شام کا وقت تھا۔ ننھا عمر مدرسے سے بھاگتا ہوا گھر میں داخل ہوا۔
عمر: (خوشی سے بلند آواز میں) للجار حق. للجار حق پڑوسی کا بھی حق ہے!
ماں: (مسکرا کر) سبحان اللہ! میرا لاڈلا اتنی پیاری حدیث ازبر کر آیا ہے! آؤ، انعام میں میں آپ کی من پسند فروٹ چاٹ بنا کر کھلاتی ہوں۔
عمر خوشی سے پاس بیٹھ گیا۔ ماں نے پھل کاٹنے شروع کیے۔ چھلکے الگ رکھے۔
عمر: (شرارت سے ہنستے ہوئے) مما! دیکھیں نا، میں ان چھلکوں کو اوپر سے ایسے پھینکوں گا کہ سیدھے نیچے چوکیدار انکل کے سامنے والے ڈسٹبین میں جاگریں گے۔ میرا نشانہ بالکل صحیح ہے۔
ماں: (ہلکی مسکراہٹ کے ساتھ) واہ، نشانے باز میرا بیٹا۔
عمر نے پھلوں کے چھلکے اس انداز سے پھینکے کے دوسری منزل سے وہ سیدھے گراؤنڈ فلور کی ڈسٹبین میں گرنے لگے۔
قریب ہی چوکیدار کے بچے کھیل رہے تھے۔ آواز سے وہ اس جانب متوجہ ہوئے اور اوپر عمر کو دیکھا۔
عمر کو خوشی کا احساس ہوا کہ بچے اس کے نشانے پر تعریفی نگاہوں سے اسے دیکھ رہے ہیں۔
عمر نے پھر نشانہ لگایا وہ بھی کامیاب رہا۔
دوسرے ہی لمحے عمر نے دیکھا بچے چھلکوں کو حسرت سے دیکھ رہے ہیں۔ عمر کے دل میں ان بچوں کے لیے ہمدردی بیدا ہوئی۔ اس نے جھجکتے ہوئے اپنی مما سے پلٹ کر پوچھا: شاید ان بچوں کو بھی پھل کھانے کی خواہش ہورہی ہے۔ کیا کچھ پھل ہم ان بچوں کو دے سکتے ہیں؟ مما کو عمر کے اس خیال پر بہت خوشی ہوئی۔
ماں: عمر بیٹا! آپ کی سوچ بہت اچھی ہے۔ وہ ہمارے قریب رہتے ہیں، اس لیے ہمارے پڑوسی ہوئے اور ہمارے پیارے نبی ﷺ نے پہلو کے ساتھی یعنی پڑوسی، کے ساتھ بھی حسنِ سلوک کا درس دیا ہے۔
عمر: (خوشی سے) تو پھر یہ چھلکے ڈسٹبین میں جائیں گے اور کچھ پھل چوکیدار انکل کے گھر۔ پھر میں اپنی مما کے ہاتھوں بنی مزیدار فروٹ چاٹ کا مزہ لوں گا۔
ماں: (خوش ہوکر ) شاباش میرے بیٹے! یہی اسلام کا حسن ہے۔ علم بھی شعور عمل بھی۔
سبق: پڑوسی صرف جان پہچان والے نہیں بلکہ قریب رہنے والے سب لوگ ہیں، چاہے وہ کام والے ہوں، چوکیدار ہوں یا ڈرائیور وغیرہ۔ ان کے ساتھ اچھا سلوک کرنا اسلام کی تعلیم اور ایمان کی نشانی ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments