٹھہریے ایک ذرا رائتہ کھالوں تو چلوں
اس لطیفے کوایسےبھی بیان کیا گیا ہے کہ
فراق یوں کہتے
ٹپک رہا ہے انگلیوں سے رائتہ کچھ کچھ
اور مجاز کہتے
ابھی چلتا ہوں ذرا رائتہ کھا/پی لوں تو چلوں
ڈاکو شاعر
شاعر غربت سے تنگ آکر ڈاکو بن گیا
بینک میں ڈاکہ ڈالنے گیا اور بولا:
عرض کیا ہے! تقدیر میں جو ہے ملے گا
ہینڈز اپ! کوئی بھی اپنی جگہ سے نہیں ہلے گا
اپنے کچھ خواب میری آنکھوں سے نکال دو
جو کچھ بھی ہے اس بیگ میں ڈال دو
بہت کوشش کرتا ہوں تیری یادوں کو بلانے کی
خبردار کوئی ہوشیاری نہ کرے پولیس کو بلانے کی
دل کا آنگن تیرے بن ویران پڑا ہے
جلدی کرو باہر میرا دوست پریشان کھڑا ہے
٭ ٭ ٭


0 Comments