سوال:
ہماری کالونی میں گزشتہ چند ماہ سے ایک فیملی آئی ہے، جس نے پریشان کر رکھا ہے۔ چھوٹی سی کالونی ہے، گھر ملے ہوئے ہیں، راستے تنگ ہیں، درمیان میں چھوٹا سا میدان ہے۔ شوہر ایڈووکیٹ ہیں، بیوی ڈاکٹر ہیں، ایک پرائویٹ ہاسپٹل میں کام کرتی ہیں۔ ان لوگوں میں تمدنی شعور (Civil Sense) بالکل نہیں ہے۔ اپنی گاڑیاں جیسے چاہیں کھڑی کردیتے ہیں، جس سے دوسرے لوگوں کو آنے جانے میں دشواری ہوتی ہے۔ دیر رات تک ان کے گھر سے ٹی وی کی آواز آتی رہتی ہے۔ ان کے بچے میدان میں فُٹ بال کھیلتے ہیں اور توڑ پھوڑ مچاتے ہیں۔ انھیں نرمی سے ان باتوں کی طرف توجہ دلائی گئی، لیکن وہ اصلاحِ احوال پر آمادہ نہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ خود کو کالونی کے دوسرے رہائشیوں سے برتر سمجھتے ہیں۔ ان کے سماجی روابط بھی دوسرے لوگوں سے نہیں ہیں۔ بہ راہِ کرم رہ نمائی فرمائیں، انھیں کیسے سمجھایا جائے؟ اور کیسے کالونی کے دوسرے لوگوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے پر مائل کیا جائے؟
جواب:
کسی جگہ کچھ لوگ رہتے ہیں تو ان کے درمیان قریبی تعلقات ہوجاتے ہیں۔ ان کا کچھ وقت ایک دوسرے کے ساتھ گزرتا ہے۔ ان کی روز مرّہ کی ضروریات ایک دوسرے سے پوری ہوتی ہیں۔ خوشی اور غم میں وہ ایک دوسرے کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔ انھیں پڑوسی کہا جاتا ہے۔
قرآن و حدیث میں پڑوسیوں کے ساتھ حسنِ سلوک کی تاکید کی گئی ہے۔ ان کے ساتھ پیار و محبت سے پیش آنے، انھیں سہولیات بہم پہنچانے، ان کی مدد کرنے اور انھیں کسی طرح کی تکلیف نہ پہنچانے کا حکم دیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’ماں باپ کے ساتھ نیک برتاؤ کرو۔ قرابت داروں، یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آؤ۔ رشتے دار پڑوسی، اجنبی پڑوسی اور پہلو کے پڑوسی کے ساتھ بھلا برتاؤ کرو۔‘‘ (النساء: ۳۶)
احادیث میں بھی پڑوسی کے حقوق کے سلسلے میں بہت تاکیدات آئی ہیں۔ ایک حدیث میں ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’جبرئیل مجھے پڑوسی کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنےکی برابر تاکید کرتے رہے، یہاں تک کہ میں گمان کرنے لگا کہ وہ اسے وارثوں میں شامل کردیں گے۔‘‘
(صحیح بخاری: ۶۰۱۴، صحیح مسلم: ۲۶۲۴)
آپؐ نے پڑوسی کے ساتھ اچھے برتاؤ کو اسلام کا تقاضا قرار دیا ہے، فرمایا: ’’اپنے پڑوس میں رہنے والوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرو، تم مسلمان ہو جاؤ گے۔ ‘‘ (جامع ترمذی: ۲۳۰۵، سنن ابن ماجۃ: ۴۲۱۷)
پڑوسی کو کسی طرح کی تکلیف پہنچانے سے آپؐ نے بہت سختی سے منع کیا ہے: ’’جو شخص اللہ اور روزِ آخرت پر ایمان رکھتا ہو وہ اپنے پڑوسی کو اذیت نہ پہنچائے۔‘‘ (صحیح بخاری: ۶۴۷۵، صحیح مسلم: ۴۷)
آپؐ نے اُس شخص کے ایمان کی نفی کی ہے جس کی شر انگیزیوں سے اس کے پڑوسی محفوظ نہ ہوں۔ ایک مرتبہ آپؐ نے تین مرتبہ فرمایا: ’’اللہ کی قسم! وہ شخص مومن نہیں ہے۔‘‘ صحابہ نے دریافت کیا: اے اللہ کے رسول! کون؟ فرمایا: ’’جس کے پڑوسی اس کی شرارتوں سے محفوظ نہ ہوں۔‘‘
(بخاری: ۶۰۱۶)
ان احادیث سے پڑوسیوں کے ساتھ حسنِ معاملہ کی اہمیت کا بہ خوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ سماج میں پڑوسیوں کے معاملے میں بہت زیادہ غفلت پائی جاتی ہے۔ انفرادیت پسندی اور خود غرضی عام ہوگئی ہے۔ ہر شخص صرف اپنا فائدہ دیکھتا ہے اور اپنی سہولت چاہتا ہے۔ اس کے کسی عمل سے دوسروں کو کتنی تکلیف پہنچ رہی ہے، اس کی اسے مطلق پروا نہیں رہتی۔ اسلامی تعلیمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے لوگوں میں اس معاملے میں بیداری لانے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں کرنے کا پہلا کام یہ ہے کہ پڑوسی کی اذیت کو برداشت کیا جائے۔ ایک حدیث میں ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ اس شخص سے محبت کرتا ہے جس کا پڑوسی اسے کوئی تکلیف پہنچائے، تو وہ اس پر صبر کرے۔ ‘‘ (احمد :۲۱۳۴)
برداشت کرنے کا مطلب یہ ہے کہ پڑوسی کی تکلیف دہ حرکتوں کو نظر انداز کیا جائے اور انھیں تنازعہ اور لڑائی جھگڑا کا موضوع نہ بنایا جائے۔ کالونی میں کسی فیملی کا رہن سہن ٹھیک نہ ہو تو دوسرے لوگوں کی ذمے داری ہے کہ اس کی اصلاح کی کوشش کریں۔ اس سلسلے میں سماجی تعلقات بہت کارگر ثابت ہوتے ہیں۔ کالونی کے مرد اُس فیملی کے مرد سے اور عورتیں اس کی بیوی سے خوش خلقی سے پیش آئیں، ان سے میل جول بڑھائیں، ان کے گھر جاکر ملاقات کریں۔ کبھی کچھ تحفہ دیں، کھانے کی کوئی اچھی ڈش بنائیں تو ان کے گھر بھی بھیجیں، ان کی خوشی اور غم میں شریک ہوں۔ احادیث میں ان باتوں کی تلقین کی گئی ہے۔ ایسا کرنے سے قربت پیدا ہوگی اور پھر جب ان کی کسی نامناسب بات پر انھیں نرمی سے سمجھایا جائے گا تو اس کا اثر لیں گے اور اپنی اصلاح کریں گے۔ بچوں کو بھی پیار و محبت سے سمجھایا جائے کہ ضرور کھیلیں، لیکن کچھ نقصان نہ پہنچائیں۔
ہر کالونی کی سوسائٹی ہوتی ہے، جو اس کے انتظامات کو دیکھتی ہے۔ سوسائٹی کے عہدے داروں کی ذمہ داری بڑھ کر ہے۔ اگر کوئی فیملی دوسرے رہائشیوں کے لیے اذیت کا باعث بن رہی ہے تو اس سے تنہائی میں مل کر نرمی سے سمجھانے کی کوشش کریں۔ امید ہے کہ اس سے ضرور اصلاح ہوگی اور کالونی کا ماحول خوش گوار ہوجائے گا۔
٭ ٭ ٭


0 Comments