اسلام دین فطرت ہے۔ اس کی ہدایات اس رب کریم کی طرف سے نازل شدہ ہیں جو انسانوں کو پیدا کرنے والا ہے۔ اس کی ذات ہر خوبی اور خامی کو جاننے والی ہے۔ انسان کی جسمانی، ذہنی، اخلاقی اور معاشرتی ضرورتوں سے واقف ہے۔ اس لیے اسلام جہاں شخصیت سازی کے لیے انسان کی رہنمائی کرتا ہے، وہیں اجتماعی زندگی میں بھی اس کو بہترین اصول عطا کرتا ہے جن کی روشنی میں وہ اپنے رشتہ داروں، پڑوسیوں اور دیگر انسانوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئے۔
اسلامی نقطۂ نظر سے تمام انسان حضرت آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں اور شرف آدمیت کے اعتبار سے یکساں ہیں، خواہ وہ کسی بھی ملک، مذہب، نسل یا خاندان سے تعلق رکھتے ہوں۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
وَلَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِي آدَمَ وَحَمَلْنَاهُمْ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ و رزقناھم مِّنَ الطَّيِّبَاتِ وَفَضَّلْنَاهُمْ عَلَى كَثِيرٍ مِّمَّنْ خَلَقْنَا تَفْضِيلاً. (الإسراء: ٧٠)
بلاشبہ ہم نے بنو آدم کو بہت عزت بخشی اور انھیں خشکی اور سمندر میں سوار کیا اور انھیں پاکیزہ چیزوں سے رزق دیا اور ہم نے جو مخلوق پیدا کی اس میں سے بہت سوں پر انھیں فضیلت دی۔ علامہ شامیؒ اس سلسلے میں لکھتے ہیں۔
والآدمی مکرم شرعاً وإن کان کافراً۔
آدمی شرعی اعتبار سے محترم ہے خواہ وہ کافر ہو۔
خود رسول اکرمﷺ نے اپنے مبارک اسوہ اور تعلیمات سے یہ ثابت کیا ہے کہ ہر انسان کے بنیادی حقوق ہیں، خواہ وہ کسی بھی مذہب کا پیروکار ہو۔ اسلام ہر انسان کی جان، مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کی تعلیم دیتا ہے۔ اسلام کی نظر میں ہر انسان حضرت آدم علیہ السلام کی اولاد ہونے کے اعتبار سے یکساں شرف آدمیت سے متصف ہے اوراس کو زندہ رہنے، معاشی جدوجہد کرنے اور عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔
اسلامی محققین اور فقہاء نے غیر مسلمین سے تعلقات کی تین قسمیں بیان کی ہیں:
(۱) پہلی قسم موالات ہے۔ یعنی ایسی قلبی محبت اور رازدارانہ تعلق جس سے کفر کا احترام لازم آئے، جائز نہیں ہے۔
(۲) دوسری قسم مواسات ہے۔ اس کے معنی ہوتے ہیں خیر خواہی، ہمدردی اور نفع رسانی کے۔ اس میں وہ تمام غیر مسلم آتے ہیں جو مسلمانوں سے جنگ و جدال نہیں کر رہے ہوں۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
لَا یَنْہَاکُمُ اللّٰہُ عَنِ الَّذِیْنَ لَمْ یُقَاتِلُوکُمْ فِیْ الدِّیْنِ وَ لَمْ یُخْرِجُوکُم مِّنْ دِیَارِکُمْ أَن تَبَرُّوْہُمْ وَتُقْسِطُوْا اِلَیْْہِمْ. (الممتحنة: ١٨)
اﷲ تعالیٰ تم کو منع نہیں کرتا کہ تم ان لوگوں کے ساتھ نیکی اور انصاف کا برتاؤ کرو، جنھوں نے دین کے معاملہ میں تم سے جنگ نہیں کی ہے اور تمھیں تمہارے گھروں سے نہیں نکالا ہے۔
ایسے لوگوں سے حسن سلوک، ہمدردی و غم خواری کرنا درست ہے۔ اس حسن سلوک کی بدولت آپسی تعلقات بھی بہتر ہوں گے اور اسلام کے پیغام کو بھی سمجھنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔
تیسری قسم مدارات ہے۔ اس سے مراد ظاہری خوش اخلاقی اور ادب و احترام ہے۔ یہ تمام غیر مسلموں کے ساتھ جائز ہے، خاص طور پر جب ان کے سامنے اسلام کے پیغام کو پہنچانا ہو یا اسلامی اخلاق و کردار سے روشناس کرانا ہو یا بحیثیت مہمان ان کا احترام اور خاطر مدارت کرنا ہو یا ان کی برائی اور شر سے اپنی حفاظت مقصود ہو۔
