حقوق ہم سایہ مہم نائب امیر جماعت اسلامی ہند، انجینئر محمد سلیم سے مشرف علی کی بات چیت

محترم !سب سے پہلے تو یہ بنائیں کہ’’ حقوق ہم سایہ مہم ‘‘کا محرک کیا ہے ؟

جماعت اسلامی ہند وقتاًفوقتاً ایسے عنوانات پرمہم چلاتی ہے تاکہ اس مخصوص عنوان پر لوگوں کی توجہ مبذول ہو جائے۔ ایسے بہت سے ایشوز ہیں، جن کی طرف لوگوں کی توجہ نہیں ہے اور جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ لوگ ان کی طرف متوجہ ہوں۔ پڑوسیوں کے ساتھ روابط کا معاملہ بھی عام طور پر ہماری بے توجہی کا شکار ہے۔ جب کہ پڑوسیوں کے تعلق سے اسلام کی بڑی واضح اور روشن ہدایات اور تعلمات موجود ہیں، لیکن خود مسلمان ان سے غافل ہیں۔ گاؤں اور قصبوں میں تو صورت حال کچھ بہتر ہے، لیکن شہروں اور میٹرو سٹیز میں تو پڑوسیوں کے تعلقات کی طرف بالکل توجہ نہیں ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ پڑوسیوں سے تعلقات خراب ہیں،بلکہ پڑوسیوں سے تعلقات سرے سے ہیں ہی نہیں ۔
سماجی طور پر یہ ضرورت محسوس کی گئی کہ پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کا بہتر کرنا بہت اہم ہے۔ اس لیے جماعت اسلامی ہند نے اس ملک گیر مہم کا فیصلہ کیا ہے ، تاکہ سماج میں پڑوسیوں سے تعلقات کو درست کیا جائے ، جو لوگ مسلم محلوں میں رہتے ہیں، وہاں ان کے آپسی تعلقات ایسے خوش گوار ہوں کہ دوسرے لوگ اس کا اثر قبول کریں ۔ اسی طرح جہاں ملی جلی آبادی ہے وہاں بھی لوگ پڑوسیوں کے حقوق ادا کریں اور سب مل جل کر ایک بہتر سماج بنائیں۔
اسلام نے ہر طرح کے پڑوسیوں کےلیے حقوق متعین کیے ہیں۔ ان حقوق کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے طرح طرح کے مسائل پیدا ہورہے ہیں، غلط فہماں پھیل رہی ہیں اور نفرت پروان چڑھ رہی ہو۔اس لیے یہ مہم منا ئی جارہی ہے کہ لوگوں کو اس طرف متوجہ کیا جائےاور سب مل جل کر ایک بہتر سماج بنائیں۔

 اس مہم کے تعلق سے جماعت اسلامی ہند کے ارکان و کارکنان کی انفرادی ذمہ داری کیا ہے ؟

