درس حدیث
زمرہ : النور

حضرت عبداللہ بن عمرؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’حضرت جبرائیل علیہ السلام مجھے پڑوسی کے بارے میں اتنی زیادہ وصیت کرتے رہے کہ مجھے گمان ہوا کہ وہ اس کو وراثت میں بھی شریک کر دیں گے۔‘‘ (متفق علیہ)
یہ حدیث اس بات کی واضح دلیل ہے کہ اسلام میں پڑوسی کا مقام بہت بلند ہے۔ نبی کریم ﷺ کو اللہ کے حکم سے جبریل امین بار بار پڑوسی کے حقوق کی یاد دہانی کراتے رہے، یہاں تک کہ رسول اللہ ﷺ کو یہ خیال آیا کہ شاید پڑوسی کو وارث بنایا جائے گا۔ گویا کہ پڑوسی کا حق صرف ہمدردی یا اخلاقی رویہ تک محدود نہیں بلکہ قانونی حیثیت بھی رکھ سکتا تھا، اگر اللہ تعالیٰ چاہتا۔
دراصل انسانی معاشرہ میں پڑوسی بہت بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ غور سے دیکھا جائے تو اجتماعی نظام بغیر پڑوسی کے حقوق کے اور اس کی ادائیگی کے کوئی معنی نہیں رکھتا۔ اجتماعی زندگی میں اس کا شیرازہ بکھرنے اور فرد و جماعت پر اس کی گرفت کمزور پڑ جانے کی ایک بڑی وجہ پڑوسی کے حقوق کی ادائیگی سے لا پرواہی برتنا یا اس سے بالکل آنکھیں بند کر لینا ہے۔ اس اہم اور بنیادی پہلو کی طرف توجہ دلاتے رہنا اور اس کی نگہ داشت کرنا ہر دور کے علماء اور اہل اصلاح و دعوت کا فرض رہا ہے۔ اس دور میں اس کی ضرورت بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔اجتماعی زندگی کی خوبیاں ذہنوں سے اوجھل ہو رہی ہیں۔ اس کا ایک خاص سبب مغربی تہذیب کا بڑھتا ہوا اثر اور اس سے مرعوبیت ہے۔ مغربی معاشرہ میں پڑوسی کے حقوق نام کی کوئی چیز ہے ہی نہیں۔ ہر شخص خود مختار، ہر شخص آزاد اور اپنی مدد آپ کا ذمے دار ہے۔ بیماروں کی عیادت، ضرورت مندوں کی حاجت روائی، بے کسوں، یتیموں، بیواوں کی مدد کا وہاں کوئی رواج ہی نہیں ہے۔ جب کہ اسلام ہر ایک کی طرف توجہ دلاتا ہے، جیسے مذکورہ بالا حدیث پڑوسیوں کے حقوق کے متعلق ہے۔

پڑوسی کا دائرہ

اسلامی تعلیمات کے مطابق، پڑوسی کی کئی اقسام ہو سکتی ہیں:
1. قریبی پڑوسی: جو دیوار سے متصل یا چند گھروں کے فاصلے پر ہو۔
2. رشتہ دار پڑوسی: جو رشتہ دار بھی ہو اور پڑوسی بھی۔
3. مسلمان پڑوسی: جو دین میں بھی بھائی ہو۔
4. غیر مسلم پڑوسی: جس کے ساتھ حسنِ سلوک کی خاص تاکید ہے۔
جیسا کہ قرآن میں اللہ تعالیٰ پڑوسیوں کے بارے میں حکم دیتاہے:

واعبدو اللہ ولا تشرکوا بہ شیئا وبالوالدین احسانا وبذی القربیٰ والیتمی والمساکین والجار ذي القربیٰ والجار الجنب والصاحب بالجنب۔۔۔ (سورۃ النساء)

’’اور تم سب اللہ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک مت کرو اور والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرو۔ اہل قرابت کے ساتھ بھی اور یتیموں کے ساتھ بھی، غریب غربا کے ساتھ بھی اور پاس والے پڑوسی کے ساتھ بھی اور دور والے پڑوسی کے ساتھ بھی۔۔۔‘‘
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ازواج مطہرات اور صحابہ کرام کو پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کی برابر تاکید فرمایا کرتے تھے۔ بخاری شریف کی روایت ہے کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ نے دریافت فرمایا کہ یا رسول اللہ! میرے دو پڑوسی ہیں۔ میں ان میں سے کس کے پاس ہدیہ بھیجوں؟ آپ نے فرمایا جس کے گھر کا دروازہ تمہارے گھر کے قریب ہو۔ اس کے لیے مسلم غیر مسلم کی کوئی تفریق نہیں کی گئی۔ امام مجاہد سے روایت ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمر نے اپنے غلام سے فرمایا کہ جب کھال اتار لینا اور گوشت کے ٹکڑے کر لینا تو سب سے پہلے گوشت میرے یہودی پڑوسی کو دے کے آنا۔ اس کے بعد غلام سے تین بار سوال پوچھا: کیا تم میرے یہودی دوست کو گوشت دے آئے؟ کسی نے سوال کیا: ایک یہودی کے لیے اس قدر اہتمام؟ آپ نے فرمایا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے کہ جبرئیل علیہ السلام پڑوسی کے ساتھ حسن سلوک کی وصیت کیا کرتے تھے۔ (الأدب المفرد)

پڑوسی کے حقوق کیا ہیں؟
ایذا نہ دینا

نبی ﷺ نے فرمایا: ’’وہ شخص مومن نہیں جس کی شرارت سے اس کا پڑوسی محفوظ نہ ہو۔‘‘ (صحیح بخاری)

خیر خواہی کرنا

اگر پڑوسی بیمار ہو تو عیادت کریں۔ بھوکا ہو تو کھلائیں۔ مشکل میں ہو تو مدد کریں۔ ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ایک صحابی حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ سے فرمایا: شوربا پکاؤ تو پانی بڑھا دو اور اس سے اپنے ہمسایوں کی خبر گیری کرتے رہا کرو۔ (مسلم شریف)

خوشی و غمی میں شریک ہونا

اس کے دکھ سکھ میں شامل ہونا ایک مومن کی نشانی ہے۔

تحفہ دینا، بھلے معمولی ہو

نبی ﷺ نے ایک موقع پر عورتوں کے مجمع کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا: ’’پڑوسن کو اگرچہ بکری کا کھر ہی تحفے میں دے سکتی ہو تو دے دو‘‘
(صحیح بخاری)

رازداری اور عزت کا خیال

اس کے گھر، اہلِ خانہ اور معاملات کی عزت و پردہ داری کریں۔

ظلم ہونے پر اس کی مدد کرنا

اگر کوئی اس پر ظلم کرے، تو دفاع میں کھڑا ہونا فرض ہے۔ انسان کے اچھا یا برا ہونے کا معیار یہ ہے کہ اس کو وہ اچھا کہے جو اس کے سب سے قریب ہو۔ حدیث میں ہے:

عن ابن عباس قال: قال رجل للنبی صلی اللہ علیہ وسلم: یا رسول اللہ! کیف لی أن أعلم إذا أحسنت وإذا أسأت. فقال النبی إذا سمعت جیرانک یقولون قد أحسنتم وإذا سمعتم یقولون قد أسأت فقد أسأت. (ابن ماجہ)۔

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا کہ یا رسول اللہ! میں کیسے سمجھوں کہ میں نیک و کار ہوں یا بدکار؟ آپ نے جواب دیا کہ اگر تمھارے پڑوسی تمھیں نیک سمجھیں تو نیکو کار اور برا کہیں تو بدکار ہو۔
حضرت حسن بصری رحمہ اللہ کے ایک پڑوسی نے ان کے سامنے گناہ کیا۔ لوگوں نے کہا: اسے روکیں! انھوں نے فرمایا: مجھے ڈر ہے کہ قیامت کے دن میرے رب مجھ سے پوچھے گا: تُو نے اس کے ساتھ پڑوسی جیسا سلوک کیوں نہ کیا؟
اخیر میں ایک سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ حد ہمسائیگی کتنی ہے؟ امام محمد رحمہ اللہ اپنی شہرہ آفاق کتاب الجامع الصغیر میں رقم طراز ہیں کہ بیہقی نے حضرت عائشہ سے نقل کیا ہے: الجواھر أربعون دارا۔ (ہمسایگی چالیس گھروں تک ہے)۔ مولانا حالی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اسی نیک تعلیم کا ذکر اپنے اشعار میں کرتے ہیں۔

سکھائے انھیں نوع انساں بہ شفقت
کہا ہے کہ اسلامیوں کی علامت
کہ ہمسائے سے رکھتے ہیں وہ محبت
شب وروز پہنچاتے ہیں اس کو راحت
خدا سے جو اپنے لیے چاہتے ہیں
وہی ہر بشر کے لیے چاہتے ہیں

اللہ! ہمیں اپنے پڑوسیوں کے حقوق پہچاننے اور ان کو ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمين

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ۲۰۲٥