غیر مسلم پڑوسی سے حسن سلوک
اسلام انسان کو ایک ذمہ دار ہستی کی حیثیت سے مخاطب کرتا ہے، جو اس زمین پر خدا کا خلیفہ اور نائب ہے۔ اس کو اس کے خالق نے جن بہترین صلاحیتوں سے نوازا ہے، ان سے صحیح طور پر مستفید ہونے کے لیے اور دنیا و آخرت میں فلاح پانے کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایک سماجی زندگی گزارے۔ محض اپنی انفرادی کامیابی یا فلاح کے لیے محنت نہ کرئے، بلکہ اپنے آس پاس رہنے والوں اور رشتہ داروں کی بھلائی اور کامیابی کے لیے کوشاں رہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید ان الفاظ میں فرماتا ہے۔
وَ اعۡبُدُوا اللّٰہَ وَ لَا تُشۡرِکُوۡا بِہٖ شَیۡئًا وَّ بِالۡوَالِدَیۡنِ اِحۡسَانًا وَّ بِذِی الۡقُرۡبٰی وَ الۡیَتٰمٰی وَ الۡمَسٰکِیۡنِ وَ الۡجَارِ ذِی الۡقُرۡبٰی وَ الۡجَارِ الۡجُنُبِ وَ الصَّاحِبِ بِالۡجَنۡۢبِ وَ ابۡنِ السَّبِیۡلِ ۙ وَ مَا مَلَکَتۡ اَیۡمَانُکُمۡ ؕ اِنَّ اللّٰہَ لَا یُحِبُّ مَنۡ کَانَ مُخۡتَالًا فَخُوۡرَا. (النساء: ٣٦)
اور تم اللہ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ اور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرو اور رشتہ داروں اور یتیموں اور محتاجوں (سے)، قرابت دار پڑوسی، دور کے پڑوسی اور ہم نشین اور مسافر کے ساتھ اچھا سلوک کرو۔ بیشک اللہ اس شخص کو پسند نہیں کرتا جو تکبرّ کرنے والا اور فخر کرنے والا (خود بین) ہو۔
ان آیات کریمہ کی روشنی میں پڑوسیوں کی تمام قسموں کا احاطہ کرلیا گیا ہے۔ روایتی معاشروں میں زیادہ تر رشتے دار ہی پڑوسی ہوا کرتے تھے اور اس وجہ سے یہ بہت ممکن تھا کہ انسان ان پڑوسیوں سے غافل ہو جائے جو اس کے رشتے دار نہ ہوں، اس لیے ان کا خاص ذکر کیا گیا۔ پھر اسی طرح عارضی پڑوسیوں کا بھی الگ سے تذکرہ کیا گیا ہے۔ اس آیت کریمہ کے تعلق سے علامہ قرطبی رح لکھتے ہیں:
فالوصاۃ بالجار مأمور بها مندوب إلیها مسلماً کان أو کافراً۔ (قرطبی: ۵/۴۸۱)
یہ حکم پڑوسی کے ساتھ حسن سلوک کا مندوب اور پسندیدہ ہے، پڑوسی مسلم ہو یا کافر ۔
اسی تعلق سے آگے چند صفحات کے بعد تحریر کرتے ہیں: ’’علماء نے کہا ہے کہ پڑوسی کے اکرام و احترام میں جواحادیث آئی ہیں وہ مطلق ہیں، اس میں کوئی کافر اور مسلم کی کوئی قید نہیں ہے۔‘‘
آیت کریمہ میں ایک قسم ’الجار الجنب‘ بھی ہے، بعض لوگوں نے اس سے غیر مسلم پڑوسی مراد لیا ہے۔ ایک پڑوسی پہلو کے ساتھی کو بھی بتایا گیا ہے، جس کو ’الصاحب بالجنب‘ سے تعبیر کیا گیا ہے۔ اس سے مراد ہم نشیں دوست بھی ہے اور ایسا شخص بھی جس سے کہیں کسی وقت آدمی کا ساتھ ہوجائے، جیسے پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے ہوئے یا اسکول، کالج، بازار جاتے آتے ہوئے۔ اسی طرح آفس یا دوکان اور فیکٹری میں کام کرتے ہوئے یا کسی اور طرح ایک دوسرے کا وقتی ساتھ ہو جائے، وہاں بھی حکم دیا گیا ہے کہ نیک برتاؤ کرے اور تکلیف نہ دے۔ اس میں بھی مسلم اور غیر مسلم کی کوئی قید نہیں ہے۔ ایسے ہی پڑوسی کی جتنی بھی صورتیں ہوسکتی ہیں، سب میں مسلمان کے ساتھ غیر مسلم بھی داخل ہیں۔
قرآن کریم کی طرح احادیث نبوی بھی پڑوسی کے ساتھ حسن سلوک کی تلقین کرتی ہیں۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
من کان یؤمن بالله والیوم الآخر فلا یؤذ جارہ.