جماعت اسلامی ہند کے ارکان و کارکنان کوہر جگہ مقامی نظم کے تحت اعلیٰ درجہ کا نمونہ پیش کرنا چاہیے۔ ہمارے ارکان وکارکنان کو قرآن وحدیث کی تعلیمات کا عملی نمونہ ہونا چاہیے۔ کسی بھی بات کو پہنچانے کا بہترین ذریعہ یہی ہے کہ آپ اسے کر کے اس کا عملی نمونہ پیش کریں۔ جو بات آپ کہنا چاہتے ہیں وہ اگر آپ کے کردار سے واضح ہو تو اس سے بہتر اور موثر ذریعہ کوئی اور نہیں ہو سکتا ۔ انفرادی طور پر ہمارے ارکان و کارکنان کو ایک مثالی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسا کردار کہ لوگ انہیں دیکھ اسلام کو سمجھیں۔ ظاہر ہے کہ ابھی ملت میں اس طرح کی بیداری نہیں پائی جاتی ۔ایسے میں مسلمانوں کو اسلام سکھانا ہماری ذمہ داری ہے۔ اس مہم کے دوران ہمارے ارکان و کارکنان جب مسلمانوں سے ملیں تو اس ملاقات میں صرف نصیحت نہ کی جائے، بلکہ عملی نمونے پیش کیے جائیں۔ یہ عملی نمونے محض انہیں دکھانے کے لیے اس طرح نہ پیش کیے جائیں کہ وہ غیر فطری معلوم ہوں ۔
یہ بالکل فطری انداز میں پیش کیے جائیں۔مہم کے دوران ہمیں کچھ اضافی ایکٹیویٹی پلان کرنی چاہیے، جو ہمارے مقصد کو واضح کردے ۔ اس کے لیے چائے کی دعوت، تحائف کی پیش کش وغیرہ کے ذریعے ہم قریب ودور کے پڑوسیوں کے ساتھ ملاقات کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں ۔ اگر کوئی پڑوسی ناراض ہے، یا آپس میں کوئی غلط فہمی یا تنازعہ ہے تو اسے دور کرنے کا موقع بھی اس مہم کے دوران حاصل ہوگا۔
خواتین ارکان وکارکنان کی ذمہ داری دوہری ہے۔انھیں اپنی اور محلے پڑوس کی اصلاح کے ساتھ بچوں کی تربیت کا اہم فریضہ بھی انجام دینا ہے۔خواتین کو بچوں کے ذہن میں ابتدا سےہی پڑوسیوں سے جڑی اسلام کی تعلیمات اور اللہ کے رسول کی ہدایات کو بٹھانے کا کام کرنا ہے۔انہیں پڑوسیوں کی مدد پر ابھارنا ہے ، پڑوسیوں کے کام آنے پر آمادہ کرنا ہے۔نئی نسل کی تربیت اس طرح کرنی ہے کہ ان کے دلوں میں کشادگی پیدا ہو ، ان کا ذہن مثبت اور تعمیری سوچ والا بنے۔

انفرادی سطح پر ایک مسلمان اپنے پڑوسی کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کن بنیادی چیزوں کا اہتمام کرے؟

 سب سے پہلی چیز ہے کہ پڑوسیوں کے ساتھ ملناجلنا۔ اپنی مصروف زندگی سے کچھ وقت ان کے لیے نکالنا اور ان کے کام آنا ۔ ظاہر ہے کہ پڑوسیوں کو ایک دوسرے کی ضرورت پڑتی رہتی ہے تو ان کی ضرورت میں کام آنا۔ پڑوسی کو کوئی ضرورت پڑ جائے تو اس کے لیے تیار رہنا، پڑوسی کسی پریشانی میں پڑ جائے تو آگے بڑھ کر اس کی مدد کرنا۔ پڑوسیوں کے سکھ دکھ بانٹنا۔اسلام کے متعین کیے دائرے میں رہتے ہوئے ان کی خوشیوں اور ان کے غم میں شریک ہونا۔ روز مرہ کی زندگی میں ان کے ساتھ اچھا سلوک کرنا۔ ہمارا رویہ پڑوسی کے ساتھ ایسا ہو کہ پڑوسی کو ہم سے کوئی تکلیف نہ پہنچے،کوئی پریشانی نہ ہو۔ ایک اچھا مسلمان وہ ہے جس کا پڑوسی اس سے خوش ر ہے، اسے یہ اطمینان رہے کہ ہمارا پڑوسی موجود ہے، ہمیں کسی ڈر کی ضرورت نہیں۔یہ تصویر بننی چاہیے ایک مسلمان کی ۔لوگوں کے درمیان یہ بات آئے کہ مسلمان پڑوسیوں کے کام آتا ہے۔ ہر ضرورت کے وقت کھڑا رہتا ہے۔ کسی طرح کی کوئی تکلیف نہیں پہنچا تا ۔یہاں تک کہ مسلمان اپنے گھر میں رہتے ہوئے بھی کوئی ایسا کام نہیں کرتا جوکسی بھی درجہ میں پڑوسیوں کے لیے تکلیف کا باعث ہو۔

 اجتماعی سطح پر مسلم محلے پڑوسیوں کے حقوق کو زندہ کرنے کے لیے کیا عملی اقدامات کر سکتے ہیں ؟

 ایک تو وہ محلے ہیں جن میں صرف مسلمان رہتے ہیں، وہاں پڑوسیوں کے ساتھ ایسا سلوک ہوکہ ایک کشادہ دلی کا ماحول تیار ہو۔ صرف اپنےمفاد کی بات سوچنااور دوسروں کی تکلیف کا خیال رکھنا، یہ ایسا رویہ ہے جس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ پڑوسی کے آرام کے لیے اسے پریشانی سے بچانے کے لیے اگرتھوڑی تکلیف بھی ہو تو ہمیں بہ خوشی گوارا کرنا چاہیے۔
اجتماعی زندگی میں بہت سی چیزیں کامن ہوتی ہیں تو اس سلسلہ میں اپنی ذمہ داری کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ راستےاور گلیوں کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا،خاص طور پر اپنے گھر کے سامنے اور آس پاس کی صفائی تا کہ کسی کو کوئی تکلیف نہ ہو ۔ مسلم محلوں میں اس کا خیال کم رکھا جاتا ہے ۔ بہت سے لوگ سرکاری ضابطوں کی بھی پابندی نہیں کر تے ۔ گلیوں میں سیڑھیاں بنا کر انہیں تنگ کر دیتے ہیں۔ اسی طرح پہلی منزل پر جاکر بالکنی نکال لیتے ہیں۔ اس سے اہل محلہ کو تو تکلیف ہوتی ہے ۔ ساتھ ہی مسلم محلوں کی عام شبیہ بھی خراب ہوتی ہے۔ ان ضابطوں کا خیال رکھنا چاہیے اور پڑوسیوں کے ساتھ کشادہ دلی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ کشادہ دلی کے ذریعہ ہی اخلا ق میں بلندی آتی ہے ۔ دل میں تنگی ہو، مفاد پرستی اور خود غرضی غالب ہو تو اس سے تعلقات خراب ہوتے ہیں۔
وقت بے وقت پڑوسیوں کو ایک دوسرے کی ضرورت پڑتی رہتی ہے۔اس لیے پڑوسیوں کے حقوق رکھے گئے ہیں۔مثلاً: رات کے وقت کسی کو سواری کی ضرورت پڑ گئی یا اچانک کوئی ایمرجنسی آگئی تو ایک پڑوسی کا یہ حق ہے کہ دوسراپڑوسی اس کے کام آئے۔ اس کے رشتہ دار قریب میں ہو سکتے ہیں اور نہیں بھی ہو سکتے ہیں، اس لیے یہ ذمہ داری پڑوسی کی ہے کہ اس کے کام آئے اور اس کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرے۔ اسلام نے اس پر بہت زور دیاہے ۔ حدیث میں ہے کہ اللہ کے رسولؐ کے پاس جب حضرت جبریل آتے توپڑوسیوں کےبار ے میں اتنی تاکید کرتے کہ اللہ کے رسول ؐ کو یہ خیال آنے لگا کہ کہیں پڑوسیوں کو وراثت ہی  میں نہ شریک کر لیا جائے ۔
پڑوسی اگر غریب ہو تو اس کا حق اور بڑھ جاتا ہے۔حدیث موجود ہے کہ جب سالن پکاؤ تو پڑوسیوں کا سا خیال رکھو، اگر کچھ نہیں تو شوربہ ہی بڑھا دو۔تو اپنے بچوں کے لیے کوئی اچھی چیز لاؤ تو پڑوسیوں کے بچے کا بھی خیال رکھو اور اگر اس کی گنجائش نہ ہو پھلوں کے چھلکے ایسی جگہ نہ ڈالو کہ پڑوسی کے بچے دیکھیں اور انھیں اپنی غربت کا احساس ہو۔ ان حدیثوں میں کہیں یہ بات نہیں کہی گئی کہ پڑوسی مسلمان ہی ہو۔پڑوسی چاہے جو ہو ، جس مذہب کا بھی ماننے والا ہے، اس کا عقیدہ چاہے کچھ ہو، ہرحال میں اس کا حق ہے کہ اس کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے۔ پڑوسی ہونے کی حیثیت سے اس کے جو حقوق ہیں انہیں ادا کیا جائے۔ یہ بھی ضرور ہے کہ بالکل فطری اندازمیں حکمت کے ساتھ اس تک اسلام کا تعارف بھی پہنچایا جائے۔ جس طرح ہمیں اس کے دنیا کی فکر کر نی چاہیے، اس طرح اس کی آخرت بھی ہمارے سامنے ہے۔ موثر طریقہ اس کا یہ ہے کہ ہمارا فطری رویہ اگر اس کے تئیں درست ہو گا، اور ہماری زندگی ایک بہتر دن پڑوسی کا نمونہ ہوگی تو اس سے اسلام کا صحیح تعارف ہو گا ۔ یہ بھی ایک بنیادی ذمہ داری ہے ۔ ہر مسلمان اپنے پڑوسی کا خیر خواہ ہوتا ہے، اس کا بھلا چاہنے والا ہوتا ہے۔ ہم اس کی صرف دنیا کی ہی بھلائی نہ چاہیں، بلکہ اس کی آخرت سنوارنے کے لیے بھی فکرمند ہوں۔ اپنے اخلاق و کردار کے ذریعہ اور پھر دعوت دین کے ذریعہ ان تک اسلام پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ یہ بھی ان کا حق ہے ۔اسلام ہمارے پاس ان کی امانت ہے جو ان تک پہنچائی جانی چاہیے۔

