شام کا وقت تھا۔ موسم انتہائی خوشگوار تھا۔ خنک دار ہوائیں چل رہی تھیں۔ موسم کی خوبصورتی سے محظوظ ہوتے ہوئے زونیرہ لان میں آگئی، اتنے میں رم جھم رم جھم بارش بھی شروع ہوگئی۔ زنیرہ کو بے ساختہ اپنی بہن (جو کہ اس کی جٹھانی بھی تھی) یاد آنے لگی کہ کس طرح سے بارش کے موسم میں بھیگنے کے لیے وہ دونوں بہنیں باغیچے میں یا ٹیرس پہ امی کے منع کرنے کے باوجود چلی جایا کرتی تھیں اور موسم سے خوب لطف اندوز ہوا کرتی تھیں۔ زنیرہ انہی خیالوں میں گم تھی کہ فون کی بیل بج اٹھی۔ جھٹ سے فون ریسیو کرتے ہوئے اس نے علیک سلیک کے بعد کہا: پیاری بجوووو! شاید میں اس وقت خدائے پاک سے کچھ اور مانگتی تو وہ بھی مجھے مل جاتا، کیوں کہ میں بہت شدت سے آپ کو یاد کر رہی تھی۔ کتنا مزہ آتا تھا نا جب ہم سب بھائی بہن مل کر ہر وقت ہنسی، مذاق، کھیل کود اور مستی کیا کرتے تھے؛ بالخصوص موسم باراں میں، بارش میں بھیگنے کے بعد امی کے ہاتھوں بنے ہوئے گرما گرم پکوڑے اور چائے کا مزہ ہی کیا خوب تھا۔ ہاں نا زنیرہ واقعی وہ دن بھی کتنے خوشگوار تھے۔
خیر اب یہ بتاؤ امی، ابو، فواد اور بچے کیسے ہیں؟ جی بجو امی تو شام کے ناشتے کے بعد اذکار میں مصروف ہو گئیں اور میں لان میں نکل آئی۔ بچے ٹیوشن گئے ہوئے ہیں، فواد اور بابا تو بزنس میٹنگ کے سلسلے میں ملک سے باہر گئے ہیں۔ ایک دوسرے کا حال احوال دریافت کرنے اور ماضی کی یادوں میں دونوں بہنیں اس قدر کھو گئیں کہ وقت کا پتہ ہی نہیں چلا اور مغرب کی اذان ہونے لگی۔ مغرب کی اذان کی آواز سنتے ہی زنیرہ نے کہا: بجو مغرب کی اذان ہو رہی ہے، عائشہ نے کہا: بالکل جاؤ نماز ادا کرو۔
زنیرہ نماز سے فارغ ہو کر اپنی ساس کے پاس گئی۔ امی رات کے کھانے میں کیا رہے گا؟
سعدیہ بیگم انتہائی خوش دلی کے ساتھ: بیٹا آلو کے پراٹھے اور کھیر بنا لو، بچے خوش ہو جائیں گے۔
کھانے کے دوران بچوں کی نوک جھونک پر دادی کی شفقتوں بھری ڈانٹ سے سرشار ہو کر زنیرہ مسکرا اٹھی اور انتہائی خوشگوار ماحول میں سب لوگ کھیر اور پراٹھے کے ساتھ انصاف کرنے لگے۔
دادی کے ساتھ لان میں چہل قدمی کے بعد بچے دادی کی دعاؤں اور شفقتوں کے سائے میں محو خواب ہو گئے۔
تقریبا رات ڈیڑھ بجے تیز آواز سن کر زنیرہ گھبرا کر اٹھ بیٹھی اور بھاگ کر سعدیہ بیگم کے روم میں آئی اور سعدیہ بیگم کو زمین پہ تڑپتا ہوا دیکھ کر زنیرہ کے ہاتھ پیر ٹھنڈے ہونے لگے۔ انتہائی پریشانی کے عالم میں اسے کچھ سمجھ میں ہی نہیں آرہا کہ کیا ہوا اور کیا کرے! اچانک ذہن میں یہ بات آتی ہے کہ اولا کیب بک کر کے امی کو ہاسپٹل لے جانا چاہیے۔ پریشانی کے عالم میں اولا تو بک کر دیا، لیکن امی کو گاڑی تک لے کر جائے کون؟ بچوں کو کس کے سہارے چھوڑے؟ اور امی کو لے کر کس طرح ہاسپٹل لےجائے؟ امی کی حالت خراب ہوتی جا رہی تھی، منہ سے جھاگ آرہے تھے۔
فلک (زنیرہ کی پڑوسن جو کہ سامنے کی بلڈنگ میں فرسٹ فلور پہ رہتی تھی) کو آج پتہ نہیں کیوں نیند نہیں آرہی تھی۔ تازہ ہوا لینے کے غرض سے روم سے نکل کر ہال میں آگئی اور کھڑکی کھول کر وہیں کھڑی ہو گئی۔