(صحيح مسلم)
جو شخص اﷲ اور آخرت پر ایمان رکھتا ہے، اسے اپنے پڑوسی کو اذیت نہیں پہنچانی چاہیے۔
اسی طرح پڑوسی کے ساتھ بہترین سلوک کی ہدایت کرتے ہوئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اس ذات کی قسم جس کے قبضے میں میری جان ہے، اس وقت تک بندہ مؤمن نہیں ہوسکتا، جب تک کہ اپنے بھائی اورپڑوسی کے لیے وہی چیزیں پسند نہ کرے جو اپنی ذات کے لیے پسند کرتا ہے۔‘‘ (مسند احمد)
آپﷺ نے یہ بھی تعلیم دی ہے کہ جب سالن پکایا جائے تو اس میں اتنا پانی بڑھادیا جائے کہ پڑوسیوں میں تقسیم کیا جاسکے۔ پڑوسیوں سے متعلق اس طرح کے جو بھی احکام ہیں، ان میں مسلم اور غیر مسلم دونوں شامل ہیں، یعنی جس طرح مسلمان پڑوسی کو تکلیف سے محفوظ رکھا جائے گا، اسی طرح غیر مسلم پڑوسی کا بھی حق ہے کہ اسے کسی طرح کی تکلیف نہ پہنچائی جائے۔ اس کے جان، مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کی جائے اور اس کے ساتھ حسن سلوک کا معاملہ کیا جائے۔ صحابۂ کرامؓنے ان اسلامی ہدایات اور تعلیمات کو اپنی زندگیوں سے ثابت کیا۔ حضرت عبد اﷲ بن عمرؓ نے ایک بار ایک بکری ذبح کرائی اور اپنے خادم کو ہدایت کی کہ وہ سب سے پہلے پڑوسی کو گوشت پہنچائے۔ ایک شخص نے کہا حضور! وہ تو یہودی ہے۔ آپ نے فرمایا: یہودی ہے تو کیا ہوا؟ یہ کہہ کر رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث پاک کا حوالہ دیا کہ جبرئیل نے مجھے اس قدر اور مسلسل پڑوسیوں کے متعلق وصیت کی کہ مجھے خیال ہونے لگا کہ وہ پڑوسیوں کو وراثت میں حصہ دار بنا دیں گے۔ (سنن أبي داؤ)
اس حدیث کے بارے میں مشہور مصری عالم رشید رضا اپنی تفسیر میں لکھتے ہیں: ’’یہ اس بات کی دلیل ہے کہ حضرت عبد اﷲ بن عمرؓ سے پڑوس کے ساتھ حسن سلوک کے سلسلے میں جو مطلق وصایا آئی ہیں، ان سے یہ سمجھنا کہ ان میں مسلم اور غیر مسلم دونوں شامل ہیں، عبد ﷲ بن عمرؒ کا علم و فہم تمہارے لیے کافی ہونا چاہیے۔‘‘ (تفسیر المنار : ۵/۹۲)
یہ ساری تفصیلات ثابت کرتی ہیں کہ پڑوس کا رشتہ ایک ایسا رشتہ ہے جو اپنے مستقل حقوق اور فرائض رکھتا ہے۔ پڑوسی اگر ہم مذہب نہ بھی ہو تب بھی ہمارے حسن سلوک کا حق دار ہے۔ اس کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنا ہماری دینی ذمہ داری ہے۔ اسلام کی شاندار روایات اس بات کی گواہ ہیں کہ مسلمانوں نے مذہب اور دین کی بنیاد پر پڑوسیوں کے درمیان تفریق اور نفرت کو ہمیشہ ناپسند کیا ہے۔ اس بارے میں علامہ ابن حجر جیسے عالم لکھتے ہیں: ’’پڑوسی کے لفظ میں یہ سب شامل ہیں: مسلم اور غیر مسلم، عبادت گزار اور نافرمان، دوست اور دشمن، اجنبی اور مقامی، نفع بخش اور ضرر رساں، قرابت دار اور اجنبی، قریب گھروالے اور دور گھر والے۔ ان کے رتبے مختلف ہوسکتے ہیں۔‘‘
امام حسن بصریؒ کا خیال تھا کہ قربانی کے گوشت میں سے یہودی یا عیسائی پڑوسی کو کھلایا جاسکتا ہے۔ اسلامی روایت میں غیر مسلموں کے جذبات کے احترام کو سختی سے ملحوظ رکھا گیا ہے۔ اس کی ایک مثال یہ ہے کہ علامہ ابن نجیمؒ فقہ حنفی کے مشہور محقق ہیں، وہ اپنی مشہور کتاب البحر الرائق میں لکھتے ہیں: ’’اگر کسی مسلمان نے کسی یہودی یا مجوسی کو اے کافر کہہ دیا اور اگر اسے یہ بات ناگوار گزری تو وہ مسلمان گنہ گار ہوگا اور اسے سزا دی جائے گی۔‘‘