آج کی شہری زندگی اور فلیٹ کلچر میں ہم سائیگی کا کیامعنی رہ گیا ہے ؟

یہ بات درست ہے کہ شہروں میں فلیٹ کلچر عام ہو گیا ہے۔بڑے بڑے ٹاورز بنے ہوئے ہیں جن میں سینکڑوں فیملی رہتی ہیں لیکن ان کا آپس میں ملنا جلنا نہیں ہو تا۔ سالوںسال ساتھ رہنے والے پڑوسی ایک دوسرے کو پہچانتے تک نہیں ہیں۔شہروں کی تیز رفتار زندگی ، لوگوں پر کام کا دباؤ اور فیملی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بعض لوگوں کو ایک سے زیاد شفٹ میں کام کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ ملٹی میڈیا موبائل نے بھی عام لوگوں کی زندگی ایسی بنادی ہے کہ قریب کے لوگ دور ہو گئے ہیں اور غیر فطری طور پر دور کے لوگ قریب نظر آتے ہیں۔ ملک میں فرقہ واریت کو جس طرح فروغ دیا جا رہا ہے، جس طرح غلط فہمیاں اور نفرتوں کا پرچار کیا جا رہا ہے اس سے بھی پڑوسیوں کے تعلقات میں سرد مہری آئی ہے ۔ لوگوں کا ملنا جلنا کم ہوگا تو دوریاں اور بڑھیں گی ، پڑوسیوں کے روابط کم زور پڑیں گے تو غیریت بڑھے گی ، اجنبیت اور بیگانہ پن کا ماحول بنے کا اور اس سے مختلف قسم کے مسائل پیدا ہوں ۔
اس لیے قدیم طرر زندگی ہو یا فلیٹ کلچر، ہم کسی طرح بھی ہم سائیگی کی معنویت یا اہمیت کو کم نہیں کر سکتے ۔ خوش گوار سماج بنانے کے لیے اور قابل رہائش ماحول کی تیاری کے لیے پڑوسیوں کے ساتھ روابط کو مضبوط کرنا ہو گا۔ ہر پڑوسی کو اپنی ذمہ داری اور سامنے والے کا حق ادا کرنا ہوگا ۔ ان بے شمار مسائل کا یہی حل ہے۔

جدید طرز زندگی میں لوگ پڑوسیوں سے دور ہو گئے ہیں۔ اس کےاسباب آپ کی نظرمیں کیا ہیں؟

سوال میں ہی جواب موجود ہے۔ زندگی کی رفتار بہت تیز ہو گئی ہے۔ شہر جتنے بڑے ہیں، وہاںرفتار اتنی ہی تیز ہے۔ لوگوں کو اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے بہت کام کرنا پڑتا ہے۔ بعض لوگوں کو کام کے لیے کئی گھنٹوں کا سفر کر کے جانا ہوتا ہے اور پھر رات گئے ان کی واپسی ہوتی ہے۔اس تیز رفتار اور بھاگ دوڑ والی زندگی میں نہ صرف پڑوسیوں کے ساتھ،بلکہ اپنے گھر والوں کے ساتھ بھی رابطے کو کمزور کیا ہے ۔ کام کرنے والے والدین اپنے بچوں سے نہیں مل پاتے، انھیں وقت نہیں دے پاتے ۔ مادہ پرستانہ زندگی میں اپنی رہائش کے معیار کوبلند سے بلند تر کرنے کی بھاگ دوڑ نے لوگوں کو اپنے گھر سے اپنے پڑوسیوں سے دور کر دیا ہے۔لوگ ایک غیر فطری زندگی کی طرف بڑھ ر ہے ہیں۔اس کی و جہ سے دوسرے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ نفسیاتی مسائل بھی آج کل بہت تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

 ہمارے ملک جیسے مخلوط معاشرے میں پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات مزید چیلنجنگ ہو گئے ہیں۔ ایسے ماحول میں مسلمانوں کو کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے؟

پڑوسیوں کے ساتھ ناراضی ،غلط فہمی یا تنازعہ کو دور کرنے کے لیے کیا حکمت عملی اپنائی جا سکتی ہے ؟

 اس سلسلے میں دو باتیں ہمیں نظر آتی ہیں۔پہلی بات تو یہ ہے کہ اگرپڑوسیوں سے تعلقات کم ہوں گے، آپس میں دوری ہوگی ، مفاد پرستی غالب ہو گی تو شکوک وشبہات بڑھیں گے۔ دوسری بات ہے دل کی تنگی۔ قرآن میں یہ بات کہی گئی ہے کہ ’’ومن يوق شح نفسه فأولئك هم المفلحون‘‘ یعنی جو لوگ دل کی تنگی سےبچا لیے گئے وہی کا میاب ہیں۔ دل کی تنگی بہت سارے مسائل پیدا کرتی ہے۔ دل کی تنگی یعنی سب کچھ اپنے لیے ہو ، دوسروں کے لیے کچھ نہ ہو۔جس کسی کا یہ رویہ ہو گا تو مسائل پیدا ہوں گے۔ ہمیں پوری رواداری کے ساتھ پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کرنا چاہیے، اس میں ہماری نیت اللہ کو راضی کرنے کی ہو ۔ہمیں یہ یقین ہو کہ پڑوسوں کے حقوق کی ادائیگی بھی عبادت ہے اور اس کا آخرت میں اجر ملے گا۔
آپ کو اپنا مکان اگر اونچا کرنا ہے ، ایک منزل کے اوپر مزید منزلیں بنانی ہیں، تو آپ کے لیے ضروری ہے کہ اپنے پڑوسی کو اعتماد میں لے کر یہ کام کریں۔ ایسا نہ ہو کہ آپ کا پڑوسی غریب ہے اور آپ اپنا مکان اونچا کیے جا رہے ہیں۔ آپ کے لیے ضروری ہے کہ اس کی بے پردگی کا خیال رکھیں۔ پڑوسی کے حقوق کی حفاظت کرتے ہوئے اس کی مرضی اور اجازت سے ہی ایسا کیا جا سکتا ہے۔ بہت سے لوگ اپنے حق سے زائد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔کئی بار پڑوسی کی ایک دو فٹ زمین دبالی جاتی ہے یا پہلی منزل پر جاکر بالکنی نکال لی۔ یہی وجوہ بنتی ہیں آپس کے تنازعے اورجھگڑے کی۔ دلوں میں کشادگی پیدا کرکے اور اللہ کو راضی کرنے کی نیت سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

آج کل ڈیجیٹل میڈیا کا دور ہے ، تو کیا پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے میں اس کا بھی کوئی کردار ہو سکتا ہے؟

ڈیجیٹل میڈیا تو پڑوسیوں سے تعلقات کو کمزور کرنے کا ایک بڑا سبب ہے۔پڑوسی تو آگے کی چیز ہے اس نے تو ایک گھر ایک فیملی کے افراد کے آپسی تعلقات کو کمزور کر دیا ہے۔یہ دور کے لوگوں کو غیر فطری طور پر قریب ضرور لاتا ہے، لیکن یہ بھی سچائی ہے کہ قریب ترین لوگوں کے درمیان دیواریں کھڑی کر دیتا ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا یقینا آج کے دور کی ایک نعمت ہے لیکن اس نعمت کا استعمال بہتری کے لیے کیا جانا چاہیے۔ ہم اعتدال کے ساتھ اس کا استعمال کریں، خود کو اس کا عادی یا غلام نہ بنا لیں۔ دیکھا یہ جا رہا ہے کہ لوگ واٹس ایپ، فیس بک وغیرہ پلیٹ فارموں پر گھنٹوں لگے رہتے ہیں۔سوال یہ ہے کہ وہ گھنٹے جو اس طرح ضائع کر دیے گئے وہ کس کے تھے؟ ہمارا عقیدہ تو یہ کہ آدمی کے پاس اس کا اپنا تو کچھ بھی نہیں ہے۔ جو کچھ بھی ہے وہ کسی نہ کسی کی امانت ہے۔ ظاہر ہے کہ کسی کا حق مار کر وہ گھنٹے ضائع کیے جا رہے ہیں۔اگر کوئی ڈیجیٹل میڈیا پر اتنا وقت لگا رہا ہے تو وہ مطالعہ کا ، کاروبار کا، فیملی کا، پڑوسی کا ، کسی نہ کسی کا حق ضرور مار رہا ہے۔وہ وقت جو پڑوسی کے ساتھ بات چیت کر کے اس کی دل جوئی کرکے ، اس کا دکھ درد بانٹ کر کے گزارنے کے لیے تھا، اسے ڈیجیٹل میڈیا پر گنوا دیا گیا۔
ڈیجیٹل میڈیا کے بہت سے فائدے بھی ہیں، ہمیں ان کا مثبت استعمال کرنا چاہیے۔یہ کئی طرح کی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ اس کے ذریعہ ہم رشتوں کو بہتر بھی بنا سکتے ہیں۔جو لوگ ہم سے دور کہیں رہتے ہیں، جن سے ملاقات بہت مشکل ہے، اس کے لیے بہت سا وقت اور دیگر وسائل کی ضرورت پڑتی ہے ، ڈیجیٹل میڈیا گھر بیٹھے ان سے ملاقات ممکن کرا دیتا ہے۔ جہاں تک پڑوسیوں کا تعلق ہے تو ان کے ساتھ توفیزیکلی ملنا جلنا ضروری ہے ۔اس کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال محدود کرکے وقت نکالا جا سکتا ہے۔

آج کے دور میں اگر مسلمان دینی تعلیمات پر عمل کریں تو سماج میں کس طرح کی تبدیلی آسکتی ہے ؟

عمل نہ کرنے سے جومنفی اثرات پڑ رہے ہیں، ظاہر ہے کہ عمل کرنے کی صورت میں منفی اثرات کے بجائے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ غلط فہمیاں دور ہوں گی، جو لوگ افواہیں اور نفرتیں پھیلا تے ہیں ان پر روک لگے گی ۔ ہمارے تعلقات اگر پڑوسیوں سے اچھے ہوں گے تو جو لوگ منفی ایجنڈا لے کر کام کرتے ہیں ان کے کام آسان نہیں رہیں گے ۔ ہمارے تعلقات غلط فہمیاں روکنے میں مددگار ہوں گے۔

نو جوانوں، خواتین اور بچوں کے لیے آپ کیا پیغام دینا چاہیں گے کہ وہ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کریں۔

ہمارے پاس جو محدود وسائل اور محدود وقت ہے اس کا استعمال ہم اس طرح کریں کہ سب کے حقوق ادا ہوں ۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے توہمارے نوجوان میں آج توازن کی کی محسوس ہوتی ہے۔ اگر کوئی طالب علم ہےاس کی بنیادی ذمہ داری مطالعہ ، والدین کی خدمت اور اپنی صحت کا خیال رکھنا ہے۔ لیکن آج کے دور میں یہ توازن بہت بگڑا ہوا نظر آتا ہے۔توازن کے اس بگاڑ میں ڈیجیٹل میڈیا کا رول بڑا اہم ہے ۔ نوجوانوں میں یہ ایک ایڈکشن جیسا ہو گیا ہے۔وہ دیر رات تک اس پر مصروف رہتے ہیں اوراپنی نیند قربان کر کے صحت بھی چوپٹ کر لیتے ہیں۔
وقت بہت قیمتی ہے ، خصوصاً نوجوانوں کا وقت اور بھی قیمتی ہے اس لیے اس میں توازن بہت اہم ہے۔ توازن کے لیے ہی اسلام آیا ہے۔ اسلام دو چیزیں انسان کی زندگی میں قائم کرنا چاہتا ہے؛ عدل اور اعتدال۔ عدل یہ ہے کہ کس کا حق نہ مارا جائے اور اعتدال یہ ہےکہ انتہا پسندی کاراستہ نہ اختیار کیا جائے۔
اس وقت ضرورت محسوس ہوتی ہے کہ ہمارے نو جوانوں کو خاص طور پر اس طرف متوجہ کیا جائے ۔ اگر سماج میں اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کا رجحان پیدا ہو گا تو عدل بھی قائم ہوگا اور اعتدال بھی۔ اعتدال بھی عدل کا ہی ایک حصہ ہے۔عدل قائم کرنے کے لیے دین کا قائم کرناضروری ہے ،انفرادی زندگی میں بھی اور اجتماعی زندگی میں بھی ۔
خواتین میں بھی پچھلے کچھ سالوں کے دوران سوشل میڈ یا اور ڈیجیٹل میڈیا کا رجحان تیزی سے بڑھا ہےاور اس کا توازن بگڑا ہے ۔ ضرورت کی حد تک اور مثبت کاموں کے لیے ان کا استعمال تو ٹھیک ہے ، لیکن جب اس کے استعمال میں بے اعتدالی آئے گی تو کئی طرح کے حقوق متاثر ہوں گے۔
جہاں خواتین باہر جا کر کام نہیں کرتی ہیں اور گھر پر رہتی ہیں، وہاں ان کے پاس پڑوسیوں کے حالات جاننے کے اور ان سے ملنے جلنے کے مواقع زیادہ ہوتے ہیں۔گھروں میں رہنے کی وجہ سے انھیں پڑوسیوں کی ضرورت بھی زیادہ پیش آتی ہے۔پڑوسی چاہے مسلمان ہو یا غیر مسلم خواتین اگر شعوری طور پر توجہ دیں، تو یقیناً ماحول تبدیل ہو سکتا ہے۔