ادھر زنیرہ نے امی کی بگڑتی ہوئی حالت کو دیکھ کرگھبراہٹ میں اپنی پڑوسن کی بل بجائی، انھوں نے دروازہ ہی نہیں کھولا۔ دوسری پڑوسن کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ چہرے پہ ناگوار تاثرات لیے ہوئے انھوں نے بہرحال دروازہ تو کھولا، مگر زنیرہ کی بات سن کر سوری کہتے ہوئے دروازہ بند کر لیا۔
چارو ناچار زنیرا نے تیسری پڑوسن کا دروازہ کھٹکھٹایا اور زار و قطار رونے لگی۔ فلک کو سمجھ میں آگیا۔ یقینا یہ خاتون کسی پریشانی میں ہے، اس وجہ سے کہ اس پہر لوگوں کے گھروں کے چکر کاٹ رہی ہے۔ اس نے اپنے شوہر کو آواز دیتے ہوئے فورا ہی مین گیٹ کھول دیا اور قبل اس کے کہ سامنے کے لوگ دروازہ کھولیں، فلک بڑھ کر زنیرہ کے پاس گئی۔
بڑے ہی اپنائیت بھرے انداز میں سوال کیا: آپ اس قدر پریشان کیوں ہیں؟ جو بھی مسئلہ ہے، پریشانی ہے، آپ بے جھجک مجھ سے شیئر کریں۔ زنیرہ نے ہچکچاتے ہوئے اپنی ساس کی طبیعت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا: گاڑی والے کا بار بار فون آرہا ہے لیکن گھر میں بچوں کو اکیلا کس طرح چھوڑوں؟ فلک نے اعلی ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا: آپ بالکل پریشان نہ ہوں، میرا گھر بھرا پڑا ہے۔ بچوں کو میں اپنے گھر میں سلا دیتی ہوں۔ میں اور میرے شوہر آپ کے ساتھ ہاسپٹل چل رہے ہیں۔
زنیرہ انتہائی اضطرابی کیفیت میں ایمرجنسی وارڈ کے باہر کوری ڈور میں کبھی ٹہلنے لگتی تو کبھی بیٹھ کر دعا میں مصروف ہو جاتی، یوں پوری رات تڑپتے اور دعا کرتے گزر گئی۔
فلک کے انتہائی سمجھانے بجھانے اور اصرار کرنے پر جیسے ہی زنیرہ نے چائے کا کپ تھاما، ایمرجنسی وارڈ سے ڈاکٹر نکلتے ہوئے نظر آئے۔ بہ عجلت ڈاکٹر کے پاس پہنچ کر استفسار کیا: اب امی کیسی ہیں؟؟؟
ڈاکٹر نے تسلی دیتے ہوئے کہا: الحمدللہ! آپ کے پیشنٹ کو ہوش آگیا ہے۔ زنیرہ نے جھٹ سے سوال کیا: میں اپنی امی سے مل سکتی ہوں؟ جی نہیں! پہلے آپ میری پوری بات سن لیں۔ آپ کی والدہ کو ہوش تو آگیا ہے، لیکن ان کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے اس لیے انھیں کم از کم ایک ہفتے انڈر ابزرویشن رکھنا ہوگا۔ زنیرہ نے خوشی و غم کے ملے جلے تاثرات کے ساتھ ڈاکٹر کاشکریہ ادا کیا۔
ذرا سا اطمینان ہونے کے بعد فون اٹھایا تو دیکھا فواد اور بابا کے بیسیوں فون اور میسجز پڑے ہوئے تھے۔ فون کا جواب دینے کی اس کی ہمت نہیں ہو رہی تھی، چناں چہ اس نے امی کے بارے میں بڑے ہی تفصیل سے اور اطمینان بخش انداز میں میسج کے ذریعے مطلع کر دیا۔
زنیرہ کا میسج پڑھ کر فواد کی آنکھیں ڈبڈبا گئیں اور دل ڈوبنے لگا، پھر بھی زنیرہ کو تسلی دیتے ہوئے جواب دیا کہ تم بالکل پریشان نہ ہو پہلی ہی فلائٹ سے میں یا بابا آ جائیں گے، تم تسلی رکھو۔ جی ان شاءاللہ۔ زنیرہ بیٹھے بیٹھے خیالوں کی وادیوں میں چلی گئی اور سوچنے لگی کہ کتنی بار امی نے کہا کہ زنیرہ پڑوسیوں سے ربط رکھا کرو؛ ان کے یہاں آیا جایا کرو، کبھی تحفے تحائف بھیج دیا کرو، ہم پر پڑوسیوں کے بڑے حقوق ہیں۔
وَالْجَارِ ذِي الْقُرْبَىٰ وَالْجَارِ الْجُنُبِ.
(النساء: ۳۶) ’’اور قریب اور دور کے پڑوسیوں کے ساتھ احسان کرو۔‘‘
کبھی احادیث کے حوالے سے گفتگو کرتیں، جیسے حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میرے خلیل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے وصیت کی کہ جب تم سالن پکاؤ تو اس میں شوربا زیادہ رکھو، پھر اپنے قریبی ہمسایہ کے گھر والوں کو دیکھ کر (جو ضرورت مند ہوں) اس میں کچھ اچھے طریقے سے انھیں بھیجو۔
یہاں تک کہ امی کبھی کبھی پلان بناتیں کہ آج پڑوسی کے یہاں چلیں گے، ان سے ملاقات کریں گے ان کے حال احوال دریافت کریں گے تو وہ اس کے برعکس کسی شاپنگ مال میں تو کسی پارک وزٹ کا پروگرام بنا لیتی اور اپنی ساس اور بچوں کے ساتھ گھومنے پھرنے نکل جایا کرتی مگر اس وقت اسے شدت سے اس بات کا احساس ہو رہا تھا کہ اللہ تعالی کے احکامات و ہدایات کے پیچھے بڑی حکمت اور مصلحت پوشیدہ ہوا کرتی ہے۔ اگر آج پڑوسی اس کا ساتھ نہ دیتے تووووووووو۔۔۔
انہی خیالوں میں زنیرہ کھوئی ہوئی تھی کہ سعدیہ بیگم کی ریلیٹو کو پکارا جانے لگا۔ زنیرہ بھاگنے کے انداز میں ڈاکٹر کے پاس پہنچی۔ ڈاکٹر نے کہا: بہت بہت مبارک ہو! آپ کی والدہ تو الحمدللہ امید سے زیادہ تیزی سے روبہ صحت ہو رہی ہیں۔ کل انھیں ڈسچارج کرنے کے چانسز ہیں، انھیں روم میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔ آپ ان کے ساتھ ٹھہر سکتی ہیں۔ جزاک اللہ خیرا کثیرا۔ سر!
گھر پہنچنے کے بعد زنیرہ نے اپنے سسر اور فواد کو بڑے ہی تفصیلی انداز میں بتایا کہ فلک نے اپنوں سے بڑھ کر اس مصیبت کے وقت میں زنیرہ کا ساتھ دیا۔ کس طرح شفقت و محبت سے بچوں کی دیکھ بھال سے لے کر ہاسپٹل تک انتہائی خلوص سے ہر طرح کی مدد اور ساتھ دیا اور ساتھ میں ہی اپنی غلطی کا بھی اعتراف کرتے ہوئے امی میں آپ سے بہت ہی معذرت خواہ ہوں کہ آپ کی نصیحتوں کے باوجود میں نے پڑوسیوں کی اہمیت کو سمجھنے اور ان کے حقوق کو ادائیگی کی کبھی فکر ہی نہیں کی، لیکن اب مجھے بخوبی اندازہ ہو گیا ہے اچھے پڑوسی خدا کا ایک بہترین عطیہ ہیں اور ان کے ساتھ بہت ہی اعلی اخلاق اور خندہ پیشانی سے پیش آنا چاہیے۔ ہر خوشی و غم اور دکھ درد میں ایک دوسرے کے ساتھ ہونا چاہیے۔
سعدیہ بیگم نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹا! معذرت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ دیر آید درست آید۔ زنیرہ کو خود سے قریب کرتے ہوئے پیشانی پر بوسہ دیتے ہوئے کہا: میں نے اپنی بیٹی کو بہت زیادہ پریشان کیا۔ زنیرہ نہیں نہیں! امی کیا ہو گیا ہے آپ کو؟ میں تو بہت زیادہ ڈر گئی تھی کہ کہیں آپ کو کچھ ہو نہ جائے، مگر میرے لیے تو اس سے بڑھ کر کچھ اور ہے ہی نہیں کہ اللہ تعالی نے آپ کو رو بصحت کر دیا۔
سات سالہ منزہ اچھلتے ہوئے دادو دادو!! دو دن بعد میرے قرآن ختم ہو جائیں گے۔ سعدیہ بیگم پوتی کا لاڈ اٹھاتے ہوئے ماشاءاللہ، ماشاءاللہ میری پوتی ہے ہی اتنی ذہین اور محنتی۔ بہت بہت مبارک ہو گڑیا!
زنیرہ پرجوش ہو کر امی اس خوشی کے موقع پر: کیوں نہ ہم اپنے پڑوسیوں کی ایک دعوت رکھ لیں؟ اسی بہانے آمد و رفت کا سلسلہ شروع ہوگا، پھر تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔ اسد صاحب مسکراتے ہوئے: ارے بھئی! اس دعوت کے پروگرام میں ہم باپ بیٹوں کے لیے کوئی گنجائش ہے؟
سعدیہ بیگم نے مزاحا کہا: جی نہیں! ہم خواتین کی اس پارٹی میں مردوں کی انٹری نہیں ہوگی، جس پہ تمام لوگ ہنس پڑے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments