سین یہ ہے کہ آج اسکول میں ٹفن پارٹی ہے، جس کی وجہ سے بچے بہت خوش ہیں اور انتہائی جوش میں ہیں اور اپنی اپنی ٹفن میں انواع و اقسام کے کھانے لے کر کلاس میں حاضر ہوتے ہیں۔
ٹیچر: پیارے بچو! ہم کیسے کھانا شروع کریں گے؟
بچے: بہ یک زبان، ہم سنت کے مطابق کھانا شروع کریں گے۔
ٹیچر: عافیہ کھانے کی پہلی سنت کیا ہے؟
عافیہ: دسترخوان بچھانا۔
ٹیچر کے اشارے کے مطابق بچے کلاس کے پچھلے حصے میں دسترخوان بچھاتے ہیں۔
ٹیچر: کھانے کی دوسری سنت کون بتائے گا؟
بچے: پھر بہ یک زبان ہو کر کہتے ہیں، ہاتھ دھونا۔
ہاتھ دھونے کے بعد بچے بسم اللہ پڑھتے ہوئے اپنی اپنی ٹفن کھولتے ہیں۔
ثنا انتہائی خوشی کے ساتھ: ٹیچر میری مما نے تو پیزا، برگر، کیک، چاکلیٹ اور سموسے بہت ہی بہترین شاپ سے پوری کلاس کے لیے دلایا ہے۔
ثنا کی ٹفن دیکھ کر عافیہ انتہائی رنجیدہ و شرمندہ ہوتی ہے اور اپنی دوست عائشہ سے کہتی ہے: میری مما نے تو کوفتے و چپاتی کے ساتھ کھیرا، گاجر، ککڑی اور ٹماٹر دیا ہے۔
عائشہ: عافیہ اس میں رنجیدہ و شرمندہ ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔ میری ٹفن تو تم روز دیکھتی ہو۔ میری مما کبھی سبزی روٹی، کبھی شامی کباب روٹی اور کبھی کوفتے روٹی کے ساتھ کبھی کھیرا، گاجر، ککڑی اور ٹماٹر، تو کبھی ڈرائی فروٹ دیتی ہیں۔
آج بھی میری مما نے شامی کباب، چپاتی کے ساتھ کاجو، بادام، اخروٹ، انجیر اور کھجور دیا ہے۔ میری ماما تو یہی کہتی ہیں کہ ہری سبزیاں اور ڈرائی فروٹ سے بچے صحت مند رہتے ہیں، ان کے دماغ بہت تیز ہوتے ہیں۔ میری مما نے تو ان کے فوائد پہ ایک نظم لکھی ہے۔
کھیرا ککڑی اور ٹماٹر
پیارے بچوا کھا لو گاجر
میتھی، سویا پالک کھا لو
اور پھلوں سے خون بڑھالو
جلد اگر رکھنا ہے سندر
کھانا ہوگا خوب چقندر
دنیا کو یہ راز بتا دو
شلجم کھاکر بال بڑھا لو
کھانا بیگن خوب زیادہ
دل، دماغ، ہڈیوں کا افادہ
٭ ٭ ٭


0 Comments