عالمی یوم ذیابیطس

عالمی ادارہ صحت (WHO) کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً ۴۲۲؍ ملین افراد ذیابیطس میں مبتلا ہیں اور ہر سال تقریباً ۱۵؍ لاکھ اموات اسی بیماری کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ سب سے تشویشناک بات یہ ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں ۱۸؍سال سے کم عمر بچوں میں ذیابیطس کے cases میں اِ ضافہ ہوا ہے۔
عالمی یوم ذیابیطس ڈے (WDD) ہر سال۱۴؍ نومبر کو منایا جاتا ہے تاکہ ذیابیطس، اس کے اثرات، علاج اور بچاؤ کے بارے میں شعور و آگاہی پیدا کی جا سکے۔ یہ دن ۱۹۹۱ء میں انٹرنیشنل ذیابیطس فیڈریشن (IDF) اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) کے تعاون سے شروع کیا گیا۔ یہ دن انسولین کے موجد ’’سر فریڈرک بینٹنگ‘‘ کی سالگرہ کے موقع پر منایا جاتا ہے، جنھوں نے 1921ء میں انسولین دریافت کی۔

ذیابیطس کیا ہے؟

ذیابیطس ایک دائمی (Chronic) میٹابولک بیماری ہے، جس میں جسم خون میں شکر (گلوکوز) کی سطح کو قابو میں نہیں رکھ پاتا۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب انسولین کی پیداوار ناکافی ہو یا جسم انسولین کو مؤثر طریقے سے استعمال نہ کر سکے۔ انسولین ایک ہارمون ہے جو لبلبہ (Pancreas) سے بنتا ہے اور جسم کو توانائی کے لیے گلوکوز استعمال کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ذیابیطس میں خون میں شکر کی زیادتی دل، گردوں، اعصاب اور آنکھوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

ذیابیطس کی اقسام

1. ٹائپ 1 ذیابیطس

یہ ایک آٹو امیون بیماری ہے جس میں جسم کا مدافعتی نظام انسولین بنانے والے خلیوں پر حملہ کرتا ہے۔ یہ عموماً بچپن یا نوجوانی میں ظاہر ہوتی ہے اور انسولین کے انجیکشن کی ضرورت ہوتی ہے۔

2. ٹائپ 2 ذیابیطس

یہ سب سے عام قسم ہے، جس میں جسم انسولین کا صحیح استعمال نہیں کر پاتا۔ یہ عموماً موٹاپے، غلط خوراک اور غیر متحرک طرزِ زندگی سے جڑی ہوتی ہے۔

3. حمل کی ذیابیطس (Gestational Diabetes)

یہ حمل کے دوران پیدا ہوتی ہے، عموماً دوسرے یا تیسرے سہ ماہی میں۔ یہ عارضی ہو سکتی ہے مگر آئندہ زندگی میں ماں اور بچے دونوں کو ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔

4. پری ذیابیطس

یہ ایسی حالت ہے جس میں خون میں شکر معمول سے زیادہ ہوتی ہے مگر ذیابیطس کی حد تک نہیں پہنچتی۔ وقت پر احتیاط سے اسے پلٹایا جا سکتا ہے۔ یہ ذیابطیس کی warning sign ہے۔

Insulin resistance

ٹائپ 2 ذیابطیس کی اہم وجہ insulin resistance ہے، ذیابطیس کو سمجھنے کے لیے insulin resistance کے بارے میں سمجھنا بیحد ضروری ہے۔ ہم اس کو آسان الفاظ میں سمجھنے کی کوشش کریں گے۔ انسولین ایک ہارمون ہے جو ہمارا جسم کھانے کے بعد، خون میں شکر (گلوکوز)کو توانائی میں بدلنے کے لیے بناتا ہے۔ یہ ہارمون جگر، muscles اور چربی کے خلیوں کو کہتا ہے کہ شکر کو اندر لے لو اور استعمال کرو، جب جسم کے خلیے انسولین کی بات سننا بند کر دیتے ہیں تو اسے ’’انسولین ریزِسٹنس‘‘ کہا جاتا ہے۔ یعنی انسولین تو بن رہی ہوتی ہے، لیکن خلیے اس پر صحیح ردِعمل نہیں دیتے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ خون میں شکر کی مقدار بڑھنے لگتی ہے ،اسے insulin resistance کہتے ہیں۔

