معاشرتی تعاون کا زوال
زمرہ : ادراك

قران کی آیتیں روزمرہ کی زندگی میں زیادہ بہتر طریقے سے کھلتی ہیں ۔سورۃ الماعون بھی کسی ایسے موقع پر کھل کر سامنے آئی۔ ہوا کچھ یوں کہ اس سال جنوری میں کیرالہ جانا ہوا، وہاں ایک تحریکی بہن ستارہ کے گھر قیام کیا تھا۔ ناشتے کے ٹیبل پر چاول کی بنی پتلی چپاتیاں اور سانچے میں ڈھلی کوئی کوئی چیز پیش کی گئی۔ ہم نے پوچھا کہ یہ کیسے بنتی ہے؟ تب ستارہ سسٹر نے بتایا کہ یہ ایک سانچے سے بنتی ہے۔ اچھا کیسا سانچہ دکھائیں؟ ہماری ایک ساتھی نے کہا: تو ستارہ نے کہا: جی ہماری چپاتیاں بناتے ہی پڑوس میں دیا ہے۔اسی لمحے ہمیں خیال آیا کہ واقعی پہلے اسی طرح ضرورت کی چیزیں پڑوس سے لینے اور ضرورت پڑنے پر انہیں دینے کا رواج تھا۔ اب موجودہ لائف اسٹائل میں یکسر یہ کلچر ہی جیسے ختم ہوگیا۔ دینا لینا عار سمجھ لیا گیا ۔یہ بھی نوٹس کیا کہ ستارہ کے گھر میں سامان کا انبار نہیں، کھلا کھلا سا گھر ہے۔ بہت کم سامان ہے۔ چائے پیش کرتے ہوئے ان مگوں میں چائے پیش کی گئی جو مگ تحریکی زندگی میں کچھ لکھواکر تحفتا پیش کیے جاتے ہیں ۔
جیسے الرافتہ، المتحاربون ، tec convention womens wing یہاں بھی رک کر ہم نے اپنا مگ اٹھا کر اجتماع کی تاریخیں پڑھیں ، مسکراتے ہوئے ہمیں اپنے گھر میں رکھے بے شمار تحفے یاد آئے، جسے ہم نے بڑے سلیقے سے سجا کر رکھا تھا ۔ ہم نے کہا یہ بہترین ہے کہ آپ نے اسے استعمال کیا۔ ہم تو بس سجا کر رکھتے ہیں۔ ستارہ نے اپنی ٹوٹی پھوٹی اردو مکس انگلش میں کہا (ملیالم کی زبان ہے ) کہ ہمیں GIO یا تحریک یہ تحفے سجانے کے لیے نہیں ضرورت پوری کرنے کے لیے دیتے ہیں تاکہ ہم اپنی روزانہ کی زندگی میں ان کپس کو دیکھ کر ان پر لکھی آیت اور تاریخ کو یاد بھی کریں اور ضرورت بھی پوری ہو، ورنہ ان پر خرچ ہونے والے پیسے کا کیا حاصل ؟ کسی کے لیے یہ باتیں بہت چھوٹی ہوسکتی ہیں۔ ان دونوں باتوں میں میرے اپنے لیے بہت بڑا سبق تھا ۔بہت گہرائی سے اسے محسوس کیا ۔
اسی وقت ہمیں یہ آیت یاد آئی کہ ’’وَيَمْنَعُونَ الْمَاعُونَ‘‘۔ ہم نے اپنے ساتھی سے کہا کہ ہم لوگوں نے اس علت کو ہی ختم کردیا کہ کوئی کسی سے کچھ نہ مانگے اور اپنے گھروں کو سامان کے انبار سے بھردیا۔ وہ چیز بھی گھر میں منگوالی جس کی ضرورت سال میں ایک مرتبہ پندرہ منٹ کے لیے ہوتی ہے ۔ جب اس طرح کی سوچ بنے گی تو انسان آپس میں ایک دوسرے سے کٹ جائے گا۔سورۃ الماعون میں اسی طرف اشارہ ہے بلکہ انسان کے احتساب کے لیے کتنا خوبصورت پیرامیٹر ہے کہ وہ اپنی نماز کا جائزہ لے، جب اس کے دل میں کسی کو چھوٹی چیز دینے پر کجی محسوس ہو ۔

فَوَيْلٌ لِّلْمُصَلِّينَ          ۝ الَّذِينَ هُمْ عَن صَلَاتِهِمْ سَاهُونَ           ۝ الَّذِينَ هُمْ يُرَاءُونَ           ۝  وَيَمْنَعُونَ الْمَاعُونَ۔

’’پس ہلاکت ہے اُن نمازیوں کے لیے جو اپنی نماز سے غافل ہیں، جو دکھاوا کرتے ہیں، اور چھوٹی چھوٹی ضرورت کی چیزیں دینے سے گریز کرتے ہیں۔‘‘
’’الماعون‘‘ سے مراد وہ معمولی اور ضرورت کی چیزیں ہیں جنہیں لوگ ایک دوسرے کو عاریتاً دیتے ہیں، جیسے برتن، سوئی، یا کوئی بھی ضرورت کی چیز وغیرہ۔ یعنی قرآن ایسے لوگوں کی مذمت کرتا ہے جو نماز تو پڑھتے ہیں مگر دوسروں کی چھوٹی ضروریات میں مدد نہیں کرتے۔لیکن یہ جائزے کا درس ہی ہم نے آج کل بند کردیا ۔ ایک دوسرے سے مدد لینے دینے میں حکمت ہے۔ یہ دلوں کو جوڑنے والی چیز ہے۔ جن کمپنیوں نے اپنے مصنوعات کو بڑے پیمانے پر بنانا اور فروخت کرنا تھا، انھوں نے انسانوں کے درمیاں ایسے معیارات پھیلادیے کہ ہر چیز گھر میں ہو کسی سے مانگنا نہ پڑے۔ یہ تو ان کے مفاد کے جملے تھے لیکن ہم نے غور ہی نہیں کیا، قرآن کے منافی بھی تھے ۔
مذکورہ واقعہ میں ستارہ کی اول الذکر یات نے بھی بری طرح چونکا دیا۔ وہ تو اپنی بات کہہ کر چپ ہوگئی اور ہمارے تخیل کی پرواز نے اس خود غرضانہ کلچر کے تانے بانے ہم پر واضح کیا ۔ جب ہم نے زندگی شروع کی تو ہماری پھوپی نے کہا تھا : ’’ بیٹا سلیقہ مندی یہ ہے کہ کسی کے گھر سے کچھ مانگنا نہ پڑے ، سوئی سے لے کر ہر چیز اپنے گھر میں موجود ہونی چاہیے‘‘۔ اس چیز نے ہمیں اپنے پڑوسیوں سے بری طرح کاٹ کر رکھ دیا۔ اب کوئی ضرورت کی چیز تو کجا، کبھی کبھی استعمال کرنے والی چیز بھی خرید کر برسوں رکھتے ہیں، لیکن کسی سے مانگتے نہیں ۔
ہمیں بچپن کے واقعات یاد آنے لگے۔ عید پر کھوپرا کش کرنے کے لیے پڑوسی آنٹی کو بھی چاہیے، اس خیال سے امی اپنا کام پہلے ختم کرلیا کرتی تھیں ۔
لیکن اب تو کوئی کسی کے گھر کھانا بھجوانے سے بھی گریز کرتا ہے ۔ ہمیں یاد ہے بریانی کا دم پھوٹتے ہی پڑوس میں بھیجی جاتی، گھر کے ملازمین کے ٹفن پیک ہوتے، تب امی ٹیبل پر کھانا لگواتی تھیں ۔ساتھ ساتھ واقعات بھی سنایا کرتیں کہ بیٹا اس کی خوشبو پڑوس میں جا کر ان کی اشتہا بڑھادے، اس سے پہلے ہی ہمیں انھیں تحفہ بھیج دینا چاہیے۔ حالاں کہ اس وقت گھر اتنے بڑے ہوتے تھے کہ خوشبو شاید ہی اتنا طویل سفر طے کرے، لیکن لوگ قرآن کے احکامات کے سایے میں اپنی زندگیوں کا سفر طے کرتے تھے ۔
آج کل تو اتنے چھوٹے اپارٹمنٹ ہیں کہ خوشبو واقعی آتی ہے ،لیکن کوئی تحفہ نہ آتا ہے نہ جاتا ہے اور اگر کسی کے گھر بھیج دیا جائے تو قبول کرنے والا اسے مشکوک سمجھ لیتا ہے اور کراہیت محسوس کرتاہے، اسے ہاتھ بھی نہیں لگاتا ۔مجھ کو اعتراف ہے کہ اس کلچر سے ہم نے اجنبی شہروں میں رہائش اختیار کی اور اپنے پڑوسیوں سے بہت دور ہوگئے۔ اب کوئی کسی سے سال دوسال علیک سلیک کرلے بس یہی ہے ۔ہمیں تو خبر ہی نہ ہوسکی کہ ہم لوگ قرآن کے منافی اعمال کے جال میں الجھتے جارہے ہیں ۔

’’وَاعْبُدُوا اللّٰهَ وَلَا تُشْرِكُوا بِهِ شَيْئًا وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا وَبِذِي الْقُرْبٰى وَالْيَتَامٰى وَالْمَسَاكِينِ وَالْجَارِ ذِي الْقُرْبٰى وَالْجَارِ الْجُنُبِ‘‘۔

 (النساء: 36)
’’اللہ کی عبادت کرو اور والدین، رشتہ داروں، یتیموں، مسکینوں، قریبی پڑوسی اور اجنبی پڑوسی کے ساتھ بھلائی کرو۔‘‘
بھلائی سمجھتے ہوئے ہم انھیں اجتماعات میں تو دعوت دے دیں گے، انھیں کسی طرح کی رہنمائی چاہیے وہ بھی دیں گے،لیکن روزآنہ کھانا بھجوانا، ان کی خبر گیری کرنا، ان کے گھر کے بزرگوں سے ملاقاتیں ، یا ان کے گھر کے بچوں کی رشتہ و نسبت کی کوشش کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ ڈیجیٹل دور میں مزید انسان نزدیک سے دور اور دور سے قریب ہوتا جارہا ہے ۔ اپنے پڑوس سے بے خبری بڑھتی جارہی ہے ۔ حال ہی میں پڑوسی ملک کے دو واقعات سامنے آئے، جہاں پڑوس میں بزرگ خاتون کی لاش تین ماہ سے کمرے میں پڑی رہی، کسی کو خبر نہ ہوئی اور ایک ادھیڑ عمر سلیبرٹی کی لاش چھ ماہ سے پڑی رہی لیکن کسی نے خبر نہ لی، حتی کہ پڑوسی بھی بے خبر رہے، رشتے دار بھی۔ اس جدید لائف اسٹائل نے انسان کو اتنا بے خبر بنادیا ہے کہ ایک دوسرے کی خبر رکھنا جیسے زندگی کی فہرست سے خارج ہوگیا ۔جس جدید تمدن نے ہمیں یہ بے خبری عطا کی ہے ہمیں یہاں رک کر سوچنا چاہیے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

’’ما زال جبريل يوصيني بالجار حتى ظننت أنه سيورثه۔‘‘

(بخاری، مسلم)
’’جبرئیل مجھے پڑوسی کے حقوق کے بارے میں اتنی تاکید کرتے رہے کہ میں نے سمجھا شاید پڑوسی کو بھی وارث قرار دیا جائے گا۔‘‘
آج کل زندگی شہروں کی طرف دوڑ رہی ہے۔ گاؤں چھوڑ کر انسان شہروں میں بسنے لگا ہے۔ ایک ہی اپارٹمنٹ میں دوسرے فلیٹ میں کوئی رہنے والا کرائے دار آئے تو کسی کو خبر نہیں ہوتی، کون ہیں؟ کیا کرتے ہیں؟ کتنے ممبرز ہیں ؟ کیا مسائل چل رہے؟ بالکل بے خبر ۔ پہلے یہ تو تھا کہ اجتماعات کی دعوت دی جاتی، ایک دوسرے سے واقفیت ہوتی تھی۔ اب جواب ملتا جی ہم آن لائن اجتماع بھی اٹینڈ کرتے ہیں۔ آن لائن ہی قرآن فہمی کررہے ہیں ۔وہی لوگ جو بند اپارٹمنٹ میں خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انسان تعلقات سے کٹ جانے کی وجہ سے ذہنی و جسمانی امراض کا شکار ہونے لگتے ہیں ۔یہی کلچر ہم بچوں میں بھی پروان چڑھا رہے ہیں ۔یہ جانے بغیر کہ پیارے نبی صلیٰ اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

’ ’ليس المؤمن الذي يشبع وجاره جائع إلى جنبه‘‘

(مسند احمد) ’’وہ شخص مومن نہیں جو خود پیٹ بھر کر کھائے اور اس کا پڑوسی بھوکا ہو۔‘‘
یہ حدیث صرف کھانے سے متعلق نہیں، بلکہ پڑوسی کی ہر پریشانی اور دشواری سے متعلق ہے۔ ہمیں یاد ہے کہ اگر پڑوس میں کسی کا انتقال ہوجائے تو ہمارے بچپن میں اونچی آواز سے بولنا، ہنسنے یا اچھے پکوان پکانے سے بھی گریز کیا جاتا تھا کہ ہمارے پڑوسی غم زدہ ہیں، حتی کہ بچے بھی اپنے دوست کی نانی دادی جدا ہوجانے پر متاثر ہوجاتے۔ دوست کی دل جوائی کرتے۔بچے بڑوں سے سیکھتے ہیں، لیکن اب ان پڑوسیوں کی بے خبری بھی بچے سیکھ رہے ہیں۔ موت و حیات، خوشی اور غمی میں پڑوس کو خاطر میں نہیں لاتے اور بے نیاز رہتے ہیں۔ اس طرح ہم اپنی نسلوں کو نہ صرف یہ Empathy less بنارہے ہیں، بلکہ انھیں مستقبل میں ذہنی بیماریوں کے لیے تیار کررہے ہیں ۔ یہی بچے جب بڑے ہوکر زندگی کی ابتدا کریں گے، تو یہ اجنبی شہروں سے اجنبی ہی رخصت ہوں گے، نہ اپنا حلقہ بنا سکیں گے اور آس پڑوس سے بہترین تعلقات بناپائیں گے ۔یہی وجہ ہے کہ زندگیاں انسانی تعلقات سے دور ہوتی جارہی ہیں۔ان زندگیوں سے اب بھی اکتساب کیا جاسکتا ہے جن کی زندگیاں اعلی نمونہ تھیں ۔حضرت عمر رضی اللہ نے بیٹے کی تربیت کیسے کی دیکھیے؛ ’’حضرت عبداللہ بن عمر ؓ فرماتے ہیں کہ آپ ﷺ گوشت خریدتے تو سب سے پہلے فرماتے: میری بکری کا کچھ گوشت میرے پڑوسی کو بھی دو، کیوں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا ہے کہ جبرئیل علیہ السلام نے پڑوسی کے حق میں اتنی تاکید کی کہ میں نے گمان کیا پڑوسی کو وارث بنا دیا جائے گا۔‘‘
حضرت حسن بصریؒ فرماتے ہیں کہ پڑوسی کے ساتھ حسن سلوک یہ نہیں کہ اسے تکلیف نہ دو بلکہ یہ بھی ہے کہ اپنی خوشیوں اور رزق میں اسے شریک کرو۔
امام ابو حنیفہؒ کا واقعہ ہے کہ آپ کے ایک پڑوسی رات کو گاتے تھے

 ’’اضاعوني وأي فتى أضاعوا‘‘

(انھوں نے مجھے ضائع کیا، کیسا جوان تھا جسے انہوں نے برباد کیا)۔ ایک دن وہ پڑوسی گرفتار ہوا ، تو امام ابو حنیفہؒ نے سفارش کرکے اسے آزاد کروایا اور کہا: ’’ہم نے تمہیں ضائع نہیں کیا۔‘‘ یہ پڑوسی بعد میں توبہ کر کے نیک ہوگیا۔ امام ابن تیمیہؒ نے پڑوسی کے ساتھ حسنِ سلوک پر بڑی تاکید فرمائی ہے اور قرآن و سنت کی روشنی میں اس کو دین کے اہم ترین احکام میں شمار کیا ہے۔ ابن تیمیہؒ نے یہ بھی بیان کیا کہ پڑوسی کے ساتھ حسنِ سلوک صرف تکلیف نہ دینے کا نام نہیں بلکہ ان کے ساتھ ایثار، خوشی اور غم میں شریک ہونا، ضرورت کے وقت مدد دینا، کھانے اور چیزوں میں حصہ دینا یہ سب ایمان کی تکمیل کا حصہ ہے۔
اس نکتے کو واضح کرنا یہاں ضروری ہے کہ جہاں یہ تعلقات پڑوسیوں، رشتے داروں اور ملاقاتیوں سے تعاون و امداد، باہمی سپورٹ سسٹم سے روبہ زوال ہیں، وہیں یہ تعلقات غیر صحت مند بنتے جارہے ہیں ۔جیسا کہ انسان کی ترقی کا اظہار ، بچوں کے ایڈمیشن کااظہار ، ایک دوسرے سے مالی طور پر سبقت لے جانے اور تفاخر جتانے کے لیے انہیں تعلقات کو استوار رکھا جاتا ہے۔ بہتر ہے کہ ہم اپنے ان تعلقات پر غور کریں اور ایک دوسرے کے لیے ذہنی سکون فراہم کرنے والے اور احکامات پر عمل کرنے والے انسان بنیں ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Ghazala Anjum

    Ma Sha ALLAH bahot behtreen aur sabaq aamoz tehrir hy,such me hum log aaj kal parosiyon k huqooq Ada karne se kasir hai, Allah Hume maaf farma aur aum sab musalmanon k dilon ko aapas me jod de,aamin summa ameen

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ۲۰۲٥