غیر مسلم پڑوسیوں سے روابط اور عملی اقدامات
ہمارا ملک ہندوستان کثرت میں وحدت کا علم بردار ہے۔ یہاں مختلف مذاہب، ذاتوں اور ریت رواجوں سے وابستہ لوگ رہتے ہیں اور ہمارا سماج ایک تکثیری معاشرہ کہلاتا ہے۔ اس میں ہندو مسلم سکھ عیسائی سبھی شامل ہیں، مگر آج زمینی صورت حال یہ ہے کہ یہاں عوامی دائرہ بہ تدریج سکڑ رہا ہے۔ مختلف مذاہب کے درمیان سماجی تفریق بڑھ رہی ہے، آپسی میل جول، رہن سہن اور دوستی کم ہوتی جارہی ہے، جس کے نتیجے میں ایک دوسرے سے ملنے جلنے اور بات چیت کے مواقع بھی کم سے کم تر ہو رہے ہیں۔ اس وقت ایک رپورٹ کے مطابق ۳۶؍ فیصد ہندو کسی مسلمان کو اپنے پڑوسی کی حیثیت سے قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ۱۶؍ فیصد مسلمان کسی ہندو کو بطور پڑوسی قبول نہیں کرنا چاہتے۔ اسی طرح ۴۷؍ فیصد ہندؤوں اور ۴۵؍ فیصد مسلمانوں کے دوست صرف اپنے ہم مذہب لوگ ہیں۔ ان ہندؤوں کا تناسب جو اسلام کے بارے میں کچھ معلومات رکھتے ہیں، محض ۳۶؍ فیصد ہے۔ سکھوں، بدھوں اور جینیوں میں یہ تعداد اور بھی کم ہے (اشارات، زندگی نو، جون ۲۰۲۲ء)
یہ صورت حال ہم سے تقاضا کر رہی ہے کہ ہم اپنے خول سے باہر نکلیں اور خود پہل کریں۔ اپنے اسلامی تشخص پر قائم رہتے ہوئے ان سے تعلقات اور روابط کو قائم کریں۔ مشترکہ مسائل پر گفتگو کریں، آپسی تعلقات کو استوار کریں، خاموشی کو توڑیں۔ اس وقت مختلف تنظیموں، اداروں اور میڈیا ہاوسز کی جانب سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف یلغار کی صورت ہے۔ غیر مسلم ذہن کو بری طرح زہر آلود کیا جارہا ہے۔ لہذا ان کے ذہنوں میں غلط فہمیوں کا پیدا ہونا فطری ہے۔ حکمت اور محبت کے ساتھ ان کو دور کرنے کی کوشش کی جائے۔
رسول ﷺ کے ارشاد پر عمل پیرا ہوں
آپس میں تحفے دیا کرو، اس سے محبت پیدا ہوتی ہے۔ لہذا تحفے تحائف بھیجنے کااہتمام کریں۔ ان کے جذبات کو مجروح کرنے اور ان کا مذاق اڑانے والی باتیں نہ کریں۔ نہ ہی ان کے معبودوں کو برا بھلا کہیں اور اس سلسلے میں قرآنی تعلیمات پر عمل کریں۔
ایک دوسرے کے دکھ درد اور راحت و خوشی کے مواقع پر شریک رہیں۔ محلے میں یہ شعور عام کریں کہ مذہب کی بنیاد پر پڑوسیوں کے درمیان کوئی تفریق نہ برتی جائے۔ںاگر محلے میں کوئی تنازعہ پیدا ہو تو اس میں ہمیشہ عدل و انصاف کی بات کریں۔ اس طرح خیرخواہی اور خلوص نیت سے ان سے تعلقات کو بہتر بنائی اور ان سب کوششوں کے ساتھ ہمیشہ ان کی ہدایت کے لیے اللہ رب العالمین سے دعا کریں۔ اسلامی اخلاق اور کردار کا نمونہ ان کے سامنے پیش کریں۔ شعوری مسلمان بن کر اسلام کے پیغام کو ان تک پہنچانے کی کوشش کریں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و مددگار ہو۔
٭ ٭ ٭


Behtreen 👍
Behtreen 👍 aayaton aur hadees ke zariye se bht achi yehreer hai