اقامتِ دین روایت، عمل، راہ نمائی

اقامتِ دین پر ایک برس قبل میرا مرتّب کردہ مجموعۂ مضامین بہ عنوان ’’تصوّرِ اقامتِ دین: تفہیم و توضیح‘‘ مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز نئی دہلی سے شائع ہوا تھا- اب اس سے زیادہ ضخامت کا دوسرا مجموعۂ مضامین شائع ہوگیا ہے، جسے معروف مصنّف و مؤلّف اور ماہ نامہ ترجمان القرآن لاہور کے مدیر جناب سلیم منصور خالد نے مرتب کیا ہے۔
میں نے جب اپنا مجموعہ مرتب کرنے کا ارادہ کیا، اُسی زمانے میں سلیم منصور صاحب سے رابطہ کیا تھا۔ میری خواہش تھی کہ اس کی اشاعت پاکستان سے بھی جلد ہوجائے۔ ہندوستان میں اس کی اشاعت جماعت اسلامی ہند کے آل انڈیا اجتماع ارکان (۱۵ تا ۱۷؍ نومبر ۲۰۲۴ء) کے موقع پر ہوگئی تھی۔ سلیم صاحب تک کتاب کا مسودہ پہنچا تو انھوں نے بتایا کہ ان کی نظر میں اس کی ایڈیٹنگ کی ضرورت ہے۔ میں نے اجازت دے دی۔ ان کی ایڈیٹنگ کے بعد وہ کتاب وہاں سے بھی شائع ہوگئی ہے۔ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ان کی ایڈیٹنگ کے بعد کتاب کی پیش کش بہتر ہوگئی ہے۔
اُسی زمانے میں سلیم صاحب نے بتایا تھا کہ اقامتِ دین پر بہت سے مضامین میرے مرتب کردہ مجموعے میں شامل نہیں ہیں۔ وہ انھیں جمع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اُسی وقت سے وہ اس کام میں لگے ہوئے تھے۔ الحمد للہ اب یہ کتاب پاکستان میں طبع ہوگئی ہے اور ہندوستان میں بھی منشورات پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرز نئی دہلی نے اسے شائع کردیا ہے۔ جس زمانے میں وہ اسے مرتب کررہے تھے، پروفیسر خورشید احمد سے برابر رابطہ میں تھے اور ان سے رہ نمائی لیتے رہے تھے۔ پروفیسر صاحب نے اپنی وفات ( ۱۳؍ اپریل ۲۰۲۵ء) سے قبل اس پر مقدمہ بھی لکھ دیا تھا۔
اِس مجموعہ مضامین میں ۲۰؍ مضامین شامل ہیں۔ مضمون نگاروں میں ہیں: مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی، مولانا امین احسن اصلاحی، میاں طفیل محمد، مولانا صدر الدین اصلاحی، ڈاکٹر اسرار احمد، پروفیسر سید محمد سلیم، پروفیسر خورشید احمد، مولانا افتخار احمد بلخی، مولانا محمد اسحاق مدنی، مفتی سیّاح الدین کاکا خیل، مولانا عبد العلیم اصلاحی، حکیم حیدر زماں صدیقی، جناب خرّم مراد، صوفی عبد الحمید سواتی، سید منوّر حسن، جناب محمد نواز ایم اے اور جناب شبیع الزماں۔ میرے لیے بہت خوشی کی بات یہ ہے کہ اس مجموعے میں میرا بھی ایک مضمون شامل کیا گیا ہے اور زندہ اصحابِ تحریر میں سے صرف میں اور برادر مکرّم شبیع الزماں ہی ہیں۔
اس مجموعے میں ایک نہایت قیمتی چیز اقامتِ دین کے مختلف پہلؤوں اور اعتراضات کے جوابات پر مشتمل مولانا مودودی کی تحریریں ہیں، جو ۱۳۸؍ صفحات پر مشتمل ہیں۔ یہ تحریریں مولانا کی کتابوں میں منتشر تھیں۔ سلیم صاحب کی ان سب پر نظر تھی۔ انھوں نے بہت محنت سے انھیں مناسب ترتیب کے ساتھ جمع کردیا ہے۔
یہ اقامتِ دین کے موضوع پر قیمتی مضامین کا ایک عمدہ مجموعہ ہے۔ جماعت اسلامی نے اپنی بنیاد تصوّرِ اقامتِ دین پر رکھی ہے۔ اس کتاب سے اس تصور کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور اس پر بعض حلقوں کی طرف سے جو اعتراضات کیے گئے ہیں ان کا ازالہ بھی ہوگا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ۲۰۲٥