خواتین میں کیوں عام ہے؟

    • غیر متوازن خوراک (چکنائی، فاسٹ فوڈ، میٹھے مشروبات)
    • ورزش کی کمی
    • ذہنی دباؤ اور نیند کی کمی
    • وزن میں اضافہ خاص طور پر پیٹ کے گرد
    • ہارمونی تبدیلیاں جیسے PCOS (پولی سسٹک اووری سنڈروم)

    اس کی وجہ سے صرف زیابطیس ہی نہیں ہوتا بلکہ اس سے کئی اور بیماریاں جنم لیتی ہے، high Bp PCOD وغیرہ انسولین resistance کی وجہ سے ہی ہوتا ہے۔

ذیابیطس کی علامات

  •  بار بار پیشاب آنا
  • حد سے زیادہ پیاس لگنا
  • غیر معمولی بھوک
  • وزن میں اچانک کمی
  • تھکن اور کمزوری
  • دھندلا نظر آنا
  • زخموں کا دیر سے بھرنا
  • ہاتھوں یا پیروں میں جلن یا سن ہونا

ذیابیطس کی وجوہات

ٹائپ 1

  • جسم کا مدافعتی نظام (immune system) انسولین بنانے والے خلیوں پر حملہ کرتا ہے۔
  • family history یا جینیاتی عوامل۔

ٹائپ 2

  • انسولین مزاحمت (Insulin Resistance)
  • موٹاپا اور غیر فعال طرزِ زندگی
  • غیر متوازن غذا
  • عمر کا بڑھنا
  • ذہنی دباؤ (stress)

حمل کی ذیابیطس

  • حمل کے ہارمونز کی وجہ سے انسولین کی تاثیر کم ہو جاتی ہے۔
  • موٹاپا یا family history ذیابطیس کا خطرہ بڑھاتی ہے۔

ذیابیطس سے بچاؤ کے طریقے

1. صحت مند وزن برقرار رکھیں۔
2. متوازن غذا اپنائیں۔
3. چینی اور میٹھے مشروبات سے پرہیز۔
4. ورزش کو زندگی کا معمول بنائیں۔
5. سگریٹ نوشی سے گریز کریں۔
6. مناسب نیند لیں۔
8. ذہنی دباؤ کم کرنے کے طریقے اپنائیں۔
9. باقاعدہ طبی معائنہ کروائیں۔

تشخیص

صرف ایک مرتبہ کسی نے بلڈ شوگر چیک کیا اور ریڈنگ زیادہ ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس کو ذیابطیس ہوا ہے، ذیابطیس کی تشخیص کے لیے ضروری ہے کہ fasting blood sugar کے ساتھ ساتھ post lunch and random blood sugar اور Hb A1c لازمی چیک کرائیں۔
ذیابطیس کے علاج کے لیے یہ بے حد ضروری ہے کہ ذیابطیس کی قسم معلوم ہو، اگر وہ pre diabetes ہو تو صرف غذا اور لائف سٹائل تبدیلی ہی اُس کا علاج ہے، اس طرح ٹائپ 1 ہو تو انسولین تھیراپی، اس طرح ٹائپ 2 ہو تو ٹیبلٹ کے ساتھ ساتھ Diet & Excercise، لیکن ہمارے ہاں ہوتا ایسا ہے کہ ذیابطیس چاہے کسی بھی قسم کا ہو سب کو وہی علاج دیا جاتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ مریض کو بھی ان چیزوں کا شعور ہو۔

غذا اور ورزش سے ذیابیطس کا علاج

عموماً یہ سمجھا جاتا ہے کہ ذیابیطس ایک مستقل مرض ہے جس کا صرف کنٹرول ممکن ہے، علاج یا ریورس نہیں۔ لیکن جدید تحقیق نے یہ ثابت کیا ہے کہ صحیح غذا، متوازن طرزِ زندگی اور باقاعدہ ورزش کے ذریعے ذیابیطس کو قابو میں لایا جا سکتا ہے، بلکہ اسے ریورس بھی کیا جا سکتا ہے۔

یورپ میں جدید تحقیق اور غذائی علاج

یورپ کے کئی معروف ڈاکٹرز اور سائنسدان اس بات پر تحقیق کر رہے ہیں کہ ذیابیطس کو صرف غذا کی تبدیلی سے ریورس کیا جا سکتا ہے۔ ان تحقیقات کے مطابق، ذیابیطس کی ادویات وقتی طور پر تو شوگر کو قابو میں رکھتی ہیں، مگر طویل عرصے تک استعمال سے گردوں، جگر اور دل پر نقصان دہ اثرات ڈال سکتی ہیں۔ اسی لیے اب علاج کی توجہ دوا سے ہٹ کر قدرتی علاج یعنی غذائی توازن اور طرزِ زندگی کی اصلاح پر دی جا رہی ہے۔

کھانے کا صحیح طریقہ

ہم نے کھانے کے لیے ’’ناشتہ، دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا‘‘ کی اصطلاحات اپنا لی ہیں، جب کہ انسانی جسم مقررہ اوقات کا پابند نہیں۔ اصل اصول یہ ہے کہ جب حقیقی بھوک لگے تب کھایا جائے نہ کہ کھانے کا وقت ہو اور کھالیا جائے۔ اسلام بھی یہی سکھاتا ہے کہ کھانا ضرورت کے مطابق ہو، عادت کے مطابق نہیں۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’آدمی اپنے پیٹ سے زیادہ برا برتن نہیں بھرتا۔ چند لقمے جو کمر سیدھی رکھ دیں کافی ہیں۔ اگر زیادہ کھانا ہی ہو تو ایک تہائی کھانے کے لیے، ایک تہائی پانی کے لیے، اور ایک تہائی سانس کے لیے چھوڑ دو۔‘‘ (ترمذی)
اگر انسان تھوڑی بھوک باقی رہنے پر کھانا بند کر دے تو وہ موٹاپے، ذیابیطس، بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔

غذا کی متوازن تقسیم

پرہیز کی چیزیں

ماہرین کے مطابق روزمرہ کی غذا کو تین متوازن حصوں میں تقسیم کرنا جسم کے لیے بہترین ہے:

  • 33% کاربوہائیڈریٹس (نشاستہ دار غذائیں)
  • 33%پروٹین (لحمیات)
  • 33% صحت بخش چکنائیاں (گُڈ فیٹس)
  • یہ تناسب جسم کو توانائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انسولین کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔

پروٹین کے بارے میں غلط فہمیاں

اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ پروٹین گردوں کو نقصان پہنچاتا ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ نقصان دہ چیز اصل میں زیادہ نشاستہ دار غذائیں ہیں، خاص طور پر ریفائنڈ (صاف کی ہوئی) چیزیں جیسے چاول، میدہ، آٹا، چینی اور میٹھے کھانے۔
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ کم کاربوہائیڈریٹ والی غذا (لو کارب ڈائٹ) ذیابیطس کے مریضوں کے لیے سب سے زیادہ مفید ہے۔

ذیابیطس کو کنٹرول اور ریورس کرنے کے لیے درج ذیل چیزوں سے پرہیز کریں:

  • چاول، میدہ، آٹا اور میٹھے اناج
  • زیادہ کارب والی غذائیں
  • بازاری اور پراسیسڈ کھانے
  • جنک فوڈ (junk food)
  • میٹھے مشروبات

مفید غذائیں

قدرتی اور تازہ غذا اپنائیں، جیسے:

  • کم کاربوہائیڈریٹس میں سبزیاں اور محدود مقدار میں تازہ پھل
  • پروٹین کے لیے دودھ، انڈے، ڈرائی فروٹس، چکن، مٹن، مچھلی
  • صحت مند چکنائیاں کے لیے مکھن، زیتون کا تیل، گھی اور مچھلی کا تیل کارنیور ڈائٹ (گوشت پر مبنی غذا)

    یورپ میں آج کل کارنیور ڈائٹ پر خاص تحقیق ہو رہی ہے۔ اس طرزِ غذا میں گوشت، مچھلی اور دیگر پروٹین و چکنائی سے بھرپور غذائیں شامل کی جاتی ہیں۔ یہ طریقہ نہ صرف ذیابیطس بلکہ کئی دوسری دائمی بیماریوں میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے کیونکہ یہ انسولین کے توازن کو بحال کرتا ہے اور جسم میں چربی کے بجائے توانائی کے استعمال کو بڑھاتا ہے۔

ورزش کی اہمیت اور خواتین میں شعور

مسلم معاشرے میں عمومی طور پر خواتین میں ورزش کا رجحان کم ہے، حالانکہ صحت مند جسم عبادت میں مددگار ہوتا ہے۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’تمہارے جسم کا بھی تم پر حق ہے۔‘‘ (بخاری)
ورزش صرف وزن کم کرنے کے لیے نہیں بلکہ ہارمونز کے توازن، بلڈ شوگر کنٹرول، ہڈیوں کی مضبوطی اور ذہنی سکون کے لیے ضروری ہے۔
اکثر خواتین سمجھتی ہیں کہ واک یا یوگا کافی ہیں، مگر جدید تحقیق کے مطابق اسٹرینتھ ٹریننگ (طاقت بڑھانے والی ورزش) اور ویٹ لفٹنگ (وزن اٹھانے کی مشق) زیادہ مؤثر ہیں، کیونکہ ان سے:

  • مضبوط ہوتے ہیں
  • انسولین کی حساسیت بہتر ہوتی ہے
  • جسم چربی کے بجائے توانائی زیادہ استعمال کرتا ہے
  • ہارمونز متوازن رہتے ہیں
  • عمر بڑھنے کے باوجود ہڈیاں اور پٹھے طاقتور رہتے ہیں۔
  • عموماً صبح کے اوقات میں خواتین مصروف ہوتی ہیں اس لیے وہ ورزش نہیں کر پاتیں، لیکن ورزش کبھی بھی کی جا سکتی ہے، دن کے کسی بھی وقت ورزش کو اپنی زندگی کا معمول بنائیں اور صحت مند رہیں۔

فطرت کے قریب طرزِ زندگی

اللہ تعالیٰ نے انسان کو فطرت کے قریب زندگی گزارنے کا حکم دیا ہے۔ اگر ہم اپنی غذا میں سادگی، قدرتی توازن اور اعتدال پیدا کریں، روزانہ ورزش کریں اور اپنی زندگی کو سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالیں، تو ہم ذیابیطس سمیت بے شمار بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
اس تحریر کا مقصد یہی ہے کہ عوام میں اس بات کا شعور بیدار ہو کہ ذیابیطس کوئی ناقابلِ علاج مرض نہیں۔ اگر انسان درست غذا، مناسب ورزش اور اسلامی تعلیمات کے مطابق طرزِ زندگی اپنائے تو ذیابیطس کو نہ صرف قابو کیا جا سکتا ہے، بلکہ ریورس بھی کیا جا سکتا ہے۔ انشاء اللہ آئندہ ماہ ہم تفصیلی ڈائیٹ چارٹ ڈسکس کریں گے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی عادات بدلیں، مصنوعی غذاؤں سے پرہیز کریں اور قدرتی خوراک و سنت نبوی ﷺ کو زندگی کا حصہ بنائیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Dr.saleha tabassum

    Ye article mhatrama Dr.Hafsa tasneem ka tahreer karda hai jinka taluuq Adilabad se hai aksar wo beshatar muhatrama k mazameen per kabhi nazar saani to kabhi tafseeli mutalla hote rahta hai……Aaj ka bhi mazmoon ziya bateez se mutalluq my ne dekha bht hi bahtreen anda ze bayan aur mudallil wo mustand sceinsi fikr wo ahadees ki roushni me deeni wo asri uloom k haseen imtezaj k sath awwam ko aik nayi aur malomati mazmoon se agahi ata ki jiski is dour me mashre (society)ko ahem zaroorat hai kion k waqetan her ghar kahin na kahin in alamatoon se do chaar hai aur aspataloon k chakkar kaat raha hai ….musannifa ne bahtreen andaz me diabetes ki wajoohaat,Alamaat aur tadaruki iqdamat per mousaar tareqe se samjha e ki her mumkina koshish ki Allah tala muhatrama ki koshish ko aur is qidmat e qalq k jazbe ko shar fe qubooliyat ata kare ….note:aqir me my is tahreer ko tajziyari tour per yahi kahna chahoongi k ye mazmoon na sirf maloomati hai balke awwami agahi k liye bahtreen koshish hai

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ۲۰۲٥