اخیر میں آپ ہمارے قارئین کو کون سی بنیادی نصیحت دینا چاہیں گے ، تاکہ وہ پڑوسیوں کے حقوق کی ادائیگی کو عملی زندگی میں لاسکیں۔

دیکھیے ایک مومن پرجتنے طرح کی ذمہ داریاں اور جن جن لوگوں کے حقوق ہیں ، اسے ان سب کا علم اور شعور ہو نا چا ہیے۔ یہ احساس بھی ہونا چاہیے کہ عمل کی کو تاہی اللہ کے یہاں اس کی پکڑ کاموجب ہو گی ۔ اگر کسی طرح کی بھی حق تلفی ہوتی ہےتو اس کا جواب دینا ہو گا۔ حق تلفی چاہے اپنے نفس کی ہو، گھر کے لوگوں کی ہو،یا پڑوسیوں کی ہو۔اسلامی تعلیمات میں پڑوسیوں کے تعلق سے بڑی تا کید آئی ہے۔ اس میں اگر کوئی کوتاہی ہو گی تو اس کا نتیجہ صرف تعلقات کی خرابی یا غلط فہمیوں تک محدودنہیں رہے گا ، بلکہ وہ آخرت میں عذاب کی وجہ بھی بنے گا۔ تو ہمیں اللہ کا حکم مانتے ہوئے اور نبی ؐ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے پڑوسیوں کے حقوق کی ادائیگی کرنی چاہیے۔ ہمارا یہ عمل عین عبادت ہوگا۔اس کےلیے ہمیںاپنا دل کشادہ اور اخلاق بلند رکھنا چاہیے۔ ساتھ ہی ہمارے اخلاق دوسروں کے اخلاق کے پابند یا ان کے ردّ عمل نہ ہوں ، بلکہ سامنے والے کا رویہ چاہے جو ہو، ہمیں ہر حال میں اپنا اخلاق بلند رکھنا چاہیے۔ تبھی ایک اچھے معاشرے کی تعمیر ہو سکتی ہے۔ جب سامنے والا اچھے اخلاق کا مظاہرے کرے تو بھی ہمیں اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور جب سامنے والا برائی بھی کرے تو بھی اس کا جواب اخلاق سے دیا جانا چاہیے۔ تب ہی ایک اچھے معاشرے کی تعبیر ہو سکتی ہے۔
ہمیں امید ہے کہ جماعت اسلامی ہند کی یہ مہم لوگوں کے لیے توجہ دہانی کا اچھا کام کرے گی ۔ ایسا نہیں ہے کہ مہم کے بعد ہم یہ کام کرنا بند کر دیں گے۔ ہم آگے بھی اس کام کو جاری رکھیں گے ۔ اس طرح کہ ہماری عادت کا حصہ بن جائے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے